Tag: Pizza

  • پیزا ڈیلیور کرنے والی خاتون نے کسٹمر کا انگوٹھا چبا کر کاٹ ڈالا

    پیزا ڈیلیور کرنے والی خاتون نے کسٹمر کا انگوٹھا چبا کر کاٹ ڈالا

    ہیمپشائر: برطانوی قصبے ایلڈرشاٹ میں ایک پیزا ڈیلیور کرنے والی ایک خاتون نے غصے میں آ کر اپنے کسٹمر کا انگوٹھا چبا کر کاٹ ڈالا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلیورو نامی سروس سے جڑی 35 سالہ جینیفر روچا نے 36 اسٹیفن جینکنسن کا انگوٹھا اس وقت چبا کر کاٹ ڈالا جب ایلڈرشاٹ میں ایک غلط پتے پر 57 پاؤنڈ کا پیزا پہنچانے پر کسٹمر نے روچا کے ساتھ کوڈ پر جھگڑا کیا، پیزا ڈیلیوری کا واقعہ 14 دسمبر 2022 کو پیش آیا تھا۔

    جینیفر روچا کو اس جرم کے لیے جیل بھیجا جا سکتا ہے، مقدمے سے معلوم ہوا کہ جب جینکنسن غلط پتے پر اپنی ڈیلیوری لینے گئے تو خاتون کے ساتھ ان کا جھگڑا شروع ہو گیا اور جب اس نے اپنا ہاتھ بلند کیا تو روچا نے اس کا انگوٹھا چبا کر کاٹ ڈالا۔

    جینیفر روچا کو ونچسٹر کراؤن کورٹ میں بالقصد شدید جسمانی نقصان پہنچانے کے مقدمے کا سامنا کرنا تھا تاہم اب اس نے بغیر ارادے کے سنگین جسمانی نقصان کا اعتراف کر لیا ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جینکنسن اس حملے سے مستقل طور پر معذور ہو گئے ہیں اور انھیں 11 گھنٹے کا آپریشن کرنا پڑا تھا۔

    واقعے کو یاد کرتے ہوئے جینکنسن نے میڈیا کو بتایا کہ ’’مجھے صرف اتنا یاد ہے کہ میں اسے ہٹانے کی کوشش میں اس کا ہیلمٹ ہلا رہا تھا، اس نے پوری قوت کے ساتھ میرا انگوٹھا چبا کر الگ کر دیا اور اس سے خون کی دھار بہہ نکلی۔‘‘

    جینکنسن کا کہنا تھا کہ انھیں شرٹ کے بٹن بند کرنے اور جوتوں کے فیتے باندھنے میں سخت مشکل پیش آئی، جس پر اس جیسی بنیادی مہارتیں انھیں دوبارہ سیکھنی پڑیں۔ جینکنسن پلمبر کے طور پر کام کر رہے تھے، اس واقعے کی وجہ سے وہ بے روزگار ہو گئے تھے، اور ان کا اپنی نوزائیدہ بیٹی کی ماں سے رشتہ بھی ٹوٹ گیا تھا۔

    واقعے کے بعد جینیفر روچا کی ملازمت بھی ختم کر دی گئی تھی، عدالت نے اس کیس میں سزا سنانے کی تاریخ مؤخر کر دی ہے۔

  • ویڈیو: آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس ہیڈ آفس کے قریب پیزا شاپ میں لوٹ مار

    ویڈیو: آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس ہیڈ آفس کے قریب پیزا شاپ میں لوٹ مار

    کراچی: ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس ہیڈ آفس کے قریب پیزا شاپ میں لوٹ مار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آئی آئی چندریگر روڈ پر پولیس ہیڈ آفس کے قریب لٹیروں نے پیزا شاپ لوٹ لی، لٹیرے پیزا شاپ میں موبائل فون اور رقم چھین کر بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لٹیرے نے چند سیکنڈ میں واردات کی اورفرار ہو گیا۔ فوٹیج کے مطابق لٹیرے نے پستول دکھا کر پیزا شاپ میں موجود کئی افراد کو موبائل فونز سے محروم کیا۔

  • نیہا ککڑ کی آواز میں پیزا آرڈر کرنے کی انسٹاگرام ویڈیو وائرل

    نیہا ککڑ کی آواز میں پیزا آرڈر کرنے کی انسٹاگرام ویڈیو وائرل

    بھارت کی مشہور گلوکارہ نیہا ککڑ کی آواز میں ایک خاتون نے پیزا آرڈر کیا، جس کی انسٹاگرام ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    بالی ووڈ کی مقبول پلے بیک سنگر نیہا ککڑ کی خوب صورت آواز کو جہاں موسیقی کے شائقین بہت پسند کرتے ہیں، وہاں اگر کسی کو ان کی مخصوص آواز میں اگر کال آ جائے تو یقیناً وہ چونک اٹھے گا۔

    اترپردیش کے شہر نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک خاتون سانگ رائٹر پرانجلی کی ایک انسٹاگرام ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں وہ نیہا ککڑ کی آواز کی نقل کر کے پیزا آرڈر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    پرانجلی نے انسٹاگرام پوسٹ پر یہ کیپشن لکھا کہ ’’نیہا ککڑ کس طرح پیزا آرڈر کرتی ہیں۔‘‘ پرانجلی نے نیہا کی آواز میں ایک مقامی پیزا آؤٹ لیٹ پر کال کی، اور رد عمل دیکھنے لگیں۔

    جیسے ہی ریتھک نامی شخص نے کال کا جواب دیا، پرانجلی نے ککڑ کی آواز میں ’تم کو آرڈر پسند ہے، مجھ کو آرڈرز میں پیزا‘ گانا شروع کر دیا۔

    تاہم فون پر موجود شخص آرڈر کو سمجھنے میں ناکام رہا تو پرانجلی نے کہا ’’ارے بولا میں نے بار بار بار بار ۔۔۔۔ مجھ کو پیزا دے دے یار یار یار یار۔‘‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by | s-s from n (@thepranjli)

    پرانجلی نے جب اپنے مطلوبہ پیزا کے بارے میں گا کر بتایا، تو فون پر موجود شخص نے ان کا نام پوچھا، پرانجلی نے کہا کہ وہ ’ہندوستان کی پسندیدہ‘ نیہا ککڑ ہیں اور کال کاٹنے سے پہلے اپنا شہر ممبئی اور علاقہ اندھیری بتایا۔

    واضح رہے کہ نیہا ککڑ نے 4 سال کی کم عمر میں بطور پرفارمر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور وہ یوٹیوب پر 4.2 ارب آرا کے ساتھ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی خواتین فن کاروں میں سے ایک بن گئیں۔

  • 10 سال تک پیزا آرڈر کرنے والا گاہک اچانک غائب ہوگیا، پیزا شاپ کے عملے نے کیا کیا؟

    10 سال تک پیزا آرڈر کرنے والا گاہک اچانک غائب ہوگیا، پیزا شاپ کے عملے نے کیا کیا؟

     دنیا بھر کی مختلف فوڈ شاپس پر روزانہ ہزاروں افراد کھانا آرڈر کرتے ہیں، لیکن کچھ افراد جب تواتر سے وہاں سے کھانا کھانے لگیں تو اس جگہ کا عملہ بھی ان سے واقف ہوجاتا ہے، ایسے ہی ایک پیزا شاپ کے عملے نے اپنے ایک ایسے کسٹمر کی اس کے مشکل ترین وقت میں مدد کی، جو گزشتہ 10 سال سے ان کا گاہک چلا آرہا تھا۔

    یہ کہانی ہے امریکی ریاست اوریگن میں رہنے والے کرک الیگزنڈر کی جو اپنی عمر کی چوتھی دہائی میں تھا۔ ہر دوسرے امریکی کی طرح اس کا پسندیدہ کھانا بھی پیزا تھا۔

    کرک گزشتہ 10 سال سے ایک ہی پیزا آوٹ لیٹ سے روزانہ پیزا آرڈر کر رہا تھا، 10 سال میں پیزا شاپ کا عملہ بھی اس سے اچھی طرح واقف ہوگیا تھا۔ شاپ کی جنرل مینیجر سارہ فلر کا کہنا ہے کہ روزانہ لنچ کے وقت کرک کا آن لائن آرڈر ہماری اسکرین پر نمودار ہوتا تھا۔

    کرک کو پیزا پہنچانے والے ڈیلیوری بوائز بھی اس سے اچھی طرح واقف ہوگئے تھے، وہ ان سے نہایت خوش اخلاقی سے پیش آتا تھا، اور کئی لڑکوں سے اس کی باقاعدہ دوستی بھی ہوچکی تھی۔

    10 سال بعد ایک دن اچانک کرک کا پیزا آرڈر غائب ہوگیا، پیزا شاپ کے عملے کے لیے یہ حیران کن بات تھی لیکن جب کئی روز تک کرک کا آرڈر نہ آیا تو وہ پریشان ہوگئے۔

    شاپ کے عملے اور ڈیلیوی بوائز کے لیے کرک کا آرڈر ڈیلیور کرنا معمول کی بات تھی لہٰذا جب اس معمول میں خلل پڑا تو سب ہی نے یہ بات محسوس کی۔

    ابتدا میں ان کا خیال تھا کہ کرک شاید تعطیلات کے لیے یا اپنے خاندان سے ملنے کے لیے شہر سے باہر گیا ہے، تاہم عملے کے کچھ افراد اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنرل مینیجر سارہ کے علم میں یہ بات لائے، اور جب سارہ نے ریکارڈ چیک کیا تو انہیں علم ہوا کہ گزشتہ 11 روز سے انہیں کرک کا آرڈر موصول نہیں ہوا۔

    تب انہیں گڑبڑ کا احساس ہوا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ کسی کو کرک کے گھر بھیجا جائے تاکہ اس کی خیریت دریافت کی جاسکے۔

    جنرل مینیجر سارہ نے ٹریسی نامی ایک ڈیلیوری بوائے کو کرک کے گھر بھیجا۔ ٹریسی جب کرک کے گھر پہنچا تو گھر کی روشنیاں جل رہی تھی، جبکہ اندر سے ٹی وی کی آواز بھی آرہی تھی۔ ٹریسی نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن اندر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    ٹریسی نے کرک کو فون کیا لیکن فون وائس میل پر چلا گیا، ٹریسی جان گیا کہ اندر کچھ غلط ہے چنانچہ وہ الٹے قدموں واپس شاپ کی طرف بھاگا اور وہاں پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔

    پیزا شاپ کے عملے نے وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پر 911 کو کال کی جہاں سے ہدایت موصول ہونے پر مقامی پولیس اہلکار کرک کے گھر پہنچے۔ پولیس نے کرک کے دروازے پر دستکیں دیں اور اسے آواز دی تو اندر سے کرک کی نحیف سی آواز آئی جو مدد کے لیے پکار رہا تھا۔

    پولیس فوراً دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی جہاں کرک فرش پر نیم جان حالت میں موجود تھا، اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    کرک کو فالج کا دورہ پڑا تھا اور وہ اپنی کوئی بھی مدد کرنے سے قاصر تھا، اسپتال میں اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا جہاں چند گھنٹوں میں اس کی حالت مستحکم ہوگئی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق اگر صرف ایک اور روز کی تاخیر ہوتی تو کرک مر چکا ہوتا۔

    دوسری طرف پیزا شاپ کا عملہ ششدر تھا، یہ صورتحال ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ بعد ازاں شاپ کا عملہ نہ صرف کرک کی عیادت کو اسپتال پہنچا بلکہ وہ مستقل اسپتال کا چکر لگاتے رہے کہ کہیں کرک کو کسی چیز کی ضرورت تو نہیں۔

    بھرپور علاج اور ڈاکٹرز کی توجہ کے بعد بالآخر کرک مکمل طور پر صحت یاب ہو کر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آیا۔ یہ واقعہ تب تک مشہور ہوچکا تھا اور نہ صرف مقامی بلکہ قومی میڈیا بھی مستقل کرک اور پیزا شاپ کے عملے کا انٹرویو کرنے پہنچ رہا تھا۔

    مینیجر سارہ کا کہنا تھا کہ ان کے تمام کسٹمرز ان کے لیے خاندان کی طرح ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ کرک کی مدد کرنے کے قابل ہوسکے۔

    پیزا آؤٹ لیٹ کے ہیڈ آفس نے بھی اپنے ملازمین کے جذبے کو بے حد سراہا اور انہیں ہر سال لاس ویگاس میں منعقد ہونے والی اپنی سالانہ ریلی میں مدعو کیا جہاں سارہ، ٹریسی اور عملے کے دیگر افراد کا ہیرو کی طرح استقبال کیا گیا۔

  • 9 سال سے روزانہ ہونے والی پراسرار پیزا ڈلیوری

    9 سال سے روزانہ ہونے والی پراسرار پیزا ڈلیوری

    بیلجیئم کے ایک شہری کے دن رات کا سکون پیزا ڈلیوری نے برباد کردیا، یہ پیزا ڈلیوری اسے روزانہ دن اور رات میں کئی کئی بار موصول ہوتی ہے، کوئی نہیں جانتا کہ اسے آرڈر کرنے والا کون ہے۔

    بیلجیئم کے 65 سالہ شہری کی نیندیں ایک بے ضرر سے پیزا نے حرام کر رکھی ہیں لیکن یہ پیزا اتنا بھی بے ضرر نہیں۔

    دراصل اس شہری کو گزشتہ 9 سال سے بغیر آرڈر کیے پیزا موصول ہورہا ہے۔

    بیلجین شہری کا کہنا ہے کہ ہر وقت پیزا ڈلیوری کے خوف نے میری نیند ہی اڑا دی ہے اور جب گلی سے کوئی اسکوٹی گزرتی ہے تو مجھے لگتا ہے کہ اب کوئی دوبارہ پیزا رکھ کر چلا جائے گا۔

    معمر شہری کے مطابق یقیناً میرے ساتھ کوئی شرارت کر رہا ہے، مجھے دن میں 10 بار پیزے موصول ہوتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پیزا ڈلیور ہونے کا کوئی ٹائم نہیں ہے، یہ ویک اینڈ پر بھی موصول ہوتے ہیں اور عام دنوں میں بھی، دن کے اوقات میں بھی اور رات کے 2 بجے بھی پیزا آسکتا ہے۔

    معمر شہری کے مطابق وہ اس شخص کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو یہ حرکت کر رہا ہے اور جس دن انہیں وہ شخص مل گیا وہ دن اس شخص کے لیے بہت برا دن ہوگا۔

  • ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    ڈبل روٹی سے لذیذ پیزا بنانے کا طریقہ

    پیزا بنانا ایک محنت اور وقت طلب کام ہوسکتا ہے تاہم حال ہی میں ڈبل روٹی سے پیزا بنانے کی ایک ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس آسان پیزا کو تیار کرنے کے لیے نہایت پرجوش نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو شیئرنگ سائٹ ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی یہ ویڈیو فلپائن سے تعلق رکھنے والی مشیل مالٹو کی ہے جس میں وہ پیزا کے ڈو، ٹماٹر اور موزریلا چیز کے بغیر پیزا بناتی نظر آرہی ہیں۔

    مشیل کہتی ہیں کہ وہ یہ پین پیزا اس وقت بناتی ہیں جب وہ کاہلی محسوس کر رہی ہوں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشیل سب سے پہلے ڈبل روٹی کے 10 سلائسز ایک ساتھ رکھ کر انہیں ہموار کرلیتی ہیں۔ اس کے بعد وہ اس پر ٹماٹو کیچپ پھیلا لیتی ہیں۔

    اس بیس پر مشیل چیڈر چیز پھیلاتی ہیں تاہم مشیل کے مطابق اس میں کسی بھی قسم کا چیز شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد وہ اس پیزا پر کینڈ بیف اور پیاز ڈالتی ہیں، صارفین کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ وہ اپنی پسند کے اجزا اس میں شامل کرسکتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ پین کو اوون میں رکھ دیتی ہیں، مشیل کا کہنا ہے کہ چولہے پر پکانے والے افراد اندازے سے اسے اتنی دیر پکائیں کہ وہ اچھی طرح سے پک جائے۔

    مشیل کے مطابق ان کا بنایا ہوا یہ پیزا نہایت خستہ اور لذیذ ہوتا ہے جو ان کے گھر والوں کو بھی بے حد پسند ہے۔

    مشیل کی اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین نے دیکھا اور پسند کیا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس آسان ترکیب کو اپنے گھر پر ضرور اپنائیں گے۔

  • ایسا پیزا جو صحت کے لیے فائدہ مند ہے

    ایسا پیزا جو صحت کے لیے فائدہ مند ہے

    پیزا ویسے تو بے حد مزیدار ہوتا ہے البتہ اس میں شامل چکنائی اور تلی ہوئی اشیا جسم کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہیں، تاہم اب ایسا پیزا تیار کرلیا گیا جو صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

    یہ پیزا معروف ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے کی جانب سے متعارف کروایا گیا ہے اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا کرسٹ پھول گوبھی سے بنایا گیا ہے۔

    معروف امریکی فوڈ کمپنی کرافٹ ہنز نے یہ پیزا اوپرا ونفرے کی فرمائش پر تیار کیا ہے۔ اس میں کسی قسم کے مصنوعی ذائقے یا رنگ شامل نہیں کیے گئے۔

    اوپرا کہتی ہیں کہ پیزا نہ صرف ان کی بلکہ سب کی پسندیدہ شے ہے اور وہ ہمیشہ سے اپنی پسندیدہ غذا میں غذائیت بھری اشیا شامل کرنا چاہتی ہیں، گوبھی سے بنا پیزا اسی خواہش کی تکمیل ہے۔

    اس پیزا سے حاصل ہونے والی کمائی کا 10 فیصد حصہ ان فلاحی اداروں کو دیا جائے گا جو دنیا بھر میں بھوک کے خاتمےکے لیے کام کر رہے ہیں۔

    کیا آپ یہ غذائیت بخش پیزا کھانا چاہیں گے؟

  • 70 افراد کے لیے صرف ایک پیزا

    70 افراد کے لیے صرف ایک پیزا

    اگر آپ کے گھر میں ڈیلیوری بوائے ایک بہت بڑا سا پیزا ڈیلیور کر جائے تو آپ کیا کریں گے؟

    امریکا کا بگ ماماز پیزا نامی ریستوران اتنا بڑا پیزا تیار کر کے آپ کے گھر پہنچا سکتا ہے کہ اسے 60 سے 70 افراد کھا سکتے ہیں۔

    یہ ریستوران دنیا کا سب سے بڑا ڈیلیوری کیا جانے والا پیزا بناتا ہے جسے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔

    اس پیزا کی تیاری میں 20 پاؤنڈز ڈو، 5 پاؤنڈز پنیر اور 3 پاؤنڈز پیپرونی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    تیاری کے بعد اسے ایک بڑے سے ڈبے میں رکھ کر گاڑی کی چھت پر رکھا جاتا ہے جو اسے اس کے مطلوبہ مقام تک پہنچاتی ہے۔

    کھانے کے لیے اسے 200 ٹکڑوں میں کاٹا جاتا ہے۔

    اس پیزا کی قیمت 300 ڈالرز ہے، اور کیلی فورنیا کے دفاتر میں اس کی مانگ بہت زیادہ ہے۔

  • ایسا پیزا جو کینسر سے بچا سکتا ہے

    ایسا پیزا جو کینسر سے بچا سکتا ہے

    پیزا بہت سے افراد کو پسند ہوتا ہے جو یہ جانتے ہوئے بھی اسے کھاتے ہیں کہ اس کی مضر صحت چکنائی ان کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ تاہم اب ایسا پیزا بھی منظر عام پر آگیا ہے جو کینسر سے بچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    اٹلی کے ایک ریستوران ڈان پیپ میں سرو کیا جانے والا پیزا کینسر کے حوالے سے کی جانے والی ایک تحقیق کی روشنی میں بنایا جاتا ہے۔

    اس تحقیق کا موضوع ’صحت مند غذاؤں کا فروغ بشمول پیزا‘ ہے۔

    اب یہ ریستوران اسی تحقیق کی روشنی میں ایسا پیزا تیار کرتا ہے جو نہ صرف امراض قلب سے بچا سکتا ہے بلکہ ہاضمہ کے اعضا میں بننے والے ٹیومر سے بھی تحفظ فراہم کرسکتا ہے جیسے بڑی آنت کا کینسر۔

    اس پیزا میں شامل کیے جانے والے اجزا میں زیتون، زیتون کا تیل، ٹماٹر، سرخ مرچ، لہسن، گوبھی اور گندم کا آٹا شامل ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام اجزا جسم میں خون کی روانی کو بہتر بناتے ہیں اور قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں۔

    زیتون کا تیل عام تیل کے برعکس وزن میں اضافہ نہیں کرتا جبکہ یہ اجزا جسم کو مختلف معدنیات اور وٹامنز بھی فراہم کرتے ہیں۔

    کیا آپ یہ صحت بخش پیزا کھانا چاہیں گے؟

  • رنگین چمکتا ہوا پیزا کھانا چاہیں گے؟

    رنگین چمکتا ہوا پیزا کھانا چاہیں گے؟

    مختلف کھانوں میں گلیٹر یعنی چکمتی ہوئی افشاں شامل کرنے کے بعد اب پیزا میں بھی اس کا تجربہ کیا گیا جو بے حد مقبول ہورہا ہے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک معروف ریستوران نے اس چمکتے ہوئے رنگین پیزا کو پیش کرنے کا آغاز کیا ہے۔

    سموکڈ ٹرکی چکن تکہ اور سبزیوں سے بنا خوش رنگ پیزا ذائقے میں بھی مزیدار ہے۔

    اسے عام افراد کے ساتھ ہالی ووڈ اداکاروں کی جانب سے بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    تاحال ریستوران کی انتظامیہ نے یہ راز نہیں کھولا کہ رنگوں بھرا چمکتا ہوا یہ پیزا کیسے تیار کیا جارہا ہے اور اس میں کیا اجزا شامل کیے جارہے ہیں، تاہم اس سے قطع نظر لوگوں کی بڑی تعداد اسے کھانے کے لیے ریستوران کا رخ کر رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔