Tag: Plantation Campaign

  • ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

    کراچی: پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کردیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مینگرووز شجر کاری مہم فطرت سے تعلق مضبوط کرنے کا سنہری موقع ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ مینگرووز کے جنگلات مختلف النوع آبی حیات بشمول مچھلیوں، کیکڑے، جھینگوں، سمندر میں رہنے والے دیگر جانداروں، پودوں اور حیاتیات کے لیے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان کے ’صاف اور سر سبز پاکستان‘ اقدام اور قومی فریضے کی ادائیگی کے ضمن میں پاک بحریہ گزشتہ تین سالوں سے مینگرووز شجر کاری مہم شروع کیے ہوئے ہے۔

    مزید پڑھیں: سمندری طوفانوں کے راستے میں مزاحم تیمر

    ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔ جنگلات میں کمی سے سر سبز دنیا کو فروغ دینے کی کاوشیں متاثر ہوتی ہیں جو کہ قدرتی ماحول میں تشویش ناک عدم توازن کی وجہ بھی ہے۔ اسی طرح گزشتہ دو عشروں کے دوران پاکستان میں جنگلات اور مینگرووز میں پریشان کن حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

    ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ مینگرووز میں کمی نہ صرف ساحلی جانداروں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ ساحلوں پر مقیم انسانوں کے ذریعہ معاش میں بھی کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ اداروں کے اقدامات اور زیرک پالیسیوں کے ذریعے جنگلات میں واقع ہونے والی کمی کو روکا جائے اور ان کی افزائش پر توجہ دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مینگرووز موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ساحلی خطرات پر منفی اثرات کو روکنے میں بھی مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ مینگرووز کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کی حفاظت میں اہم شراکت دار کی حیثیت سے پاک بحریہ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کو بچانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔

    نیول چیف کا مزید کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ مینگرووز شجر کاری کی یہ مہم مینگرووز کی حفاظت کی اہمیت کے سلسلے میں آگہی کے فروغ اور ملک میں مینگرووز کے جنگلات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

  • پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    پاک بحریہ کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم

    اسلام آباد: پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی کی جانب سے پودا لگا کر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے مارگلہ کی پہاڑیوں پر شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر عباسی نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ پودے لگائے جانے کی مہم خوش آئند ہے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پودوں کی جیو فینسنگ کی جائے، ہر پودے پر ایک نمبر ہوگا اور اس کی مسلسل نگہداشت کی جائے گی۔

    ایڈمرل ظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کراچی کے شہری متاثر ہو رہے ہیں۔ کراچی فش ہاربر ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان میں جنگلات کی شرح مسلسل کم ہو رہی ہے جو تشویشناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے موحولیاتی تبدیلیاں مسائل کا سبب بن رہی ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں درختوں کو ایندھن بنانے سے روکنا چاہیئے۔

    نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ساحلی علاقوں پر 20 لاکھ مینگرووز لگائے گی۔

    خیال رہے کہ پاک بحریہ کی ملین ٹری شجر کاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے تحت پہلے مرحلے میں ایک لاکھ پودے 15 ستمبر تک لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 15 فروری سے 15 اپریل 2019 تک پودے لگائے جائیں گے۔

    تیسرے مرحلے میں 15 جولائی سے 15 ستمبر 2019 تک پودے لگائے جائیں گے جس کے بعد آخری مرحلے میں 15 فروری 2020 سے 15 اپریل تک 4 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔