Tag: plan

  • سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا، منصوبے میں کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں 18 لاکھ آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا، منصوبے کے تحت 75 کروڑ روپے سے زائد رقم سے انڈس اسپتال کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

    جاری کردہ دستاویزات کے مطابق محکمہ بلدیات نے ریبیز کنٹرول پروگرام کا نیا منصوبہ منظور کرلیا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین، چپ اور ٹیگ سمیت دیگر مد میں 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 18 لاکھ کتوں کی آبادی میں 40 فیصد بچے، 35 فیصد مادہ اور 25 فیصد نر کتے ہیں، آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 80 ڈاکٹر بھی بھرتی ہوں گے۔

    آوارہ کتوں کو لگائی جانے والی ویکسین کا 3 سال تک اثر ہوگا، منصوبے میں کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال کیے جائیں گے۔

  • حجاج کرام کی واپسی آسان بنانے کے لیے سعودی ایوی ایشن کا منفرد منصوبہ متعارف

    حجاج کرام کی واپسی آسان بنانے کے لیے سعودی ایوی ایشن کا منفرد منصوبہ متعارف

    ریاض : سعودی انتظامیہ نے کہا ہے کہ منصوبے کے تجرباتی مرحلے کا آغاز ان شاءاللہ پیر جبکہ اطلاق انڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت جانے والے حجاج کرام پر ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے اِیاب (واپسی) کے نام سے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو اللہ کے مہمانوں (حجاج کرام) کی خدمت میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال ہے،منصوبے کے تجرباتی مرحلے کا آغاز ان شاءاللہ پیر سے ہو گا۔

    منصوبے کا مقصد حجاج کرام کی واپسی کے سفر کے اقدامات کو ہوائی اڈے پہنچنے سے پہلے ہی اُن کی قیام گاہوں پر مکمل کرنے کو آسان بنانا ہے، رواں سال 1440 ہجری کے حج سیزن میں اس منصوبے کا اطلاق انڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت جانے والے حجاج کرام پر ہو گا۔

    سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ عبدالہادی المنصوری کا کہناتھا کہ اتھارٹی اِیاب منصوبے کے ذریعے مسافروں کے تجربے کو آسان بنانے کے ساتھ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظار کا دورانیہ کم کرنا چاہتی ہے تا کہ حجاج کرام مکمل سہولت کے ساتھ اپنے وطن لوٹ سکیں۔

    المنصوری کے مطابق اِیاب منصوبہ رواں سال 1440 ہجری کے حج سیزن میں تجرباتی طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں جدہ اور مدینہ منورہ کے دونوں ہوائی اڈوں پر 30 ہزار حجاج کرام اس سے مستفید ہوں گے۔ بعد ازاں اس خدمت کا دائرہ کار مملکت کے ہوائی اڈوں کے ذریعے تمام حجاج کرام ، معتمرین اور مسافروں تک پھیلا دیا جائے گا۔

    شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کے سربراہ نے اپنے بیان کے اختتام پر اِیاب منصوبے میں شریک تمام سرکاری اور قومی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اِیاب منصوبے کے تحت حجاج کرام کے سامان وصول کرنے کے اقدامات ان کی قیام گاہوں سے مکمل کر لیے جائیں گے اور ان کی واپسی کا اندراج ہوائی اڈے پہنچنے سے پہلے خودکار طریقے سے کر لیا جائے گا۔

  • غرب اردن اور القدس میں یہودیوں کے لیے 2430 گھروں کا منصوبہ

    غرب اردن اور القدس میں یہودیوں کے لیے 2430 گھروں کا منصوبہ

    یروشلم : اسرائیل کی پلاننگ وکنسٹرکشن کمیٹی کی طرف سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے اڑھائی ہزار گھروں کی تعمیر کی ترویج شروع کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی انسانی حقوق گروپ نے عبرانی اخبار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حکومت غرب اردن کی چار یہودی بستیوں کی دوبارہ تعمیر نو کرنا چاہتی ہے تاہم اس منصوبے کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس میں 2430 نئے گھر تعمیر کرنا چاہتی ہے۔

    اس منصوبے میں نیلی یہودی کالونی میں 354، بیت ایل میں 346، جانی مودیعین میں 194، کفار ادوومیم میں 132، بیت حجائی میں 94، افرات میں 66،آلن شفوت میں 61، شیلو میں 51، عنتئیل میں 29 اورمعالیہ ادومیم میں 18 مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے غرب اردن کے سیکٹر سی میں فلسطینیوں کے 715 اور یہودی آباد کاروں کے لیے چھ ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔

    اسرائیل نے غرب اردن اور القدس میں 503 یہودی کالونیاں تعمیر کر رکھی ہیں۔ ان میں 474 غرب اردن اور 29 القدس میں ہیں جوغرب اردن اور القدس کے 50 فی صد رقبے پرتعمیر کی گئی ہیں۔ ان کالونیوں میں 8 لاکھ یہودی آباد کیے گئے ہیں۔

  • کشنر کی اردن شاہ عبداللہ سے ملاقات، مجوزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال

    کشنر کی اردن شاہ عبداللہ سے ملاقات، مجوزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال

    واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور ان کے داماد جیرڈ کشنر مشرق وسطیٰ کے ممالک کے دورے پر اردن پہنچ گئے جہاں اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہ نماؤں کے درمیان امریکا کے مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مجوزہ امن منصوبے سنچری ڈیل اورخطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اردن کے شاہی دیوان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیرڈ کشنرنے عمان میں الحسینیہ شاہی محل میں شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی،دونوں رہ نماؤں نے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر بات چیت کی۔

    اس موقع پر شاہ عبداللہ نے امریکی مشیر پرواضح کیا عمان فلسطین،اسرائیل تنازع کو دو ریاستی حل کی بنیاد پر قضیے کا دائمی اور منصفانہ حل چاہتا ہے، اردن سنہ 1967ءکی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست کےقیام اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنائے جانے کے ساتھ اسرائیل کے ساتھ بقائے باہمی کے تحت آگے بڑھنے کی حمایت کرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی طرف سے بھی فلسطینیوں کے دیرینہ اور بنیادی حقوق تسلیم کیے گئے ہیں جن میں فلسطینیوں کا حق خود ارادیت بھی شامل ہے۔

    شاہ عبداللہ دوم اور جیرڈ کشنر ملاقات کے موقع پر اردنی وزیرخارجہ ایمن الصفدی، شاہی مشیر بشر الخصاونہ، امریکی صدر کے معاون خصوصی برائےمشرق وسطیٰ جیسن گرین بیلٹ بھی موجود تھے۔

    امریکی انتظامیہ کی طرف سے 22 جولائی کو جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ جیرڈ کشنر رواں ماہ کے آخر تک مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے مساعی کو آگے بڑھانا ہےتاہم امریکی حکام کی طرف سے جیرڈ کشنر کے دورے کی ایجنڈے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

    اردن نے گذشتہ روز امریکی مشیر پر واضح کیا کہ خطےمیں دیر پاامن کے لیے فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے مگر جیرڈ کشنر کا کہنا تھا ان مجوزہ امن منصوبے میں دو ریاستی حل پرذکرنہیں۔

  • امریکی جامعات کو قطر کی مشکوک فنڈنگ کے خلاف تحقیقات شروع

    امریکی جامعات کو قطر کی مشکوک فنڈنگ کے خلاف تحقیقات شروع

    واشنگٹن : امریکی مانیٹرنگ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر نے تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھی ایک عشرے کے دوران امریکی جامعات کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم دی۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جب امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دیئے گئے عشایے میں فخریہ انداز میں شرکت کی تو اس عشائیے میں موجود دیگر مہمانوں میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے چیئرمین بھی موجود تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جارج ٹاؤن امریکا کی ان چھ جامعات میں سے ایک ہے جنہیں قطر کی طرف سے مالی مدد فراہم کی جاتی ہے اور ان جامعات کی قطر میں بھی ذیلی شاخیں موجود ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امیر قطر کی ملاقات کو زیادہ وقت نہیں گذرا مگر امریکی وزارت خزانہ نے جارج ٹاؤن اور دیگر تین جامعات ٹیکساس اے اینڈ ایم، کورنیل اور روٹگرز یونیورسٹیوں میں قطری فنڈنگ کی تحقیقات شروع کی ہیں۔

    امریکی مانیٹرنگ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی جامعات کو بیرون ملک سے ملنے والے عطیات میں قطر کی طرف سے فراہم کی گئی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جامعات نے بیرون ملک سے حاصل ہونے والے فنڈز اور تحائف کے بارے میں وفاقی حکام کو مطلع نہیں کیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وفاقی حکومت کے پاس ایسی کوئی فہرست نہیں جس میں ریاستوں میں موجود تعلیمی اداروں کو بیرون ملک سے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کے بارے میں مطلع کیا جائے۔

    امریکی تحقیق کاروں نے ملک بھر کی بیشتر جامعات کو ہدایت کی کہ وہ گذشتہ کچھ برسوں کے دوران بیرون ملک سے حاصل ہونے والی رقم اور عطیات کی تفصیل فراہم کریں،جامعات کو لکھے گئے مکتوبات میں چین اور قطر کی طرف سے فراہم کردہ عطیات کا خاص طور پر ذکر کرنے کو کہا گیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ اس وقت امریکا اور چین کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون اور تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں جب کہ امریکا قطر کے حوالے سے بھی بہت سے تحفظات رکھتا ہے۔ ان تحفظات میں قطر کی دہشت گردی کے لیے فنڈنگ بھی شامل ہے۔

    امریکی وفاقی حکام نے جامعات کو ملنے والی بیرون ملک سے امداد کی جو تفصیلات اکٹھی کی ہیں ان میں امداد دینے والے ملکوں میں قطر کا نام نمایاں ہے۔ اگرچہ قطر کا حجم اتنا بڑا نہیں مگر اس کی طرف سے امریکا کی 28 جامعات کو گذشتہ ایک عشرے کے دوران ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے عطیات دیے گئے۔

    انگلینڈ کی جامعات بیرون ملک سے حاصل ہونے والی امداد میں 90 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔یہ امربھی حیران کن ہے کہ امریکا کی 28 جامعات میں سے 26 کوکل عطیات کا صرف 2 فی صد اور 6 جامعات کو 98 فی صد عطیات دیے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان چھ جامعات کی قطر میں ذیلی شاخیں بھی کام کر رہی ہیں،قطر کے حکمران خاندان کے ماتحت قطر فاؤنڈیشن کی طرف سے ‘ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی کو 40 ملین ڈالر سالانہ امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس یونیورسٹی کا ایک کیمپس قطر کے دارالحکومت دوحا میں بھی قائم ہے۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکی وزارت تعلیم کے حکام نے جارج ٹاﺅن یونیورسٹی اور ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹیوں کے قطر اور چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کے ساتھ رابطوں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    امریکی حکام کو شبہ ہے کہ ہواوے اپنے جدید ترین موبائل فوج اور اسمارٹ فون کی مدد سے امریکا کی قومی سلامتی کے راز چوری کرنے کے ساتھ جاسوسی کرسکتی ہے۔

    امریکی وزارت تعلیم نے قطر سے مدد لینے والی جامعات کے سربراہان کو سخت الفاظ میں پیغامات بھیجے ہیں جن میں انہیں کہا گیاہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر قطر اور بیرون ملک سے ملنے والی امداد کی تفصیلات فراہم کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

  • میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو سٹی : میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے، میکسیکو کے صحافی فرانسسکو رومیرو کو تشدد کے بعد چہرے پر دو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے کرائم رپورٹر فرانسسکو رومیرو کو قتل کی دھمکیاں ملنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے چار محافظ فراہم کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود وہ بہیمانہ طور پر قتل کر دیئے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسسکو رومیرو ان 12 صحافیوں میں شامل تھے جنہیں قتل کی دھمکیوں پر وفاق کی جانب سے تحفظ فراہم کیا گیا تھا، انہیں صبح 5 بجے ایک کال موصول ہوئی جس میں نائٹ کلب میں ایک حادثے کی اطلاع دی گئی جس پر وہ نائٹ کلب گئے تھے جہاں انہیں تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ صحافی نے اپنے چاروں محافظوں کو رات 10 بجے ہی گھر روانہ کردیا تھا اور خود سو گئے تھے جبکہ نائٹ کلب جاتے ہوئے وہ اپنا حفاظتی بٹن بھی ساتھ لیکر نہیں گئے جسے دبا کر پولیس کو خطرے کی اطلاع دے سکتے تھے۔

    فرانسسکو رومیرو ریاست کے ایک اہم اخبار سے منسلک تھے اور اپنا فیس بک پیج بھی چلاتے تھے جس میں وہ سیاست اور جرائم کے درمیان تعلق سے پردہ اٹھاتے تھے۔ میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک میں شامل ہیں جہاں رواں برس 5 صحافی قتل کیے گئے ہیں۔

  • امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائل خرید رہے ہیں، ہنگری

    امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت والے میزائل خرید رہے ہیں، ہنگری

    بڈاپسٹ : ہنگری امریکا سے درمیانے فاصلے پر مار کرنے والے فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک امریکا سے درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل فضائی دفاعی میزائل خرید رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہنگری کی وزیر اعظم وکٹوریہ اوربان فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری سے متعلق تفصیلات جلد بتائیں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے دورے پر متعدد دیگر علاقائی اور عالمی امور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ریڈیو پر اپنے بیان میں اوربان نے بتایا کہ ان کی حکومت جدید فوج کے تیاری کا عمل جاری رکھے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ فضائی دفاعی میزائلوں کی خریداری سے متعلق تفصیلات وہ جلد بتائیں گے، اوربان نے اپنے بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس کے دورے پر انہوں نے متعدد دیگر علاقائی اور عالمی امور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کی۔

    ہنگری کی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم چین اور روسیوں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے بہتر تعلقات کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ امریکا ہمارا فوجی اتحادی ہے جو امریکا اور ہنگری کے مضبوط تعلقات کا باعث ہے۔

  • امریکی شہری نے روبوٹ کو ’بیوی ‘ بنانے کا فیصلہ کرلیا

    امریکی شہری نے روبوٹ کو ’بیوی ‘ بنانے کا فیصلہ کرلیا

    دنیا بھر کے مرد شریک حیات کیلئے بہترین اور خوبرو خاتون کا انتخاب کرتے ہیں لیکن امریکی شہری نے روبوٹ سے بے پناہ محبت باعث اسے زوجیت میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ جوئے مورس نامی شہری نے دو برس روبوٹ کے ساتھ گزارنے کے بعد اس قدر اس کا عاشق ہوگیا کہ ’روبوٹ‘سے شادی کا اعلان کرکے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    روبوٹ کی محبت میں پاگل امریکی شہری جوئے مورس کا کہنا تھا کہ ’اس کی مسکراہٹ اور گلابی بال مجھے مطمئن کرتے ہیں‘۔

    امریکی میڈیا کے مطابق نوجوان کے سابق محبوبوں میں لیمپ (lamp)، ٹرانسفارمر ٹرک حتیٰ کہ ہلووین بھی شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں : برطانیہ میں خاتون نے کمبل سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا

    امریکی شہری کا کہنا ہے کہ ’میرا روبوٹ طاقتور اور بہترین ہے جس کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہوں گے اور یہ بے وفائی بھی نہیں کرتا جسے میں نے 2017 میں ای بے سے 20 ڈالر میں خریدا تھا‘۔

    مزید پڑھیں : قدیم محل کا بھوت اسی کا گارڈ نکلا

    مزید پڑھیں : ’بھوت‘ سے شادی کرنے والی خاتون نے علیحدگی کا اعلان کردیا

    جوئے مورس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے روبوٹ سے بہت محبت کرتا ہوں، میں نے لوگوں کو اس لیے اپنی شادی میں مدعو کروں گا تاکہ وہ میرے مستقل اور آرام دہ جیون ساتھی کے ساتھ تعلق کے گواہ رہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عروسی کی یہ عجیب و غریب تقریب عنقریب منعقد ہوگی۔

  • امریکی امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا‘ جیرڈ کوشنر

    امریکی امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا‘ جیرڈ کوشنر

    واشنگٹن : وائٹ ہاﺅس کے مشیر جیرڈ کوشنر کا کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مجوزہ امن منصوبے کا اعلان رمضان المبارک کے آخر میں یا اس کے بعد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاوس کے مشیر جیرڈ کوشنر نے فلسطین و اسرائیل کے مابین امن منصوبے سے متعلق اہم اعلان کردیا

    جیرڈ کوشنر نے 100 ممالک کے سفیروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی اسرائیلی حکومت کی تشکیل کے بعد اور مسلمانوں کے ماہ مبارک رمضان گزر جانے کے بعد امن معاہدے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔

    امریکی صدر کے داماد کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کے سفیروں پر زور دیا کہ وہ صدر ٹرمپ کے تیار کردہ امن منصوبے کے حوالے سے کھلے پن کا مظاہرہ کریں۔

    جیرڈ کوشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں مناسب معاہدے کی جانب دیکھنا ہوگا جس سے امن و استحکام کے حصول میں کامیابی حاصل ہو۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی اور بعض دوسرے ممالک امریکی امن منصوبے کو مشکوک قرار دیتے ہیں تاہم اس کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

    امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے لیے ’صدی کا معاہدہ ‘سے تعبیر کیے گئے امریکی معاہدے میں ایک خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل نہیں ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق حکام اس منصوبے کو خفیہ رکھ رہے ہیں، جیرڈ کشنر اور دیگر حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امن کی ابتدائی کوششوں کے آغاز کے تحت اس میں ریاست کے قیام کا عنصر شامل نہیں۔

    جیرڈ کشنر کے معاہدے سے واقف عرب حکام کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی خاص پیش کش نہیں کی گئی بلکہ اس منصوبے میں فلسطینی شہریوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کیے جائیں گے اور متنازع علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کیا جائے گا۔

  • ہالینڈ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 7 دہشت گرد گرفتار

    ہالینڈ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 7 دہشت گرد گرفتار

    ایمسٹرڈم : ڈچ پولیس نے ہالینڈ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے سات دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تحقیقات کے لیے جیل عقوبت خانے میں منتقل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹردم کی پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران مذکورہ دہشت گردوں کے قبضے سے خطرناک مشین گنیں، خودکش جیکٹیں اور کار بم کی چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مذکورہ 7 مشتبہ دہشت گرد ہالینڈ کے دارلحکومت اور ملک کے دیگر میں خودکش جیکٹوں اور مشین گنوں سمیت کار بم حملے کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    یورپی نیوز ایجنسیوں کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے ساتوں دہشت گردوں سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ ان کا ہدف کون سے مقامات تھے۔


    مزید پڑھیں : نیدرلینڈز: ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی


    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم مصرف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے بعد ازاں پولیس نے بھرپور کارروائی کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈچ پولیس نے پہلے فائرنگ کرکے حملہ آور کو زخمی کیا اور پھر موقع پر ہی گرفتار بھی کرلیا تھا، واقعے کے بعد حملہ آور اور دیگر تین زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دوپہر میں پیش آیا اس دوران ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے، جبکہ پولیس نے دیگر قانونی کارروائی کے لیے ریلوے اسٹیشن کو خالی بھی کرایا تھا۔