Tag: plane

  • وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار، نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کی دوبارہ نیویارک میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم آج رات نیویارک میں ہی قیام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوئے تو ان کا طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہوگیا جس کے باعث طیارے کو ٹورنٹو سے واپس موڑنا پڑا۔

    وزیر اعظم کے طیارے نے دوبارہ نیویارک میں لینڈ کیا جس کے بعد وزیر اعظم وفد سمیت امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ روز ویلٹ ہوٹل دوبارہ پہنچ گئے، وزیر اعظم کی آمد کے بعد روز ویلٹ ہوٹل کی سیکیورٹی دوبارہ بڑھا دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق طیارے کے نیوی گیشن سسٹم میں خرابی پر طیارے کو ٹورنٹو سے دوبارہ نیویارک کی طرف موڑا گیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، وزیر اعظم کا طیارہ اس وقت جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور امریکی ایوی ایشن حکام طیارے کا نیوی گیشن سسٹم ٹھیک کر رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے طیارے کا دوران پرواز الیکٹرک سسٹم فیل ہوگیا تھا، الیکٹرک سسٹم فیل ہونے سے لینڈنگ میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    ابتدا میں طیارے کو جلد ہی اڑانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تاہم سسٹم کی درستگی کا کام وقت لینے لگا تو وزیر اعظم امریکی سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ واپس ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث وزیر اعظم آج رات نیویارک کے ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم گزشتہ کئی روز سے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے جنرل اسمبلی سے اپنا تاریخی خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا پردہ چاک کردیا تھا۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع، طیاروں کو خطرہ

    لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع، طیاروں کو خطرہ

    کراچی : لاہور ایئر پورٹ پر پرندوں کی آمد ایک بار پھر شروع ہوگئی، جس کے باعث ایئر پورٹ پر پروازوں کی ۤآمد ورفت متاثر ہونے سے ساتھ طیاروں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر پرندوں کی آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا، پرندوں کی آمد کی وجہ سے طیاروں کو خطرات لاحق ہوگئے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کو بھگانے کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران لاہور ایئرپورٹ پر اٹھارہ سے زائد پرندے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے۔

    پی آئی اے سمیت غیر ملکی ایئرلائنوں سے پرندے ٹکرانے کی وجہ سے جہازوں کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ کراچی میں پرندے ٹکرانے کے پندرہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: لاہور ایئر پورٹ پر لگے پینا فلیکس جہازوں کیلئے خطرہ بن گئے، پرندوں نے گھونسلے بنا لیے

    پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات لاہور ایئرپورٹ پر ہوئے، لاہور ایئرپورٹ کے قریب پرندے ٹکرانے کی وجہ رواں ماہ تین ستمبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

  • ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی:بھارت میں پراسرار حرکتوں کا حامل ایک شخص ممبئی ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگ کر ایک طیارے کے نیچے چلتا پھرتا نظر آرہا ہے، یہ طیارہ روانگی کے لیے رن وے پر آنے کی باری کا انتظار کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیش آنے والے واقعے کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا،یہ کلپ ایک دوسرے طیارے کے کاک پٹ سے بنایا گیا تھا،بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وڈیو میں نمودار ہونے والا اجنبی ایک طیارے کے نزدیک گھومتا پھرتا اور اس کا معائنہ کرتا نظر آیا۔

    داخلہ سیکورٹی فورسز کے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جمعرات کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چالیس منٹ پر ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگی اورایک بج کر 42منٹ پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذریعے نے مزید بتایا کہ گرفتاری کے بعد اس شخص کی اچھی طرح تلاشی لی گئی مگر اس ے قبضے سے کچھ برآمد نہ ہوا، اس شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز بھی نہیں تھی۔

    ایئرپورٹ پر پولیس کے ایک افسر کے بیان کے مطابق دراندازی کرنے والے شخص کی عمر 24 سال ہے اور وہ سیون میں رہتا ہے، پولیس نے اس نوجوان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کسی طبی مسئلے کے تحت زیر علاج ہے۔

    اہل خانہ نے مزید بتایا کہ دوا نہ کھانے پر یہ شخص پریشان کن حرکات کا ارتکاب کرتا ہے۔ گذشتہ ہفتے وہ علاقے میں ایک بس کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔

  • گولان ہائٹس پر اسرائیلی فورسز کی اپنے ہی طیارے پر فائرنگ

    گولان ہائٹس پر اسرائیلی فورسز کی اپنے ہی طیارے پر فائرنگ

    تل ابیب : صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے طیارے کو دشمن طیارہ سمجھ فائرنگ کی تاہم واقعے میں کوئی زخمی یا نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گولان کی پہاڑیوں کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی دستوں نے غلطی سے اسرائیل ہی کے ایک طیارے پر فضا میں فائرنگ شروع کر دی، یہ واقعہ گزشتہ روز آیا اور ملکی دستوں نے اس ہوائی جہاز کو ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

    اسرائیلی فوجیوں نے اس سویلین ہوائی جہاز کو جنگ زدہ ہمسایہ ملک شام سے خفیہ طور پر اور بری نیت سے اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والا ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

    صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ طیارہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے فوری نوعیت کا ایک خطرہ تھا، سکیورٹی دستوں نے اس ہوائی جہاز پر فائرنگ شروع کر دی اور ایسا تب تک کیا جاتا رہا، جب تک یہ محسوس نہ ہوا کہ یہ تو اسرائیل ہی کا ایک سویلین طیارہ تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا بعد ازاں اس طیارے کے پائلٹ نے اسرائیلی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ اس واقعے کے دوران وہ ‘مکمل تباہی سے صرف ایک یا ڈیڑھ میٹر دور ہی رہ گیا تھا۔

    جہاز کے پائلٹ نے بتایا کہ اس نے اپنے ہوائی جہاز کے پروں میں سے ایک پر ایک دھماکے جیسے آواز سنی تھی، لیکن شروع میں اس کا خیال تھا کہ شاید کوئی پرندہ ہوائی جہاز سے ٹکرا گیا تھا، ہوائی جہاز کے پائلٹ کو معاملے کی سنجیدگی کا علم تب ہوا جب اس کو پتہ چلا کہ طیارے کے پٹرول ٹینک سے ایندھن بہنا شروع ہو گیا تھا۔

    اس بارے میں فوج کے ترجمان نے کہاکہ یہ بہت سنجیدہ نوعیت کا واقعہ ہے، جس کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

  • ہیلو!کیا آپ رستہ بھول گئے؟ لائسنس اور رجسٹریشن دکھائیں

    ہیلو!کیا آپ رستہ بھول گئے؟ لائسنس اور رجسٹریشن دکھائیں

    واشنگٹن : امریکا میں پائلٹ نے طیارے کے ایندھن کے نظام میں خرابی کے باعث طیارے کو سیئٹل شہر کی مصروف ترین ہائی وے پر اتار دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک پولیس اہلکار کو اس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک کے آر ٹو سنگل انجن والاچھوٹا طیارہ ایک مصروف سڑک پر آن اترا۔

    ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں دوران پرواز سنگل انجن والے طیارے کے ایندھن کے نظام میں خلل پیدا ہونے کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شہر کی مصرو ف ترین روڈ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹا طیارہ جس میں ایک ہی شخص سوار تھاجو ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہا۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ طیارے کے سڑک پر لینڈ ہوتے ہی ایک پولیس افسر طیارے کے قریب جاکر پائلٹ سے سوال کرتا ہے کہ ’کیاراستہ بھول گئے ہیں؟ لائسنس اور رجسٹریشن دکھائیں‘۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس افسر پائلٹ کے ساتھ ملکر طیارے کو سڑک کے درمیان سے ہٹاتے ہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کہنا تھا کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافر یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کیسے کر لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ پائلٹ نے طیارے کی ہائی وے پر لینڈنگ کروائی۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو ہائی وے پر گشت کرنے والی ایک خاتون پولیس افسر نےبنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کے ایندھن کے نظام میں خلل پیدا ہونے کے باعث سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    عینی شاہد نے بتایا کہ پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    مزید پڑھیں : لاس اینجلس: انجن کی خرابی، خاتون پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    یاد رہے کہ رواں گزشتہ برس جون میں امریکی شہر لاس اینجلس میں زیر تربیت خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے سبب نجی طیارے کو مصروف ہائی وے پر اتار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    خیال رہے کہ شکاگوں میں دورانِ پرواز چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو نامی ہائی وے پر اتار تھا اور خوش قسمتی سے اس حادثے میں بھی پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

  • پاک فوج کا طیارہ حادثہ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا گہرے رنج وغم کا اظہار

    پاک فوج کا طیارہ حادثہ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا گہرے رنج وغم کا اظہار

    مظفرآباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاک فوج کے طیارہ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔

    اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے آفسران، اہلکاروں اور شہریوں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بڑا سانحہ ہے اللہ رب العزت تمام شہدا کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ راجہ محمد فاروق کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ صبح آرمی ایوی ایشن کاطیارہ راولپنڈی کےقریب گرکرتباہ ہوا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اس حادثے کے بعد سیاسی جماعتوں اور حکومتی عہدیداروں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے اہل خانہ سے صبر کی اپیل کی گئی۔

    راولپنڈی: پاک فوج کا طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ اور عملے کے پانچ ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدارافضل، حوالدارابن امین اور حوالدر رحمت بھی شامل ہیں۔

    پاک فوج کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک گرکر تباہ ہوا، طیارہ حادثے کے دوران شہری آبادی پر گرا جس سے 12شہری جاں بحق اور 12زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جانے کی صورت میں کیا ہوتا ہے؟

    طیارے سے آسمانی بجلی ٹکرا جانے کی صورت میں کیا ہوتا ہے؟

    فضائی سفر کرنے والے افراد اکثر اوقات دوران سفر جھٹکوں کا سامنا تو کرتے رہتے ہیں، تاہم بہت کم افراد جانتے ہیں کہ ان میں کچھ طیارے کے آسمانی بجلی سے ٹکرانے کے باعث بھی ہوتے ہیں۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر آسمانی بجلی طیارے سے ٹکرا جائے تو در حقیقت ہوتا کیا ہے؟

    آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانے کے دوران آپ ایک زور دار آواز سنتے ہیں، کھڑکی کے باہر سے ایک بجلی کا جھماکہ بھی دکھائی دیتا ہے اور بعض اوقات طیارے کی لائٹس بھی جلتی بجھتی دکھائی دیں گی، تاہم یہ ایک معمول کی بات ہے۔

    امریکا کے کمرشل فلیٹ میں موجود ہر طیارہ سال میں کم از کم ایک بار ضرور اس صورتحال کا شکار ہوتا ہے، یعنی صرف امریکا میں ہر سال آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانے کے 7 ہزار واقعات ہوتے ہیں۔

    جب آسمانی بجلی طیارے سے ٹکراتی ہے تو بجلی جہاز کی نوک سے ٹکرا کر اندر جاتی ہے اور طیارے کی دم سے باہر نکلتی ہے، یعنی یہ پورے جہاز سے گزرتی ہے۔ بجلی کی ایک برق سورج کی سطح سے 5 گنا زیادہ گرم ہوتی ہے اور اس کی گرماہٹ طیارے کو خاصا نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    تاہم اس وجہ سے طیاروں کو کم ہی حادثات پیش آتے ہیں اور آسمانی بجلی ٹکرانے سے طیارہ گرنے کا آخری واقعہ سنہ 1963 میں پیش آیا تھا۔

    آج کل بنائے جانے والے طیاروں میں آسمانی بجلی سے ٹکراؤ کے خدشے کو خاص طور پر مدنظر رکھا جاتا ہے اور ہر طیارے کو ہر ٹیک آف سے قبل اچھی طرح ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہوائی جہاز کے بارے میں حیرت انگیز حقائق

    آج کل بنائے گئے طیاروں کی تعمیر کے وقت طیارے کی بیرونی سطح کو ایلومینیئم کی تہہ سے ڈھانپا جاتا ہے۔ یہ تہہ آسمانی بجلی کو گزرنے کا راستہ دے دیتی ہے اور طیارے کے اندر موجود حساس آلات محفوظ رہتے ہیں۔ البتہ طیارے کی نوک کو اس تہہ سے نہیں ڈھانپا جاتا۔

    اس حصے میں دراصل طیارے کی ریڈار ٹیکنالوجی موجود ہوتی ہے جو کسی تہہ سے ڈھانپنے کی صورت میں کام نہیں کرتی۔ چنانچہ نوک کے گرد دھاتی پٹیاں لگا دی جاتی ہیں جو آسمانی بجلی کا رخ موڑ کر اسے ریڈار سے دور رکھتی ہیں۔

    آسمانی بجلی سے ایک اور خطرہ فیول ٹینک کو ہوسکتا ہے جو بجلی کی ایک ہی لہر سے بھڑک کر پھٹ سکتے ہیں چنانچہ ان کے گرد ایلومینیئم کی اضافی موٹی تہہ بنائی جاتی ہے تاکہ یہ جلنے سے محفوظ رہیں۔

    ماہرین کے مطابق طیارے کو آسمانی بجلی سے خطرہ نہیں ہوتا، ایسے وقت میں طیارے کو خطرہ آسمانی بجلی سے پیدا ہونے والے جھٹکوں، تیز ہوا اور طوفان سے ہوتا ہے۔

  • گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    گلگت ایئرپورٹ پر طیارے کے کچے میں اترنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی: گلگت ایئرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ میں کپتان کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا، رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کے وقت طیارے کی رفتار بہت زیادہ تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت ایئرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے کے کچے میں اترنے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی، سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کپتان کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ذرا سی غلطی کے باعث بہت سنگین حادثہ پیش آسکتا تھا، لینڈنگ کے وقت طیارے کی اسپیڈ بہت زیادہ تھی۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق کپتان طیارے کو 360 ڈگری کا چکر لگا لیتا تو واقعہ پیش نہ آتا، کپتان نے جہاز کو تقریباً آدھا رن وے گزرنے کے بعد اتارا۔ گلگت ایئر پورٹ کا رن وے صرف 5400 فٹ طویل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے چیف پائلٹ سیفٹی نے کیپٹن مریم اور فرسٹ افسر وقاص سے تحقیقات کیں، اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم نے تسلیم کیا طیارے کی رفتار زیادہ تھی۔ اسلام آباد سے گلگت کی پرواز پی کے 605 کو کپتان مریم مسعود آپریٹ کر رہی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ ایس ایم ایس سیفٹی مینجمنٹ سسٹم اپنی سفارشات پیر کو سی ای او کو پیش کرے گی۔

    خیال رہے کہ 20 جولائی کی صبح پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا تھا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا تھا۔

  • شرمناک لباس پہننے پر خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    شرمناک لباس پہننے پر خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    میڈرڈ: اسپین میں مختصر اور شرمناک لباس پہن کر طیارے میں داخل ہونے والی کو عملے نے جہاز سے اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون مسافر اسپین سے برطانوی دارالحکومت لندن جانے کی خواہش مند تھیں، تاہم انہیں اس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا کہ جب وہ قابل اعتراض لباس پہن کر جہاز میں سوار ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی سب سے بڑی بجٹ ائیرلائن کی جانب سے بیان میں کہنا تھا کہ خاتون کے مختصر لباس سے دیگر مسافروں کو الجھن محسوس ہورہی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ جہاز کے عملے نے خاتون مسافر کو اضافی کپڑا اوڑھنے کا بھی مشورہ دیا گیا تاہم انہوں نے ماننے سے انکار کردیا جس پر خاتون کو طیارے سے باہر نکال دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ردعمل میں خاتون مسافر نے عملے کے اہلکاروں سمیت ایئرہوسٹس سے بھی بدتمیزی کی اور اس رویے کو اپنی آزادی پر قدغن قرار دیا۔

    کانز فلم فیسٹیول میں شرمناک لباس پہننے پر ویتنام کی ماڈل پر بھاری جرمانہ عائد

    خاتون کا کہنا تھا کہ جہاز کا عملہ انتہائی برا تھا، مجھے بار بار ڈرایا جارہا تھا، طیارے سے اتارے جانے اور دوسری فلائٹ بک کرانے پر انہیں 200 ڈالر کا نقصان ہوا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ویتنام حکومت نے کانز فلم فیسٹیول میں شرمناک لباس پہننے پر ماڈل پر بھاری جرمانہ عائد کیا تھا، تصاویر اور ویڈیوز منظرعام پر آتے ہی ویت نام کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیا جس کے ردعمل میں حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔

  • امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    امریکا میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، 10 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کا جہاز مقامی ایئرپورٹ کے ہینگر میں گرکرتباہ ہوا، کنگ ایئر350 کے دو انجن کےطیارے پر سوار کوئی شخص زندہ نہیں بچا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پیش آیا، جہاں نجی آیئرلائن کا طیارہ ایئرپورٹ کے ہینگر میں ہی گرکر تباہ ہوگیا۔

    ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی، البتہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر تفتیش کررہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد طیارے میں فوراً آگ بھڑک اٹھی، خوش قسمتی سے ایئرپورٹ کے ہینگر میں عملے کا کوئی شخص موجود نہیں تھا، مذکورہ جہاز اپنی نوعیت کا چھوٹا طیارہ ہے جس میں بہ یک وقت تیرہ افراد سوار ہوسکتے ہیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کے حکام نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ڈبل انجن طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں نیویارک کے سابق میئر اور ان کی نواسی بھی شامل تھیں۔

    امریکی ریاست ٹیکساس میں طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں کولمبیا میں چھوٹا گیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔