Tag: Pillion Riding Ban

  • کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی : یوم علیؓ کے موقع پر شہر قائد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے شہر قائد میں 2 روز کیلئے دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

    دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر اور سندھ میں یوم علیؓ کے موقع پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے متعدد سیکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں، ان اقدامات میں سب سے اہم اور آزمودہ اقدام موٹر سائیکل کی ڈبل سوری پر پابندی ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق دفعہ 144 یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    اس پابندی کا نوٹیفکیشن کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، شہر کے تینوں اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی ہوگی۔

    موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اطلاق 21 سے 22 رمضان تک ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مذکورہ پابندی سے خواتین، بچے، بوڑھے اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی پولیس نے یومِ علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کے تحفظ کیلیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 5367 پولیس افسران اور جوان حفاظتی ڈیوٹی پرمامور ہیں، جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ جلوس میں آنے والے شرکاء کی تلاشی کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

  • کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے نئے سال کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے اگلے روز ہی کمشنر کراچی نے پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جارہی ہے۔

    کمشنر کا کہنا ہے کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کا جشن مہذب انداز میں منائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش، آتش گیر مادہ رکھنے اور ون ویلنگ پر پابندی برقرار رہے گی۔ صرف موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فیکیشن واپس لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز سیکیورٹی اقدامات کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔

    ڈبل سواری کے ساتھ نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

    صوبائی حکومت نے پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔