Tag: Plane Door

  • مسافر نے دوران پرواز دروازہ کھولنے کی وجہ بتا دی

    مسافر نے دوران پرواز دروازہ کھولنے کی وجہ بتا دی

    سیئول: جنوبی کوریا میں ایک مسافر نے لینڈنگ سے کچھ دیر قبل فضا ہی میں طیارے کا دروازہ کھول کر مسافروں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا تھا، جس پر اسے گرفتار کیا گیا، اب مسافر نے دروازہ کھولنے کی وجہ بھی بتا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار مسافر نے پولیس کو تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہا تھا اور جہاز سے جلد اترنا چاہتا تھا اس لیے اس نے جہاز کا دروازہ کھول دیا۔

    مسافر نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنی ملازمت کھونے کے بعد ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ جہاز میں سوار ایک اور مسافر نے کہا کہ دروازہ کھولنے والے مسافر نے جہاز سے چھلانگ لگانے کی بھی کوشش کی تھی۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا تھا، جب جنوبی کوریا میں ایشیانا ایئر لائن کی پرواز کا دروازہ لینڈنگ سے چند ہی منٹ قبل اچانک ایگزٹ کے ساتھ سیٹ پر بیٹھے ہوئے مسافر نے کھول دیا۔

    پرواز کے دوران مسافر نے طیارے کا دروازہ کھول دیا، خوفناک ویڈیو

    ڈیگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آئے اس واقعے میں اگرچہ مسافر کسی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے تھے، تاہم کئی مسافر تیز ہوا، سانس میں رکاوٹ اور گھبراہٹ کے باعث بے ہوش ہو گئے تھے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، صارفین نے اسے دیکھ کر شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔

  • پرواز کے دوران مسافر نے طیارے کا دروازہ کھول دیا، خوفناک ویڈیو

    پرواز کے دوران مسافر نے طیارے کا دروازہ کھول دیا، خوفناک ویڈیو

    سیئول: جنوبی کوریا میں فضا میں بلند ایک طیارے میں مسافر نے دروازہ کھول دیا جس کے بعد مسافر ہوا کے خوفناک جھکڑوں کی زد میں آگئے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا کے جنوبی جزیرے جیجو سے جنوب مشرقی شہر ڈائیگو جانے والی ایشیانا ایئر کی پرواز میں پیش آیا۔

    ایئر لائن اور سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ایگزٹ کے پاس بیٹھے ایک مسافر نے ایک لیور کھینچا جس سے دروازہ کھل گیا، اس وقت طیارہ زمین سے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) بلندی پر تھا اور لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا۔

    بعد ازاں طیارہ کامیابی سے منزل مقصود پر لینڈ کرگیا، طیارے کے لینڈ کرتے ہی دروازہ کھولنے والے مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا دروازہ کھلا ہے اور ہوا کے جھکڑوں سے مسافر خوفزدہ ہیں۔

    طیارے میں 194 افراد سوار تھے جن میں کچھ کھلاڑی بھی تھے جو ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے مشرقی شہر السان جا رہے تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 9 مسافر معمولی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، دیگر مسافر بے حد خوفزدہ تھے جنہیں ہر ممکن مدد فراہم کی گئی۔

  • دوران پرواز خاتون کی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش

    دوران پرواز خاتون کی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش

    امریکا میں ایک طیارے کی پرواز پر اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک مسافر خاتون نے طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش شروع کردی، طیارے کے عملے نے خاتون کو ٹیپ کی مدد سے سیٹ سے باندھ دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکن ایئر لائنز کی ٹیکسس سے نارتھ کیرولینا جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ فلائٹ 3 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کی وجہ سے مسافر پہلے ہی پریشانی میں مبتلا تھے۔

    دوران پرواز ایک خاتون مسافر اچانک اپنی جگہ سے اٹھیں اور ہیجانی کیفیت میں طیارے کا دروازہ کھولنا شروع کردیا۔ عملے نے انہیں منع کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے عملے کے افراد کے بازوؤں پر نوچا اور دانتوں سے کاٹا۔

    خاتون اس دوران چلاتی رہیں کہ جہاز کا دروازہ کھولا جائے انہیں باہر جانا ہے، عملے نے کسی طرح ان پر قابو پایا اور ڈکٹ ٹیپ کی مدد سے انہیں سیٹ سے باندھ دیا۔

    خاتون طیارے کے منزل پر پہنچنے تک اسی طرح بندھی ہوئی رہیں، طیارہ لینڈ کر جانے کے بعد خاتون کو کھول دیا گیا۔