کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ ادارہ پاکستان کی پہچان ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پی آئی اے کے انتظامی، مالی اور دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ دی گئی،اس موقع پر پی آئی اے کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن ہونے کے ناطے پی آئی اے ملک کی پہچان ہے، بدقسمتی سے ماضی میں پی آئی اے بدانتظامی اور کرپشن کا شکار رہا، ان اداروں کا بوجھ عام آدمی اور ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ادارے کے خسارے پر قابو پانے کیلئے جامع بزنس پلان بنایا جائے۔
وزیراعظم نے چیئرمین پی آئی اے کو جامع بزنس پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے کا کل خسارہ 414.3ارب روپے ہے،194جعلی ملازمین73کیبن کریو اور سات پائلٹس کو جعلی ڈگری ہونے پر فارغ کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے موجودہ انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان خاصا تناؤ رہا. وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی، سندھ کی قیادت نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا.
اس دوران گورنر راج کی بازگشت بھی سنائی دی اور فواد چوہدری کے دورہ سندھ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا گیا. البتہ بعد میں پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا مطالبہ فقط وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ ہے.
اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تنظیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی میں تنظیم نو کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی سیکریٹری جنرل ارشد داد نے ملاقات کی، ملاقات میں تحریک انصاف کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
اس موقع پرتحریک انصاف کے تنظیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی اور پی ٹی آئی کے پنجاب اور پختونخوا میں ریجنز کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ نئے نظام کے تحت ریجنز کی جگہ ڈویژنز کی بحالی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اگلے مرحلے میں صوبائی، ڈویژنل، ضلع اور تحصیل سطح پر پارٹی ڈھانچہ ترتیب دیا جائے گا، مقامی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کا تقرر مقامی حکومتوں کے نظام سے مطابقت میں کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی چیئرمین کی سیکرٹری جنرل کو تنظیمی ڈھانچے بلاتاخیر مکمل کرنے اور تنظیم سازی کے ساتھ پارٹی آئین کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایات پر نئے تنظیمی ڈھانچے کیلئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دیا میر بھاشا ڈیم فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دبئی سےتعلق رکھنے والے اوور سیز تاجروں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہے، تاجروں کے وفد نے دبئی میں 9 لاکھ 18510 ڈالر ڈیم فنڈ کے لئے عطیہ کیے تھے.
[bs-quote quote=” دیا میر بھاشا ڈیم فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”وزیر اعظم”][/bs-quote]
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، ملک میں پانی کے ذخائر کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے.
وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ دیا میر بھاشا، مہمند ڈیم منصوبے وقت سے پہلےشروع ہوں گے، بہت جلد مہمند ڈیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے.
وزیراعظم کو سینیٹرفیصل جاوید نے ڈیم فنڈ ریزنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی.
بریفنگ کے مطابق دبئی، برسلز، آسٹریا، فرانس، ڈنمارک، ناروے، گریس، سیٹل، نیو جرسی، شکاگو میں ڈیم فنڈ ریزنگ کا انعقاد کیا گیا.
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ واشنگٹن ڈی سی اور ایریزونا میں بھی فنڈ ریزنگ کا انعقاد کیا گیا، بہت جلد دیگر ممالک میں فنڈ ریزنگ ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا.
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اووسیز پاکستانیوں کی طرف سےمزیدعطیات ڈیم فنڈ میں جمع کرائے جائیں گے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی جس میں وزیر اطلاعات نے سندھ میں اتحادیوں سے رابطوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک رہے۔
ملاقات میں فواد چوہدری کے دورہ سندھ کے آغاز سے قبل وزیر اعظم سے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فواد چوہدری نے سندھ میں اتحادیوں سے رابطوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے سندھ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔
ملاقات میں سندھ میں گیس بحران پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اسد عمر، خسرو بختیار اور غلام سرور کو سندھ میں گیس کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا جعلی اکاؤنٹس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں نام آنے کے پیش نظر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، فواد چوہدری جے آئی ٹی رپورٹ پر سیاسی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری وزیر اعظم کا خصوصی پیغام بھی سیاسی رہنماؤں کو پہنچائیں گے۔
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان3سے4جنوری کو ترکی کا دورہ کریں گے، ان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار ور عبدالرزاق داؤد بھی ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے ترکی کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاک ترک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پربھی گفتگو کی جائے گی۔ تین اور چار جنوری کو کیے جانے والے دورے میں وزیر خزانہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار اور عبدالرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ترکی میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، اس موقع پر ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی، وزیراعظم کے دورہ ترکی سے دونوں ممالک میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ترک وزیرداخلہ سلیمان سوئلو نے وزیراعظم عمران خان کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دورہ ترکی کی دعوت دی تھی جاور ترک صدر کی جانب سے نیک تمناؤں کاپیغام اور خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں، منی لانڈرنگ کرنے والوں کی چیخیں سن رہا ہوں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں سُفرا کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، عمران خان کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمیں دوسروں پر انحصار کی پالیسی ترک کرنے کیلئے مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر وزارت خارجہ مبارکباد کی مستحق ہے، قومی غیرت کی بات کی جائے تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا ہے، قوم تب اٹھتی ہےجب وہ یقین کرناشروع کرتی ہے، جہاں آج پاکستان ہے، سمجھتا ہوں یہ ہمارے لیےبہت بڑا موقع ہے، ایک چیز واضح ہوجانی چاہیے کہ پاکستان ایسے آگےنہیں چل سکتا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، گھر قرضوں پر زیادہ دیرنہیں چل سکتا، اس طرح ملک بھی قرضوں پر زیادہ دیر نہیں چلتا، دوسروں پر انحصارکی پالیسی ترک کرنے کیلئے مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا، ہمیں دوسروں پر انحصار کی پالیسی ترک کرنا ہوگی، قوم تب اٹھتی ہےجب وہ یقین کرناشروع کرتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ ہمارے ملک کو نقصان غیرت ختم ہونے کی وجہ سے پہنچا، ہم نے اپنے خرچے کم نہیں کیے ہم ایک قوم نہیں بن سکے، جتنے بھی مسائل دیکھ لیں وہ اسی مائنڈ سیٹ سے آئےہیں، فراڈ قسم کے مائنڈ سیٹ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔
ماضی میں ملکی آمدن بڑھانے کے بجائے شارٹ کٹ لیتے رہے، قومی وقار کی بات کرتے ہیں تو مذاق اڑایا جاتاہے، ملک کی بہتری کیلئے دفترخارجہ اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرے، دوسروں پر انحصار کی پالیسی کی وجہ سے خارجہ پالیسی کوبھی نقصان پہنچا، ملک کا امیج خراب کرنے میں ہم سب کا بہت بڑا ہاتھ ہے، ہم نے ماضی میں مختصر مدت کے مفاد کیلئے غلط فیصلے کئے بیرون ملک قرضوں سے اشرافیہ مستفید ہوتی رہی، ہماری اپنی اشرافیہ نےخود ملک کو بدنام کیا
اوورسیز پاکستانی اثاثہ ہیں، ملک ان ہی کی کمائی سے چل رہا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لئے سب سے بڑا اثاثہ ہیں، میں نے شوکت خانم اسپتال کیلئے بھی اوورسیز پاکستانیوں سے ہی رابطہ کیا تھا، مجھے پتہ ہے اوورسیز پاکستانی بہت کو آپریٹو ہیں، ہمیں ان کو یقین دلانا ہوگا ان کاپیسہ ٹھیک جگہ پر لگ رہا ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے روابط رکھنا بہت ضروری ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے بیوی بچے،ماں باپ چھوڑ کر باہر ملکوں میں کام کرتے ہیں، یہ ملک ان پاکستانیوں کے خون پسینے سے ہی چل رہا ہے، بیرون ملک پاکستانی کمیونٹیز سے مل کر ورکنگ ریلیشن گروپ بنائے جائیں، جو ہمیں چیلنجزہیں ہم انہیں بہتر معیشت کے بغیر دور نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سالانہ دس ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہورہی ہے اس کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے، بیرون ملک کمانے والے پاکستانیوں کیلئےدل میں رحم پیدا کریں، منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئےبھی آپ کی بڑی مدد چاہئے۔
جب تک لوگ سرمایہ کاری نہیں کرینگےتوملک میں ترقی نہیں ہوگی، پوری کوشش کریں گےکہ تاجر برادری کے ساتھ کھڑے ہوں، ملائیشیا میں ہماری بہترین سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی، منی لانڈرنگ کے معاملے میں کل سے میری تعریف ہورہی ہے، فخر ہے ہمارا دفترخارجہ معیاری اورتجربہ کار سفارت کار ہیں، سفارت کاروں کی کارکردگی بہتر ہے اس میں مزید بہتری لانا ہوگی۔
منی لانڈرنگ کرنے والوں کی چیخیں سن رہا ہوں، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ کےخلاف ملکی تاریخ کاسب سے بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں، منی لانڈرنگ کرنے والوں کی چیخیں سن رہا ہوں، منی لانڈرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، منی لانڈرنگ کرنے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی، ڈالر کی اسمگلنگ کرنے والے اپنے دن گننا شروع کردیں، سندھ میں تو کل سے چیخوں کی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے میں کوئی جلدی نہیں ہے، ہمیں ڈالر کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کی ضرورت نہیں، آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن نہیں لیتے، معیشت میں اصلاحات ملک کیلئےکی ہیں، اگلا منی بجٹ عوام دشمن نہیں ہوگا، بجٹ میں کاروبارکا فروغ چاہتے ہیں، ایف اے ٹی ایف کے تمام اقدامات پاکستان کےحق میں ہیں، وہ منی لانڈرنگ روکنے کا کہتا ہے، مسلح گروپوں کا خاتمہ نیشنل ایکشن ٹاسک فورس کا بھی مطالبہ ہے۔
قوم کو واضح کردوں کہ اب ملک میں اب کسی قسم کا کوئی بحران نہیں ہے البتہ چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، سرمایہ کار اطمینان رکھیں ملک میں کوئی غیریقینی صورتحال نہیں ہے، ملک کی تاریخ کاسب سے بڑا اور مؤثر غربت مٹاؤ پروگرام لے کر آرہاہوں۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر اور ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو سیکیورٹی سے متعلق خط لکھا ہے.
تفصیلات کے خالد مقبول صدیقی کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے.
خالد مقبول صدیقی نے موقف اختیار کیا کہ کراچی میں دہشت گردی کی نئی لہرنے جنم لیا ہے، ایم کیوایم رہنما، اراکین اسمبلی، بلدیاتی نمائندوں کو نشانہ بنایاجاسکتاہے.
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، میلاد پرحملہ، علی رضا عابدی کا قتل امن خراب کرنے کی سازش ہے.
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اداروں کو سیکیورٹی فراہمی کے احکامات دیں، اب تک ایم کیوایم رہنماؤں کوسیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی.
خط میں وفاقی وزیر نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت کورہنماؤں کی سیکیورٹی کے لیے لسٹ فراہم کر چکے ہیں، مگر لسٹ فراہمی کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کیے گئے.
یاد رہے کہ گذشتہ دونوں ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو ڈیفینس میں ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا گیا تھا.
علی رضا عابدی موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے. اس واقعے پر ملک بھر سے شدید ردعمل آیا.
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب کسی کی جنگ کاحصہ نہیں، البتہ امن کے لئے ثالثی کا بھرپور کردار ادا کریں گے.
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا، تقریب حکومت کی طرف سےانڈسٹری کی ترقی کے لئےاقدامات کی پذیرائی پرمنعقد کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کے حل کے لئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے، حکومت صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے.
انھوں نے کہا کہ صنعت کاروں کے لئے آسانی، حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنے سے معاشی ترقی ہوتی ہے، عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، ہم امن کے لئے مسلم دنیا اور خطے میں ثالثی کا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانا اور پاکستانی عوام کی خوش حالی ہے، انشاللہ پاکستان ایک خوددارملک بنے گا۔
یاد رہے کہ آج حکومت پنجاب نے اپنی کابینہ کی سو روزہ کارکردگی سے متعلق تقریب منعقد کی، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی ہر بات مانیں گے، مگر احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیےحکومتی سطح پرہائی پاورڈنیشنل یوتھ کونسل کےقیام کافیصلہ کرلیا ہے، نوجوانوں کو سرکاری سطح پر اونر شپ ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل یوتھ کونسل کےپیٹرن ان چیف خودوزیراعظم ہوں گے اور صوبائی وزرائےکھیل بھی نیشنل یوتھ کونسل کاحصہ ہوں گے۔ کہا جارہا ہے کہ ملکی سطح پر اسپورٹس کےنمایاں ناموں کویوتھ کونسل میں شامل کیاجائےگا۔
وزیر اعظم نے نیشنل یوتھ کونسل کےقیام کی ذمہ داری اپنے معاون خصوصی عثمان ڈارکوسونپ دی ہے ،نیشنل یوتھ کونسل کےساتھ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک بنایاجائےگا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کونسل کے ذریعےملک بھر میں نوجوانوں کے لئےہونےوالی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائےگی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے انسدادمنشیات مہم کو آگے بڑھانے کے لیے اسپورٹس کلچرمتعارف کرانےکابھی فیصلہ کیا ہے،تعلیم اوراسپورٹس کوملک گیرسطح پرپھیلایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابقہ 5سالوں میں سب سےزیادہ نظراندازپاکستان کےنوجوانوں کوکیاگیا ہے ، وزیراعظم نےہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے نوجوانوں کوسرکاری سطح پراونرشپ ملےگی۔