Tag: plane

  • کراچی : جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، شعلے بھڑک اٹھے

    کراچی : جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، شعلے بھڑک اٹھے

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز سے اچانک پرندہ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔

    پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پی اے 208 کے طیارے میں پیش آیا، پرواز حادثے سے بال بال بچی طیارے نے ٹیک آف کیلئے اسپیڈ پکڑی تواڑان سے کچھ سیکنڈ پہلے ہی پرندہ ٹکرا گیا۔

    طیارے نے جیسے ہی اڑان بھری انجن سے پرندہ ٹکرانے سے دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے نکلنے لگے۔

    پرندہ

    واقعے کی فوٹیج میں انجن سے شعلے نکلتے اور دھماکے کی آواز سنی جاسکتی ہے پرندہ ٹکراتے ہی کپتان نے ایمرجنسی بریک لگادی جس سے مسافروں کو شدید جھٹکے لگے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں میں اچانک بریک لگانے پرخوف وہراس پھیل گیا، کپتان طیارے کو واپس رن وے پر لے آیا، مسافروں کو اتار کر پرواز منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے واقعات سے ایئرلائنز کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

  • طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    طوفان کے باعث ہوائی جہاز ڈولنے لگا، لینڈنگ میں ناکامی، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ٹوکیو : جاپان میں ایک مسافر طیارہ چاروں طرف سے طوفانی ہواؤں کے گھیرے میں آگیا، جس کے باعث ہوائی جہاز فضا میں ڈولنے لگا، ہنگامی لینڈنگ بھی نہ ہوسکی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں آنے والے سمندری طوفان نے کئی شہروں میں نظام زندگی کو درہم برہم کردیا ہے۔

    اس دوران ایک مسافر طیارہ بھی چاروں جانب طوفانی ہواؤں میں گِھر گیا ایسے میں جہاز پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہونے لگا اور فضا میں ہی ڈولنا شروع کردیا صورتحال دیکھ کر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔

    مذکورہ واقعے کی ایک ویڈیو میں مسافر طیارے کو فضا میں جھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب وہ فوکوکا ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی ناکام کوشش کررہا تھا۔ تاہم کافی دیر بعد پائلٹ جہاز کو بمشکل دوسرے ایئر پورٹ پر بحفاظت اتارنے میں کامیاب ہوگیا۔

    مذکورہ طوفان گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 8:45 پر اوئٹا پریفیکچر کے ساحلی شہر کونیساکی کے ساحل سے ٹکرایا اور شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ہوا کی تیز لہریں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں۔ جاپانی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق ہوا کی رفتار اتنی تیز تھی کہ وہ ٹرک کو تنکے کی طرح اڑا لے جا سکتی تھی۔

    جاپان میں آنے والے طوفان کے نتیجے میں اب تک متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور حکام کی جانب سے لاکھوں لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • دوران پرواز طیارے کا بیرونی پینل نکل کر نیچے گر گیا

    دوران پرواز طیارے کا بیرونی پینل نکل کر نیچے گر گیا

    میڈفورڈ: یونائیٹڈ ایئر لائنز کی بوئنگ پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، دوران پرواز ایئر لائن کا بیرونی پینل نکل کر نیچے گر گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بوئنگ 737-824 طیارہ 139 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان کے ساتھ جمعہ کو صبح 10.20 بجے سان فرانسسکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق جب تک ہوائی جہاز موگو ویلی انٹرنیشنل/میڈفورڈ ہوائی اڈے پر بحفاظت اترا نہیں تھا، پرواز اپنے بیرونی پینل سے محروم ہوچکی تھی۔

    یونائیٹڈ ایئرلائنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طیارہ گیٹ پر کھڑا ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں ایک بیرونی پینل موجود نہیں ہے۔ پائلٹس کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ دوران پرواز کچھ ہوا ہے۔

    مسافر نے جہاز کے انجن میں سِکّے ڈال دیے، پھر کیا ہوا؟

    ایئر لائن کے مطابق طیارے کی پوری طرح جانچ کی جائے گی اور متاثرہ طیارے کی مرمت کی جائے گی، جبکہ واقعہ رونما ہونے کے اصل اسباب کیا ہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

  • طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    طیارہ 16 گھنٹے فضا میں گزار کر واپس اُسی ایئرپورٹ پر اتر گیا، مگر کیوں؟

    آکلینڈ: ایئر نیوزی لینڈ کی ایک پرواز کو 16 گھنٹے فضا میں گزارنے کے بعد واپس اُسی ایئرپورٹ پر اترنا پڑا جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے نیویارک جانے والی پرواز کے مسافروں نے 16 گھنٹے ہوا میں گزارے، اور پھر واپس اسی ایئر پورٹ پر اترے جہاں سے ان کا سفر شروع ہوا تھا۔

    ایئر نیوزی لینڈ کی آکلینڈ سے نیویارک کی نان اسٹاپ پرواز جمعرات کو تقریباً 8 گھنٹے تک ہوا میں رہی تھی، اور یہ کیلیفورنیا سے تقریباً 2000 میل دور تھی، جب ایئر لائن کو یہ اطلاع ملی کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برقی آلات سے آگ لگنے کی وجہ سے ٹرمینل 1 بند کیا جا رہا ہے۔

    ایئر نیوزی لینڈ نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع کے بعد طیارے کو گھما کر واپس آکلینڈ لانے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں اس نے روانگی کے تقریباً 16 گھنٹے بعد لینڈ کیا۔

    ایئر لائن کے ترجمان نے نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو بتایا کہ اگر طیارہ کسی اور امریکی ایئرپورٹ کی طرف موڑا جاتا تو طیارہ کئی دنوں تک زمین پر رہتا، اور اس طرح اس کی دیگر متعدد طے شدہ فلائٹس متاثر ہو جاتیں۔

  • طیارے میں بچے کی معصومانہ حرکت نے مسافروں کے دل موہ لیے

    چھوٹے بچے فضائی سفر کے دوران بہت تنگ کرتے اور روتے ہیں کیونکہ وہ بے آرامی اور کانوں پر دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک بچہ نہایت خوش مزاجی سے سب سے ہاتھ ملا رہا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو کس فلائٹ کی ہے یہ علم نہیں ہوسکا البتہ یہ بے حد تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ جہاز میں موجود ہے اور اپنی معصومیت میں جہاز میں سوار مسافروں سے مصافحہ کر رہا ہے۔

    بچے کے ہاتھ ملانے کے اس عمل نے مسافروں کا دل موہ لیا، وہ خوشی خوشی اس سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور اسے پیار بھی کر رہے ہیں۔

  • طیارے میں نیل پالش کی بُو نے حکام کی دوڑیں لگوا دیں

    طیارے میں نیل پالش کی بُو نے حکام کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں ایک مسافر طیارے میں پھیلنے والی غیر معمولی بو نے ایمرجنسی رسپانس سروس کی دوڑیں لگوا دیں، بعد ازاں وہ بو نیل پالش کی نکلی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکن ایئر لائنز کی مذکورہ پرواز نے فلاڈلفیا سے اڑان بھری اور اپنے وقت کے مطابق نارتھ کیرولینا کے شارلٹ ڈگلس ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔

    مسافروں کے طیارے سے اترنے تک سب کچھ معمول کے مطابق تھا، لیکن جیسے ہی عملے نے سامان نکالنے کے لیے کارگو کمپارٹمنٹ کھولا تو ایک نہایت تیز اور غیر معمولی بو ان کے نتھنوں سے ٹکرائی۔

    فوراً ہی ایمرجنسی الارمز بجا دیے گئے جس کے بعد 5 فائر فائٹرز کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔

    تاہم تفصیلی انسپکشن کے بعد پتہ چلا کہ ایک بیگ میں نیل پالش کی بوتل رکھی تھی جس کے ٹوٹنے سے اس کی بو کمپارٹمنٹ میں پھیل گئی تھی۔

  • طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    طیارے کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا گیا؟

    کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ طیارے کے ونگز آخر میں اوپر کی جانب کیوں اٹھے ہوتے ہیں؟ اور طیاروں کے پروں کو اس طرح کیوں ڈیزائن کیا جاتا ہے؟

    طیارے کے پروں کے آخری سرے، جو اوپر کی طرف اٹھے ہوتے ہیں، انھیں وِنگلٹس (winglets) کہا جاتا ہے، ایسا کرنے کی بہت ہی اہم وجہ ہوتی ہے، جو بنیادی طور پر تکنیکی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وِنگ لٹس ہوا کے بہاؤ میں طیارے کو آگے لے جانے کے دوران اس پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتے ہیں، ونگلٹس سے طیارے کے ونگ کے اوپر ہوا کا دباؤ نیچے کے مقابلے میں کم ہو جاتا ہے۔

    ونگلٹس کی وجہ سے طیارے کے پروں کے افعال زیادہ مؤثر ہو جاتے ہیں، اور طیارے کو انجن سے کم پاور کی ضرورت پڑتی ہے، نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایندھن کی بچت ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ونگلٹس کی وجہ سے ایندھن کی بچت کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی کم ہو جاتا ہے، اور اس طرح فضائی کمپنی کے اخراجات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

    بوئنگ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے 757 اور 767 طیاروں میں وِنگلٹس کے باعث ایندھن کی بچت 5 فی صد بڑھ گئی جب کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج 5 فی صد کم ہوگیا۔

    واضح رہے کہ یہ ڈیزائن سب سے پہلے 1976 میں ناسا کے لینگلے ریسرچ سینٹر میں رچرڈ ویٹکومب نے تیار کیا تھا، ابتدائی ونگلٹس کو بوئنگ 700-400 جیسے طیاروں میں فٹ کیا گیا تھا، جس سے ڈھائی سے 3 فی صد ایندھن بچانے میں مدد ملی تھی، سیکنڈ جنریشن ونگلٹس پہلے سے زیادہ بڑے اور زیادہ مڑے ہوئے تھے جن سے ایندھن کو جلانے کی شرح میں 4 سے 6 فی صد بہتری آئی۔

  • چین میں 133 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

    چین میں 133 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

    بیجنگ : چین میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 133 مسافروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جنوبی چین کے علاقے وانگ ژی میں چین کامسافر طیارہ گر گیا ، حادثے کا شکار طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔

    خبر رساں ادارے نے چین کے سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کے حوالے سے بتایا کہ چائنہ ایسٹرن ایئرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ چینی علاقے گوانگشی میں گرا اور حادثے کے بعد گوانگشی میں واقع پہاڑوں پر آگ لگ گئی۔

    طیارہ 133 مسافروں کو کونمینگ سے گوانگزو لے جایا جا رہا تھا تاہم امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ، ابتدائی طورپر حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

  • مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت طیارے کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت طیارے کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    مانچسٹر: برطانیہ میں مانچسٹر ایئرپورٹ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، طیارہ لینڈنگ کے وقت خوفناک طوفانی ہواؤں کی زد میں آ گیا۔

    اس سلسلے میں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارہ بری طرح ناکام رہا، اور ہوائیں اسے بار بار اچھالتی رہیں۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ ملک نامی طوفان کی تیز ہواؤں کی زد میں آ گیا تھا، جس کی وجہ سے لینڈنگ کے وقت خوف ناک صورت حال پیدا ہو گئی، اور پائلٹ نے بہتیری کوشش کے بعد آخر کار لینڈنگ کا عمل ترک کر دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طوفانی ہواؤں نے طیارے کی لینڈنگ کس طرح مشکل بنائی، اور پائلٹ کے لیے رن وے پر نہایت کھٹن صورت حال پیدا کر دی۔

    جیٹ 2 طیارے کی بوئنگ 737 کی پرواز ہفتے کی دوپہر کو ایئرپورٹ پہنچی تھی، طیارے کے ٹائر بھی رن وے سے ٹکرا گئے تھے، اور لینڈنگ گیئر مکمل طور پر انگیج تھا، لیکن ہوائیں اسے دائیں سے بائیں اچھال رہی تھیں۔

    حکام کے مطابق لندن ہیتھرو ایئر پورٹ پر 90 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں، جن میں مسافر بردار طیارہ دائیں بائیں خوف ناک انداز میں ڈولتا رہا، تاہم تجربہ کار پائلٹ کی مہارت سے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

  • بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    بھارت: ہوائی جہاز پل کے نیچے پھنس گیا

    نئی دہلی: بھارت میں شہری اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے ایک طیارے کو فٹ اوور برج کے نیچے پھنسا ہوا دیکھا، کمپنی کے مطابق طیارے کو فروخت کے بعد اس کے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک فٹ اوور برج کے نیچے ایئر انڈیا کا طیارہ پھنسا ہوا ہے۔

    40 سیکنڈ کے اس کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ دہلی ایئرپورٹ کے قریب گروگرام ہائی وے پر برج کے نیچے پھنسا ہوا ہے۔ ویڈیو دیکھ کر صارفین نے تبصرہ کیا کہ طیارہ یہاں تک پہنچا کیسے۔

    طیارے نے ہائی وے کی ایک طرف کو بھی بلاک کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف سے گاڑیاں معمول کے مطابق گزر رہی ہیں۔

    بعد ازاں ایئر انڈیا نے وضاحت جاری کی کہ مذکورہ طیارہ ایئر انڈیا نے فروخت کیا تھا اور اسے نئے مالک کے پاس پہنچایا جارہا تھا جس کے دوران عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ایئر انڈیا کے مطابق یہ ایک پرانا اسکریپڈ طیارہ ہے جسے فروخت کیا گیا ہے، کمپنی نے خریدار سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی۔