Tag: pims hospital

  • پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کا دعویٰ، پمز اسپتال کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

    پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کا دعویٰ، پمز اسپتال کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے پروپیگنڈا کے حوالے سے پمز اسپتال کا وضاحتی بیان سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مظاہرین کی اموات کے بارے میں چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے دوران سیکیورٹی اداروں کے 66 جب کہ 36 سویلینز کو ایمرجنسی میں لایا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھے جب کہ کچھ افراد کی طبی امداد جاری ہے۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ جب سے یہ بھاگے ہیں اس کے بعد لاشوں کا پروپیگنڈا شروع کیا گیا، ان کے لوگ صبح سے لاشوں کیلئے اسپتالوں کے چکر لگارہے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ کل کسی ایک پولیس والوں کو اسلحہ نہٰن دیا سب کے پاس ڈنڈا تھا، اگر کل کوئی گولی چلی ہوتی تو یہ پوری دنیا میں واویلہ کردیتے، ان کو اپنی شرمندگی چھپانے کا موقع نہیں مل رہا، کل بھی کہا آج بھی کہتا ہوں کوئی ایک لاش دکھا دیں۔

    محسن نقوی نے اگر کوئی مرا ہے تو ا س کا نام ہی بتا دیں، ہم نے جب پوچھا تو کسی اسپتال میں کوئی لاش نہیں تھی، ہمیں نام بتائیں، کون ، کس مقام پر مارا گیا، انہوں نے کہا کہ بعض لوگ پتھر لگنے سے زخمی ضرور ہوئے ہوں گے، پولیس اور فورسز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم مظاہرین کی ہلاکتوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

  • پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

    پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا

    اسلام آباد کے پمز اسپتال کے عملے کی جعلسازی نے بقاب ہوگئی، ڈاکٹرز نے قومی خزانے کو کروڑوں کا چونا لگا دیا۔

    ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کی سرکاری رہائش گاہوں سے متعلق تحقیقات مکمل کرلی گئی ہے، انکوائری میں پمز کے 38 ڈاکٹرز، ایک چارج نرس کی جعلی سازی ثابت ہوئی ہے۔

    پمز کے ڈائریکٹر فنانس کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کیں، رپورٹ میں پمز کے ڈاکٹرز کا ہاؤس رینٹ لینے کے باوجود سرکاری رہائش رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ وزارت صحت کو جمع کرادی جس کے بعد وزارت صحت نے جعلساز عملے کے خلاف کارروائی کی منظوری دیدی۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 38 میڈیکل آفیسرز، ایک چارج نرس مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے گئے، کمیٹی نے عملہ اکاموڈیشن ایلوکیشن رولز 2022 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ای اینڈ ڈی رولز 2020 کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی جعلساز ڈاکٹرز، چارج نرس کے خلاف محکمانہ کارروائی، ڈسپلنری ایکشن اور 38 ڈاکٹرز، نرس سے 3 کروڑ 29 لاکھ روپے کی ریکوری کی سفارش کی ہے ساتھ ہی جعلسازی میں ملوث ڈاکٹرز، نرس کیلئے 10 سال کی سرکاری رہائش کالعدم قرار دینے کی سفارش بھی کردی ہے۔

  • پمز اسپتال کو ٹھیکے پر دینے سے متعلق حکومت کی وضاحت

    پمز اسپتال کو ٹھیکے پر دینے سے متعلق حکومت کی وضاحت

    اسلام آباد : ملک کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کی خبروں پر وزارت صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا فیصلہ مشاورت اور منظوری سے ہوگا۔

    اس حوالے ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کو پرائیویٹ کرنے کی خبریں بےبنیاد ہیں، پمز کے کسی بھی شعبے کو پرائیویٹائز نہیں کیا جارہا۔

    کوآرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے بتایا کہ کسی رہائشی کالونی میں ٹاور نہیں بنائے جا رہے، پمز وزارت صحت کے زیرانتظام ہی کام کرتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پمز کے کسی بھی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، وفاقی حکومت عوام کو صحت کے شعبے میں ریلیف دینے کیلئے پُرعزم ہے۔

    ڈاکٹر ملک مختار احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ سروسز کی بہتری کیلئے سی ٹی اسکین، ایم آر آئی کو پبلک پرائیویٹ کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

    تاہم اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، مذکورہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہی ہوگا۔

     

  • میرا مورال بلند ہے، یہ جنگ عمران خان ہی جیتے گا، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میرا مورال بلند ہے لیکن جو کچھ ہورہا وہ ملک کیلئے اچھا نہیں۔

    یہ بات انہوں نے پمز اسپتال میں طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندرتقسیم بڑھادی گئی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں عمران خان کا نام لینے والا کوئی باقی نہ رہے، یہ ان کی بھول ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ کوئی ایشو نہیں، اس سختی کو بھی ڈیل کرلیں گے،
    اصل جدوجہد تو عمران خان کی ہے اور ہم کپتان کے ساتھ ہیں۔

    میڈیا سے اپنی مختصر سی گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جنگ عمران خان ہی جیتے گا۔

    فواد چوہدری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

    واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور انہیں 27 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    پولیس کی جانب سے فواد چوہدری کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئےانہیں 27 جنوری کو دوبارہ پیش کرنےکا حکم سنایا ہے۔

  • ارشد شریف کیس: پمز اسپتال کے ماہرین کی ایک اور ٹیم تشکیل

    ارشد شریف کیس: پمز اسپتال کے ماہرین کی ایک اور ٹیم تشکیل

    اسلام آباد: ارشد شریف کیس کے لیے پمز اسپتال کے ماہرین کی ایک اور ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے 7 ماہرین کی میڈیکل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو شہید ارشد شریف کی ٹیسٹ رپورٹس تیار کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق شعبہ ریڈیالوجی کی یہ کمیٹی ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر اپنے سفارشات تیار کرے گی، جنھیں بعد ازاں مرکزی میڈیکل بورڈ کو بھیجا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عائشہ شعبہ ریڈیالوجی کے خصوصی میڈیکل بورڈ کی سربراہ مقرر کی گئی ہیں، جب کہ ڈاکٹر مجاہد رضا، ڈاکٹر عالیہ احمد، ڈاکٹر زکیہ شاہ، کنسلٹنٹ ریڈیالوجسٹ غزالہ ملک، ڈاکٹر ثمینہ، اور ڈاکٹر سارہ کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    ارشد شریف کو کس نے ملک چھوڑنے پر مجبور کیا اور رابطے میں رہنے والے لوگ کون تھے ؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوالات اٹھادیئے

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تیاری کے لیے میڈیکل بورڈ کا اجلاس آج ہوگا، جس کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ قائم کیا گیا ہے، یہ بورڈ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ آج تیار کرے گی۔

  • پمز اسپتال سے اسمگل کورونا ادویات بیچنے والے گروہ کا کارکن گرفتار، ایکٹیمرا انجکشن برآمد

    پمز اسپتال سے اسمگل کورونا ادویات بیچنے والے گروہ کا کارکن گرفتار، ایکٹیمرا انجکشن برآمد

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے پمز اسپتال سے اسمگل کورونا ادویات بیچنے والے گروہ کے کارکن کو گرفتار کرکے ایکٹیمرا انجکشن برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ روز پمز اسپتال میں کارروائی کی ، اس دوران اسمگل کوروناادویات بیچنے والے گروہ کے کارکن کو گرفتار کرلیا اور ایکٹیمراانجکشن برآمد کرلئے۔

    سی ای اوڈریپ ڈاکٹرعاصم رؤف نے پمزاسپتال میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا اسمگلرگروہ کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پرکی گئی، ڈریپ نے گروہ سے فون پرایکٹیمراانجکشن کی خریداری کی۔

    ڈاکٹرعاصم نے بتایا کہ ملزم نےایکٹیمراانجکشن ایک لاکھ10ہزارمیں فروخت کیا، ملزم کورقم کی ادائیگی،انجکشن وصولی کی فوٹیج بھی بنائی گئی، گروہ ایکٹمرا انجکشنز بیرون ملک سےاسمگل کرتا ہے۔

    سی ای او ڈریپ کا کہنا تھا کہ ایکٹمرا انجکشن کی سرکاری قیمت 59ہزارمقررہے، گروہ اسمگل ایکٹمراانجکشن ایک تاڈیڑھ لاکھ میں فروخت کرتاتھا تاہم ملزم کی نشاندہی پر گروہ کے مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • پمز ہسپتال اسلام آباد  میں  کورونا کے مریضوں میں اضافہ ،   ہائی الرٹ جاری

    پمز ہسپتال اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ، ہائی الرٹ جاری

    اسلام آباد:پمز اسپتال نے کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ڈاکٹرز،نرسز سمیت عملے کو غیر ضروری چھٹیاں نہیں ملیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) اسپتال میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، اس حوالے سے ترجمان پمزڈاکٹر وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز،نرسز سمیت عملے کو غیر ضروری چھٹیاں نہیں ملیں گی۔

    کورونا صورتحال کے حوالے سے ترجمان پمز نے کہا کہ 24گھنٹےمیں کورونا کے 7مریض انتقال کرگئے، اسپتال میں11 کورونا کے مریض وینٹی لیٹرپر اور مختلف وارڈز میں کورونا کے 150 مریض زیرعلاج ہیں۔

    ترجمان اسپتال کا کہنا تھا لپ کورونا مریضوں کےبڑھتےرش کی وجہ سے مزید وارڈز بنانے پر غور کررہے ہیں۔

    گذشتہ ماہ پمز اسپتال انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اختیاری وطے شدہ سرجریز ملتوی کردی تھی اور کہا تھا کہ صرف ایمرجنسی صورت میں سرجریز کی جائیں گی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، ایک دن میں 57 اموات ہوئیں اور3 ہزار سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے۔

  • وفاقی دارالحکومت پر چھائے کورونا وائرس کے بادل چھٹنے لگے

    وفاقی دارالحکومت پر چھائے کورونا وائرس کے بادل چھٹنے لگے

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت پرچھائے کورونا وائرس کےبادل چھٹنے لگے، پمز اسپتال ملازمین کے لیے 3 ماہ بعد بائیو میٹرک حاضری کا آغاز کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت پرچھائے کورونا وائرس کےبادل چھٹنے لگے، وفاقی اسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری کا سلسلہ بحال ہونا شروع ہوگیا ، پمز اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے نام مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

    مراسلے میں پمز اسپتال ملازمین کے لیے 3 ماہ بعد بائیو میٹرک حاضری کا آغاز کر دیا گیا اور ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگرعملے کے لیے بائیومیٹرک حاضری پھر لازمی قرار دی گئی ہے۔

    یاد رہے کورونا صورتحال میں نمایاں بہتری کے بعد وفاقی حکومت کا سرکاری دفاتر کے اوقات کار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سےسرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کے بعد سرکاری دفاترکےاوقات کارصبح 9تا شام 5بجےہوں گے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک بھر میں پندرہ افراد لقمہ اجل بنے، جس کے بعد مہلک وائرس سے اب تک پانچ ہزار نو سو ننانوے افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ دو لاکھ انچاس ہزار تین سو ستانوے افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

  • پمز اسپتال میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ،  کورونا کی شکار ڈاکٹر انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑی

    پمز اسپتال میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، کورونا کی شکار ڈاکٹر انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑی

    اسلام آباد : پمز اسپتال کی کورونا کی شکار ڈاکٹر انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑی اور کہا کوروناعلامات کے باوجود انتظامیہ نے ہمیں ڈیوٹی پر مجبور کیا، افسوس ہے ہماری وجہ سے دیگر لوگ وائرس کا شکارہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامی نااہلی کےباعث پمز اسپتال میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، پمز اسپتال کی کوروناپازیٹیو ڈاکٹر ثروت انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑی اور کہا میں بطور ٹرینی ڈاکٹر پمزشعبہ زچہ بچہ میں تعینات ہوں، تین روز قبل زچہ بچہ سینٹر کی ڈاکٹر میں کوروناکی تصدیق ہوئی ،متاثرہ ڈاکٹر ایم سی ایچ میں دیگر اسٹاف کےہمراہ کر رہی تھیں، ساتھی ڈاکٹر کےبعدمجھ میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں۔

    ڈاکٹر ثروت کا کہنا تھا کہ آج صبح میری کوروناٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، پمزاسپتال انتظامیہ کی نا اہلی سےکوروناوائرس پھیل رہاہے، کورونا کیس آنے پر انتظامیہ کو زچہ بچہ سنٹر بند کرنے کا کہاتھا۔

    انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی غفلت سے کورونادیگرلوگوں کومنتقل ہورہاہے، پمزانتظامیہ کوزچہ بچہ سینٹر بندکرکے عملے کی اسکریننگ کا کہا تھا لیکن کورونا علامات کے باوجود انتظامیہ نے ہمیں ڈیوٹی پرمجبور کیا، افسوس ہے ہماری وجہ سے دیگر لوگ وائرس کا شکار ہوئے۔

    پمز اسپتال کی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ کوروناٹیسٹ پازیٹیو ہونے پرچھوٹے کمرےمیں بند کر دیا گیا ، انتظامیہ نے جس کمرے میں بند کیا وہ چھوٹا اور گندگی سے اٹا ہوا ہے ، انتظامیہ نےآج دباؤ میں آکر ایم سی ایچ سینٹر کو سیل کیا ، واش روم سمیت کوئی سہولت دستیاب نہیں۔

    ڈاکٹر ثروت نے بتایا کہ میں صبح سےمنت سماجت کررہی ہوں کہ خداراکمرہ دےدیں،کوئی نہیں سن رہا، سربراہ پمز اسپتال سے متعدد رابطوں کے باوجود کچھ نہ ہوا، افسوس ہے پمز کے ڈاکٹر کے لیے الگ کمرہ دستیاب نہیں، ڈاکٹر اپنی جان پرکھیل کر مریضوں کاعلاج کررہےہیں۔

  • پاکستان میں‌کرونا کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی، ایک کی حالت تشویشناک

    پاکستان میں‌کرونا کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی، ایک کی حالت تشویشناک

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ایک اور کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ گئی جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کا پہلا کیس سامنےآیا، خاتون کے ٹیسٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ خاتون دو روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچیں تھیں، کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پرخاتون کو پہلے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں انہیں پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے، انہیں آئیسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پررکھا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مریضہ کے اہلخانہ اور نجی اسپتال کے عملے نے ان کو قرنطینہ منتقلی کا فیصلہ کیا، مریضہ کے اہلخانہ اور نجی اسپتال کے 13افراد کے سیمپلز بھی این آئی ایچ کو موصول ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس وقت ملک میں خطرناک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 31 تک جا پہنچی ہے، کرونا وائرس کے باعث ملک میں بہت سی عوامی و معاشی سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔

    وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے، لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے سوا تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردیے گئے ہیں۔

    سندھ میں اب تک 17 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے دو مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، اسی طرح  بلوچستان میں 6، جبکہ اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    مجموعی بین الاقوامی صورت حال

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وبا قرار دیا جانے والا وائرس دنیا کے 149 ممالک تک پھیل گیا ہے، اب تک کرونا سے 1 لاکھ 55 ہزار 834 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 5 ہزار 814 مریض زندگی ہار بیٹھے جبکہ 74 ہزار 279 صحت یاب بھی ہوئے۔

    بین الاقوامی ماہرین نے یورپ کو کرونا کا مرکز قرار دے دیا، لندن، میڈرڈ، پیرس سمیت دیگر ممالک بھی وائرس کی لپیٹ میں ہیں، اٹلی میں ایک روز میں 175 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 1641 تک پہنچ گئی، اسی طرح اسپین میں 58، برطانیہ میں دس، نیدرلینڈز میں 2 ہلاکتیں ہوئیں۔

    اگر ایران کی بات کی جائے تو وہاں ایک دن میں 97 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 611 تک پہنچ گئی، جنوبی افریقا میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 تک پہنچ گئی۔