Tag: pm abbasi

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوافغان صدارتی محل میں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوافغان صدارتی محل میں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے جہاں وہ افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پرافغان دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا افغان صدارتی محل میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

    افغان آرمی کے دستے نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سلامی دی اور اس موقع پردونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم پاکستان کے اعزاز میں افغان صدر کی جانب سے استقبالیہ دیا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ وزیرخارجہ خواجہ آصف، وزیرداخلہ احسن اقبال، گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا، مشیرقومی سلامتی ناصرجنجوعہ سمیت دیگرحکام بھی موجود ہیں۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے ایک روزہ دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی اورچیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

    خیال رہے کہ مشیرقومی سلامتی ناصرجنجوعہ کے ذریعے افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم پاکستان کو کابل کے دورے کی دعوت دی تھی

    افغان صدر اشرف غنی نے 17 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دورہ کابل کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ریاستی سطح پر جامع مذاکرات کا آغاز ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امیروں کیلئےکالادھن سفیدکرنےکی ایک اوراسکیم کااعلان آج متوقع

    امیروں کیلئےکالادھن سفیدکرنےکی ایک اوراسکیم کااعلان آج متوقع

    کراچی :  وزیراعظم شاہد خاقان  عباسی امیروں کے لئے کالا دھن سفید کرنے کی ایک اور ایمنسٹی اسکیم کا اعلان آج کریں گے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک اور بیرون ملک چھپائے گئے دونوں طرح کے اثاثوں کیلئے ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق امیروں کیلئے کالا دھن سفید کرنے کی ایک اور اسکیم کا اعلان آج متوقع ہے، خفیہ اثاثے ظاہر کرنے کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان وزیر اعظم کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس آج ہوگا، اکنامک ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔

    دو روز قبل ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر عدالت کی طرف سے گورنر اسٹیٹ بینک کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی نے بھی اپنی رپورٹ جمع کرادی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک اور بیرون ملک چھپائے گئے دونوں طرح کے اثاثوں کیلئے ہوگی، بیرون ملک چھپائے گئے اثاثے 5فیصد ٹیکس دے کر قانونی کرائے جاسکیں گے اور ملک میں چھپائے گئے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بھی 5فیصد ٹیکس دے کرقانونی ہوسکیں گے جبکہ چھپائے گئے نقد اثاثے بھی 5فیصد ٹیکس دیکر قانونی کرائے جاسکیں گے۔

    ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے خدوخال کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اب کوئی بھی شخص بغیر این ٹی این کے فاریکس اکاونٹ نہیں کھول سکے گاجبکہ 1 لاکھ ڈالرسالانہ ترسیلات زر وصول کرنیوالوں کو ذرائع بتانا ہوں گے۔

    اسی طرح گاڑیوں کی درآمد کیلئے گفٹ اسکیم رجیم ختم کردی جائے گی، کوئی بھی شخص پراپر بینک ٹرانسفر کے ذریعے ٹیکس ادا کرکے گاڑی منگوا سکے گا۔

    دوسری جانب یکم جولائی 2018سے پراپرٹی کی ویلیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جس نےدہشت گردی کےخلاف جنگ اکیلےلڑی ہو‘ وزیراعظم

    دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جس نےدہشت گردی کےخلاف جنگ اکیلےلڑی ہو‘ وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کاحصہ بنے، ہم نے اس جنگ کاحصہ بننےکی قیمت ادا کی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوجی افسر اورسیاست دانوں سمیت دیگر افراد کھوئے، اس جنگ میں ہم نے محترمہ بینظیربھٹو کو کھویا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول میں بہت سے بچے دہشت گردی کا شکارہوئے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور معاشی نقصانات برداشت کیے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا، آپریشن ضرب عضب اورردا لفساد سمیت دیگرآپریشن شروع کیےگئے۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اورکامیاب رہے، پاکستان اورچین نے مل کرسی پیک کا منصوبہ شروع کیا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی ایساملک نہیں جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اکیلے لڑی ہو، فوج، پولیس اورعوام نے مل کردہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک بن چکا ہے، سی پیک سے پاکستان عالمی رابطوں کا ذریعہ بن رہا ہے۔

    عالمی امن کے لیے پاکستانی قوم نے اپنی جان و مال قربان کیا: وزیر داخلہ

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عالمی امن کے لیے پاکستانی قوم نے اپنی جان و مال سب قربان کیا۔ سیکیورٹی فورسز، سیاست دان اور میڈیا سمیت ہرشعبے نے دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کیا۔

    امریکی امداد نہ ملنےسےکوئی فرق نہیں پڑے گا‘ وزیراعظم

    یاد رہے کہ رواں سال 7 جنوری کو برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے، اور اپنی سرزمین پریہ جنگ جیت چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے الزامات ، عمران خان کی وزیراعظم کیخلاف درخواست دائر

    سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے الزامات ، عمران خان کی وزیراعظم کیخلاف درخواست دائر

    اسلام آباد : سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کےالزامات پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکردی۔

    درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے بیان پرایکشن لے کرانہیں بلائے اور وزیراعظم ثبوت کمیشن کے سامنے پیش کریں۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نےانتخاب میں لین دین سےمتعلق الارمنگ بیان دیا، شاہد خاقان چیف ایگزیکٹو ہیں، ان کے بیان کی اہمیت ہوتی ہے، الیکشن کمیشن وزیراعظم کوبیان پرسمن کرے اور الزامات کاجائزہ لے اور وزیراعظم کے بیان کو سامنے رکھ کر مزیدکارروائی کی جائے۔

    درخواست میں پی ٹی آئی نے وزیراعظم کےبیان کےخبرکے تراشےبھی درخواست کیساتھ لگائےہیں۔


    مزید پڑھیں : جو سینیٹر پیسہ دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا۔


    یاد رہے کہ وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ  وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ  نیب کی عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں، جو سینیٹر پیسہ دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا۔

    خیال رہے کہ تین مارچ کو سینیٹ کی 52 نشتوں پر نمائندے منتخب کرنے کے لیے چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل منعقد کیا گیا جس میں اراکین اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدواروں نے پنجاب سے 11، اسلام آباد سے 2 اور خیبرپختونخواہ سے 2 نشتیں حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی علاوہ ازیں پیپلزپارٹی دوڑ میں 12 نشتیں اپنے نام کرکے دوسرے نمبر پر رہی۔

    سینیٹ انتخابات میں اراکین کی خرید و فروخت کے حوالے سے ہارس ٹریڈنگ کا انکشاف بھی سامنے آیا، مختلف سیاسی جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ اُن کے امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے بھاری رقم کے عوض اراکین اسمبلی کو کروڑوں روپے کی پیش کش کی گئی۔

    تحریک انصاف کےچیئرمین نے خیبرپختونخواہ اسمبلی میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور مذکورہ اراکین کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کیا علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نےبھی پیپلزپارٹی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 15 اراکین سے ووٹ لینے کے لیے بھاری رقم ادا کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کوخط

    کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کوخط

    کراچی : شہر  قائد  میں بڑھتی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ دیا، جس میں وزیراعظم کی کراچی میں بجلی کے  شارٹ فال اور بڑھتی لوڈشیڈنگ پر  توجہ دلائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا اور شدید گرمی میں عوام بجلی کے بغیر رہنے پر مجبور ہیں۔

    وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی سمیت اندرون سندھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط بھی لکھ دیا ، جس میں کراچی میں بجلی کےشارٹ فال اوربڑھتی لوڈشیڈنگ پرتوجہ دلائی ۔

    خط میں بتایا گیا کہ لوڈشیدنگ سےعوام متاثرہورہے ہیں، گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کو فراہمی کم کردی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے کےالیکٹرک کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ امتحانی مراکز کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔

    اس سے قبل وفاقی وزیربرائےپاورڈویژن اویس لغاری نے کےالیکٹرک اورسوئی سدرن کمپنی میں واجبات کے تنازعے کا نوٹس لیتے ہوئے نیپرا کو تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

    اویس لغاری کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے، دونوں فریق واجبات کامسئلہ فوری حل کریں، وفاقی حکومت کےالیکٹرک کومقررہ کوٹےکےمطابق بجلی دےرہی ہے، کے الیکٹرک حکام سوئی سدرن کوواجبات کی ادائیگی کےاقدامات کریں۔


    مزید پڑھیں :پاک ویسٹ انڈیز کرکٹ میچز اور رمضان میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ


    دوسری جانب کے الیکٹرک نے شہر میں اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھانے کا اعتراف کرتے ہوئے گیس کی قلت کو جواز بنا کر کہا کہ شارٹ فال کے باعث کراچی والوں کو ویسٹ انڈیز کی سیریز اور رمضان المبارک کے دوران طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ گیس کی کمی کےباعث پیداوارمیں شارٹ فال ہے، مستثنیٰ علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، کلفٹن، ڈیفنس، گلشن اقبال سمیت وہ علاقے جہاں بل مکمل ادا کیا جاتا ہے، وہاں بھی لوڈ شیڈنگ دو دو گھنٹے سے تین تین بار لوڈ شیڈنگ کا عمل جاری ہے جبکہ غیر مستثنیٰ علاقوں جن میں لانڈھی،کورنگی، جعفر طیار، شاہ فیصل کالونی، ملیر، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، عزیز آباد، گولیمار، گلبہار ، بفرزون سمیت دیگر علاقوں میں لوڈ شینڈنگ کا دورانیہ کو بڑھا کر بارہ گھنٹےسے تجاویز کردیا گیا ہے۔

    تعلیمی بورڈ کے امتحانات جاری ہیں جس سے طلبا و طالبات کو دشواری کا سامنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چیف جسٹس نے وزیر اعظم کے لیے فریادی کا لفظ استعمال نہیں‌ کیا، ترجمان سپریم کورٹ

    چیف جسٹس نے وزیر اعظم کے لیے فریادی کا لفظ استعمال نہیں‌ کیا، ترجمان سپریم کورٹ

    اسلام آباد: ترجمان سپریم کورٹ نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے منسوب بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے وزیر اعظم کو فریادی نہیں کہا، چیف جسٹس وزیر اعظم کا احترام کرتے ہیں، مقدم سممجھتے ہیں۔

    ترجمان سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم ریاست کے سربراہ ہیں، فریادی کا لفظ استعمال نہیں کیا، فریادی کا لفظ وزیر اعظم سے منسوب کرکے نشر کرنا بدنیتی ہے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ کئی سائل آتے ہیں میں ان کی بات سن لیتا ہوں، میرا کام فریادی کی فریاد سننا ہے پتا نہیں سائل کو کیا تکلیف ہو۔

    یہ پڑھیں: ایگزیکٹوکے کاموں میں مداخلت کا کوئی شوق نہیں: چیف جسٹس

    اس پر لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا وزیر اعظم کو کیا تکلیف ہے یہ تو سب کو ہی پتا ہے، چیف جسٹس نے اس پر کہا کہ میں نے کسی کا نام نہیں لیا صرف سائل کی بات کی ہے، میرا کام فریادی کی فریاد سننا ہے، وہ فریاد سنانے آئے تھے مگر یاد کچھ نہیں۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بذریعہ اٹارنی جنرل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد 27 مارچ کو یہ ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں 2 گھنٹے تک جاری رہی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، شاہد خاقان عباسی

    پی ایس ایل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، شاہد خاقان عباسی

    کراچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا اہم کردار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں تاجر برادری کے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے۔

    کراچی کی روشنیاں اور امن بحال ہوا ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے اج کراچی کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے پہلے لوگ کراچی سے باہر منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اج یہاں رونقیں بحال ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں، بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں لیکن ہماری کوشش رہی ہے کہ ایسے فیصلے کئے جائیں جس سے معاشی نمو کو یقینی بنایا جاسکے، ملک میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہئے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے، ان سیاسی جماعتوں کا یہ طرز عمل ملک میں جمہوریت کے لئے درست ثابت نہیں ہوگا، حکومت اپنی مدت31مئی2018 کو پور ی کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت میں گامزن ہےاور اس کے بھی ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہماری یہ بھی کوشیش ہے کہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اور پاناما کی وجہ سے ملک کی معیشت متاثر ہوئی ہے ۔ وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپ لوگ اپنے آپ کو سیاسی اثرات سے دور نہیں کرسکتے۔

    اس موقع پر بزنس کمیوںٹی نے وزیر اعظم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کویقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات لے رہی ہے، ملاقات کے موقع پر گورنرسندھ محمد زبیر، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک بھی موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں‘ وزیراعظم

    پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں‘ وزیراعظم

    اسلام آباد: پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کو نئی خوشی اورجذبہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل شہر کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا۔

    وزیراعظم پاکستان نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نے قوم کونئی خوشی اورجذبہ دیا ہے، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد میں صوبائی حکومت کا تعاون شامل ہے جبکہ اس میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں نوازشریف کا ویژن شامل ہے، نوازشریف اور ویژن کے تحت حکومت قوم کو خوشیاں واپس لوٹا رہی ہے، معیشت کی بحالی، قیام امن، کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا ثبوت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ ملک کواندھیروں سے نکال کرروشنیوں سے ہمکنارکیا، حکومت ان خوشیوں کوبڑھانے کے لیے اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا جشن دیکھ کر خوشی ہورہی ہے، میگاایونٹ کے لیے تعاون کرنے والوں کا شکرگزارہوں۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کرانے کا وعدہ پورا کردیا، ایک سال پہلے کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا وعدہ کیا تھا، امید ہے کہ کراچی میں مزید کرکٹ بھی ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے لیے تمام ترانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اگلے15سال میں ملک سے بجلی کی کمی ختم ہوجائے گی‘ وزیراعظم

    اگلے15سال میں ملک سے بجلی کی کمی ختم ہوجائے گی‘ وزیراعظم

    لاہور: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب حکومت میں آئے تو بجلی کی بہت کمی تھی، حکومت میں آکر بجلی کی پیداوارمیں اضافہ کیا مگروہ بھی کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاکستان کی پہلی سی سی وی کیبل ،ایلمونیم الائے پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013 میں ملک میں بجلی کی بہت زیادہ کمی تھی، ایسے منصوبےشروع کیے ہیں جواگلے 15سال کی ضروریات پوری کریں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سی سی وی کیبل ،ایلمونیم الائے پلانٹ ملک کا پہلاجدید پلانٹ ہے، پلانٹ سے ٹیکنیکل لاسز اور بجلی کی چوری کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔

    انہوں نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ انڈسٹری میں آنے والے کے لیے رسک زیادہ ہے، لیکن ملک کا فائدہ ہے، ملکی ترقی میں صنعت کاروں کا کردار بہت اہم ہے، حکومت کا کام ہے کہ صنعت کاروں کو سہولتیں دے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نہ کاروبارکرسکتی ہے نہ کرنا چاہیے، حکومت کی آمدنی کا ذریعہ ٹیکس ہے، حکومتی کوشش ہے کہ پالیسیوں کا تسلسل برقراررکھا جائے۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود نوازشریف کے ویژن سے منصوبے مکمل ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سی سی وی کیبل نے3 بلین روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، ملکی معاشی ترقی، روزگاری کے خاتمے میں صنعتوں کا کرداراہم ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام جو فیصلہ کریں گے وہی حکومت آئے گی، ایسی مستحکم پالیسی دینا چاہتے ہیں جوحکومتی تبدیلی سے متاثرنہ ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • غربت کاخاتمہ : چارلاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی

    غربت کاخاتمہ : چارلاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی

    اسلام آباد : پاکستان میں غربت کے خاتمے کے حوالے سے شروع کیے جانے والے پروگرام میں اب تک چار لاکھ9 ہزار805 خاندانوں کو بلا سود قرضے دیئے گئے،  فاٹا سمیت پورے ملک میں بلاسود قرضوں کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی کی زیرصدارت بلاسود قرضوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک سےغربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،اس مقصد کیلئےہر ممکن وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت قرض اسکیم کادائرہ بڑھانے کے لئے ہرممکن کوشش جاری رکھے گی۔

    اجلاس میں وزیراعظم کو بلاسود قرضوں کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ فاٹاسمیت پورے ملک میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کی گئی، اب تک4لاکھ9ہزار805خاندانوں کو قرضےدیئےگئے، قرضوں کی مدمیں اب تک 9ارب70کروڑ روپے دیئے جا چکے ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ غربت کے خاتمے کے لئےاس پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ قرضوں کی ریکوری کی شرح بھی 99فیصد سے زائد ہے، وزیر اعظم نے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔