Tag: PM house

  • یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    اسلام آباد: پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے شجر کاری کرنی ہے، عوام شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور جنگلات کو محفوظ کریں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران صرف اس موسم میں 30 کروڑ سے زائد پودے لگیں گے۔

    شیری رحمان کے مطابق موسم بہار کی مہم کے نتیجے میں 40 کروڑ کے قریب پودے لگائے جائیں گے، انھوں نے پیغام دیا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مل کر پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا عہد کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

  • وزیراعظم ہاؤس میں9 اپریل کو کیا ہوا؟ شیخ رشید نے بتادیا، ویڈیو دیکھیں

    وزیراعظم ہاؤس میں9 اپریل کو کیا ہوا؟ شیخ رشید نے بتادیا، ویڈیو دیکھیں

    راولپنڈی : وزیراعظم ہاؤس میں نو اپریل کی رات کیا ہوا؟ اس حوالے سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا کو اہم بات بتادی۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی جس میں انہوں نے اس اہم راز سے بھی پردہ اٹھایا جو آج کل بہت زیادہ بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ جب پارلیمنٹ میں قیدیوں کی وین آجائے، رات کو عدالتیں کھل جائیں تو سمجھ میں آجاتا ہے کہ کیا ہونے والا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بات ہورہی تھی کہ وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دینا ہے یا نہیں؟ یہی بڑا مسئلہ تھا۔ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ اندر مقابلہ کیا جائے جبکہ بعض لوگوں کہہ رہے تھے کہ حالات کا سڑکوں پر مقابلہ کیا جائے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ قیدیوں کی وین آنا، قابل احترام ججز کا رات کوعدالت لگانا، عمران خان30سال سے سیاسی ورکر ہیں، سمجھ آرہی تھی کیا ہونے جا رہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل سکس کی ضرورت نہیں، عمران کو ویسے ہی گرفتار کیا جاسکتا ہے، عمران خان بدھ کو پشاور اور پھر کراچی جائیں گے، اتوار کو تروایح سے سحری تک احتجاج کی کال دیں گے۔

  • آرتھ آور ، وزیراعظم ہاؤس کی روشنیاں آج  ایک گھنٹے کیلئے بجھا دی جائیں گی

    آرتھ آور ، وزیراعظم ہاؤس کی روشنیاں آج ایک گھنٹے کیلئے بجھا دی جائیں گی

    اسلام آباد : آرتھ آور کی مناسبت سے آج وزیراعظم ہاؤس کی روشنیوں کوایک گھنٹے کیلئے بجھا دیا جائے گا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کےلیےحکومت کابھرپور ساتھ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آرتھ آور منایا جائے گا ، آرتھ آور کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر آج وزیراعظم آفس کی روشنیوں کو ایک گھنٹے بجھا دیا جائے گا۔

    اس حوالے سے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ماحولیاتی بہتری موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کےلیےحکومت کابھرپور ساتھ دیں۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے فیصلے کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی طرح گورنرہاؤس کی روشنیاں بھی بند رہیں گی ، گورنرہاؤس کی روشنیاں ایک گھنٹے رات ساڑھے 8سے ساڑھے 9بجے تک بند کی جائیں گی، اس اقدام سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ بجلی کی بھی بچت ہوگی۔

    خیال رہے زمين سے محبت اور بڑھتے ہوئے عالمی رجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے دنیا بھرمیں آج ارتھ آور منایا جائے گا۔

    آج زمین سے محبت کے اظہار کیلئے ارتھ آور کے تحت رات ساڑھے آٹھ سے ساڑھے نو بجے تک پاکستان سميت دنيا بھر ميں لائٹس بند کردی جائیں گی، اس سال ارتھ آور منانے کی تھیم کلائمیٹ چینج ٹو سیو ارتھ ” رکھی گئی ہے ۔

  • براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف

    براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعیدشیخ کی سربراہی میں قائم براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی، جس میں براڈشیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعیدشیخ کی سربراہی میں قائم براڈشیٹ کمیشن نے اپنا کام مکمل کرلی، براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ 500 صفحات پرمشتمل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن نے رپورٹ حکومت کوبھجوادی ، رپورٹ جوائنٹ سیکریٹری زاہد مقصود نے وصول کی، جس میں کمیشن نے مجموعی طور پر 26 گواہان کے بیان ریکارڈ کیے جبکہ ایک سابق خاتون لیگل کنسلٹنٹ طلبی کے باوجود کمیشن میں پیش نہیں ہوئیں۔

    اے آر وائی نے براڈ شیٹ انکوائری کمیشن رپورٹ کے مندرجات حاصل کر لئے، رپورٹ میں براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔

    رپورٹ کے مطابق براڈشیٹ کمپنی کی 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی، غلط شخص کو ادائیگی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکہ ہے، ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہو گئیں جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق براڈشیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملی ہیں۔

    یاد رہے حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں براڈ شیٹ معاملے پر انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا‏ اور انتیس جنوری کو قائم کردہ کمیشن نے تحقیقات کا باضابطہ آغاز نو فروری کو کیا تھا۔

  • آرمی چیف کی وزیر اعظم  سے ملاقات کا امکان، ذرائع

    آرمی چیف کی وزیر اعظم سے ملاقات کا امکان، ذرائع

    اسلام آباد : جنرل قمرجاوید باجوہ وزیر اعظم ہاﺅس پہنچ گئے، آرمی چیف وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کا امکان ہے، جنرل باجوہ اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم جلاس جاری ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے اعتراضات پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے پیش نظر ملاقات انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

     اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق سمری میں ترمیم پر مشاورت بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف وزیراعظم سے موجودہ حالات کے تناظر میں اہم ملاقات کریں گے اور ان کی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بھی شریک ہیں، اجلاس میں سینئر وزراءاور پی ٹی آئی رہنما اور حکومت کی قانونی ٹیم بھی شریک ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کیے جانے کے بعد آج پھر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے سماعت کے دوران حکومت کو مہلت دی کہ کل تک اس مسئلہ کا حل نکالے ورنہ آئینی ذمہ داری پوری کریں گے۔

  • وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

    وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

    اسلام آباد : حکومت نے ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے وزرات داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن میٹنگز یقینی بنائی جائیں۔

    تمام صوبوں میں نچلی سطح تک پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر متعلقہ افسران کی منڈیوں میں موجودگی یقینی بنائی جائے، جن اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کا احتمال ہے اس میں متبادل پلان تیار رکھا جائے۔

    مراسلہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اوربلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، ہرضلع میں اہم مارکٹیوں کیلئے افسران کا ڈیوٹی روسٹر بنایا جائے اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والےاداروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے جائیں۔

    مراسلہ کے مطابق کنٹرول پرائس کمیٹی کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، کنٹرول پرائس افسران موقع پر ہی گراں فروشوں کےخلاف کارروائی کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ سستے بازاروں کے قیام کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم آفس سے جاری کردہ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماہ رمضان میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، تراویح کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، صوبائی سطح کے افسران ضلعوں میں اچانک دورے کریں۔

    مراسلہ میں مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صوبوں سے روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ فارمیٹ پر رپورٹ حاصل کی جائے، سحری اور افطاری کے اوقات میں بلاتعطل بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مراسلے میں وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو انتظامات کی گائیڈ لائن جاری کرنے کی ہدایت بھی دی ۔

  • وزیراعظم عمران خان سے ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے یہ ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی۔

    اس موقع پر دونوں شخصیات نے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پرتبادلہ خیال کیا، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے وزیر اعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے بھی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

  • سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان

    سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے، سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

    عشائیے میں حکومتی جماعت کے شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری،گورنر سندھ عمران اسماعیل ،فیصل واوڈا،خسرو بختیار اور دیگر شریک ہوئے جبکہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے خالد مقبول صدیقی ،اور فہیمدہ مرزا بھی عشائیے میں موجود تھے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ معزز مہمان سعودی ولی عہد اور وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا دوست اوربھائی رہا ہے، سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

    ہرضرورت اور مشکل میں سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، سعودی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے وسیع تر مفاد میں ہے، سعودی عرب کی امداد پر شکر گزار ہیں، پاکستان، سعودی عرب تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جارہے ہیں، میرے لئے مکہ اور مدینہ کا سفر سب سے بڑا اعزاز ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ دوران ڈرائیونگ سعودی ولی عہد سے سیاحت کے فروغ پر بات ہوئی، ہمیں سیاحت کے میدان میں بہت کچھ کرنا ہے، پاکستان میں سیاحت کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا، گارڈ آف آنر کے بعد معزز مہمان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

  • سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، لگژری گاڑیاں پہنچ گئیں، ہوٹلوں کے 750کمرے بک

    سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، لگژری گاڑیاں پہنچ گئیں، ہوٹلوں کے 750کمرے بک

    اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، ان کے استعمال کے لئے سامان اور لگژری گاڑیاں وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16فروری کواپنے بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے، دورہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی، ان کے استقبال اور دورے سے متعلق تمام تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سات بی ایم ڈبلیو سیون سیریز ،ایک لینڈ کروزر اور آٹھ کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچ گیا، سعوی ولی عہد کے استعمال کے لئے سامان وزیر اعظم ہاوس پہنچا دیا گیا، لگژری گاڑیوں کو سعودی عرب سے دو سی ون تھرٹی طیاروں پر نور خان ایئر بیس لایا گیا۔

    اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی سفیر

    ذرائع کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کو ایڈوانس بکنگ کینسل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، مذکورہ ہوٹلوں کو سیکورٹی کلیئرنس کیلئے ایک روز قبل سیل کردیا جائے گا، سعودی وفد کی آمد سے قبل سیکورٹی ادارے ہوٹلز کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔

  • عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں قائم  شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا کی دوسری بہترین ایپ قرار دینے پر کہا عوام سے براہ راست رابطے کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں شکایتی سیل قائم کیاگیا، عوام کے مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں حکومت کی جانب سے لانچ کی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، انڈونیشیا پہلے اور امریکہ تیسرے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 87 ممالک سے 44 ہزار 646 ایپلی کیشن مقابلے کے لیے بھیجے گئے، فائنل مقابلے کے لیے 21 ایپلی کیشن کو 7 مختلف کیٹیگریز میں منتخب کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن

    پاکستان سٹیزن پورٹل گوگل پلے اسٹور پر دنیا کی 7 بہترین ایپ کیٹے گری میں شامل ہے، پورٹل پراڈکٹیویٹی میں ساتویں نمبر پر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام سے ایپ بنائی گئی تھی، جو عوام میں بے حد مقبول ہوئی، عوامی اپنی شکایات اس ایپ پر درج کراتے ہیں اور حکومت کی جانب سے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔

    حکومت کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل کے آغاز کے بعد صرف 60 دن میں ایک لاکھ شکایات کو نمٹایا گیا،