Tag: plane crashed

  • برازیل میں مسافر بردار طیارہ تباہ

    برازیل میں مسافر بردار طیارہ تباہ

    برازیل کی ریاست میناس گیریس میں چھوٹا طیارہ اڑان بھرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیل کی ریاست ساؤ پالو کے شہر کیمپیناس سے مسافر بردار طیارے نے پڑوسی ریاست میناس گیریس کے لیے اڑان بھری تھی تاہم بد قسمت طیارہ کنٹرول ٹاور سے اپنا رابطہ بحال نہیں رکھ پایا۔

    جہاز ملبہ کان کنی کے لیے مشہور ایک پہاڑی علاقے میں آبشار کے نزدیک سرچ آپریشن کے دوران مل گیا۔ یہ علاقہ درختوں اور جھاڑیوں سے بھرا ہوا تھا۔ طیارے سے 7افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔

    برازیل میں سیاحت کے لیے ایمازون کے جنگلات جانے والے طیاروں کے حادثات عام ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور سیاحت کے لیے نکلے تھے۔

    سعودی عرب: بغیر پرمٹ ہوٹل کھولنے پر بڑی سزا دینے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھی ایسے ہی ایک حادثے میں 14 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، جب کہ رواں برس کے آغاز پر ہی ایک اور مسافر بردار سیاحتی طیارے کے حادثے میں 3 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • میانمار کا فوجی طیارہ حادثے کا شکار، ویڈیو سامنے آگئی

    میانمار کا فوجی طیارہ حادثے کا شکار، ویڈیو سامنے آگئی

    میزورم میں میانمار کے فوجی طیارے کو حادثے پیش آیا ہے، اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ میزورم کے لینگپوئی ایئرپورٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ہے جہاں میانمار کا فوجی طیارہ رَنوے پر پھسل گیا۔حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے اس فوجی طیارہ میں پائلٹ سمیت 14 افراد سوار تھے۔ ان میں سے 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ فوجی طیارہ میانمار سے میزورم میں آئے میانماری فوجیوں کو لینے کے لیے پہنچا تھا۔ لینگپوئی ایئرپورٹ کے رَنوے پر لینڈنگ کے دوران میانمار فوج کا ’شانکسی وائی-8‘ طیارہ پھسل گیا اور جھاڑیوں میں چلا گیا۔

    سوشل میڈیا پر حادثہ کے بعد کی کچھ تصویریں گردش کررہی ہیں، جس میں طیارہ جھاڑیوں میں گرا ہوا اور کچھ ٹوٹا ہوا نظر آرہا ہے۔

    یاد رہے کہ ہندوستان نے گزشتہ ہفتہ ایک نسلی انقلابی گروپ کے ساتھ تصادم کے بعد میزورم آئے میانمار کے 184 فوجیوں کو پیر کے روز ہی واپس ان کے ملک روانہ کیا تھا۔

  • بھارتی فوجی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

    بھارتی فوجی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

    نئی دہلی : بھارتی فوج کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا، خوش قسمتی سے پائلٹ کی جان بچ گئی تاہم معمولی چوٹیں آئیں، طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کا مگ21 بائیسن لڑاکا طیارہ گزشتہ روز راجستھان میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں اور گاؤں کے مقامی رہائشیوں نے انہیں ہسپتال پہنچایا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل امیتابھ شرما نے بتایا ہے کہ بھارتی وقت کے مطابق طیارہ شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے بارمیڑ کے ماتسر گاؤں کے غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ایک جھونپڑی کو آگ لگی۔

    مقامی ضلعی عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ طیارے کے ملبے کے کچھ حصے کو آگ لگ گئی اور یہ بڑے علاقے میں بکھرا ہوا ہے۔

    حادثے کے بعد انڈین فضائیہ کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’مگ 21 بائیسن طیارے میں تربیتی پرواز کے لیے ٹیک آف کرنے کے بعد تکنیکی خرابی پیدا ہوئی۔

    انڈین فضائیہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

    روسی ساختہ سنگل انجن، سنگل سیٹر ملٹی رول فائٹر/گراؤنڈ اٹیک ایئر کرافٹ انڈین فضائیہ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 2230 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

    یاد رہے کہ مگ 21 طیارے انڈین فضائیہ میں کئی دہائیوں سے شامل ہیں اور ان طیاروں کے حادثات اکثر دیکھنے میں آتے رہتے ہیں۔

  • طیارہ حادثہ، خاتون کی تلاش میں اہلخانہ جائے حادثہ پہنچ گئے، رقت آمیز مناظر

    طیارہ حادثہ، خاتون کی تلاش میں اہلخانہ جائے حادثہ پہنچ گئے، رقت آمیز مناظر

    کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین کو میتیں حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے، حادثے میں جاں بحق ایک خاتون نفیسہ زہرہ کے اہلخانہ لاش نہ ملنے پر جائے حادثہ پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بدقسمت پی آئی اے کے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون نفیسہ زہرہ کے اہلخانہ جائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں جذباتی اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

    جاں بحق ہونے والی خاتون کی 35 سالہ بہن کا کہنا تھا کہ نفیسہ زہرہ لاہور میں مقیم بیمار بہن کی تیمار داری کے لیے گئی تھی، وہ لاہور میں 4 ماہ قیام کے بعد عید گھر پر منانے کے لیے لاہور سے کراچی آرہی تھی۔

    بہن طاہرہ کا کہنا تھا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ارباب اختیار سے اپیل ہے بہن کی میت حوالے کی جائے۔

    مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ، مسافر المناک کہانی چھوڑ‌ گئے

    والدہ کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ایک لمحے کے لیے بھی سکون سے نہیں سو سکے، نفیسہ زہرہ چھوٹی ہونے کی وجہ سے گھر بھر کی لاڈلی تھی، ڈی این اے ٹیسٹ کے باوجود میت حوالے نہیں کی جارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کبھی چھیپا جاتے ہیں، کبھی ایدھی جاتے ہیں اور کبھی اسپتالوں کے چکر لگاتے ہیں ہم بہت پریشان ہوگئے ہیں کسی طرح میت ہمیں مل جائے لیکن ہمیں کہیں سے بھی کوئی جواب نہیں دیا جارہا ہے، جائے حادثہ پر اس لیے آئے ہیں کہ ہمیں پتا چل جائے کہ ہماری بچی کہاں ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل جمعتہ الوادع کے روز پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

  • میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

    میانوالی : پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میانوالی کے قریب چاہ میانہ کے مقام پر پاک فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔


    اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے ایف ٹی سیون میں سوار دونوں پائلٹ موقع پرشہید ہوگئے، جن کے نام اسکواڈرن لیڈر حارث بن خالد اور فلائنگ آفیسر عبادالرحمان ہیں۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئرہیڈ کوارٹرز نےاعلیٰ سطح بورڈ تشکیل دے دیا ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، ٹیموں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • کولمبیا: طیارہ حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

    کولمبیا: طیارہ حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

    بگوٹا: کولمبیا میں طیارہ حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں  پانچ بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں، امریکی ساختہ طیارے میں عملے کے دو افراد اور آٹھ مسافر سوار تھے۔

    طیارہ دارالحکومت بگوٹا سے سیاحتی مقام باہیا سولانو جا رہا تھا، سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے نے حادثے سے چند منٹ قبل ہی فنی خرابی کی نشاندہی کی تھی اور وسطی صوبے کے علاقے ٹولیما کے ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔

    جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ ایوی ایشن حکام نے حادثے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • امریکا:حارث سلیمان کے طیارے کا ملبہ مل گیا

    امریکا:حارث سلیمان کے طیارے کا ملبہ مل گیا

    کیلی فورنیا : پوری دنیا کا چکر لگانے کے خواہش مند سترہ سالہ حارث سلیمان کے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے جبکہ بلیک باکس کی تلاش جاری ہے۔

    سترہ سال کے پاکستانی نژاد امریکی نوجوان حارث سلیمان کے طیارے کوحادثہ پیش آئے دو روز ہوگئے، انہوں نےامریکی جزیرے ساموا کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی، سترہ گھنٹے کی دوری پر ریاست کیلی فورنیالیکن ٹیک آف کے دو منٹ کے بعد ہی ان کا سنگل انجن طیارہ بحر الکاہل میں گر کر تباہ ہوگیا۔

    امدادی اداروں نے حارث سلیمان کی لاش تو نکال لی لیکن ان کے والد کی تلاش اب تک کامیابی نہیں ہوسکی، جبکہ بلیک باکس بھی اب تک نہیں مل سکا۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں حارث سلیمان کی بہن حبا سلیمان کا کہنا تھا کہ ان کے والد اور بھائی دونوں ہی سنگل انجن طیارے پر اتنے طویل سفر کے خطرات سے آگاہ تھے اور کسی بھی حادثے سے نمٹنے کی انہوں نے باقاعدہ تربیت بھی لی تھی لیکن قسمت نے شاید ساتھ نہ دیا۔

    امریکی ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات سامنے لائی جاسکیں گی، اس حادثے نے صرف حارث کو ہی ہم سے جدا نہیں کیا،بلکہ ان خوابوں کی تعبیر بھی چھین لی جو اس نے نادار پاکستانی بچوں کی تعلیم کے لیے دیکھا تھا۔

  • حارث سلیمان کا جہازسمندرمیں 900فٹ گہرائی میں دیکھا گیا

    حارث سلیمان کا جہازسمندرمیں 900فٹ گہرائی میں دیکھا گیا

    کیلیفورنیا: امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کم عمر ترین پاکستانی نژاد پائلٹ حارث سلیمان کا جہاز ساؤتھ پیسیفک اوشن میں نو سو فٹ کی گہرائی میں دیکھا ہے۔

    کیلیفورنیا کے قریب طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والے دنیا کے کم عمر ترین پاکستانی نژاد پائلٹ حارث سلیمان کے والد بابرسلیمان کی لاش تلاش کی جارہی ہے، حارث سلیمان کی لاش کو نکال لیا گیا ہے، حارث سلیمان کی لاش لائف جیکٹ پہننے کے باعث تیرتی ہوئی ملی تھی۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نو سو فٹ کی گہرائی میں جہاز گرا ہوا دیکھا ہے، ابھی تک کوئی بھی ریسکیو ورکر نو سو فٹ جہاز کی تہ تک نہیں پہنچ سکا۔

    امریکی کوسٹ گارڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بابر سلیمان کی لاش جہاز کے اندر ہی موجود ہوسکتی ہے، جہاز کی نشاندہی کے بعد اس کو ساحل سمندر تک لانے کی کوشش کی جارہی ہے، حارث سلیمان اور بابر سلیمان پاکستانی بچوں کی تعلیم کیلئے فنڈ جمع کرنےکیلئے جہاز میں دنیا کا چکر لگانے نکلے تھے، بدقسمتی سے جہاز کیلیفورنیا کے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔