Tag: PM Imran Khan

  • وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایرانی وزیرخارجہ نے وزیر اعظم کو ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے ایران کے سپریم لیڈر کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

    یاد رہے کہ ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس آئندہ ماہ اکتوبر میں ایران میں ہورہی ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد شریف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

     

  • میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے: وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

    میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے: وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب دلیرآدمی ہیں، انھیں کام کرنے کے لیے تین ماہ دیں، پھر کارکردگی پر بات ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا. ملاقات میں اہم قومی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا.

    ملاقات میں ڈی پی اوپاکپتن سےمتعلق بھی گفتگو ہوئی، عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کھل کر حمایت کی اور  وزیراعلیٰ پنجاب کو دلیر آدمی قرار دیا.

    وزیراعظم نے کہا کہ تنقید ضرور کریں، گھبراتا نہیں مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے، میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے، پھرکھل کر تنقید کرے، تین ماہ میں گڈگورننس کے معاملے میں واضح تبدیلی دیکھیں گے.

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعطم نے کہا کہ عوام کو زحمت سےبچانے کےلئے ہیلی کاپٹرکا استعمال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ اگلے ایک سال تک توجہ ملکی معاملات پر ہوگی، بین الاقوامی دورے اس وقت ترجیحات میں شامل نہیں، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ جنرل قمرجاویدباجوہ جمہوریت کے حامی ہیں۔

    ملاقات میں صحافیوں نے وزیراعظم کو جنرل اسمبلی اجلاس میں اردوزبان میں خطاب کا مشورہ دیا، اس ملاقات میں فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے.

    چیئرمین نیب سے کیا کہا؟

    عمران خان کے مطابق انھوں‌ نے چیئرمین نیب کو کہا ہے کہ بلاامتیاز احتساب کیا جائے، اگر حکومتی رکن کرپشن میں ملوث ہے، تو ان کے خلاف بھی کارروائی کریں. جب تک ملک میں احتساب نہیں ہوگا، ملک ترقی نہیں کرسکتا،

    فرانسیسی صدر کی کال

    ملاقات کےدوران فرانس کے صدر کی دو بار کال آئی، عمران خان نے کہا کہ ابھی مصروف ہوں، بعد میں بات کروں گا۔ انھوں نے صحافیوں سے کہا کہ فرانسیسی صدرمبارک باددیں گے، مگر آپ سےاہم ایشوزپربات ہورہی ہے.

  • وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا لاہور کا پہلا دورہ

    وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا لاہور کا پہلا دورہ

    اسلام آباد : وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان پہلے دورے پر آج لاہور  پہنچ رہے ہیں،  عمران خان  خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی امیدواروں کا فیصلہ کریں‌ گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے پر آج لاہور پہنچ رہے ہیں، جہاں وزیراعظم کوامن و امان کی صورتحال پربریفنگ دی جائے گی اور تعلیم، صحت اور دیگر معاملات پر بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے انصاف کی فوری فراہمی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم نے منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

    اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم لاہور میں خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی امیدواروں کا بھی فیصلہ کریں گے۔

    لاہور کا حلقہ این اے 131 اور این اے 124 پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے، این اے 131 کے لیے پی ٹی آئی کے تین امیدواروں سمیت کل دس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ این اے 124 میں بھی پی ٹی آئی کے تین امیداروں سمیت دس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

    عمران خان دونوں حلقوں میں پارٹی امیدوار کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن نے این اے 131 میں شکست خوردہ امیدوار خواجہ سعد رفیق جبکہ این اے 124 کیلئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نام فائنل کر لیا ہے۔

  • ہیلی کاپٹر کے معاملے پر باضابطہ حکومتی بیان سامنے آگیا

    ہیلی کاپٹر کے معاملے پر باضابطہ حکومتی بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے پر حکومت کی جانب سے باضابطہ بیان جاری ہو گیا، وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نامکمل معلومات پر بحث کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال اور خرچ کے سلسلے میں ملک بھر میں بحث جاری رہی، تاہم معاون خصوصی نعیم الحق نے اس بحث کو بے مقصد قرار دے دیا۔

    نعیم الحق نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا ’وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے بارے میں نامکمل معلومات پر بحث ہو رہی ہے۔‘

    وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان بہ طور وزیرِ اعظم ہفتے میں دو بار ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

    نعیم الحق کے مطابق ہیلی کاپٹر کا پہلا استعمال جمعہ کی شام بنی گالہ جانے کے لیے کیا جاتا ہے، جب کہ ہیلی کاپٹر کا دوسرا استعمال پیر کو وزیرِ اعظم ہاؤس واپسی پر ہوتا ہے۔


    آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پر اپوزیشن کی جانب سے اس حوالے سے تنقید ہو رہی ہے کہ وہ ایک طرف سادگی اور اخراجات کم کرنے کا درس دے رہے ہیں جب کہ دوسری طرف ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں۔

    جب ہیلی کاپٹر کے خرچے کا ذکر آیا تو وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بیان دیا کہ اس کا خرچہ صرف 55 روپے ہے، اس بیان نے ہیلی کاپٹر کے معاملے کو مزید مہمیز دی اور اپوزیشن سمیت عوام میں بھی اس کا مذاق اڑایا گیا۔

  • وفاقی کابینہ میں کراچی کو نمائندگی دینے کا فیصلہ، عامرلیاقت، علی زیدی اور فیصل واوڈا دوڑ میں شامل

    وفاقی کابینہ میں کراچی کو نمائندگی دینے کا فیصلہ، عامرلیاقت، علی زیدی اور فیصل واوڈا دوڑ میں شامل

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں کراچی کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا ہے، عامرلیاقت، علی زیدی اور فیصل واوڈا وزارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں کراچی کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا، کراچی سے مزید 2 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت بنایا جائے گا۔

    رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ علی زیدی اور فیصل واوڈا بھی وزارت کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ آفتاب جہانگیر کو وزیرمملکت بنائے جانے کی تجویز زیر غور ہیں۔

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا ، جو صدارتی انتخاب کے بعد کیاجائے گا، ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں وفاقی وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں 8 سے 10 وزرا حلف اٹھائیں گے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی بنائے جانے کا امکان جبکہ علی امین گنڈا پور اور علی زیدی کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

    یاد رہے دو روز قبل پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت نے گورنرہاؤس میں عشائیے پر نہ بلانے کا شکوہ ٹوئٹر پر کیا تھا، جس کے بعد پارٹی اور عامر لیاقت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے تھے اور انھوں نے کراچی ایم پی ایز اورایم این ایزکا وٹس ایپ گروپ چھوڑ دیا تھا۔

    عامر لیاقت کے بعد ممبر قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر نے بھی آڈیو پیغام میں پارٹی سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بھی کراچی سے منتخب ہوئےہیں، افسوس ہے ہمیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔

  • رقوم کی غیر قانونی منتقلی روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

    رقوم کی غیر قانونی منتقلی روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رقم کی غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقلی کی روک تھام کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے، تاجربرادری کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں ہے۔

    یہ ہدایات انہوں نے اعلیٰ سطح اجلاس میں دیں, وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کو وزارت کامرس و وزارت تجارت کے امور اور پاور سیکٹر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ہدایات دیں کہ رقوم کی غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقلی کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جائے۔.

    انہوں نے کہا کہ تجارت کا فروغ اور تاجر برادری کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سرمایہ کاری کے خواہشمند تارکین وطن کو سہولتیں دیں گے، پاکستانی مشنز میں ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو پاور سیکٹر کی صورتحال سے متعلق سیکریٹری توانائی نے بجلی کی چوری اور سرکولر ڈیٹ پر تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے وزیراعظم کو لائن لاسز اور گردشی قرضوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ اب تک گردشی قرضے گیارہ کھرب18ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، سیکریٹری پاور نے بجلی پیداواراور اس کے ترسیلی نظام کے مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیراعظم نے بجلی کی چوری اور بڑھتے گردشی قرضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی ناقص پالیسیوں اور کرپشن نے ملک کو ایسی صورتحال تک پہنچایا، ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے جامع مہم شروع کروں گا، پاور سیکٹر کے مسائل کے حل کے لئے بھی کمیٹی بنائی جارہی ہے۔

  • خاتونِ اول عمران خان کو مزارِقائد بھیجیں، سعید غنی کا مشورہ

    خاتونِ اول عمران خان کو مزارِقائد بھیجیں، سعید غنی کا مشورہ

    کراچی : وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے خاتون اول کو عمران خان کو مزارقائد بھیجنے کا مشورہ دے دیا اور کہا عمران خان کا مزار قائد پر نہ آنا اچھی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مزارقائد پر نہ آنا اچھی بات نہیں، اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیرِاطلاعات کی 55 روپے فی کلومیٹر والی بات پر بھی تنقید کی۔

    رہنماپیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کو کچھ دن سیاسی سرگرمیاں کرنے دیں، عمران اسماعیل کو گورنرہاؤس میں نہیں رہنا چاہئے یہ ان کی پارٹی کا فیصلہ تھا۔

    انھوں نے کہا یہ بھی بتا دیا ہے کہ میئرکراچی کے کہنے پر بلدیاتی قوانین تبدیل نہیں ہوں گے، میئرکراچی کے نمائندے اسمبلی میں ہیں ترمیم لےآئیں۔

    سعید غنی سندھ کا کہنا تھا پی ٹی آئی دوستوں سے بات کریں گے کہ پچپن کی جگہ 550روپے فی کلو میٹر لے لیں، سندھ بھر کا دورہ کرنا ہے، گاڑی سے جاؤں گا تو پیٹرول زیادہ خرچ ہوگا۔

    گذشتہ روز وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق تفصیلات طلب کرلی تھی اور کہا تھا غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، چند ماہ کے دوران اداروں میں بہتری نظرآنے لگے گی۔

  • وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے نواز لیگ کے دور میں منگوائی گئی پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، کیبنٹ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کی تیاری شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز حکومت نے جاتے جاتے بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چھ مرسڈیز ایس 600 گاڑیاں منگوائی تھیں، تمام گاڑیاں ہائی ٹیک اور بم پروف ہیں اور ایک گاڑی کی قیمت تقریبا اٹھارہ کروڑ روپے ہے۔

    وزیراعظم عمران خان تمام پرتعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی ہدایت پر کیبنٹ ڈویژن نے نیلامی کی تیاری شروع کردی ہے، نیلامی کےلئے اشتہار جاری کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے تمام عمل آئندہ ماہ تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائےگی۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکریٹریز اور سول انتظامیہ کے پاس بھی بے پناہ مراعات ہیں، وزیراعظم کے بیرونی دوروں65 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے، مغرب میں جانور بھی بھوکے نہیں رہتے وہاں ان کےلئےبھی اسپتال ہیں، ہمارے انسانوں کا حال مغرب کے جانوروں سے بھی برا ہے۔

  • آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین

    آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال پر سو لیٹر فیول خرچ ہوتا ہے، ماہرین

    کراچی : وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا ہیلی کاپٹر پر جانے کا معاملہ پر ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال کرنے پر سو لیٹر ایوی ایشن فیول استعمال ہوتا ہے۔

    ایوی ایشن فیول 90سے سو روپے فی لیٹر حکومتی اداروں کو فراہم کیا جاتا ہے، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔

    گوگل نقشے کے مطابق بنی گالا سے پاک سیکرٹیریٹ کا فاصلہ 15 کلومیٹر بنتا ہے، ہوا بازی کی زبان میں یہ فاصلہ 8 ناٹیکل مائل بنتا ہے، آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کا ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو139وزیراعظم کے زیر استعمال ہے۔

    ایوی ایشن ماہر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہیں، وزیر اعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کا فی ناٹیکل میل خرچ 13ڈالر یعنی1600روپے بنتا ہے، پاکستانی روپوں میں مجموعی خرچہ دس ہزار سے12 ہزار روپے تک بنتا ہے۔

    ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہوائی سفر فی کلو میٹر نہیں، فی گھنٹہ کے حساب سے چارج کیا جاتا ہے، لاگت میں کرایہ ،کریو، مینٹیننس اور تیل کا خرچ شامل ہوتا ہے۔ ماہرین تو کہتے ہیں کہ سب سے سستا سفر سڑک پھر ریل اور پھر پانی کے جہاز کا سفر ہوتا ہے، پوری دنیا میں ہوائی سفر سے سب مہنگا ہوتا ہے۔

    کراچی میں ایک نجی کمپنی چارٹرڈ طیارے اور ہیلی سروس بھی فراہم کرتی ہے، نجی کمپنی کے مطابق کراچی سے حیدرآباد اور واپسی کراچی کا کرایہ ہیلی کاپٹر سروس کا چار ہزار ڈالر وصول کیا جاتا ہے، جو پاکستانی روپے میں پانچ لاکھ روپے بننتے ہیں۔

    نجی کمپنی نے کراچی کا پچیس منٹ ٹوور کی بھی سروس چلائی تھی۔ جو فی مسافر25 ہزار روپے تھی اور ہیلی کاپٹر میں چار مسافر سے ایک لاکھ روپے وصول کیا جاتا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج اجلاس ، اہم فیصلوں کا امکان

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج اجلاس ، اہم فیصلوں کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس کے لئے 9نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا تیسرا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں وفاقی کابینہ 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

    اجلاس میں حکومت کے 100روزہ پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے افسران کے تقرر اور تبادلوں پر غور ہوگا اور سول لا ریفارمز سے متعلق ٹاسک فورس کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔

    نیب قوانین کی اصلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کا قیام بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سول سروس اصلاحات، وفاقی حکومت کی تنظیم نو پر ٹاسک فورس کا جائزہ لیا جائے گا اور کفایت شعاری مہم سے متعلق اور صلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران مون سون کے دوران شجر کاری مہم پر بریفنگ دی جائے اور پلانٹ فار پاکستان مہم کی منظوری دیئے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ داخلی اورخارجی امورپر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی کابینہ پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    واضح رہے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر ہفتے جمعہ اور منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔