Tag: pm abbasi

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج نیویارک پہنچیں گے

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج نیویارک پہنچیں گے

    نیویارک :وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج نیویارک پہنچیں گے جہاں وہ اکیس ستمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج لندن سے نیویارک پہنچیں گے،وزیراعظم 21 ستمبرکو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان اپنےخطاب میں ناصرف کشمیراو میانمارکے مسئلے کواجاگر کریں گے بلکہ امریکی ڈومور کی پالیسی پربھی اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی نائب صدر مائیک پنس کی خواہش پر ان سے ملاقات بھی کریں گے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان ترکی،ایران سمیت 9 سربراہان مملکت سےملاقات کریں گے، وزیراعظم نیویارک میں اپنے قیام کےدوران امریکی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔


    سازشیں ہوتی رہتی ہیں قوموں کو متحد ہو کران کا سامنا کرنا چاہیے، وزیراعظم شاہد خاقان


    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سازشیں ہوتی رہتی ہیں ان سے گھبرایا نہیں جاتا بلکہ ان شازشوں کا مقابلہ کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی دورے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بیان کا قومی سلامتی کمیٹی نےجواب دیا وہی ہماری پالیسی ہے اور ہم نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششیں کی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کی ملاقات

    لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کی ملاقات

    لندن:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی دارالحکومت لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج صبح لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ امریکہ روانہ ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم نے روانگی سے قبل جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے حوالے سے بھی نواز شریف سے مشاورت کی۔

    دوسری جانب دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 18 ستمبر کو نیویارک میں شروع ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اس دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ ہیں۔


    وزیر خارجہ خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

    سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی ملاقات تھی اور سیاسی باتیں ہوئیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ این اے 120 کے نتائج آنے کے بعد مزید بات کریں گے۔ انتخاب میں فتح سے ہم کنار ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی شکایتیں آرہی ہیں، معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھائیں گے۔

    این اے 120 کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کلثوم نواز کی مزید سرجری ہوئی ہے۔ وہ صحتیابی کے بعد جلد وطن واپس لوٹ آئیں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نومبر2017میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اعلان

    نومبر2017میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اعلان

    میانوالی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا کہ نومبر دوہزار سترہ میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے، میاں نواز شریف کے عزم کو ہم پورا کریں گے۔ بجلی کے منصوبے موجودہ دورے حکومت میں ہی مکمل ہونگے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے چشمہ پاور پلانٹ4 کا افتتاح کردیا، منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج 8 ماہ بعد پانچویں بجلی گھر سی فور کا افتتاح خوش آئندہ ہے، 28 دسمبر2016میں سی تھری منصوبے کا باقاعدہ افتتاح ہوا، سی فور سے پہلے شروع تینوں یونٹس بہترین کام کررہے ہیں۔

    شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ کے ٹو اور کے تھری تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں، جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی حاصل ہورہی ہے، منصوبے مکمل ہونے کے بعد ملک کو روشن اور ماحول کو صاف رکھیں گے، یونٹ ون کے معاہدے نے پاک چین ایٹمی توانائی کی نئی بنیاد رکھی، عالمی امداد کے بغیر 4دہائیوں سے کینپ سے بجلی کی پیداوار کررہے ہیں، چشمہ اور مظفرگڑھ میں جوہری توانائی کے مزید منصوبے لگا رہے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کے وژن کے مطابق توانائی کی ضروریات پوری کررہےہیں، چین کی حکومت اور عوام کی مدد کے بغیر یہ منصوبےمکمل نہیں ہوسکتےتھے، چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید جوہری پلانٹس میں سرمایہ کاری کریں۔

    شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا کہ نومبر2017کے بعد لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے قابل ہونگے، پاکستان نے قابل اعتماد اور طاقتور جوہری توانائی منصوبے کی بنیاد رکھ دی ہے، منصوبے2020کے8000 میگاواٹ منصوبے کا اہم ہدف ہیں، منصوبوں کی تکمیل کے لیے چینی حکومت اور اداروں کے مشکورہیں،وزیراعظم

    انھوں نے کہا کہ جوہری توانائی سمیت مختلف شعبوں میں چین کا تعاون قابل فخر ہے، آج پاکستان میں بجلی کی صورتحال پہلے سے بہترہے، ملکی زراعت میں پاکستان اٹامک انرجی کا تعاون قابل فخر ہے، پی اے ای سی کےتحت ملک بھر میں 18کینسر اسپتال کام کر رہےہیں،وزیراعظم

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبےکےثمرات عوام تک پہنچ رہےہیں، حکومت سی پیک میں نجی شعبے کو مواقع فراہم کرناچاہتی ہے، گوادرپورٹ تکمیل کے مراحل میں ہے، کینوپ کی پیداواری صلاحیت،جوہری پلانٹس کی کارکردگی سے جوہری بجلی کاحصول ممکن ہوا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کی الزام تراشیاں ، وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

    ٹرمپ کی الزام تراشیاں ، وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

    اسلام آباد: امریکا کی نئی افغان پالیسی میں الزام تراشیوں پر غور کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں صدر ٹرمپ کے الزامات اور نئی افغان پالیسی پر غور کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے سے جاری ہے، اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہیں۔

    اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر دفاع خرم دستگیر خان سمیت قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

    وزیر خارجہ خواجہ آصف نے شرکا کو امریکاکی جنوبی ایشیاسےمتعلق پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا امریکی سفیر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا، پاکستان نےدہشت گردی کیخلاف70ہزارجانوں کی قربانی دی، 100ارب ڈالرسےزیادہ کےوسائل دہشت گردی کیخلاف جھونکے افغانستان میں بھارتی کردار ہمیشہ منفی رہا۔

    خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کی قربانیوں کوعالمی برادری تسلیم کرتی ہے ، پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں اور دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں امریکی الزام تراشیوں کے خلاف جوابی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شاہدخاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے ، جہاں انھوں نے سعودی ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات کی، وزیراعظم اورسعودی ولی عہد نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں جن کی سعودی عرب قدر کر تا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی معاونت جاری رکھے گا، انہوں نےسعودی ولی عہدکےترقیاتی ایجنڈےدو ہزار تیس کی تعریف کی اورامن واستحکام سے متعلق پاکستان کےکردار سے آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ افغانستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی پالیسی بیان کرتے ہوئے پاکستان سے پھر ڈومور کا مطالبہ کیا تھا جبکہ ساتھ ساتھ پاکستان کو دھمکیاں دے ڈالیں اور کہا اربوں ڈالر دیئے ہیں نتائج چاہئیں، پاکستان کو دہشت گردوں کےٹھکانوں کا صفایا کرنا ہوگا۔


    مزید پڑھیں : امریکہ نے پاکستان کو اربوں ڈالر دیئے ہیں، نتائج چاہئیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا مطالبہ


    ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ افغانستان میں ہماراساتھ دینے پر پاکستان کوفائدہ ہوگا، دوسری صورت میں اسے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،  پاکستان اکثر ان افراد کو پناہ دیتا ہے، جو افراتفری پھیلاتے ہیں، پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔