اوہو : مشہور امریکی فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے نامور اداکار تمایو پیری گزشتہ روز شارک حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اتوار 23 جون کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تمایو پیری ہوائی کے شہر اوہو کے شمالی ساحل پر سرفنگ کر رہے تھے کہ اچانک ان پر شارک نے حملہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک شخص کے بارے میں کال موصول ہونے کے بعد ریسکیو ٹیمیں مالیکاہانا بیچ پر پہنچیں جو شارک کے کاٹنے سے متاثر ہوا تھا۔
اوہو حکام کے مطابق تمایو پیری پر حملے کی اطلاع دوپہر ایک بجے موصول ہوئی تھی جس کے بعد پیری تک پہنچنے کے لیے ’جیٹ سکی‘ کا استعمال کرکے انہیں ساحل پر لایا گیا جہاں ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے پیری کو مردہ قرار دیا۔
متوفی اداکار جولائی 2016 سے لائف گارڈ کے طور پر کام کر رہا تھا اور ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پیشہ ور سرفر بھی تھا۔
ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیری کی موت کے حوالے سے بتایا کہ اداکار کے جسم پر شارک کے متعدد بار کاٹنے کے نشانات موجود تھے۔
واضح رہے کہ اداکار تمایو پیری کے کیریئر میں ہالی ووڈ کی متعدد کامیاب فلمیں شامل ہیں جس میں سال 2011 میں ریلیز یونے والی فلم ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ میں ان کا اہم کردار اور سال 2002کی فلم بلیو کرش میں ان کی شاندار کارکردگی شامل تھی۔
معروف ہالی ووڈ فلم سیریز پائریٹس آف دی کیریبیئن میں کیپٹن جیک اسپیرو کا مرکزی کردار ادا کرنے والے جونی ڈیپ اب مزید اس کردار میں نظر نہیں آئیں گے۔
سب کی پسندیدہ ہالی ووڈ فلم پائریٹس آف دی کیریبیئن میں مرکزی کردار ادا کرنے والے جونی ڈیپ کو فرنچائز سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
جونی ڈیپ نے کیپٹن جیک اسپیرو کے کردار میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی اور انہوں نے سیریز کی 5 فلموں میں کام کیا۔
تاہم حال ہی میں فلم کے مصنف اسٹیورٹ بیٹی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جونی ڈیپ اب اس فلم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب کچھ عرصہ قبل ہی ڈزنی اسٹوڈیوز نے اس سیریز کو نئے سرے سے پیش کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
اسٹیورٹ بیٹی کا کہنا تھا کہ بے شک جونی ڈیپ اب اس فلم کا حصہ نہیں ہوں گے تاہم انہیں اس کردار میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بیٹی کا کہنا تھا کہ جونی ڈیپ نے اس کردار میں بے حد مقبولیت حاصل کی، وہ بچوں اور بڑوں سب میں مقبول ہوئے اور انہوں نے اس روپ میں اسکولوں اور اسپتالوں کا دورہ بھی کیا، لہٰذا وہ ہمیشہ اس کردار سے یاد رکھے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پائریٹس آف دی کیریبیئن سیریز کی پہلی فلم سنہ 2003 میں ریلیز کی گئی تھی۔ گزشتہ برس اس کا پانچواں حصہ ریلیز کیا گیا تھا جس نے سیریز کی بقیہ تمام فلموں کے مقابلے میں نہایت کم آمدنی حاصل کی۔
بالی وڈ فلموں کے مداح آج کل جس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ، وہ ٹھگز آف ہندوستان‘ ہے، فلم بینوں کے جذبات کو مہمیز کو کرتا فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے جسے دیکھ کر ہالی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘( پی او سی) کی یاد تازہ ہوگئی۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے۔ یقیناً یہ ٹریلرانٹرنیٹ کی دنیا کی سنسنی خیزی میں تواضافہ کرے گا لیکن فلم بینی کے شوقین افراد کی توقعات اب کچھ مدہم پڑگئی ہیں۔
ٹریلرکے لیے اسٹوری کے آخرمیں اسکرول کیجئے
ٹریلردیکھ کرلگتا ہے کہ امیتابھ بچن اورعامرخان جیسی اسٹار کاسٹ کو لے کربننے والی یہ فلم ، ہالی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریزپائریٹس آف دی کیریبئن کا بھرپورچھاپا ثابت ہوگی۔ ہالی وڈ فلم ( پی او سی) بحری قذاقوں پربننے والی سیریز ہے اورجن فلم بینوں نے وہ سیریز دیکھ رکھی ہے، ٹھگز آف ہندوستان کاٹریلردیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں ہالی وڈ بلاک بسٹرکے سین چلنے لگے ہیں۔
ٹریلرکو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ فلم کے ویژولزپربے پناہ محنت کی گئی ہے اور شائقین کواس کے ایکشن پرمبنی مناظر پسند آئیں گے، لیکن جب اس کا موازنہ والٹ ڈزنی جیسی مشہورِ زمانہ اینی میشن کمپنی کی فلم سے کیا جارہاہے تو کہنا پڑے گا کہ سی جی آئی ٹیکنالوجی کا ہالی وڈ کے درجے پر استعمال ابھی ہندوستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔
فلم کی کہانی ہندوستان میں انگریز راج کے آغاز اور آزادی کی جدوجہد شروع ہونے سے پہلے کے دور کے گرد گھومتی ہے جب امیتابھ بچن (خدا بخش نامی بحری قذاق) انگریزوں کی حاکمیت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے برٹش سپاہیوں کے مدمقابل ڈٹ جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہم پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی دیکھ چکے ہیں ، جہاں بحری قذاق سمندروں پرانگریزوں کی اجارہ داری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسلسل ان کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں رہتے ہیں۔
امیتابھ بچن اس فلم میں ایک ایسے باغی قذاق کا کردار نبھا رہے ہیں جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی بالادستی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں تباہ و برباد کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ایسا ہی کچھ کیپٹن جیک اسپیرو ( جانی ڈیپ) بھی ایسٹ انڈیا کمپنی اور ہسپانوی سلطنت کے خلاف کرتے نظر آتے تھے۔ تاہم ہندوستانی پسِ منظر کے سبب یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کو ’پی او سی‘ سے زیادہ متاثر کرسکتی ہے۔
ٹھگز آف ہندوستان کے ٹریلر میں ہمیشہ کی طرح امیتابھ بچن اپنے کردار کے ساتھ پوری طرح انصاف کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے سپاہیوں میں سے ایک بے مثال لڑاکے کا کردار فاطمہ ثنا شیخ کرتی نظر آتی ہیں اور اپنے حصے کے ایکشن مناظر واقعی انہوں نے انتہائی خوبصورتی سے نبھائے ہیں۔
ٹریلر میں سمندری جہازوں کی لڑائی ، تلواروں کی جنگ اور بہت سے مناظر دیکھ کر آپ با ر بار کیپٹن جیک اسپیرو کو یا د کرنے پر مجبور ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سب میں ہندوستان کا روایتی تڑکہ شامل ہے جوکہ فلم کو شائقین کے لیے دلچسپ اور مصالحے دار بنا رہا ہے۔
فلم میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان بھی اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔ ایک مقام پر عامر خان آپ کو برطانوی حکام کے ساتھ اپنی خدمات کے عوض بھاؤ تاؤ کرتے نظر آئیں گے ، یہاں آپ کو ایک بار پھر کپتان جیک اسپیرو اور برطانوی افواج کے درمیان ہونے والی دلچسپ اور پر مزاح سودے بازی یاد آئے گی۔
فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اس میں جو نیا کچھ نظر آرہا ہے ، وہ یہ ہے کہ عامر خان بار بارخدا بخش کو برطانوی افواج کے لیے دھوکہ دیں گے اور اس دھوکہ دہی کا انجام کیا ہوگا، فی الحال اس پرسے پردہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ویسے پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی کپتان جیک اسپیرو اورکیپٹن ہیکٹرباربوسہ ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل دھوکے بازی جاری رکھتے ہیں۔
اس سب کے باوجود ’ٹھگز آف ہندوستان کا ٹریلر اس وقت انٹرنیٹ پر ہلچل مچانے میں مصروف ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کی توجہ مکمل طور پر اپنی جانب مبذول کراتے ہوئے کم از کم باکس آفس پر تو کامیابی کے جھنڈے گاڑ ہی دے گی ، آخر کو عامر خان اور امیتابھ بچن کا کسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونا بھی تو کوئی اہمیت رکھتا ہے ، خصوصاً ایسی فلم جو کہ ہندوستان کی تحریک ِ آزادی کے موضوع پر بنی ہو۔ یہ فلم رواں سال آٹھ نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔