فلاڈیلفیا : امریکی ریاست پنسلونیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک اور طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا، جس میں ایک بچہ اور پانچ دیگر افراد سوار تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اس حوالے سے امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ مذکورہ امریکی طیارہ ایک رہائشی علاقے میں شاپنگ مال کے قریب گرا، طیارہ حادثے میں ایک بچے سمیت 6 افراد سوار تھے جو اڑان بھرتے ہی گرگیا۔
خبر رساں ادارے رؤئٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلاڈیلفیا میں طیارہ جس رہائشی علاقے میں گرا، وہاں پر گھروں آگ لگ گئی علاقہ مکین چیختے چلاتے گھروں سے نکل آئے۔
جیٹ ریسکیو ایئر ایمبولینس نے کہا کہ اس کا طیارہ چار عملے کے ارکان، ایک بچوں کا طبی مریض اور مریض کے محافظ کے ساتھ حادثے کا شکار ہوا۔
حادثہ شام ساڑھے 6 بجے پیش آیا، حادثے کے وقت موسم سرد اور بارش والا تھا اور حد نگاہ بھی کم تھی۔
تباہ ہونے والا چھوٹا طیارہ ائیر ایمبولینس کیلئے استعمال کیا جارہا تھا، ائیرایمبولینس میں مریض ،رضا کار اور فضائی عملے کے 4ارکان سمیت 6 افراد سوار تھے، ائیرایمبولینس اڑان بھرتے ہی شاپنگ مال کے قریب جا گری۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت ہم حتمی طور پر کسی کے ہلاک یا زندہ بچ جانے کی تصدیق نہیں کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ ہفتے کو واشنگٹن ڈی سی میں امریکی ایئر لائنز کے طیارے اور یو ایس آرمی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے تصادم کے بعد پیش آیا ہے، جس میں 67 افراد کی موت ہوئی تھی، جو 2009 کے بعد امریکا میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز ہوائی حادثہ تھا۔
کرسمس کے دن سے ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جن میں 217 افراد لقمہ اجل بنے، اور حادثات کی فوٹیجز نے لوگوں کے دل دہلائے۔
جیجو ایئر کا سانحہ ایک ہفتے کے اندر 4 فضائی حادثات کی سیریز میں تازہ ترین ہے، اگر 2024 کے آخری 5 دنوں میں ہزاروں لوگوں نے کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے لیے سفر کیا، تو دوسری طرف دنیا نے ہوائی جہاز کے چار ایسے خطرناک حادثات دیکھے، جنھوں نے اس نازک شعبے میں حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا کر دیے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فضائی حادثات کی خبروں اور ویڈیوز سے بھرے پڑے ہیں، جو کینیڈا، ناروے، آذربائیجان اور جنوبی کوریا میں پیش آئے۔
1. آذربائیجان کا طیارہ حادثہ
عین کرسمس کے دن آذربائیجان ایئر لائن کا مسافر طیارہ جس میں 67 افراد سوار تھے، مغربی قازقستان میں اپنے طے شدہ راستے سے ہٹنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔
پرواز J2-8243 جنوبی روس سے رخ موڑنے کے بعد قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب آگ کا گولہ بن کر تباہ ہو گیا، اس حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک جب کہ 29 زندہ بچ گئے۔ یہ طیارہ کیسپین کے مغربی ساحل پر واقع آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جنوبی روس میں چیچنیا کے شہر گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا۔
ہفتے کے روز، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے لیے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے معافی مانگی۔ علیئیف نے اتوار کو کہا کہ روس میں کچھ لوگوں نے تباہی کی وجہ کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ تاہم کریملن کے بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ روس نے طیارہ مار گرایا ہے۔
علیئیف نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا ’’ہمارا طیارہ حادثاتی طور پر مار گرایا گیا، طیارہ کسی قسم کے الیکٹرانک جیمنگ کی زد میں آ گیا تھا اور پھر وہ اس وقت نشانہ بنا جب وہ جنوبی روس کے شہر گروزنی کے قریب پہنچ رہا تھا۔ علیئیف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس تسلیم کرے کہ وہ طیارہ گرانے کا قصوروار ہے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔
2. جیجو ایئر سانحہ
جنوبی کوریا کی سرزمین پر اب تک کے بدترین فضائی حادثے میں ایک جیجو ایئر طیارہ، جس میں 181 مسافر سوار تھے، اتوار کی صبح 9 بجے کے فوراً بعد ملک کے جنوب میں ایک ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 179 ہلاک اور صرف 2 زندہ بچ گئے جو عملے کے ارکان تھے۔
مقامی میڈیا کی شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جڑواں انجن والا دیوار سے ٹکرانے سے پہلے بغیر کسی ظاہری لینڈنگ گیئر کے رن وے سے نیچے پھسل رہا تھا، جو دیوار سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹا اور آگ کا ایک گولہ بن گیا۔
جنوبی کوریا نے حادثے کے بعد 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جب کہ جیجو ایئر کے سی ای او کو اس واقعے کے لیے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔
3. کینیڈا میں ہوائی جہاز میں آگ
28 دسمبر کو کینیڈا میں بھی ہوائی جہاز کا حادثہ پیش آیا، آن لائن شیئر کی گئی ایک وائرل ویڈیو میں فلائٹ میں آگ لگنے کی فوٹیج دکھائی گئی ہے، تقریباً رات 9.30 بجے، پال ایئر لائنز کی طرف سے چلائی جانے والی ایئر کینیڈا ایکسپریس فلائٹ 2259، سینٹ جانز سے ہیلی فیکس پہنچنے پر حادثے کا شکار ہوئی۔
جہاز میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو بروقت نکال کر ایئر فیلڈ سے باہر لے جایا گیا، مقامی میڈیا کے مطابق، کوئی ہلاکتیں ریکارڈ نہیں ہوئیں۔
4. اوسلو میں ڈچ طیارے کو حادثہ
ہفتے ہی کو یعنی 28 دسمبر کو ناروے میں بھی ایک مسافر طیارے کو ٹیک آف کے فوراً بعد اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی جب اس کا ہائیڈرولک سسٹم فیل ہو گیا، تاہم مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا۔
ڈچ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز کے مسافر طیارے میں موجود 176 مسافر اور 6 عملے کے اراکین محفوظ رہے۔ یہ طیارہ اوسلو سے ایمسٹرڈیم جا رہا تھا لیکن اڑان بھرتے ہی اس میں زبردست شور ہونے لگا، جس پر اسے سینڈیفجورڈ ایئرپورٹ کی طرف موڑنا پڑا۔ لینڈنگ کرتے ہی رائل ڈچ ایئرلائن کا بوئنگ 737 رن وے سے پھسل کر گھاس کے قطعے پر چلا گیا۔
میکسیکو میں طیارہ کریش ہونے کے نتیجے میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی مغربی ریاست جالسکو میں چھوٹا طیارہ حادثے شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
جالسکو سول پروٹیکشن کے مطابق حادثہ جالسکو کے دور دراز جنگلاتی اور مشکل رسائی والے علاقے میں پیش آیا۔
ریسکیو حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے 7 افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت فی الحال نہیں ہوسکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد طیارے میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیمیں موقع پہنچ گئی ہیں۔
اس سے قبل برازیل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے، واقعے کے بعد تباہی کے منظر پر مبنی ایک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو برازیل کے سیاحتی جنوبی شہر گراماڈو کے وسطی علاقے میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے۔
طیارہ پہلے ایک عمارت کی چمنی سے ٹکرایا، اور اس کے بعد ایک مکان کی دوسری منزل سے ٹکرا گیا، اور پھر فرنیچر کی دکان پر جا گرا۔
ریاستی سول پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی کہ طیارے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے، طیارے نے سیاحتی شہر کینیلا کی میونسپلٹی سے اڑان بھری تھی، گراماڈو برازیل کا ایک مشہور سیاحتی شہر ہے، جہاں کرسمس کے موسم میں سیاحوں کی خاصی آمد ہوتی ہے۔
ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا مالک اور پائلٹ لوئیز کلاڈیو گیلیزی دیگر 9 مسافروں کے ساتھ ہلاک ہو گیا، یہ تمام مسافر ان کے خاندان کے افراد تھے۔ حادثے کی وجہ سے زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 12 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
طیارہ 1990 میں بنا تھا، اور یہ جڑواں انجن والا پائپر PA-42-1000 تھا، جس نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد قریبی کینیلا ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور ناموافق موسمی حالات میں ساؤ پالو ریاست کے جنڈیائی کی طرف جا رہا تھا۔
پیرس: فرانس ایئر شو کے دوران ایک طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق فرانسیسی حکام نے بتایا کہ جمعہ کے روز جنوبی فرانس کے شہر لاوانڈا میں ایک ایئر شو کے دوران فوگا میجسٹر جیٹ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
مقامی حکام کے مطابق پائلٹ کی لاش سمندر سے نکال لی گئی ہے، حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تباہ ہونے والا طیارہ 1964 سے 1980 تک فرانسیسی فضائیہ کے استعمال میں رہا۔
اس ایئر شو میں فرانسیسی فضائیہ کی ’پیٹروئل ڈی فرانس‘ ایروبیٹکس ٹیم بھی شامل تھی، جس نے حادثے کے بعد ایونٹ میں اپنا مظاہرہ منسوخ کر دیا، واضح رہے کہ یہ حادثہ مشرقی فرانس میں 2 فرانسیسی فوجی جیٹ طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کے صرف 2 دن بعد ہوا ہے، جس میں 2 فوجی اہلکار ہلاک اور ایک زندہ بچ گیا تھا۔
امریکا میں گزشتہ برس دسمبر میں 2 طیارہ حادثوں کا ذمہ دار طیارہ ساز کمپنی کو قرار دیا گیا ہے جس کے بعد باقاعدہ مقدمے کی راہ ہموار ہوگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکسس میں ایک جج نے یہ فیصلہ دیا ہے۔ حادثوں میں 346 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔
2 بوئنگ طیارہ حادثوں میں ہلاک ہونے والے کے خاندانوں نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی محکمہ انصاف نے ان کے قانونی حقوق پامال کیے ہیں۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ طیارہ بنانے والوں سے قانونی جنگ کے دوران حکومت نے ان سے غلط بیانی کی، علاوہ ازیں محکمہ انصاف نے فریقین سے خفیہ بات چیت بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ انصاف نے ایک ڈسٹرکٹ جج سے کہا کہ اس کارروائی کو کرمنل پراسیکیوشن سے مستثنیٰ قرار دیں۔
تاہم اب ٹیکسس کے جج نے 346 افراد کی موت کا ذمہ دار طیارہ ساز کمپنی کو قرار دیا ہے۔
خاندانوں کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اب کمپنی کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کی راہ ہموار کرے گا۔ طیارہ ساز کمپنی کو پہلے ہی 1.77 بلین کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بیجنگ : چین میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 133 مسافروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق جنوبی چین کے علاقے وانگ ژی میں چین کامسافر طیارہ گر گیا ، حادثے کا شکار طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔
خبر رساں ادارے نے چین کے سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کے حوالے سے بتایا کہ چائنہ ایسٹرن ایئرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ چینی علاقے گوانگشی میں گرا اور حادثے کے بعد گوانگشی میں واقع پہاڑوں پر آگ لگ گئی۔
طیارہ 133 مسافروں کو کونمینگ سے گوانگزو لے جایا جا رہا تھا تاہم امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ، ابتدائی طورپر حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
سکرے لا پاز: لاطینی امریکا کے ملک بولیویا میں فضائیہ کا طیارہ درخت سے ٹکرانے سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بولیویا کے اگوا ڈیولز کے آمیزون علاقے میں فضائیہ کا ایک طیارہ گرنے سے وزارت صحت کے چار عہدیداروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔
بولیوین پولیس کے ڈپٹی کمانڈر کرنل لوئس کیوواس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک افراد میں وزارت صحت کے چار عہدیدار بھی شامل تھے۔
حادثے سے متعلق بولیوین پولیس کے ڈپٹی کمانڈر کرنل لوئس کیوواس نے صحافیوں کو بتایا کہ طیارہ ربریلٹا شہر سے ٹیک آف کے صرف سات منٹ بعد ایک درخت سے ٹکرا گیا۔
دلخراش حادثے میں وزارت صحت کے نیشنل ڈینگی،چکن گنیا پروگرام کے چار عہدیدار بشمول عملے کے ارکان طیارے میں سوار تھے، واقعے میں تمام افراد مارے گئے۔
وزارت صحت کی نائب وزیر ماریہ رینی کاسترو نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے افسوس ہے کہ وزارت صحت کی ٹیم کو ربریلٹا سے کوبیزا لے جانے والا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
میلان : ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ دو منزلہ عمارت سے ٹکرا گیا ، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر میلان میں مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا ، خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹلی کے شمالی شہر میلان میں ایک چھوٹے طیارے نے لناٹ سٹی ہوائی اڈے سے جزیرے سرڈینیا کے لیے اُڑان بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ ایک خالی عمارت سے ٹکرا گیا۔
جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی اور تمام آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ، حادثے سے عمارت اور قریب کھڑی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی تاہم فائر فائٹرز کے عملے نے طیارے میں لگی آگ پر ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد قابو پالیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ طیارے کے عمارت سے ٹکرانے کے بعد گلی میں کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی لیکن مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
ماسکو: روس میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کرتباہ ہوگیا ،مسافر طیارے میں عملے سمیت اٹھائیس افراد سوارتھے، ریسکیو ٹیمیں کشتی میں روانہ ہوگئیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے مشرقی حصے میں واقع کامچٹکا جزیرے میں مسافر طیارہ سمندر میں جاگرا، مسافر طیارے میں عملے سمیت اٹھائیس افراد سوارتھے، مسافر طیارے کا کچھ دیر قبل ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا تھا۔
ائیر ٹریفک نے طیارے کی سمندر میں گرنے کی تصدیق کردی ہے ، حکام کا کہنا ہے ریسکیوٹیمیں کشتی میں رواہ ہوگئیں ہیں۔
روس کی ہنگامی وزارت نے بتایا کہ طیارہ انٹونیو این 26 علاقائی دارالحکومت پیٹرو واولوسک کامچتسکی سے شمالی کامچٹکا کے ایک گاؤں جا رہا تھا ، جب اس کا ہوائی ٹریفک کنٹرول سے رابطہ ٹوٹا، مسافروں میں گاؤں کے میئر اولگا موکیریفا بھی شامل ہیں۔
جکارتہ : انڈونیشیا کی نجی ایئر لائن کا طیارہ جی ٹی 610 سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، ریسکیوں ٹیموں نے 6 مسافروں کی لاشیں برآمد کرلی جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والا نجی ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ نامعلوم وجوہات کے باعث ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اچانک سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کی نجی ایئر لائن ’لاوئن ایئر‘ کا مسافر بردار طیارہ ’جی ٹی 610‘ 189 مسافروں کو دارالحکومت جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا کے شہر پنگ کل پنانگ لے جار ہا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے بوئنگ 737 میں 210 مسافروں کے سوار ہونے کی گنجائش ہے جبکہ حادثے کے وقت جہاز میں 178 مسافروں، 3 بچوں اور عملے کے 7 افراد سمیت 189 افراد سوار تھے۔
ریسکیو سرگرمیاں انجام دینے والے عملے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاز سمندر میں تقریباً 30 سے 40 میٹر گہرائی میں تباہ ہوا ہے، ہنگامی خدمات انجام دینے والا عملہ جہاز کا بلیک باکس اور مسافروں کو تلاش کررہا ہے۔
انڈونیشیا کی ڈزازسٹر ایجنسی کے سربراہ کی جانب سے شائع کی جانے والی تصاویر میں دکھا جاسکتا ہے کہ سمندر برد ہونے والے طیارے میں سوار مسافروں کا سامان سطح سمندر پر آگیا ہے جسے ریسکیو عملہ جمع کررہا ہے۔
لوئن ایئر لائن کے سی ای او ایڈورڈ کا کہنا تھا کہ ’میں اس غمگین صورتحال میں کوئی کمٹنس نہیں دینا چاہتا، ہم ابھی معلومات اور ڈیٹا جمع کررہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا علم ہوسکے۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ متاثرہ طیارے کا پرواز کے کچھ دیر بعد ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق نجی ایئر لائن نے تصدیق کی کہ متاثرہ طیارہ صبح 6 بجے جکارتہ سے سماٹرا کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن اڑان بھرنے کے 13 منٹ بعد ساڑھے تین ہزار فٹ کی بلندی ہر حادثے کا شکار ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ سمندر میں کشتی رانی کرتے کچھ افراد نے متاثرہ مسافر بردار طیارے کو سمندر برد ہوتے دیکھا تھا جس کے بعد ملبے اور متاثرین کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سنہ 2013 میں حادثے کا شکار ہونے والی لوئن ایئر لائن کی پرواز 904
یاد رہے کہ سنہ 2014 میں بھی لوئن ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ 904 حادثے کے باعث سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا تھا، جس میں 108 افراد سوار تھے تاہم خوش قسمتی میں جہاز میں سوار تمام مسافر زندہ بچ گئے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 2004 میں بھی نجی ایئر لائن کا مسافر بردار طیارے 538 کو بھی فنی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا تھا جبکہ جہاز سولو سٹی میں زمین پر لینڈ کرنے کے بعد تباہ ہوا تھا اور حادثے کے نتیجے میں 25 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔