Tag: plot

  • امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    واشنگٹن:امریکا میں گھریلو ساختہ بم کے ذریعے مسلمان شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو افراد کو سزائے قید سنا دی گئی۔ جج نے دونوں مجرموں کو امریکی جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیس سالہ برائن کولانیری اور انیس سالہ اینڈریو کریسل نامی دونوں شدت پسندوں کو نیویارک کی مسلم کمیونٹی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں چار اور بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی،دونوں افراد نے جون کے مہینے میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    مونرو کاؤنٹی کی عدالت کے جج سیموئل ویلیریانی نے سزا سناتے وقت مجرموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارا دہشت گردانہ منصوبہ صرف اس کا شکار بننے والوں کی طرز زندگی کے خلاف ایک بیہمانہ دھمکی نہیں تھا بلکہ یہ ہمارے جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ تھا،دونوں مجرموں نے جج کے سامنے اپنے جرم پر ندامت کا اظہار کیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کولانیری نے کہاکہ میں کبھی بھی اس حد تک نہیں جانا چاہتا تھا،ان دونوں اور دو دیگر افراد پر اسلام برگ میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسلام برگ نیویارک کے نواحی قصبے ٹومپکنز کی دیہاتی مسلم کمیونٹی ہے۔

    امریکی سکیورٹی حکام نے ان افراد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے تئیس آٹومیٹک بندوقوں کے علاوہ تین گھریلو ساختہ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔

    دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پولیس کو عام شہریوں نے اطلاع دی تھی۔ مقامی کمیونٹی کو ان کے رویوں کے بارے میں شبہ ہوا تھا۔

    ابتدائی معلومات ملنے کے بعد تفتیش کاروں نے گزشتہ برس کے اختتام تک انہیں نظر میں رکھا ہوا تھا لیکن ایک نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لنچ کے دوران ان لوگوں کی کچھ گفتگو سنی جس میں وہ حملے کے منصوبے پر آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔

    جس کے بعد ان چاروں کی گرفتاری ممکن ہوئی،مجرموں کو سزا سنائی گئی تو اسلام برگ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔

    ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون طاہرہ کلارک نے بتایا کہ اس منصوبے کا علم ہونے کے بعد سے علاقے کے لوگوں کی زندگیاں معمول کے مطابق نہیں رہیں۔

    دہشت گردی کے تیسرے منصوبہ ساز بیس سالہ وینسنٹ ویٹرومائل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم کا اقرار کر چکا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ ممکنہ طور پر انتیس اگست کے روز سنایا جائے گا۔

    چوتھے مجرم کی عمر سولہ برس ہے اور اسے دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات برس قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جس میں سے پہلے دو برس وہ کم عمروں کی جیل میں گزارے گا۔

  • لندن پرائیڈ کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والا جوڑا گرفتار

    لندن پرائیڈ کے موقع پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والا جوڑا گرفتار

    لندن : برطانوی پولیس نے ہم جنس پرستوں کی ریلی پر دہشت گردانہ حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں جوڑے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ نے بریڈفوردڈشائر میں انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پر کاررروائی کرتے ہوئے 28سالہ مرد اور 25 سالہ خاتون کو ہم جنس پرستوں کی ریلی کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار جوڑا ہم جنس پرستوں کی ریلی پر مبینہ طور پر گاڑی اور چاقو کے ذریعے حملے کی تیاری کررہا تھا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جوائنٹ آپریشن تھا جس میں میٹروپولیٹن پولیس کے ایس او 15 انسداد دہشت گردی یونٹ اور خفیہ ایجنسی ایم آئی 5کے اہلکاروں نے حصّہ لیا تھا۔

    پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دونوں ملزمان کو دہشت گردی کی دفعات انڈر سیکشن 41 اور ٹیررازم ایکٹ 2000 کے تحت مقدمات بنائے گئےہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اہکاروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور جوڑے کے رہائشی علاقے میں شرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت لندن میں منعقد ہونے والے ہونے والا ہم جنس پرستوں کے پرائڈ فیسٹول پلان کے مطابق ہوگا، عوام کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ وہ اپنی منصوبہ بندی پر معمول کے مطابق عمل کریں۔

    پولیس ترجمان نے عوام نے اپیل کی کہ ’کسی بھی عوامی تقریب میں کوئی مشتبہ حرکت کرتا نظرآئے، یا مشتبہ سامان یا شخص نظر آئے تو فوری طور پر میٹرو پولیٹن پولیس کو مطلع کریں۔

  • سڈنی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 3 افراد گرفتار

    سڈنی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں 3 افراد گرفتار

    کینبرا : آسٹریلیا نے داعش سے وابستگی رکھنے والے گروپ کے تین مبینہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے، حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ افراد سڈنی میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسرنے کہاکہ گرفتار ہونے والے تینوں مبینہ جہادیوں کی پلاننگ میں منظم انداز میں سڈنی شہر میں واقع پولیس اور دفاعی عمارتوں کے علاوہ سفارتی مشنز، عدالتوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانا شامل تھا، ان کو ایسی سازش کو پلان کرنے کی ابتدا میں ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    فیڈرل پولیس کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد میں ایک بیس سالہ نوجوان بھی شامل ہے اور یہ ایک سال سے اپنی مشتبہ سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس کی مسلسل نگرانی میں تھا۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ یہ جہادی آسٹریلیا میں اپنے دہشت گردانہ منصوبوں پر عمل کرنے کے بعد افغانستان پہنچ کر وہاں فعال ہوتی داعش کی مسلح کارروائیوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے، ان افراد پر دہشت گرادانہ منصوبوں کی سازش کرنے کی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ یہ ایک سال قبل لبنان سے آسٹریلیا پہنچا تھا۔

    آسٹریلوی پولیس کے مطابق بیس سالہ مشتبہ شخص انفرادی سطح پر بھی افغانستان پہنچ کر اپنے منصوبوں پر عمل کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔عدالت میں الزام ثابت ہونے کی صورت میں بیس سالہ مشتبہ جہادی کو تو کم از کم عمر قید کی سزا کا سامنا ہو سکتا ہے اور بقیہ دو کو بھی طویل مدتی سزائیں سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان گرفتار شدگان میں ایک تیئیس سالہ مبینہ جہادی کو مختلف دہشت گردانہ تنظیموں کے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام کا سامنا ہے، آسٹریلوی پولیس نے گرفتار ہونے والے تیسرے شخص کی عمر تیس برس بتائی ۔

    اس کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ بیس اور23سالہ جہادیوں کی پلاننگ میں مالی معاون کے طور پر شریک تھا۔ اس مشتبہ شخص کا دولت اکھٹی کرنے کا طریقہ لوگوں کو نوکریوں کا لالچ دے کر پیسے ہتھیانا بتایا گیا ۔ان تینوں افراد کو امکاناً ابتدائی چھان بین کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    وفاقی پولیس کے مطابق تینوں مشتبہ افراد کی منصوبہ سازی ابتدائی مرحلے میں تھی۔ گزشتہ برس ستمبر کے بعد آسٹریلوی پولیس نے سولہویں دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنایا ہے۔

  • ملعون ڈچ سیاست داں‌ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص‌ گرفتار

    ملعون ڈچ سیاست داں‌ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص‌ گرفتار

    ایمسٹرڈیم : پولیس نے حضرت محمد ﷺ کے توہین آمیز خاکوں کا مقابلہ منعقد کرنے والے  ملعون ڈچ سیاست دان گیرٹ وولڈرز پر حملے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ پولیس کی جانب سے 26 سالہ مشتبہ شخص کو اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ وولڈرز پر ممکنہ حملہ کرنے کی منصوبہ کرنے پر ہالینڈ کے شہر دی ہیگ کے مین ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ہالینڈ کا قدامت پسند  ملعون سیاست دان گیرٹ وولڈرز  نے حضرت محمد  ﷺکے توہین آمیز خاکوں کے متنازعہ مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث امت مسلمہ کی جانب سے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ہالینڈ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے 26 سالہ شخص کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے  ملعون گیئرٹ ولڈرز کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو  پیغام میں اسلام مخالف سیاست دان اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ 25 اگست کو ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نہ ہی توہین آمیز مقابلوں کا فیصلہ ہالینڈ کی حکومت کا ہے اور نہ ہی  گیرٹ وولڈرز (ملعون )حکومت کا حصّہ ہے۔

    ہالینڈ کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توہین آمیز خاکوں کے قبیح مقابلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس کا مقصد اسلام مخالف بحث کو ہوا دینے کے بجائے اسلام خلاف جذبات ابھارنا ہے‘۔

    خیال رہے کہ فریڈم پارٹی کا ملعون  رہنما گیرٹ وولڈرز وہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ ہاوس میں ایک متنازع بل پیش کیا تھا جس میں قرآن مجید کی ترسیل پر پابندی کی درخواست کی گئی تھی ساتھ ساتھ وولڈرز ہالینڈ میں خواتین پر پردے کی پابندی کا بل بھی پیش کرچکا ہے۔

    واضح رہے کہ مغربی ممالک میں اس سے قبل بھی امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے کے لیے متنازع مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہا ہے۔

  • رینجرزنے خالی پلاٹ سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑلیا

    رینجرزنے خالی پلاٹ سے اسلحے کا بڑا ذخیرہ پکڑلیا

    کراچی : رینجرز نے خالی پلاٹ میں چھپایا گیا اسلحے کابڑا ذخیرہ پکڑلیا، ترجمان کا کہنا ہے اسلحہ بدامنی کے لئے استعمال ہونا تھا، سائٹ ایریا اور مچھر کالونی سے پانچ ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ملیر کے علاقے جام گوٹھ میں خالی پلاٹ پر چھاپہ مارا، پلاٹ سے چھپایا گیا اسلحہ کا ذخیرہ برآمد کرلیا، مذکورہ اسلحہ لیاری گینگ وار کے سردار مٹھل گروہ کا بتایا جا رہا ہے۔

    اسلحے میں ایک عدد 30 بور پستول، ایک عدد 22 بور پستول، ایک عدد 38 بور ریوالور، ایک آوان بم لانچر، ایک عدد ایس ایم جی بمعہ 4 عدد میگزین، ایک عدد 223 بور رائفل، ایک عدد گرنیڈ، مختلف اقسام کے 168 راؤنڈز، 10 عدد آوان بم، ایک عدد ٹیلی اسکوپ اور ڈیڑھ سو سے زائد گولیاں شامل ہیں۔

    رینجرز اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طورپرقریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب کراچی پولیس نے مچھر کالونی میں کارروائی کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ سائٹ ایریا پولیس نے بھی دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیاہے۔