Tag: PM Imran Khan

  • پنجاب کابینہ: وزیرِ اعظم عمران خان کے وزرا سے انٹرویوز، وزرا کے ناموں اور قلم دانوں کا فیصلہ

    پنجاب کابینہ: وزیرِ اعظم عمران خان کے وزرا سے انٹرویوز، وزرا کے ناموں اور قلم دانوں کا فیصلہ

    اسلام آباد: پنجاب کابینہ کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان نے وزارتوں کے قلم دان سونپنے سے قبل ممکنہ وزرا کے انٹرویوز کیے، وزیرِ اعظم نے مشاورت کے بعد وزرا کے نام اور قلم دانوں کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزارتوں کے قلم دان سونپے جانے سے قبل وزیرِ اعظم نے ممکنہ وزرا سے انفرادی انٹرویوز کیے، انٹرویوز میں شارٹ لسٹ ارکان کو قلم دان دیے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور متوقع کابینہ کے ارکان نے ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے مشاورت کے بعد وزرا کے نام اور قلم دانوں کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کو وزارتِ بلدیات ملنے کا امکان ہے جب کہ محمود الرشید کو وزارتِ ہاؤسنگ، فیاض الحسن کو اطلاعات، ڈاکٹر یاسمین راشد کو صحت، مراد راس کو تعلیم اور ہاشم بخت کو وزارتِ خزانہ کا قلم دان ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے، راجا بشارت پارلیمانی امور قانون کے وزیر، حافظ عمار جنگلات اور سبطین خان زراعت و معدنیات کے وزیر ہوں گے۔


    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا


    ذرائع نے مزید کہا کہ عنصر مجید کو ہیومن ریسورس کا قلم دان دیا جائے گا۔ دوسری طرف ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ صوبائی کابینہ 2 مراحل میں حلف اٹھائے گی۔

  • وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر ہفتے جمعہ اور منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو کفایت شعاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ’حکمرانوں کو عوام کے لیے آئیڈیل بننا ہو گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ سادگی کا عمل خود سے شروع کر کے صوبے بھر میں پھیلایا جائے، عوام ہم سے تبدیلی کی امید کر رہی ہے اس لیے تبدیلی لا کر دکھائیں۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزرا کی کارکردگی کو وہ خود مانیٹر کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں میں بھی چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا بھی مسلسل جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔


    مزید پڑھیں: پنجاب کابینہ پرمشاورت کے لیے وزیراعلیٰ کوطلب کرلیا


    واضح رہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب کابینہ کے ناموں اور محکموں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیرِ اعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے، کابینہ نامزدگی کی صورت میں پیر کو گورنر ہاؤس میں نئی کابینہ کی حلف برداری ہوگی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں کے درمیان کابینہ مختصر رکھنے پراتفاق کیا گیا تھا۔

  • پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بلالیا

    پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بلالیا

    اسلام آباد : پنجاب کابینہ کی حتمی منظوری کے لئے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب کرلیا، پنجاب کابینہ کا 28اگست کو حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد بلالیا، ملاقات میں وزیراعظم پنجاب کابینہ کے ناموں کی حتمی منظوری دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے پنجاب کابینہ کا 28 اگست کو حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں :  پنجاب میں حکومت سازی پر مشاورت مکمل

    یاد رہے  گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور  وزیر اعلیٰ عثمان بزار کی ملاقات میں پنجاب میں حکومت سازی پر مشاورت مکمل کرلی گئی تھی، حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کےبعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق  پنجاب کابینہ کی تعداد 15 سے 20 اراکین تک ہوگی، عبدالعلیم خان اور میاں محمودالرشید میں سے ایک کو  سینیئر وزیر بنایا جائے گا ، میاں اسلم اقبال اورڈاکٹریاسمین راشد کو بھی وزارت ملنےکا قومی امکان ہے جبکہ فیاض الحسن چوہان کو وزیراطلاعات بنایاجاسکتاہے۔

    جہانزیب کھچی،اجمل چیمہ،فیصل جبوآنہ،تیموربھٹی،حافظ عمار یاسراورراجہ یاسرہمایوں کا نام بھی فائنل کر لیے گئے ہیں جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سےآشفہ ریاض،رحیم یارخان سےہاشم جواں بخت راوالپنڈی سےراجہ بشارت،ڈی جی خان سےمحسن لغاری کو وزیر بنایا جائےگا۔

    واضح رہے  اس سے قبل بھی عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں عمران خان نے پنجاب پولیس کلچر کو تبدیل کرنے اور کفایت شعاری اپنانے پر زور دیا. اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کی جائے گی

    وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کی جائے گی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی  ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں تمام وزرا کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (کیڈ) کی وزارت کو ختم کر کے اس کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جائے گا، خیال رہے کہ وزارتِ کیڈ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں قائم کیا گیا تھا۔

    اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق وفاقی کابینہ کے پیشِ نظر صوابدیدی فنڈ ختم کرنا سرِ فہرست ہے، غیر ملکی دوروں سے متعلق خصوصی ہدایات اور لوڈ شیڈنگ پر بھی بریفنگ شامل ہے۔

    ملک بھر میں ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی آڈٹ کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے، دیگر معاملات میں ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں میٹرو پروجیکٹس کا آڈٹ، ملک بھر میں شجر کاری مہم، سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنا، ملک بھر میں خصوصی صفائی مہم شامل ہیں۔


    کے پی میں پہلے سے بہتر کام کرنا ہوگا، وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کروں گا: عمران خان


    خیال رہے کہ وزير اعظم عمران خان آج سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ بھی لیں گے، اس سلسلے میں پہلا دورہ وزارت خارجہ کا ہوگا۔

    وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے حوالے سے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں پہلے سے بہتر کام کرنا ہوگا، اور وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کروں گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی کینسر میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت

    وزیراعظم عمران خان کی کینسر میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پہلا نوٹس لیتے ہوئے کینسر کے مرض میں مبتلا ٹیبل ٹینس اسٹار مہک انور کے علاج کیلئے انتظامات کی ہدایت جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بحثیت وزیر اعظم عمران خان نے پہلا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کے انتظامات کئے جائیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوٹس میڈیا پر چلنے والی خبروں پر لیا گیا، مہک انور کے والد نے وزیراعظم سے بچی کاعلاج کرانے کی اپیل کی تھی، مہک انور ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی ہیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔

  • پنجاب کی عوام نے نئے پاکستان کی آواز پر لبیک کہا ہے ،وزیراعظم عمران خان

    پنجاب کی عوام نے نئے پاکستان کی آواز پر لبیک کہا ہے ،وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی عوام نےنئےپاکستان کی آواز پر لبیک کہا ہے ،امید ہے عثمان بزدار اعتماد پر پورا اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات کی، ملاقات میں عمران خان نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔

    ملاقات میں پنجاب کابینہ کی تشکیل پر مشاورت ہوئی اور رکن پنجاب اسمبلی علیم خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی کابینہ عیدالاضحی کے بعد حلف اٹھائے گی۔

    اسس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کا انتخاب پنجاب میں ایک نئے دور کا آغاز ہے پنجاب بھرخصوصاً پسماندہ علاقوں میں تعمیرو ترقی پرزور دیا جائے گا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ پنجاب کی عوام نے نئے پاکستان کی آواز پر لبیک کہا ہے ، امید ہے عثمان بزدار اعتماد پر پورا اتریں گے۔

    گذشتہ روز عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب کےعہدے کا حلف اٹھایا تھا، قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے عثمان بزدار سے حلف لیا۔

    مزید پڑھیں : سردارعثمان بزدار نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب قوم کا پیسہ قوم پرہی خرچ ہوگا، سرکاری وسائل کو قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کریں گے۔

    پنجاب اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کے عثمان بزدار186ووٹ حاصل کرکے وزارت اعلیٰ کے حقدار قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل ن لیگ کے حمزہ شہباز159ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے  نوجوت سنگھ سدھو کوامن کا سفیرقراردے دیا

    وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کوامن کا سفیرقراردے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کوامن کا سفیر قراردیتے ہوئے کہا کہ تقریب حلف برداری میں شرکت پر سدھو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سدھو کو نشانہ بنانے والے امن کونقصان پہنچا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سدھو کو تنقید کا نشانہ بنانے پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کو امن کا سفیر قرار دے دیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو کی پاکستان آمد اور تقریب حلف برداری میں شرکت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سدھو امن کے سفیر ہیں، انہیں پاکستان کے لوگوں نے محبت دی، بھارت میں سدھوکو نشانہ بنانے والے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ امن کے بغیر خطے کے عوام ترقی نہیں کرسکتے، آگے بڑھنے کیلئے پاک بھارت مذاکرات ضروری ہیں، کشمیر سمیت تمام تمام تنازعات کا حل نکالنا ہوگا۔ غربت کے خاتمے اور اختلافات ختم کرنے کیلئے آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کئے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے۔

    یاد رہے نوجوت سدھو کے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ سے گلے ملنے اور صدر آزاد کشمیر مسعود خان کے ساتھ بیٹھنے پر بھارتی میڈیا اور انتہا پسند آگ بگولہ ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : سدھو کی تقریب حلف برداری میں شرکت، بھارتی میڈیا بھڑک اٹھا

    جس کے بعد لدھیانہ میں مشتعل افراد نے سدھو کے پوسٹر اور پتلے کو آگ لگائی گئی جبکہ انتہا پسند جماعتوں نے بھارت کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے، جس میں سدھو کے پتلے کو بھی نذر آتش کیا گیا تھا۔

    انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل نے سدھو کے سر کی قیمت مقرر کردی ہے اور کہا ہے کہ سدھوکا سر لانے والے کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کا عید کے دنوں میں چھٹی نہ کرنے کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا عید کے دنوں میں چھٹی نہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے عید کے دنوں میں بھی چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کرکے ایک اور نئی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی جبکہ وفاقی وزرا کو بھی زیادہ چھٹیاں نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کام کام اور بس کام، بابائے قوم کے فلسفے پر عمران خان نے عمل کرنے کی ٹھان لی، وزیراعظم نے عید الاضحیٰ کی چھٹیاں نہ کرنے کا اعلان کیا، وہ عید کے دنوں میں بھی امور مملکت چلائیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان عید کی چھٹیاں شہر اقتدارمیں ہی گزاریں گے، نماز عید اور قربانی کے بعد سرکاری امور کا جائزہ لیں گے۔

    وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو بھی زیادہ چھٹیاں نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھٹیوں کے دوران ضروری امور مملکت نمٹائے جائیں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں وزرا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب آپ عمران خان کی وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں لہٰذا اپنے خاندان کو بھول جائیں کیوں کہ میں روزانہ 16 گھنٹے کام کروں گا اور آپ کو 14 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔

    انھوں نے ٹیم کو واضح پیغام دیا تھا کہ کارکردگی دکھائیں گے تو ہی وزارتوں پر رہیں گے۔

    کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی وزیر کا سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج نہیں ہوگا احتساب کا عمل وزیراعظم اور کابینہ سے شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا، جس میں 16 وزیر اور 5 مشیر شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شریں مزاری، شیخ رشید، فواد چوہدری، زبیدہ جلال، غلام سرور خان، فہمیدہ مرزا، طارق بشیرچیمہ، عامر کیانی، شفقت محمود، خسرو بختیار اور مولانا نورالحق قادری شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے مشیروں میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کا خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل کیلئے آج اجلاس طلب

    وزیراعظم عمران خان کا خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل کیلئے آج اجلاس طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل کے لیے آج  اجلاس بلا لیا، جس میں کابینہ کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ و زیراعلیٰ محمود خان اور نامزد گورنر شاہ فرمان کو بھی اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کی تشکیل آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کے پی کابینہ کی تشکیل کے لیے اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔

    اجلاس میں کابینہ کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اور نامزد گورنر شاہ فرمان بھی شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کیلئے تئیس ممبران کا انٹرویو ہوگا،ابتدائی کابینہ دس وزرا اور پانچ مشیروں پر مشتمل ہوگی، تیمور جھگڑا، عاطف خان، شہرام ترکئی کو اہم ذمے داری ملے گی۔

    مزید پڑھیں : خیبر پختونخوا: محمود خان نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں نہ رہنے کا اعلان

    یاد رہے گذشتہ روز ترجمان کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی نقل و حرکت کے دوران سڑکیں بند نہیں ہوں گی، وہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں بھی نہیں رہیں گے۔

    خیال رہے خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پروزیراعظم عمران خان موجود تھے۔

    وفاقی کابینہ میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شریں مزاری، شیخ رشید، فواد چوہدری، زبیدہ جلال، غلام سرور خان، فہمیدہ مرزا، طارق بشیرچیمہ، عامر کیانی، شفقت محمود، خسرو بختیار اور مولانا نورالحق قادری شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں بابراعوان پارلیمانی امور، ملک امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ڈاکٹرعشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات، عبدالرزاق داؤد صنعت وتجارت جبکہ محمد شہزاد ارباب کواسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مشیرلگایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف نے وفاق اور تین صوبوں میں واضح اکثریت حاصل کی۔

  • آج پاکستان اورعوام کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والوں کا دن ہے، وزیراعظم عمران خان

    آج پاکستان اورعوام کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والوں کا دن ہے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، آج پاکستان اورعوام کے تحفظ کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے والوں کا دن ہے۔

    یہ بات وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے متاثرین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہی، وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں شہری اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پشاور اے پی ایس حملے کے130شہداء کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا،نقصانات کے باوجود ہمارا دہشت گردی کیخلاف جنگ کاعزم پختہ ہے، دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کے لئے اقدامات کا اعادہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج قانون نافذ کرنیوالےاداروں، مسلح افواج کو سراہنے کا بھی دن ہے، پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے میں عالمی برادری کے ساتھ ہے، عالمی برادری مل کر دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کیلئےاقدامات کرے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے دہشت گردی کے متاثرین کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، اس سلسلے میں عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کی گئی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیرنو، لواحقین کی مالی معاونت کی گئی۔