Tag: pilot

  • ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے زخمی سکیئر کو بچالیا

    ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے زخمی سکیئر کو بچالیا

    پیرس : فرانسیسی ریسکیو ٹیم نے فرنچ الپس کے برفانی پہاڑوں کی ڈھلوان پر پھنسے زخمی سکیئر کو ڈرامائی انداز میں بچالیا۔

    یورپ کے بیشتر ممالک شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں، فرانس میں بھی شدید برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھی ہوئی ہے جو سکیئرز کے بہترین ہے لیکن اگر اسکیئر ان پہاڑوں پر پھنس جائے تو اس کا بچنا ناممکن ہوجاتا ہے۔

    فرانس کے فرنچ الپس نامی برفانی پہاڑوں پر  7 ہزار فٹ کی اونچائی پر برنو نامی نوجوان سکینگ کرتے ہوئے گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہوگیا جس کے باعث وہ نیچے اترنے کے قابل نہ رہا اور ڈھلوان پر پھنسے کے باعث اسے ریسکیو کرنا بھی انتہائی مشکل تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کو ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی کمال مہارت کے باعث برفانی پہاڑوں کی ڈھلوان سے ریسکیو کرنا ممکن ہوا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جب پائلٹ نے ہیلی کاپٹر برفانی ڈھلوان پر اتارا تو ہیلی کاپٹر کے پر برف سے صرف چند انچ کی دوری پر  تھے لیکن اس نے ڈرامائی انداز میں زخمی سکیئر کو بچالیا۔

    ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ ہم باقاعدگی سے اس کی مشق کرتے ہیں اسی لیے ریسکیو مشن میں کامیاب ہوئے۔

    پائلٹ کا کہنا تھا کہ یہ مشن کرنے کےلیے ہمارے پاس وقت بہت کم تھا کیوں کہ پہاڑ پر موسم بہت تیزی سے بدل رہا تھا چند منٹ کی تاخیر ہوتی تو ہمیں یہ مشن روکنا پڑتا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نوجوان سکیئر کو بحفاظت قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

  • نوجوان کا پائلٹ بنتے ہی بزرگوں کے لیے انوکھا تحفہ

    نوجوان کا پائلٹ بنتے ہی بزرگوں کے لیے انوکھا تحفہ

    نئی دہلی: بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے گاؤں کے بزرگوں کو انوکھا تحفہ پیش کر کے ایک نئی مثال قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر جالندھر کے گاؤں سارنگ پور سے تعلق رکھنے والے ویکاس جیانی نے پائلٹ بنتے ہی نہ صرف اپنے بچپن کا خواب پورا کیا بلکہ گاؤں کے بزرگوں کا بھی دیرینہ خواب پورا کردیا۔

    ویکاس نے پائلٹ کا امتحان پاس کیا اور پہلی پرواز کے کامیاب تجربے کے بعد اپنے گاؤں کے 22 معمر افراد کو فضائی سفر کروایا، مسافروں میں 90 سالہ خاتون مسافر بھی تھیں جبکہ دیگر کی عمریں 70 برس سے زائد تھیں۔

    بھارتی نوجوان نے گاؤں کے تمام بزرگوں کو اپنے خرچے پر نئی دہلی مدعو کیا اور پھر انہیں بھارتی دارالحکومت سے امرتسر تک کا ہوائی سفر کروایا جس کے بعد تمام معمر افراد نے گولڈن ٹیمپل، جلیاں، والہ باغ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

    بھارتی نوجوان کے اس تحفے پر گاؤں کے تمام بزرگ بہت خوش نظر آئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ معاشی تنگ دستی کے باعث انہوں نے کبھی جہاز کے سفر کا تصور بھی نہیں کیا تھا البتہ ویکاس نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔

    بھارتی نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ ’میرے بیٹے کو بچن سے ہی یقین تھا کہ ایک ایسا دن آئے گا جب وہ جہاز ضرور اڑائے گا، ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ویکاس کامیاب پائلٹ بن گیا‘۔

    بملا بی بی جو 90 برس کی ہیں اُن کا کہنا تھا کہ میں نے جہاز پہلی بار دیکھا اور آج بیٹھنے کا اتفاق بھی ہوا، پہلے بھی کئی لوگوں نے امید دلائی تھی مگر وہ پورا نہیں کرسکے البتہ ہمارے بچے نے اس خواب کو پورا کروایا۔

    گاؤں کے دیگر بزرگوں کا کہنا تھا کہ ویکاس ہمیشہ بڑوں کا ادب و احترام کرتا ہے، اُس نے ہم سے وعدہ کررکھا تھا کہ پائلٹ بننے کے بعد سب سے پہلے ہمیں آسمانوں کی سیر کروائے گا۔

  • جنت نظیر وادی کشمیر کی  پہلی مسلمان خاتون پائلٹ

    جنت نظیر وادی کشمیر کی پہلی مسلمان خاتون پائلٹ

    سری نگر : جنت نظیر وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والی ارم حبیب نے پہلی کشمیری مسلمان خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلا ت کے مطابق کشمیرکی دارالحکومت سری نگر میں رہنے والی خاتون ارم حبیب نے تاریخ رقم کردی اور پہلی کشمیری مسلمان خاتون پائلٹ بن گئی ہے۔

    ارم نے دہرادون سے فورسٹری میں گریجویشن کیا اور اس کے بعد شیر کشمیر یونیورسٹی سے پوسٹ گریجویشن کیا۔

    ایک انٹرویو میں ارم نے کہا کہ پائلٹ بننا میرا خواب تھا ، جب میں 12 ویں جماعت میں تھی تو والدین سے پائلٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن اس وقت کسی نے حوصلہ افزائی نہیں کی اور کہا گیا کہ کشمیر کی لڑکی پائلٹ نہیں بن سکتی، جس کے بعد اپنے والدین کو منانے کے لیے چھ سال تک جدوجہد کی کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ پائلٹ کی نوکری خواتین کے لیے نہیں ہوتی۔

    کشمیری خاتون کا کہنا تھا کہ میں اپنا خواب کسی بھی قیمت پر پورا کرنا چاہتی تھی تو والدین کی اجازت ملتے ہی ڈیڑھ سال تک پی ایچ ڈی کرنے کے بعد پڑھائی ادھوری چھوڑ کر امریکہ چلی گئی اور امریکی فلائٹ اسکول میں تربیت حاصل کی اور کمرشل پائلٹ بن کر ہندوستان واپس آئی۔

    ارم حبیب نے مزید کہا کہ جب لوگوں کو پتہ چلتا ہے میں کشمیری مسلم ہوں اور ہوائی جہاز اڑا رہی ہوں تو سب حیران رہ جاتے ہیں لیکن میں نے کسی کی پرواہ کئے بغیر اپنے خواب کو حاصل کرنے کے لئے آگے بڑھنے کا سفر جاری رکھا۔

    ارم نے بحرین اور دبئی سے سائبر بس 320 کی بھی ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے جبکہ انھیں امریکہ میں تقریباً 260 گھنٹے جہاز اڑانے کا تجربہ بھی حاصل ہے اور امریکہ اور کینیڈا میں کمرشل جہاز اڑانے کا لائسنس مل چکا ہے۔

    ارم کو ملک کی 2 بڑی ایئر لائنز انڈیگو  اور گوایئر نے ملازمت کی پیشکش کردی ہیں۔

    ارم حبیب  ایسی تمام لڑکیوں کے لئے رول ماڈل بن گئی ہیں ، جو اپنے خوابوں کو حاصل کرنا چاہتی ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حالات کیا ہو۔

  • 81 سال قبل لاپتا ہونے والی امریکی خاتون پائلٹ کا سراغ مل گیا

    81 سال قبل لاپتا ہونے والی امریکی خاتون پائلٹ کا سراغ مل گیا

    واشنگٹن: 81 سال قبل بحر الکاہل کے گرد پرواز کے دوران پر اسرار طور پر لاپتا ہونے والی خاتون پائلٹ ’ایمیلیا ایئر ہارٹ‘ کا سراغ لگا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون پائلٹ ایمیلیا جہاز کے ذریعے دنیا کا چکر لگانا چاہتی تھی تاہم ’نکو مورورو‘ نامی جزیرے کے قریب سے گزرتے ہوئے اچانک ان کا جہاز لاپتا ہوگیا تھا جس کے بعد تلاش کا سلسلہ شروع کیا گیا لیکن کوئی خبر نہ مل سکی تھی۔

    فورینزک اینتھرو پولوجی جرنل (ایف اے پی جے) میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاپتا ہونے والی پائلٹ کی 99 فیصد ہڈیاں ملی چکی ہیں جس کی فارنزک تحقیق سے پتا چلا کہ مذکورہ ہڈیاں ایمیلیا ایئر ہارٹ کی ہیں۔

    نوازشریف کو ملائشین وزیراعظم کا فون،لاپتہ جہاز پر تبادلہ خیال

    دوسری جانب امریکا کی یونیورسٹی آف ٹینے سی سے منسلک ماہرِ عمرانیات رچرڈ جانٹز کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کی جانے والی تحقیق اور بعض دیگر شواہد سے اس امکان کو تقویت ملتی ہے کہ مذکورہ ہڈیاں امیلیا کی ہی ہیں۔

    واضح رہے کہ سنہ 1940 میں بحر الکاہل میں واقع جزیرے نیکو مارورو کے ساحل سے انسانی ہڈیاں ملی تھیں جن کے بارے میں کئی ماہرین کا خیال رہا تھا کہ یہ ہڈیاں امیلیا کی ہیں تاہم اب تحقیق کے بعد یہ ثابت ہوگیا کہ ہڈیاں حقیقتا ایمیلیا ایئر ہارٹ کی ہی ہیں۔

    ملائیشیا ایئرلائن کا لاپتہ ہوائی جہازتاحال نہ مل سکا

    خیال رہے کہ امیلا ایئر ہارٹ ایک معروف امریکی مہم جو اور خاتون پائلٹ تھیں جنہوں نے 1928ء میں بحرِ اوقیانوس کے اوپر تنِ تنہا اور بغیر رکے پرواز کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اٹلی میں فضائیہ کا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار، ویڈیو وائرل

    اٹلی میں فضائیہ کا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار، ویڈیو وائرل

    اٹلی : فضائیہ کا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر ٹیرانسیا کے ساحل پر یورو فائٹر ٹائیفون طیارہ ایئر شو کے دوران کرتب دکھاتے ہوئے سمندر میں جا گرا،جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    طیارہ سمندر میں گرتے ہی اطالوی بحریہ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچے تاہم پائلٹ زندہ نہ بچ سکا اور اس کی لاش ہی سمندر سے باہر آئی، حادثے کے بعد شو بھی ختم کردیا گیا۔

    لڑاکا طیارہ کے سمندر گرتے ہوئے خوفناک منظر کو دیکھ کر ہزاروں تماشائیوں کی چیخیں نکل گئیں۔

    ایئر شو دیکھنے ساحل پر ہزاروں لوگ موجود تھے جنہوں نے طیارہ سمندر میں گرنے کی خوفناک منظر کی ویڈیو ریکارڈ کرلی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے کے پائلٹ سے قیمتی آئی فون و برطانوی پاؤنڈز برآمد

    پی آئی اے کے پائلٹ سے قیمتی آئی فون و برطانوی پاؤنڈز برآمد

    لاہور: امیگریشن حکام نے لندن سے لاہور آنیوالی پرواز کے کپتان سمیت کرو سے لاکھوں روپے مالیت کےآئی فون اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے سات پانچ آٹھ لندن سے جب لاہور پہنچی تو طیارے کے کپتان و پالپا کے صدر عامر ہاشمی سے ایئرپورٹ پر امیگریشن کے عملے نے پانچ ہزار سے زائد برطانوی پاؤنڈ اور آئی فون برآمد کرلئے ۔

    جبکہ طیارے کے کرو کی بھی تلاشی لی گئی تو ان سے بھی قیمتی آئی فونز برآمد کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق امیگریشن اور کسٹم حکام کی جانب سے ان تمام افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

    پی آئی اے کے عملے پر مختلف ایئرپورٹس پر فون، سگریٹ اور کرنسی کی اسمگلنگ میں پہلے بھی الزام لگایا جاچکاہے، جس پر بین الاقوامی ایجنسیوں نے قومی ایئرلائن کو متنبہ کیا تھا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن سے آنے والی پرواز کے کپتان عامر ہاشمی نے کوئی جرم نہیں کیا،اگر غیرملکی کرنسی ملک میں آئے تو فائدہ ہی ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پی آئی اے کا اسٹاف اسمگلنگ میں ملوث نہیں بلکہ مسافر ملوث ہیں۔