Tag: plea against

  • مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری : ن لیگ وکلا کو پٹیشن کی کاپی فراہم کرنےکی ہدایت

    مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری : ن لیگ وکلا کو پٹیشن کی کاپی فراہم کرنےکی ہدایت

    اسلام آباد : مریم نواز کو ن لیگ کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے وکلا کو پٹیشن کی کاپی فراہم کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت پر مریم نواز اور شہباز شریف اپنا جواب جمع کرائیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ۔

    دور ان سماعت درخواست گزار ملیکہ بخاری کے وکیل حسن مان اور مریم نواز کی طرف سے بیرسٹر ظفر اللہ خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش جبکہ پارٹی صدر شہباز شریف کے وکیل جہانگیر جدون بھی الیکشن کمیشن پیش ہوئے ۔

    کمرہ عدالت میں حکمران جماعت کے پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب میں موجود تھے ۔

    ن لیگ اورمریم نوازکے وکیل نے الیکشن کمیشن سےدرخواست کی کاپی مانگ لی، ن لیگ کے وکیل موقف اختیار کیا کہ ابھی تک پٹیشن کی کاپی نہیں ملی، پٹیشن کی کاپی ملےگی توجواب جمع کرائیں گے۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی اے وکیل کو ہدایت کی کہ مریم نواز کے نائب صدر کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ ن لیگ کے وکیل کو فراہم کیا جائے۔

    الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن)کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مریم نواز اور شہباز شریف اپنا جواب جمع کرائیں، بعد ازاں کیس کی سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے مریم نواز کے خلاف درخواست تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر اور کنول شوذب درخواست گزاروں میں شامل تھے ۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے ان کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا، پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا۔

    درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے نون لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا تھا۔

  • عدالت کا نیب عدالت کو اسحاق ڈار کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم،  میڈیکل رپورٹ بھی مسترد

    عدالت کا نیب عدالت کو اسحاق ڈار کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم، میڈیکل رپورٹ بھی مسترد

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسحاق ڈارکی درخواست خارج کرتے ہوئے نیب عدالت کو اسحاق ڈار کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیدیا اور اسحاق ڈارکی میڈیکل سرٹیفکیٹ رپورٹ بھی مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس اطہر من اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی نیب کورٹ کو سماعت سے روکنے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابرہے، کسی کو ماورائے آئین ریلیف نہیں مل سکتا، میڈیکل سرٹیفکیٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے اسحاق ڈار کو آرام کی تائید کی ہے، سفرسےتونہیں روکا؟۔

    اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈارکی تازہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانا چاہتا ہوں، ڈاکٹرز نے چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تیس دن سے زیادہ وقت آئینی طور پر نہیں دے سکتے، ڈاکٹرزلکھتے کہ ایئرایمبولیس سے بھی نہیں آسکتے تو ریلیف مل جاتا، نیب کو بھی چاہئے تھا کہ لندن ٹیم بھیج دیتے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےعارضہ قلب کی وجہ سے دو قدم بھی نہیں چل سکتے، اسحاق ڈار اتنے بیمار ہیں تو ڈاکٹرز دل کا آپریشن کیوں نہیں کرتے، ملزم کو ایسی کوئی بیماری نہیں جس کے باعث وہ پاکستان نہ آسکے۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ اسحاق ڈار احتساب عدالت کے ٹرائل سے بھاگنا چاہتے ہیں، جس پر اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی سے بھاگنا نہیں چاہتے۔


    مزید پڑھیں : نیب کو اسحاق ڈارکیخلاف کارروائی سے روکنے کا عدالتی حکم


    عدالت نےاسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نیب عدالت کو اسحاق ڈار کیخلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا۔

    گزشتہ سماعت میں عدالت نے اسحاق ڈار کے ساتھ ضامن کا بھی کیس بھی یکجا کرتے ہوئے احتساب عدالت کو اسحاق ڈار کیخلاف کارروائی سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیب اسحاق ڈار اور ان کے ضامن کیخلاف بھی17جنوری تک کوئی کارروائی نہ کرے۔

    خیال رہے کہ آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب کی سربراہی میں نیب پراسیکیوشن ونگ نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں ، داماد اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنسزدائرکیے تھے۔قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف 3 اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 1 ریفرنس دائر کیا تھا۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف سیکشن 14 سی لگائی گئی ہے ‘جو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے۔ نیب کی دفعہ 14 سی کی سزا 14 سال مقرر ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔