Tag: Plantation

  • یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    اسلام آباد: پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے شجر کاری کرنی ہے، عوام شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور جنگلات کو محفوظ کریں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران صرف اس موسم میں 30 کروڑ سے زائد پودے لگیں گے۔

    شیری رحمان کے مطابق موسم بہار کی مہم کے نتیجے میں 40 کروڑ کے قریب پودے لگائے جائیں گے، انھوں نے پیغام دیا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مل کر پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا عہد کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

  • پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کی بات کی جارہی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کلائمٹ چینج سے مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، وزیر اعظم نے عوام کو ماحولیات سے متعلق آگاہ کیا، شجر کاری مہم میں عوام کی دلچسپی نظر آرہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، عوام کے بغیر شجر کاری مہم کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان سے متاثر ہو کر سعودی عرب میں بھی گرین سعودی عربیہ مہم شروع کی جارہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں شجر کاری مہم اکتوبر میں شروع ہوگی، مہم کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی شجر کاری مہم کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے۔

  • سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب میں وسیع پیمانے پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کا حصہ ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت زراعت کی جانب سے مملکت کے مختلف شہروں میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، شجر کاری مہم میں نائب وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر منصور ھلال المشیطی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    طائف میں شجر کاری مہم میں 50 خواتین اور مرد رضا کاروں نے حصہ لیا جنہوں نے طائف کمشنری کے علاقے عکرمہ میں 120 پودے لگائے۔ شجر کاری کے لیے ماحول دوست پودوں کا انتخاب کیا گیا جو طائف کے موسم کے مطابق تھے۔

    مہم کے دوران لوگوں کو شجر کاری کی اہمیت اور ماحول پر سبزے کے مفید اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    یہ شجر کاری مہم مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے شروع کی گئی جس میں ماحولیات اور قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے جنگلات کے پھیلاؤ اور سبزے کے تحفظ کو یقینی بنانا شامل ہے۔

    مہم میں وزارت زراعت کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں لگانے کے لیے پودوں کے بیچ بھی مفت فراہم کیے گئے، علاوہ ازیں شجر کاری کی اہمیت پر مشتمل ہینڈ بلز اور کتابچے بھی تقسیم کیے گئے۔

  • سندھ میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

    سندھ میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران بتایا کہ شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریڈ لائن پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    ملاقات میں مشیر ملک امین اسلم نے کہا کہ وفاق پروجیکٹ کے لیے 48 ملین ڈالرز گرین کلائمٹ فنڈز سے فراہم کرے گا۔ دنیا کا پہلا زیرو کاربن اخراج منصوبہ ہوگا۔

    ملک امین نے گورنر سندھ کو الیکٹریکل وہیکل پالیسی اور گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سے آگاہی دی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں آلودگی سے پاک اور سستی سفری سہولتیں فراہم ہوں گی، گورنر سندھ کی سربراہی میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    اس سے قبل گورنر سندھ نے 16 ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور سفارتی عملے کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کامیاب سفارت کاری سے مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، پاکستان خطے سمیت دیگر ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سفارتی وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہو رہی ہے۔

  • سخت گرمی میں ان طریقوں سے اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھیں

    سخت گرمی میں ان طریقوں سے اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھیں

    دنیا بھر میں موسم گرما کی شدت اور دورانیے میں اضافہ ہورہا ہے اور مختلف علاقوں میں کئی کئی دن تک جاری رہنے والی ہیٹ ویوز شہریوں کا جینا دوبھر کردیتی ہیں۔

    اس کی وجہ یہ ہے کہ مجموعی طور پر ہماری زمین کے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے جسے گلوبل وارمنگ کا نام دیا جاتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ صنعتوں اور گاڑیوں سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں ہے جو نہ صرف ہمارے ماحول کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ زمین کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ کر رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے شجر کاری سب سے بہترین ذریعہ ہے۔

    آج ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتا رہے ہیں جن کے ذریعے آپ کم اور تنگ جگہ میں بھی شجر کاری کر سکتے ہیں اور اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں۔ نتیجتاً گرمی کے دنوں میں بجلی پر پڑنے والے دباؤ میں کمی آئے گی اور آپ کا گھر قدرتی طور پر ٹھنڈا رہے گا۔

    سرسبز چھت

    اگر آپ ایک چھت کے مالک ہیں تو آپ کی چھت شجر کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔ چھت کی پوری فرش پر کھاد بچھا کر اس پر گھاس اور مختلف اقسام کے پودے اگائے جاسکتے ہیں۔

    سرسبز چھت گھر کی دیواروں کو بھی ٹھنڈا رکھے گی اور آپ کے گھر کا ماحول نہایت پرسکون رہے گا۔

    عمودی باغبانی

    کیا آپ جانتے ہیں آپ اپنے گھر کی دیواروں پر بھی پودے اگا سکتے ہیں؟ یہ طریقہ عمودی باغبانی کہلاتا ہے۔

    عمودی باغبانی کا تصور چند عشروں قبل ہی پرانا ہے جس میں زمین کے بجائے دیواروں پر باغبانی کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے عمارت کی دیوار سے ذرا سے فاصلے پر مختلف سہاروں کے ذریعہ پودے اگائے جاتے ہیں جو نشونما پا کر دیوار کو ڈھانپ لیتے ہیں۔

    علاوہ ازیں دیواروں کو کھود کر ان کے اندر کھاد اور بیج وغیرہ ڈالے جاتے ہیں جس کے بعد وہاں سے پودے اگ آتے ہیں۔ یہ طریقہ گھر کی اندرونی اور بیرونی دونوں دیواروں پر استعمال ہوسکتا ہے۔

    بوتلوں میں پودے اگائیں

    پلاسٹک کی خالی بوتلوں کو پھینک کر اپنے شہر کے کچرے میں اضافہ کرنے کے بجائے ان میں بھی کھاد بھر کر باغبانی کی جاسکتی ہے۔

    بے کار اشیا کو استعمال میں لائیں

    گھر میں خالی ہونے والے ڈبے، کنٹینر، ٹوٹ جانے والے برتن بھی گملے کی جگہ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

  • کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی: شہرقائد میں نجی اسکول اور اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم میں دونوں اداروں کے طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اس شجرکاری مہم میں اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبا ت اور نجی اسکول کے طالب علم شریک تھے ، اس موقع پر 500 پودے لگائے گئے ۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مہم میں صرف طلبہ و طالبات ہی نہیں بلکہ دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے والدین بھی شریک ہوئے اور درخت لگانے میں بچوں کے ہمراہ پیش پیش رہے ۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کے والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کو سراہا کہ ان کے بچوں کی سماجی تربیت کے لیے یہ ایک بہتر اقدام ہے اور انہیں خوشی ہے کہ مذکورہ بالا تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ان کے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی سماجی تربیت کا بھی خیال کررہی ہے۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پودے نصب کرنے کے بعد انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حتی الامکان اپنے لگائے ہوئے پودوں کی نگہداشت کریں گے اور ان کی حفاظت بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے ماہرین کی جانب سے شجر کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے ۔

    اس حوالے سے موجودہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’بلین ٹری سونامی‘ مہم کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ِ ذکر ہے کہ پاکستان سنہ 2015 میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے عالمی معاہدے ’ پیرس ایگریمنٹ‘ کا دستخط کنندہ بھی ہے، جس کے تحت پاکستان نے اپنی سرزمین پر گلوبل وارمنگ کو روکنے کے لیے متعدد اقدامات کرنے ہیں جن میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ سرفہرست ہے۔

  • وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں

    وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے مہمند ایجنسی کے خوش و خرم بچوں کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی طرف سے شروع کردہ ایک روزہ شجر کاری مہم میں پاکستان بھر سے شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مہمند ایجنسی میں بھی لوگوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

    عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تصاویر شیئر کیں جس میں وہ ہنستے کھیلتے شجر کاری مہم میں حصہ لے کر پودے اُگا رہے ہیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’مہمند کے بچوں کو بے فکری کے ساتھ ہنستے کھیلتے ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم میں حصہ لیتے دیکھ کر بے پناہ مسرت ہو رہی ہے۔‘

    انھوں نے مزید لکھا کہ انسانی ترقی کے تناظر میں ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ فاٹا جیسا کہ یہ ماضی میں تھا اور اب یہ خیبر پختونخوا کا حصہ ہے، اسے مرکزی دھارے میں لا کر رہیں گے۔


    مزید پڑھیں:  پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے، وزیر اعظم


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم نے اتوار کو ایک روزہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز کیا تھا جس میں پورے ملک میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ عمران خان نے خود بھی حکومتی بلین ٹری سونامی میں حصہ لیتے ہوئے ہری پور میں پودا اُگا کر مہم کا آغاز کیا تھا۔

    واضح رہے کہ درخت اگاؤ مہم کا آغاز خیبر پختونخوا کی حکومت نے کیا تھا اور بہت بڑی تعداد میں پودے اگائے تھے، جس کے بعد اے آر وائی نیوز نے بھی درخت اُگاؤ مہم شروع کیا، اور پاک فوج کی جانب سے بھی ایک مہم چلائی گئی۔

  • وزیر اعظم کا ماحولیات و پودوں سے متعلق وژن واضح ہے، فواد چوہدری

    وزیر اعظم کا ماحولیات و پودوں سے متعلق وژن واضح ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان کی شجر کاری مہم ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے دوران پودا لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران کی جانب سے’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے ملک بھر میں شجر کاری کے لیے شروع کی جانے والی مہم کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی پودا لگا دیا۔

    وزیر اطلاعات پاکستان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں جنگلات کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے دوران کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 5 سال میں پاکستان تحریک انصاف نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا تھا، ہمارا آئندہ 5 سال میں ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا ماحولیات اور پودوں سے متعلق وژن واضح ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سوا ملک میں کوئی اور سیاسی جماعت ماحولیات کی بات نہیں کرتی۔

    وزیر اطلاعات پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک کا منشور بھی ماحولیات کی آگاہی سے متعلق واضح ہے، آج ملک بھر میں 15 لاکھ پودے لگائے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شروع کی جانے والی ملک بھر میں شجرکاری کرنے کی مہم کے حوالے سے حکومت کے پاکستان کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    وزیر اعظم پاکستان عمران خان ’پلانٹ فار پاکستان مہم‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ہے، شجر کاری مہم تمام شہروں میں شروع کررہے ہیں، پورے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، 5 سال میں پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا ہے، جو بھی خالی علاقے اور زمین ملے گی وہاں پر پودے لگائیں گے۔

  • مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا جس کے لیے سیڈ بالز یا سیڈ بم کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    سیڈ بالز کھاد سے بنے ہوئے ان گولوں کو کہا جاتا ہے جس میں مختلف اقسام کے بیج اور چکنی مٹی کی آمیزش کی جاتی ہے۔ ان گولوں کو زمین میں دبا دیا جاتا ہے جس کے بعد ان سے پودے اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔

    دنیا بھر میں شجر کاری کے لیے یہ طریقہ نہایت کامیاب سمجھا جارہا ہے۔

    اسلام آباد میں یہ مہم دارالحکومت کے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد کی سڑکیں ماحول دوست بن گئیں

    مہم میں شامل رضا کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے 15 سے 20 ہزار کے قریب سیڈ بالز تیار کی ہیں جو مارگلہ کی پہاڑیوں پر آنے والے افراد کو نہایت سستے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔

    وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ملک بھر میں شجر کاری کی اس تکنیک کو فروغ دینا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ایک نہایت آسان اور کم قیمت ذریعہ ہے اور اس طریقے سے نہایت جلدی پودے اگنا شروع ہوجاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد درختوں سے گھرا ہوا سرسبز شہر ہے تاہم بڑھتے ہوئے رہائشی منصوبوں کی وجہ سے یہاں بھی درختوں کی تیزی سے کٹائی جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • درخت اگانے والا ڈرون

    درخت اگانے والا ڈرون

    درخت اگانا ایک مشکل اور انتظار طلب مرحلہ ہے جس کے لیے بہت سا وقت درکار ہے۔ تاہم اب سائنسدانوں نے ڈرون کے ذریعے شجر کاری کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

    اس سے قبل سری لنکا میں ہیلی کاپٹر سے شجر کاری کرنے کا تجربہ کیا گیا تھا جو نہایت کامیاب رہا۔

    اس ہیلی کاپٹر سے جاپانی کسانوں کے ایجاد کردہ طریقہ کار کے مطابق چکنی مٹی، کھاد اور مختلف بیجوں سے تیار کیے گئے گولے پھینکے گئے جن سے کچھ عرصہ بعد ہی پودے اگ آئے۔

    اب اسی خیال کو مزید جدید طریقے سے قابل عمل بنایا جارہا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک برطانوی کمپنی ایسا ڈرون بنانے کی کوشش میں ہے جو شجر کاری کر سکے۔

    یہ ڈرون فضا سے زمین کی طرف بیج پھینکیں گے جس سے ایک وسیع رقبے پر بہت کم وقت میں شجر کاری کا عمل انجام دیا جاسکتا ہے۔

    طریقہ کار کے مطابق سب سے پہلے یہ ڈرون کسی مقام کا تھری ڈی نقشہ بنائے گا۔ اس کے بعد ماہرین ماحولیات اس نقشے کا جائزہ لے کر تعین کریں گے کہ اس مقام پر کس قسم کے درخت اگائے جانے چاہئیں۔

    مزید پڑھیں: کیا درخت بھی باتیں کرتے ہیں؟

    اس کے بعد اس ڈرون کو بیجوں سے بھر دیا جائے گا اور وہ ڈرون اس مقام پر بیجوں کی بارش کردے گا۔ یہ ڈرون ایک سیکنڈ میں 1 بیج بوئے گا۔ گویا یہ ایک دن میں 1 لاکھ جبکہ ایک سال میں 1 ارب درخت اگا سکے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے شجر کاری کے مقابلے میں یہ طریقہ 10 گنا تیز ہے جبکہ اس میں رقم بھی بے حد کم خرچ ہوگی۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت ایف اے او کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں ایک کروڑ 80 لاکھ ہیکٹرز کے رقبے پر مشتمل جنگلات کاٹ دیے جاتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں موجود گھنے جنگلات جنہیں رین فاریسٹ کہا جاتا ہے، اگلے 100 سال میں مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔

    مزید پڑھیں: جنگلات کے قریب وقت گزارنا بے شمار فوائد کا باعث

    جنگلات کی کٹائی عالمی حدت میں اضافہ یعنی گلوبل وارمنگ کا ایک اہم سبب ہے جس کے باعث زہریلی گیسیں فضا میں ہی موجود رہ جاتی ہیں اور کسی جگہ کے درجہ حرارت میں اضافہ کرتی ہیں۔

    گو کہ دنیا بھر میں شجر کاری کا عمل بھی تیز کیا جاچکا ہے لیکن ہر سال 15 ارب درخت کاٹے جاتے ہیں اور ان کی جگہ صرف 6 ارب نئے درخت لگائے جاتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔