Tag: Plum

  • سوات میں خوش ذائقہ ’’آلوچہ‘‘ کی بہار آگئی

    سوات میں خوش ذائقہ ’’آلوچہ‘‘ کی بہار آگئی

    سوات : پاکستان کی جنت نظیر وادی سوات کا خوش ذائقہ پھل آلوچہ ملک بھر میں مشہور ہے، وادی سے بڑی تعداد میں آلوچہ کی سپلائی جاری ہے۔

    نمائندہ ’اے آر وائی نیوز سوات‘ شہزاد عالم کی رپورٹ کے مطابق جنت نظیر وادی سوات کو اللہ تعالٰی نے خوبصورتی کے ساتھ ہر موسم میں پھل اور میوہ جات سے نوازا ہے۔ موسم گرما میں وادی سوات میں مختلف پھل بھی پائے جاتے ہیں جن میں آلوچہ کو اس موسم کا سب سے پسندیدہ پھل مانا جاتا ہے۔

    سوات میں خوش رنگ آلوچہ کی بہار آچکی ہے اور ساتھ اس خوش ذائقہ پھل کی ملک بھر میں سپلائی کا کام بھی شروع ہوچکا ہے۔ سوات کے تحصیل بریکوٹ میں اس سوغات آلوچہ کو دیدہ زیب ڈبوں میں پیک کرکے ملک بھر کی چھوٹے بڑے مارکیٹوں میں سپلائی کیا جا رہا ہے۔

    مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ جون کے مہینے میں آلوچہ کی فصل پک جاتی ہے پھر اسے احتیاط سے توڑا جاتا ہے تاکہ یہ خراب نہ ہو۔

    دوسری جانب مارکیٹ میں بہتر ریٹ ملنے پر باغ مالکان خوش تو ہیں مگر سبسڈی نہ ملنے پر حکومت سے نالاں بھی نظر آتے ہیں۔

    اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ان زمینداروں کو ادویات اور کھاد پر سبسڈی دے دے تو باغات کے مالکان کو فائدہ ہوگا اور آلوچہ کی پیداوار کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔

  • آلو بخارے کے سینکڑوں فوائد

    آلو بخارے کے سینکڑوں فوائد

    رواں سیزن کا پھل آلو بخارا اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے، اور بے شمار جسمانی فائدے پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے شرکت کی اور انہوں نے آلو بخارے کے فوائد بتائے۔

    حکیم نذیر کا کہنا تھا کہ آلو بخارا سرد مزاج کا حامل پھل ہے، اور ٹھنڈے پہاڑی علاقوں میں پیدا ہوتا ہے۔ اس کا استعمال ہارٹ اٹیک، فالج اور غشی کا خطرہ کم کرتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے لہٰذا بالوں کی نشونما اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بہترین ہے جبکہ یہ اینٹی ڈپریسنٹ بھی ہے اور جسم میں خون کی کمی بھی دور کرتا ہے۔

    حکیم نذیر کے مطابق آلو بخارا معدے اور نظام ہاضمہ کو درست رکھتا ہے جبکہ یہ یرقان، ہیپاٹائٹس اور پیٹ کے کیڑوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خشک آلو بخارے کے 4 دانے ایک گلاس پانی میں بھگو دیں اور اس میں ایک چمچ سونف شامل دیں۔ حاملہ خواتین حمل کے دوران متلی اور کمزوری کی صورت میں اسے چھان کر نہار منہ کر پی لیں۔

    علاوہ ازیں اس کے پتے ناریل کے تیل میں ایک گھنٹہ دھوپ میں رکھیں، اس کے بعد اس تیل کو بالوں میں لگائیں بالوں کے متعدد مسائل جیسے خشکی، بال جھڑکنا، بے رونقی وغیرہ کا خاتمہ ہوگا اور بال لمبے اور گھنے ہوں گے۔