Tag: plantation drive

  • وزیر اعظم کی عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل

    وزیر اعظم کی عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، کوشش کریں گے کہ ہدف مکمل کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے کل شجر کاری مہم کا حصہ بننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے ملک بھر میں شجر کاری مہم شروع کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کل ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کر رہے ہیں، ارکان اسمبلی، وزرا، وزرائے اعلیٰ اور ٹائیگر فورس رضا کار مہم میں شریک ہوں گے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، کوشش کریں گے کہ ہدف مکمل کرلیں۔

    خیال رہے کہ کل ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر کراچی سے خیبر تک مون سون کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کی جائے گی، حکومتی وزرا ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کے مطابق 10 کے بجائے 20 لاکھ پودے لگانے کے انتظامات کر لیے ہیں، مہم بیک وقت چاروں صوبوں کے شہروں سے شروع ہو گی۔

  • ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے شجر کاری ضروری ہے، وسیم اکرم

    ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے شجر کاری ضروری ہے، وسیم اکرم

    کراچی: کرکٹ لیجنڈ اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم اور سرفراز احمد نے کراچی کے علاقے پی آئی اے ٹاؤن شپ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی بڑھتی جارہی ہے۔

    اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ملک بھر میں بلین ٹری سونامی کا اعلان کیا ہوا ہے، اسی کے تحت ہم شجر کاری کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے شجر کاری بے حد ضروری ہے، اس کے بغیر مستقبل میں ہمارا سانس لینا محال ہوگا۔

    تقریب میں سانحہ کرائسٹ چرج کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پرقومی ایئر لائن کے سی ای او کا کہنا تھا کہ شہدا کو خراج تحسین دیتے ہوئے شجرکاری مہم ان سے منسوب کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ دس روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’’ بلین ٹری منصوبہ نرسریوں سے جنگلات کا رخ اختیار کرتا جار ہا ہے اور اس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کی مدد شامل ہے۔ اب ہمیں یقین ہے کہ ہم دس ارب درخت بھی لگا سکیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں درختوں کے کل رقبے میں چار فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف بڑی کامیابی ہے‘‘۔

    خیال رہے کہ کے پی میں بلین ٹری منصوبے نے دنیا بھر میں پاکستان کے لیے عزت کمائی، عالمی اقتصادی فورم، عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این اور ورلڈ وائلڈ لائف سمیت کئی عالمی اداروں نے منصوبے کی تعریف کی ہے۔