Tag: plane

  • 2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے روسی طیارے کا سراغ مل گیا

    2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے روسی طیارے کا سراغ مل گیا

    ماسکو: روس میں 2 ماہ قبل لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے میں موجود تمام 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    روسی حکام کے مطابق جولائی کے مہینے میں لاپتہ ہونے والے این 26 طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارہ ایک نیچر ریزرو میں گر کر تباہ ہوا ہے۔

    روس کی ایمرجنسی سروسز کے ذرائع نے بتایا کہ این 26 طیارہ رواں برس 6 جولائی کو خبربسک کے قریب لاپتہ ہوا تھا، طیارے میں 29 مسافر سوار تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ نیچر ریزرو میں گر کر تباہ ہوا، طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    ایمرجنسی وزارت نے پہلے اطلاع دی تھی کہ تلاشی کے دوران طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے کے لیے ریسکیو اینڈ سرچ ٹیم میں مجموعی طور پر 140 افراد اور ہیلی کاپٹرز شامل تھے۔

  • طیارے کے ساتھ سفر کرتی اڑن طشتری، مسافر نے ویڈیو بنا لی

    طیارے کے ساتھ سفر کرتی اڑن طشتری، مسافر نے ویڈیو بنا لی

    ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے دوران سفر ایک پراسرار شے کی ویڈیو بنائی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ شکل بدلنے والی اڑن طشتری ہے۔

    مذکورہ ویڈیو یوٹیوب پر ایک ولاگر نے پوسٹ کی ہے جو اس نے طیارے میں دوران سفر بنائی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ کی ایک پراسرار شے طیارے کے ساتھ سفر کر رہی ہے اور بار بار اپنی ہئیت بھی بدلتی ہے۔

    ولاگر کا کہنا تھا کہ شروع میں اسے لگا کہ یہ بادل کا چھوٹا سا ٹکڑا ہے، طیارہ اس وقت 10 سے 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا اور یہ پراسرار شے طیارے کے ساتھ حرکت کر رہی تھی، بعد ازاں اس نے اپنی ہئیت بدل لی۔

    اس ویڈیو کو 50 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ اس قدر بلندی پر اس طرح کے مناظر عام ہوتے ہیں، یہ برف کے ذرات ہوتے ہیں جو اپنی شکل بدلتے رہتے ہیں اور طیارے کے دہرے شیشے سے اسی طرح نظر آتے ہیں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ جس طرح یہ اپنی شکل بدل رہا ہے یوں لگتا ہے جیسے کوئی فرشتہ آسمان سے زمین کی طرف جارہا ہے۔

  • ہوائی جہاز میں بھی کووڈ کے پھیلاؤ کا خطرہ کم کرنا ممکن، لیکن کیسے؟

    ہوائی جہاز میں بھی کووڈ کے پھیلاؤ کا خطرہ کم کرنا ممکن، لیکن کیسے؟

    واشنگٹن: امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اگر ہوائی جہاز کے مسافروں کے درمیان ایک نشست کا فاصلہ رکھا جائے تو کووڈ 19 کا خطرہ 50 فیصد سے بھی زائد کم ہوسکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ٖضائی سفر کے دوران طیاروں کی درمیانی نشستوں یا مڈل سیٹس کو خالی رکھ کر مسافروں کو کرونا وائرس سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ طیارے میں مڈل سیٹس کو خالی رکھ کر کرونا سے متاثر کسی فرد سے وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ 23 سے 57 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

    اس تحقیق میں فضائی کمپنیوں پر زور دیا گیا کہ وہ طیاروں میں محدود تعداد میں مسافروں کی موجودگی کی حکمت عملی پر عملدر آمد جاری رکھیں، تاہم امریکا میں فضائی کمپنیوں میں اب تمام نشستوں پر بکنگ کی جارہی ہے۔

    ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ فلٹرز اور ہوا کے بہاؤ کے نظام مسافروں کے فیس ماسکس پہننے پر طیاروں کو وائرس کے پھیلاؤ سے روکتے ہیں۔

    یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) اور کنسس اسٹیٹ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں تخمینہ لگایا گیا کہ ہوا سے وائرس کے ذرات طیارے کے اندر کس حد تک پھیل سکتے ہیں۔

    اس مقصد کے لیے محققین نے طیارے کے کیبن جیسے ماحول میں پتلوں کا استعمال کرکے وائرل ذرات کے پھیلاؤ کی جانچ پڑتال کی۔

    تاہم اس تحقیق میں فیس ماسک کے استعمال کو مدنظر نہیں رکھا گیا تھا اور نہ ہی مسافروں کی ویکسی نیشن کے پہلو کو زیر غور رکھا گیا۔

    سی ڈی سی نے کچھ دن پہلے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ ویکسین استعمال کرنے والے افراد میں وائرس کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے تاہم انہیں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ طیارے میں مسافروں کے درمیان سماجی دوری لوگوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ کم کرتی ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ 57 فیصد خطرہ اس صورت میں کم ہوتا ہے جب کووڈ کے مریض اور صحت مند فرد کے درمیان 3 نشستوں کا فاصلہ ہو۔

  • امریکا: ماسک کے جھگڑے پر حاملہ خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    امریکا: ماسک کے جھگڑے پر حاملہ خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    واشنگٹن: امریکا میں ایک خاتون کو جہاز سے اس لیے بے دخل کردیا گیا کیونکہ انہوں نے 2 سالہ بیٹی کو کھانا کھلانے کے لیے اس کا ماسک اتار دیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے ایئرپورٹ سے اڑنے والی پرواز سے ایک حاملہ خاتون کو بچوں سمیت جہاز سے اتار دیا گیا۔

    جہاز کے عملے نے حاملہ خاتون کو اس کی کمسن بیٹی کی جانب سے فیس ماسک نہ پہننے پر جہاز سے اتار دیا جو نیو جرسی سے اپنے گھر فلوریڈا جا رہی تھی۔

    خاتون جہاز کے عملے سے درخواست کرتی رہی کہ وہ بیٹی کو دہی کھلا کر ماسک پہنا دے گی تاہم عملے نے ان کی ایک نہ سنی اور سات ماہ کی حاملہ خاتون کو اس کے 2 کمسن بچوں سمیت جہاز سے بے دخل کر دیا۔

    بعد ازاں متاثرہ خاتون نے ایک امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں صرف اس لیے جہاز سے اتارا گیا کیونکہ ان کی 2 سالہ بیٹی نے ماسک نہیں پہنا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ میرے ساتھ میرا 7 سالہ بیٹا بھی موجود تھا جسے خاص توجہ کی ضرورت رہتی ہے کیونکہ زیادہ دیر تک منہ ڈھانپنے سے اسے دورے پڑ سکتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر متاثرہ خاتون کی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کا عملہ خاتون کو اس وقت جہاز سے نکلنے پر مجبور کر رہا ہے جب وہ اپنی بیٹی کو گود میں بٹھا کر کھانا کھلانے میں مصروف ہے۔

    اس موقع پر جہاز میں موجود دیگر مسافروں نے بھی عملے سے بحث کی اور کہا کہ کھانا کھا کر بچی ماسک پہن لے گی لیکن عملے نے ایک نہ سنی اور خاتون کو باہر نکال کر ہی دم لیا۔

  • ماسک نہ پہننے والے جوڑے کے ساتھ طیارے کے مسافروں نے کیا کیا؟

    ماسک نہ پہننے والے جوڑے کے ساتھ طیارے کے مسافروں نے کیا کیا؟

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران کچھ چیزیں ہماری زندگی کا اہم حصہ بن گئی ہیں جن میں سے ایک ماسک پہننا بھی ہے، تاہم اب بھی کچھ افراد ماسک نہ پہننے پر بضد رہتے ہیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

    ایسے افراد کی وجہ سے ان کے ارد گرد کے لوگ بھی پریشانی کا شکار رہتے ہیں اور ان کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات بھی پیش آتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو ایک طیارے کی ہے جہاں فلائٹ کا عملہ ایک جوڑے سے ماسک پہننے کی درخواست کر رہا ہے، تاہم مرد و عورت دونوں ہی ماسک پہننے سے انکاری ہیں۔

    اس موقع پر خاتون چیختی چلاتی بھی ہیں جبکہ مرد بھی عملے سے بحث کرتا دکھائی دیتا ہے، لیکن عملہ ماسک پہننے کا اصرار جاری رکھتا ہے۔

    بالآخر جوڑا اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور باہر جانے کے لیے اپنا سامان نکالتا دکھائی دیتا ہے۔

    اس موقع پر طیارے میں بیٹھے دیگر افراد خوشی سے تالیاں بجاتے ہیں اور عملے کو سراہتے ہیں، جوڑے کے نیچے اتر جانے کے بعد ایک فلائٹ اٹینڈنٹ مسرور ہو کر رقص بھی کرتی ہے جس پر طیارہ دوبارہ تالیوں سے گونج اٹھتا ہے۔

    اس ویڈیو کو پہلے ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا گیا بعد ازاں یوٹیوب پر بھی شیئر کردیا گیا جہاں اسے لاکھوں افراد نے دیکھا۔ صارفین نے فلائٹ کریو کی ذمہ داری اور فرض شناسی کی بے حد تعریف کی۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے انجن میں خرابی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی سرین ایئر کی پرواز ای آر 502 میں خرابی پیدا ہوگئی، طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرنے کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کروائی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کے باعث پرواز کو کراچی اتارا گیا جس کے بعد مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی تھی، انجینیئر طیارے کی خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل اسی طیارے کے دوسرے انجن میں بھی خرابی پیدا ہوئی تھی۔

  • امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا: طیارے کی ساحل سمندر پر ایمرجنسی لینڈنگ، ویڈیو وائرل

    امریکا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کا پائلٹ معجزاتی طور پر محفوظ رہا، ایوی ایشن حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں حادثے کا شکار یہ طیارہ سیسنا 172 تھا جس نے دوپہر 2 بجے ہالی ووڈ ایئر پورٹ سے اڑان بھری۔ 10 منٹ فضا میں رہنے کے بعد طیارے کو ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان کے مطابق بظاہر جہاز کے انجن میں کوئی خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے پائلٹ اسے واپس ایئر پورٹ نہ لے جاسکا اور اسے ساحل پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    ساحل پر موجود ایک شخص نے اس کی ویڈیو بھی بنائی، اس کا کہنا تھا کہ زمین کو چھونے کے بعد طیارے کی ناک ریت میں دھنستی ہوئی آگے چلی گئی اور بالآخر وہ رک گیا۔

    حادثے میں پائلٹ معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

  • طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا

    طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا

    سربیا میں ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوتے بال بال بچا اور بال برابر فاصلے سے ایک درخت کو چھوتے ہوئے گزر گیا۔

    سربیا کے گریٹ ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رادا ایئر لائن کا کارگو طیارہ ٹیک آف کررہا ہے۔

    ٹیک آف کرتے ہوئے وہ درختوں کے ایک جھنڈ کے اوپر سے گزرتا ہے اور ایک درخت سے بالکل ذرا سے فاصلے سے گزرتا ہے۔

    درخت کے اوپر سے گزرتے ہوئے طیارہ درخت کی ٹہنیوں اور پتوں سے ٹکراتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جہاز کے گزرنے کے بعد شاخیں اور پتے ریزہ ریزہ ہو کر فضا میں بکھرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    درخت سے ٹکرانے کے باوجود پائلٹس طیارے کی پرواز جاری رکھتے ہیں اور طیارے کو فضا میں بلند کرلیتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طیارہ کسی نقصان سے محفوظ رہا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطاق یہ واقعہ سربیا میں رواں برس جولائی میں پیش آیا تھا۔

  • فلائٹ کے دوران دروازہ کھولنے سے خاتون ہلاک

    فلائٹ کے دوران دروازہ کھولنے سے خاتون ہلاک

    لندن: ایک برطانوی طالبہ افریقہ کی طرف اپنی پرواز کے دوران طیارے کا دروازہ کھولنے سے ہلاک ہوگئیں، میڈیکل رپورٹس میں ان میں دماغی عارضے سائیکوسس کی تصدیق ہوگئی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ طالبہ کیمبرج یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھی اور ایک انٹرن شپ کے لیے افریقی جزائر کا دورہ کرنے روانہ ہوئی تھی۔

    اس کا جہاز جب مشرقی افریقی ملک مڈغاسکر کے اوپر سے پرواز کر رہا تھا تو اس نے اچانک اٹھ کر طیارے کا دروازہ کھول دیا، اس کے بعد وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور طیارے سے باہر گر گئی۔

    اب حال ہی میں جاری کی گئی میڈیکل رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ طالبہ ایک دماغی عارضے سائیکوسس کا شکار تھیں جس میں غیر حقیقی تصورات کسی انسان کے دماغ میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق طالبہ سکون آور ادویات کے زیر اثر بھی تھی۔

    آنجہانی طالبہ کے ساتھ ان کے پروجیکٹ پر کام کرنے والی ایک ساتھی کا کہنا ہے کہ روانگی سے قبل وہ ایک کرسی پر گھنٹوں بیٹھ کر خلا میں گھورتی رہی۔

    ساتھی کے مطابق وہ مختلف توہمات کا بھی شکار ہوگئی تھی، جیسے وہ اپنے کچھ قریبی افراد سے کہتی پائی گئی کہ اگر اس نے اپنی تحقیق کا کام مکمل نہیں کیا تو اسے مڈغاسکر کی کسی جیل میں قید کردیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: فضائی کمپنیوں کی درمیانی نشست خالی چھوڑنے کی مخالفت

    کرونا وائرس: فضائی کمپنیوں کی درمیانی نشست خالی چھوڑنے کی مخالفت

    لندن / نیویارک: کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کی معیشتوں پر بدترین اثرات رونما ہوئے ہیں وہیں فضائی کمپنیاں بھی دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئیں، ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ ماسک پہن کر جہاز میں سفر کیا جاسکتا ہے تاہم درمیانی نشست خالی چھوڑنے پر اختلافات ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے فضائی آپریشن بحال کرنے پر بحث ہو رہی ہے اور ایسے میں ایئر لائنز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے ماسک پہن کر جہاز میں سفر کرنے کی حمایت کی ہے۔

    تاہم اس تنظیم نے جہاز میں احتیاط کے طور پر درمیانی نشتوں کو خالی رکھنے کے اپنے ہی مؤقف کی مخالفت کی ہے۔

    انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیف اکانومسٹ بریان پیرس نے کہا ہے کہ اگر درمیانی نشستوں کو خالی رکھا گیا تو اکثر ایئر لائنز منافع نہیں کما سکیں گے۔

    اپریل میں آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزینڈر ڈی جونیک نے کہا تھا کہ فضائی آپریشنز کی بحالی کے لیے دنیا کی دیگر حکومتوں کے ساتھ کی جانے والی بات چیت میں جہاز کی درمیانی نشستوں کو خالی رکھنے کا آپشن زیر غور ہے۔

    دوسری جانب فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک ایئر لائن نے کرونا وائرس کے بحران کی وجہ سے اپنے 3 ہزار ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    آئی اے ٹی اے کے میڈیکل ایڈوائزر ڈیوڈ پال نے میڈیا کو بتایا کہ جہاز میں چہرے کو ڈھانپنا، ماسک پہننا اور دیگر اقدامات بشمول جہاز میں سوار ہونے سے قبل مسافروں کا بخار چیک کرنا اور صفائی کا خیال رکھنے سے فضائی آپریشن کو محفوظ طریقے سے بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

    دیگر ایئر لائنز جیسے جرمن لفتھانسا اور ہنگری کی وز نے پہلے ہی مسافروں کے لیے جہاز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تھا۔

    تاہم آئی اے ٹی اے نے منگل کو ہونے والی آن لائن نیوز کانفرنس میں یہ کہہ کر یوٹرن لے لیا ہے کہ درمیانی نشستوں کو خالی رکھ کر مسافروں کی حفاظت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔