Tag: Plasma Donation

  • کورونا کے مریضوں کا علاج، پلازمہ عطیہ کرنے کیلیے ہیلپ لائن کا آغاز

    کورونا کے مریضوں کا علاج، پلازمہ عطیہ کرنے کیلیے ہیلپ لائن کا آغاز

    اسلام آباد : کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے پلازمہ عطیہ کرنے کے لیے ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے، ہیلپ لائن 24 گھنٹے رواں رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں پلازمہ عطیہ کرنے کے لیے ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ ڈیٹا اندراج کے لیے ایک افسر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے پلازمہ عطیہ کی ہیلپ لائن 24 گھنٹے رواں رہے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد پلازمہ عطیہ کے لیے ہیلپ لائن پر رابطہ کریں، ڈونرز کا نام اور دوسری ذاتی معلومات صیغہ راز میں رہیں گی۔

    این ڈی ایم اے ترجمان نے اپیل کی کہ صحت مند ہونے والے افراد زیادہ زیادہ اس کار خیر میں حصہ لیں۔

    یاد رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں پلازمہ تھراپی سے کرونا وائرس کے علاج کا فیصلہ کیا تھا ، ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پلازمہ سے علاج کی اپیل اب کسی ادارے کی نہیں بلکہ حکومت کی اپیل ہے۔

    واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 2255 ہوگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد تک جا پہنچی ہے۔

  • ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف اور صحافی اپنا پلازمہ عطیہ کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز اور ایک پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے جبکہ 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلازمہ سےعلاج شروع ہو چکا ہے، سب سے پہلے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے 2 ڈاکٹرز نے پلازمہ عطیہ کیا۔

    اجمل وزیر کے مطابق پیرا میڈیکس اسٹاف ممبر نے بھی اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے، 4 صحافی بھی پلازمہ عطیہ کرنے آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ میں صحت کا نظام کرونا سے لڑ رہا ہے، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں، صحتیاب افراد کا پلازمہ عطیہ کرنے کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

    مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے، عید سادگی سے منائی اور طیارہ حادثے کے شہدا، کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے اور شہدا کے نام کی۔

    انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر سوچنا پڑے گا، ایک قوم بن کر ہم سب نے مل کر اس کرونا وائرس کو شکست دینی ہے۔

    مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب اور زلزلے جیسی آفات کا ہم نے مل کر مقابلہ کیا، احتیاط نہ کرنے سے صورتحال گھمبیر ہونے کا خدشہ ہے۔