Tag: Plasma

  • پلازما فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

    پلازما فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

    کراچی: وزارت صحت نے پلازما کی فروخت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پلازما کے لیے کسی بھی ڈونر کو پیسے دینا حکومتی اور ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے پلازما تھراپی کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ وفاقی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پلازما تھراپی کرونا وائرس انفیکشن کا علاج نہیں ہے اور ابھی صرف تجرباتی مراحل میں ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلازما کے لیے کسی بھی ڈونر کو پیسے دینا حکومتی اور ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کے خلاف ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر پلازمہ اکٹھا کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف خود بھی کاروائی کریں گے اور صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو بھی کہیں گے۔

    نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ ہم بھی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پلازما تھراپی تجرباتی طریقہ علاج ہے، ابھی اس کے رزلٹس ملے جلے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر کا کہنا ہے کہ ہمیں اتوار کے روز پلازمہ فراہم کرنے کے لیے 800 کالز آئیں کیونکہ ڈاکٹر اس کو کامیاب طریقہ علاج بتا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلازما کی خرید و فروخت اور غیر قانونی کاروبار کا نوٹس لیا جائے۔

  • کرونا وائرس: ملک بھر میں پلازمہ تھراپی سے علاج کا فیصلہ

    کرونا وائرس: ملک بھر میں پلازمہ تھراپی سے علاج کا فیصلہ

    کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں پلازمہ تھراپی سے کرونا وائرس کے علاج کا فیصلہ کرلیا ہے، ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ پلازمہ سے علاج کی اپیل اب کسی ادارے کی نہیں بلکہ حکومت کی اپیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں پلازمہ تھراپی سے علاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ ہر نئے اسپتال کو پلازمہ تھراپی کی اجازت نہیں دی جائے گی، پلازمہ سے علاج کی اپیل اب کسی ادارے کی نہیں بلکہ حکومت کی اپیل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کہیں زیادہ ہے، ایک شخص کے پلازمہ سے 2 افراد کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں، ایک شخص ایک ہفتے بعد دوبارہ پلازمہ دے سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوچکی ہے۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 385 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہوگئی ہے۔

  • ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز اور ایک پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے جبکہ 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سےعلاج شروع ہو چکا ہے، سب سے پہلے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز نے پلازمہ عطیہ کیا۔

    اجمل وزیر کے مطابق پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے، 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں صحت کا نظام کرونا سے لڑ رہا ہے، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، صحتیاب افراد کا پلازمہ عطیہ کرنے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے، عید سادگی سے منائی اور طیارہ حادثے کے شہدا، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہدا کے نام کی۔

    انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر سوچنا پڑے گا، ایک قوم بن کر ہم سب نے مل کر اس کرونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

    مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کا ہم نے مل کر مقابلہ کیا، احتیاط نہ کرنے سے صورتحال گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔