Tag: PM Imran Khan

  • ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے وزیر اعظم سے اپنے مطالبات پر بھی بات کی، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو ترقیاتی منصوبوں کے مطالبات کی جلد حل کی یقینی دہانی کرائی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، اور مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب میں جاری منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ پنجاب آج ارکان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

    ادھر پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومت نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی اپنے ناراض سینیٹر کہدہ بابر کو منانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    بی اے پی سیکریٹری جنرل منظور کاکڑ نے ناراض سینیٹر کہدہ بابر سے ملاقات کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور کاکڑ نے کہدہ بابر کو دوبارہ پارٹی میں فعال ہونے کی درخواست کی، منظور کاکڑ نے پارٹی صدر ظہور بلیدی کا پیغام بھی پہنچایا، یاد رہے کہ اس سے قبل عبدالقدوس بزنجو بھی کہدہ بابر کو دراخوست کر چکے ہیں۔

  • وزیر اعظم نے کور کمیٹی اجلاس میں ٹیم کے ہارنے کی وجہ بتا دی

    وزیر اعظم نے کور کمیٹی اجلاس میں ٹیم کے ہارنے کی وجہ بتا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں آج آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں شکست کا حوالہ بھی دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا، اور معیشت، مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر گفتگو کی۔

    اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا، انھوں نے گفتگو کے دوران سیمی فائنل میچ میں شکست کا حوالہ دیا، اور ارکان سے کہا کل کے میچ میں آپ نے دیکھا کیا ہوا؟

    وزیر اعظم نے کہا کہ پُر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی، بظاہر ٹیم آخر میں دباؤ کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کر سکی، اگر ٹیم آخر تک پُر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

    آسٹریلیا سے شکست کے بعد وزیراعظم کا بیان آگیا

    وزیر اعظم نے اجلاس میں ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیا، انھوں نے کہا ویلفیئر کے اتنے کام ہو رہے ہیں، ہم انھیں عوام تک کیوں نہیں پہنچا پا رہے؟

    عمران خان نے ہدایت کی کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کے لیے کیا کر رہی ہے، مہنگائی کیوں ہے؟ عام آدمی کو اس کی وجوہ سے آگاہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہونا چاہیے، ہم آنے والے دنوں میں مزید سہولتوں کا اعلان کریں گے۔

  • افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی ناگزیر ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندوں سے ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت دیگر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

    ٹرائیکا پلس جس میں چین، روس، امریکا اور پاکستان شامل ہیں، کے نمائندوں نے آج وزیر اعظم سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ٹرائیکا پلس اجلاس کامیاب بنانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا افغانستان میں امن و استحکام خطے کی خوش حالی کے لیے ضروری ہے، امید ہے عالمی برادری صورت حال کی سنگینی کو تسلیم کرے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہم افغان مسئلے کے حل کے لیے ہمیشہ سیاسی تصفیے پر زور دیتے رہے ہیں، عالمی برادری افغانستان میں انسانی اور اقتصادی مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری مدد کرے۔

    انھوں نے کہا افغانستان میں امن و استحکام خطے کی خوش حالی کے لیے ضروری ہے، افغانستان کے لیے پاکستان نے ایک جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کی تھی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے افغانستان کی اقتصادی مدد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا امید ہے عالمی برادری صورت حال کی سنگینی کو تسلیم کرے گی۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر کو وزیر اعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں افغانستان میں اس انسانی المیے کی نشان دہی کرتا آیا ہوں،اب WFP متنبہ کر رہا ہے کہ 2 کروڑ 30 لاکھ انسان بھوک کی نذر ہوا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ اس صورت حال میں پاکستان تو ہر ممکن مدد کرتا رہے گا، مگر لازم ہے کہ اب عالمی برادری حرکت میں آئے،افغانوں کو نگلتی اس آفت کا تدارک اخلاقی طور پراس کے ذمے ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی  ہندوبرادری  کو  دیوالی کی مبارکباد

    وزیراعظم عمران خان کی ہندوبرادری کو دیوالی کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندوبرادری کو مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ہندو برادری اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار دیوالی آج منارہی ہے ، وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہندوبرادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیوالی کے تہوار پرپاکستان میں مقیم ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے پیغام میں کہا کہ دیوالی پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شرکت سے بھائی چارے کو فروغ ملتاہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمےداری ہے، ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ہندواور دیگر اقلیتی برادریوں کو تعلیم کےمساوی مواقع فراہم کیےجا رہے ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے دیوالی پرپیغام میں ہندوبرادری کودیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

    بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ دیوالی کاتہواربرائی پراچھائی کی فتح کی علامت ہے، دیوالی کاپیغام ہےبرائی کتنی ہی طاقتورکیوں نہ ہوشکست اسکامقدرہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں ناانصافیوں کیخلاف لڑناہی پی پی پی کافلسفہ ہے، پیپلزپارٹی نےاقلیتی برادری کی بہبودکےلیےاقدام اٹھائے، پی پی پی کی آئندہ حکومت اقلیتوں کی ترقی کیلئےمزیداقدام اٹھائے۔

    ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب نے ہندوبرادری کودیوالی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا پاکستان میں اقلیتی برادریوں کومساوی حقوق حاصل ہیں، ہندوبرادری نےماضی میں کراچی کی بڑی خدمت کی ہے، ہندوبرادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیےبھی دعا کریں۔

  • وزیراعظم  آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے

    وزیراعظم آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، ریلیف پیکج عوام کی مشکلات میں کمی لائےگا اور ملک کی ترپن فیصدآبادی کو فائدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کی تکالیف کاتدارک وزیراعظم کی پہلی ترجیح ہے، وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ قوم سے خطاب میں ملکی تاریخ کے بڑےعوامی ریلیف پیکج کااعلان کریں گے ، ریلیف پیکج عوام کی مشکلات میں کمی لائےگا اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئےسنگ میل ثابت ہوگا۔

    گذشتہ روزوزیراطلاعات فوادچوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کل قوم سےخطاب کریں گے، جس میں ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے گا ، ریلیف پیکج ملک کی ترپن فیصدآبادی کو فائدہ ہوگا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خطےسےکم مہنگائی ہے ، پاکستان میں تیل دنیا میں سب سےزیادہ سستاہے، دنیاکی نسبت سب سےکم قیمتیں پاکستان میں ہوناہماری کامیابی ہے۔

  • وزیر اعظم سے معروف غیر ملکی کرکٹرز کی ملاقات

    وزیر اعظم سے معروف غیر ملکی کرکٹرز کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے معروف کرکٹرز سر ویوین ریچرڈز اور ڈیویڈ گوور نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ کھلاڑی ویو رچرڈز اور برطانوی ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ گوور نے وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی ہے۔

    اس ملاقات میں پاکستان میں کرکٹ کے فروغ بالخصوص کم عمر کھلاڑیوں کے لیے سہولتوں، اور مواقع فراہم کرنے پر گفتگو ہوئی، عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس سے بچوں اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع ملیں گے۔

    ملاقات کے دوران دونوں کرکٹرز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حالیہ میچز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔

  • ‘پاک سعودی تعلقات، وقت کی کسوٹی پرہمیشہ ثابت قدم رہے’

    ‘پاک سعودی تعلقات، وقت کی کسوٹی پرہمیشہ ثابت قدم رہے’

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ‘نیا پاکستان’ اور ‘سعودی وژن 2030 ‘ کا مقصد ترقی کا حصول اور تجارتی روابط کا فروغ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے جریدے ‘الریاض’ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ ثابت قدم رہے، ہم ان تعلقات کو سود مندتذویراتی شراکت داری میں بدلنےکےخواہاں ہیں۔

    وزیراعظم نے پاکستان سعودی عرب انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں، فورم سے تجارت، کاروباری سرمایہ کاری میں نئی راہیں تلاش کرنےکا موقع ملا مجھے امید ہے کہ فورم نجی اور کارپوریٹ سیکٹر کو قریب لانے میں مواقع فراہم کرےگا۔

    یہ بھی پڑھیں: ‏’اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی کریم ﷺ کی سیرت بہترین ذریعہ ہے‘‏

    سعودی جریدے ‘الریاض’ کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب دیرپا ترقی کیلئےترجیحات جیوپولیٹیک سےجیو اکنامکس کی جانب گامزن ہیں، نیا پاکستان اور سعودی وژن 2030 سماجی اور اقتصادی اصولوں پر مبنی ہیں، نیا پاکستان اور سعودی وژن 2030 کا مقصد ترقی کاحصول،تجارتی روابط کا فروغ ہے۔

    سعودی وژن دوہزار تیس کےسلسلے میں پاکستان افرادی قوت فراہم کرےگا

  • فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی برآمدات ختم ہو جائیں گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر اربوں ڈالر کی ملکی برآمدات ختم ہو جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور علمائے اکرام کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم نے کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے خلاف قائم کیسز ختم کرنے کے لیےگرین سگنل دیا، وزیر اعظم نے کہا معاملات ٹھیک کرنے میں 2 سے 3 ہفتے درکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ فرانس سے متعلق کالعدم جماعت کا مطالبہ ملکی مفاد میں نہیں، اگر فرانسیسی سفیر کو نکالا تو یورپی ممالک سے ہونے والی 10 ارب ڈالر کی ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی، اس فیصلے سے ملکی کرنسی پر بے پناہ دباؤ آئے گا، اور مہنگائی بڑھے گی۔

    حکومت سعد رضوی کے کیسز ختم کرنے کے لیے تیار ہو گئی، ذرائع

    وزیر اعظم عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک میری حکومت میں اب تک 6 مرتبہ سڑکوں پر آ چکی ہے، میں نے 25 سال پہلے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا سوچا تھا، میرے ہاتھ پاؤں مضبوط کرنے کی بجائے یہ لوگ میرے ہی خلاف سڑکوں پر آ گئے۔

    انھوں نے کہا حکومت اپنے ہی لوگوں پر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار نہیں کرناچاہتی، لیکن ریاست کی رٹ پر کسی صورت کمپرومائز نہیں ہونے دوں گا، جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے علما پر امید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے معاملے پر وزیر اعظم سے ملاقات اچھی رہی، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ حکومت کی رٹ بھی ہو اور مذاکرات بھی چلیں، اگر دونوں طر یہی امن پسند رویہ اختیار کیا گیا تو مسائل حل ہو جائیں گے۔

  • ‘وزیراعظم عمران خان کل یا اتوار کو قوم سے خطاب کریں گے’

    ‘وزیراعظم عمران خان کل یا اتوار کو قوم سے خطاب کریں گے’

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل یا اتوار کو قوم سے خطاب کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سےطے ہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کااہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا،اجلاس2گھنٹے جاری رہا ، مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں موجود تھے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی غورکیاگیا اور مذاکرات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں فیصلہ ہوا حکومت کی رٹ اورامن وامان کوہرصورت قائم رکھا جائے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے پولیس کورینجرز کے ماتحت کردیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سےطے ہوجائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے دوران 4پولیس اہلکار شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کو رینجرز کے ماتحت کیا ہے، ممکن ہے میں اور نورالحق قادری کی دوبارہ ملاقات ہو۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ معاملات افہام و تفہیم سےطے ہوجائیں ، جو مذاکرات اور دستخط کئے ہم اس پر قائم ہیں، انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم جی ٹی روڈ کھول کر مرکز واپس جائیں گے ، ہم ان کے وعدے کے پورے ہونے کا ابھی تک انتظار کررہےہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کل یا اتوار کو قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم جو مؤقف بیان کریں گے وہی پوری قوم کا ہوگا۔

    کالعدم تنظیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے واٹس گروپ انڈیا،ہانگ کانگ،جنوبی افریقہ ،جنوبی کوریا سےچل رہے ہیں، ایف آئی اے کو ان کی تحقیقات کی ہدایت جاری کردی ہیں، ان کے سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس باہر سے چل رہےہیں۔

    شیخ رشید نے بتایا کہ سعد رضوی صاحب سے ابھی بات چیت چل رہی ہے ، ان کو مارچ روکنا چاہیے اور مذاکرات کے نتائج دیکھنےچاہئیں، معاملات خوش اسلوبی سے طے نہیں ہوتے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا ۔

    وزیرداخلہ نے کہا کسی اورکے معاملات کو لائیو پیش کیا جائے گا تو میں بھی ٹوئٹر سیکھ لوں گا، لوگوں کی خواہشات کو لائیو خبریں نہ بنائیں۔

    فرانسیسی سفیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کو پتہ ہے فرانس کا سفیر یہاں نہیں ہے، فرانسیسی سفارتخانے کا سوال اسمبلی میں پیش کررکھاہے، مجھے پتہ ہے کہ اپوزیشن نہیں آئے گی اس لئے مسئلہ پھنسا رہے گا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ یہ 7ویں بار اسلام آباد آرہے ہیں ، لوگوں کو تکلیف کیساتھ بڑے مسائل پیدا ہورہےہیں، ہم نے رینجرز کو آرٹیکل 147 کےتحت تعینات کیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی 59 تنظیمیں کالعدم ہیں اور وہ الیکشن بھی لڑرہی ہیں، ان تنظیموں کو جب بھی موقع ملتا ہے اسلام آباد کی طرف نکلتی ہیں، رینجرز کو پنجاب حکومت کی درخواست پر اختیارات دیئے ہیں۔

    کالعدم تنظیم سے معاہدے سے متعلق انھوں نے کہا کہ جو معاہدہ لاہور کےمذاکرات میں کیا تھا اس پر قائم ہوں ، یہ بھی بیٹھتے ہیں تو فرانس کامعاملہ ہی ان کا بڑا مطالبہ ہے ، مذاکرات میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، امید ہے رات کو میں اور نورالحق قادری پھر ان سے مذاکرات کریں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ میڈیا پر ساری باتیں کی جائیں ، ہم چاہتے ہیں کہ قوم اور عوام کا کوئی نقصان نہ ہو۔

  • کشمیریوں کے جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم

    کشمیریوں کے جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کے جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت ملنے تک ان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے، کشمیری باشندوں، عورتوں اور بچوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ سے منسوب کرتے ہیں، یوم سیاہ کا مقصد بھارت کی ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کی مذمت ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ دن غیر انسانی تسلط کے خلاف مزاحمت اور لاتعداد قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ اپنی قراردادوں پر عملدر آمد کے لیے اقدامات کرے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، جائز اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت تک کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے، عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ بھارت پر دباؤ ڈالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دلائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ناجائز قبضے کا مقصد کشمیریوں کے مستقبل کے آزادانہ تعین کی امنگوں کو دبانا ہے، قابض افواج کے 7 دہائیوں کے ظلم کے باوجود کشمیریوں کا عزم مضبوط ہے۔ کشمیری باشندوں، عورتوں اور بچوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کے ہندوستان پر انتہا پسند آر ایس ایس نظریے کی حکمرانی ہے، اس نظریے میں مسلمانوں یا دیگر اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ بی جے پی نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے مزید ظالمانہ طریقے اختیار کیے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ فیصلے کو آج 815 دن ہو چکے ہیں، جعلی مقابلے، عصمت دری اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں ناقابل بیان ہیں۔ ماورائے عدالت ہلاکتوں کی شکل میں انسانی مصائب ناقابل بیان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وادی کی آبادی کا تناسب بدلنے کے لیے بھارت نے ڈومیسائل قوانین متعارف کروایا۔ پاکستان نے 2 سال میں تمام غیر قانونی بھارتی اقدامات کی سختی سے مخالفت کی، پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی واضح حمایت کی ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت اہم ممالک کے ساتھ اٹھایا۔ سلامتی کونسل نے 3 بار اس تنازعہ کو اٹھایا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 55 سالوں میں پہلی بار جموں و کشمیر کے تنازعہ کو زیر غور لایا گیا ہے، یہ کافی نہیں ہے مقبوضہ کشمیر پر ڈوزیئر دنیا کے لیے چشم کشا ہونا چاہیئے، ڈوزیئر میں بھارت کے غیر انسانی رویے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔