Tag: PM Imran Khan

  • ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، وزیر اعظم سے امریکی صدر کے نمائندے جان کیری کی ملاقات

    ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، وزیر اعظم سے امریکی صدر کے نمائندے جان کیری کی ملاقات

    ریاض: وزیر اعظم عمران خان سے امریکی صدر کے نمائندے جان کیری کی ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات سعودی عرب میں ایم جی آئی سمٹ کی سائیڈ لان پر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے آج سعودی عرب میں ملاقات کی ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود، سیکریٹری خارجہ، اور معاون خصوصی ماحولیات بھی شریک ہوئے۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے ترجیحی اقدامات سے آگاہ کیا، اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش چیلنجز پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے مؤثر فریم ورک بنانے پر اتفاق کیا، وزیر اعظم نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی کامیابی سے بھی آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ماحولیات سے متعلق پاک امریکا تعاون کا جائزہ لیا، اور وزیر اعظم نے یو ایس پاکستان کلائمٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر اظہار اطمینان کیا۔

    جان کیری نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیات کے شعبے میں پاک امریکا دیرینہ تعلقات ہیں، پاک امریکا تعلقات میں مزید ہم آہنگی کے لیے انھیں اور مضبوط کیا جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات حوصلہ افزا ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا موسمیاتی تبدیلی پر تکنیکی مہارت اور ٹیکنالوجی کا اشتراک ناگزیر ہے، ماحولیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں۔

    اس ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال اور افغانستان کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی، وزیر اعظم نے پاکستان اور خطے کے لیے پُر امن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا عالمی برادری امن و سلامتی کے لیے عملی طور پر کام کرے، اور معاشی تباہی کو روکنے کے لیے متحرک ہو۔ وزیر اعظم نے افغانستان کو معاشی وسائل کی فراہمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی پر بھی زور دیا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے

    ریاض : وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے جبکہ سعودی قیادت اوراعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس کا آج سے آغاز ہورہا ہے ، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔

    سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ سے ریاض پہنچے تو ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنرریاض نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ملکوں سمیت خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوگا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پرہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماداظہر اور ملک امین اسلم بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم نےاہلیہ اور وفد کے دیگرارکان کے ہمراہ پہلےروضہ رسولﷺ پرحاضری دی نوافل ادا کیے اور بعدازاں عمرہ ادائیگی کی سعادت بھی حاصل کی۔

  • وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پرآج روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پرآج روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کل تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے وزیر اعظم عمران کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم 23 سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب کادورہ کریں گے، دورہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کابینہ ارکان سمیت اعلیٰ سطح وفد وزیر اعظم کے ہمراہ ہو گا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم انیشیٹو مشرق وسطیٰ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرخزانہ شوکت ترین، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سےبھی ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک سمیت خطےکی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ وزیر اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےبزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی علامہ طاہرمحموداشرفی لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں۔ سر سبز پاکستان، سرسبز مشرق وسطیٰ اور سعودی عرب منصوبہ دنیا کے لیے بیش بہا تحفہ ہیں۔

  • صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز کی منصوبہ بندی مکمل، وزیراعظم کی فلمسازوں اہم ہدایات

    صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز کی منصوبہ بندی مکمل، وزیراعظم کی فلمسازوں اہم ہدایات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کاایسا کردار ہے، جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے ، صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی سیریز نوجوانوں کو تاریخی کردار پر آگاہی دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے فلمساز شہزاد نواز، ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک سمیت جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سینیٹر فیصل جاوید بھی موجود تھے۔

    دوران ملاقات وزیر اعظم کو پاکستان اور ترکی کے مشترکہ منصوبے صلاح الدین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سیریز پر منصوبہ بندی مکمل ہے، شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال اپریل میں کر دیا جائے گا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان نسل کواسلامی تاریخ پر آگاہی کیلئے جدیدطریقوں کوبروئےکارلانا ہوگا، روایتی موضوعات سے ہٹ کر تاریخی کہانیوں پر ڈرامے اور فلمیں بنانا ہوں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی تاریخ کا ایسا کردار ہے، جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے، صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا۔

    ان مزید کہا کہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پرسیریزنوجوانوں کوتاریخی کردار پرآگاہی دے گی۔

    خیال رہے20 اگست کو پاکستان اور ترکی کے درمیان ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی مشترکہ ڈرامہ سیریل تیار کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت ترکی اور پاکستان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مشترکہ طور پر ٹی وی سیریز بنائیں گے۔

  • پردے کا نظام شادی کے تحفظ کے لیے ہے: وزیر اعظم

    پردے کا نظام شادی کے تحفظ کے لیے ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قومی رحمۃ اللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ برطانیہ میں خاندانی نظام تباہ ہو گیا، اسلام کے اندر پردے کا مؤثر نظام شادی کے تحفظ کے لیے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سیکس کرائم بڑھ رہا ہے جو بہت بڑا خطرہ ہے، میں جب برطانیہ گیا تو دیکھا کہ ہر 14 شادیوں میں ایک طلاق ہوتی تھی، اس کا سب سے زیادہ اثر معاشرے اور خاندانی نظام پر پڑا۔

    عمران خان نے کہا پردے کا اسلام کے اندر بہت بڑا تاثر ہے، پردے کا نظام شادی کے تحفظ کے لیے ہے، ہمیں اپنے بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کو بچانا ہے۔

    انھوں نے کہا ہالی ووڈ سے بالی ووڈ جانے والا کلچر ہمارے یہاں آتا ہے، جو بہت خطرناک ہے، بچوں کو موبائل فون کے ذریعے ہر چیز تک رسائی ہے، ہم اسے روک نہیں سکتے لیکن اس کلچر سے آگاہی تو دے سکتے ہیں، اس کے لیے ہم ایک اتھارٹی بنا رہے ہیں تاکہ اسکالرز لوگوں کی اصلاح کر سکیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کارٹون بچے کو بہت مختلف کلچر بتا رہا ہوتا ہے جہاں بڑوں کی عزت نہیں ہوتی، بچوں کو کلچر سے روشناس کرانے کے لیے ہم اس طرز پر کارٹونز بنائیں گے، ہمیں ایسے پروگرامز کرنے ہوں گے جو ہمارا کلچر سامنے لے کر آئیں۔

    ان کا کہنا تھا یونیورسٹیز میں اسلامی تاریخ پر ریسرچ اور بحث کرانے کی ضرورت ہے، دین میں کسی قسم کی کوئی زبردستی نہیں ہے مگر ہم نوجوانوں کو راستہ دکھا سکتے ہیں، ہم کم سے کم اپنے بچوں کو صحیح اور غلط راستہ تو بتا سکتے ہیں۔

    معاشرے کے حوالے سے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جب تک طاقت ور قانون کے نیچے نہیں آتا معاشرہ ٹھیک نہیں ہو سکتا، ہمیں طاقت ور کو قانون کے نیچے لے کر آنا ہے۔

  • عید میلاد النبی ﷺ : چراغاں کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم

    عید میلاد النبی ﷺ : چراغاں کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے12ربیع الاول کے موقع پر شہروں کو سجانے اور چراغاں کرنے والوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں عید میلاد النبی کے موقع پر قومی رحمۃاللعالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے ہمیں توفیق ملی کہ 12ربیع الاول کو بھرپور طریقے سے منائیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کا قیام فطری انقلاب تھا، لوگوں کی سوچ اور ذہن بدلے تھے، اللہ کاحکم ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے سیکھیں، ان کی سنت پر چلنے کاحکم ہماری بھلائی کیلئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کریں تو مسلمان اوپر جاتے ہیں، مدینہ کی ریاست ایک رول ماڈل ہے جو پوری دنیا میں پھیل گیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے وطن عزیز میں کسی چیز کی کمی نہیں ہے، اللہ نے پاکستان کو بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے، اللہ کی نعمتوں کو حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنا راستہ ٹھیک کرنا ہے، ہمارا نصب العین یہی ہے کہ پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے۔

    عمران خان نے کہا کہ قومی رحمۃ اللعالمین اتھارٹی کیلئے بڑے اسکالرز کو جمع کررہے ہیں، ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرے میں اچھے اور برے کی تمیز سکھائی۔

    انہوں نے کہا کہ ہر کوئی قانون کی بالادستی نہیں قائم کرسکتا، بنانا ریپبلک اسے کہتے ہیں جہاں قانون اور انصاف نہیں ہے، طاقتور ہمیشہ اپنے آپ کو اوپر رکھنے کیلئے سوچتا ہے، ریاست مدینہ جہاں دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک انسانیت کا نظام آیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست لوگوں کی بنیادی ضرورت پوری کرتی ہے تو وہ ریاست سے جڑ جاتے ہیں، انصاف اور انسانیت کی وجہ سے قوم مضبوط ہوتی ہے، برصغیر کی تاریخ ہے فوجیں جب بھی اوپر سے آتی تھیں وہ جیت جاتی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو طاقتور ہوتا ہے وہ قانون سے خود کو بالاتر سمجھتا ہے، افغانستان کو فتح کرنا آسان نہیں تھا کیونکہ انہوں نے انصاف کو اپنا رکھا تھا، ریاست مدینہ میں میرٹ کا سسٹم تھا جو بھی باصلاحیت تھا وہ اوپر جاتا تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ صادق اور امین ہونا لیڈر بننے کے لئے بہت ضروری ہے، بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، انسان مرنے، ذلت اور رزق جانے کے ڈر سے خوف کھاتا ہے، اللہ نے قرآن میں کہا کہ یہ تینوں چیزیں میرے ہاتھ میں ہیں، مسلمان جب دنیا میں پھیلے تو سب سے اہم چیز لیڈر شپ تھی، غلاموں کے ساتھ مغرب اور ہمارے رویے میں فرق دیکھ کر شرم آتی ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ جام کمال کی اہم ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ جام کمال کی اہم ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد انشااللہ ناکام سے دوچار ہوگی، تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیاسی صورت حال سےآگاہ کیا اور ناراض رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔

    انہوں نے ملاقات سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے بلوچستان کی ترقی اور سسٹم کی بہتری پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد سے متلعلق جام کمال خان نے کہا کہ میرے خلاف لائی جانے والے تحریک عدم اعتماد انشااللہ بری طرح ناکام ہوگی، مخالفین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اگلے آنے والے تین چار دنوں میں ووٹنگ ہوگی، ووٹنگ ہونا اچھی بات ہے، اس سے معاملہ واضح ہوجائے گا۔

    جام کمال خان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹنگ کب ہوگی اس کی تاریخ نہیں بتا سکتا یہ گورنر کی صوابدید پر مبنی ہے، استعفے کی بات ہی نہیں وہ ہم کیوں دیں گے؟

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پہلے ہی تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جا چکی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد میں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ جام کمال کی خراب کارکردگی پرانہیں وزیراعلیٰ کےعہدے سے ہٹایا جائے اور ایوان کی اکثریت کے حامل رکن اسمبلی کو وزیراعلیٰ منتخب کیا جائے۔

  • ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا: وزیر اعظم

    ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس میں کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر اراکین کو اعتماد میں لیا۔

    کچھ دنوں سے ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹیفکیشن کے معاملے پر افواہیں اڑ رہی تھیں، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں کابینہ کو بتایا کہ نوٹیفکیشن کے معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے، ہم ایک پیج پر ہیں، یہ معاملہ جلد خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے نوٹیکفیشن کے سلسلے میں ابہام کو دور کیا گیا ہے۔

  • وزیراعظم  کی فیض حمید کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کی تعریف

    وزیراعظم کی فیض حمید کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کی تعریف

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی خدمات کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدکی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم نے فیض حمید کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی خدمات کوسراہا۔

    خیال رہے دو روز قبل پاک فوج میں اعلیٰ سطح پرتبدیلیاں کی گئیں تھیں، جس کے مطابق جس کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔

  • مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا: وزیر اعظم

    مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد نے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں امین الحق، خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری اور اسد عمر شریک تھے۔

    ملاقات میں مردم شماری اور سندھ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر سندھ اور کراچی کی ترقی کے لیے کردار ادا کر رہی ہیں۔ وفد نے پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں ادارے آزاد ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی۔ ای وی ایم کے انتخابی عمل پر مثبت اثرات سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔