اسلام آباد : ایم کیوایم پاکستان کے وفاقی وزراء امین الحق اور فروغ نسیم اپنےعہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں، ایم کیو ایم کے دونوں وزراء نے اپنے استعفے وزیراعظم ہاؤس بھجوا دیئے۔
ایم کیوایم رہنما امین الحق نے استعفی بھجوانے کی تصدیق کردی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان کو کہا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ ایم کیوایم نے حکومت کو مشورہ مذاکراتی ٹیم سے ملاقات میں دیا۔
ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں کی آج صبح گورنر سندھ اور عمران اسماعیل اور پرویزخٹک سے ملاقات ہوئی تھی جس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج الیکٹرانک پاسپورٹ سہولت کا اجرا کریں گے، یہ پاسپورٹ پاکستانیوں کو سہل ایمیگریشن میں مدد فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں الیکٹرانک پاسپورٹ سہولت کا اجرا کریں گے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
الیکٹرانک پاسپورٹ چپ سے لیس ہوگا ،متعدد سیکورٹی فیچر شامل ہیں ، الیکٹرانک پاسپورٹ پاکستانیوں کوسہل ایمیگریشن میں مدد فراہم کرے گا جبکہ جدید ٹیکنالوجی سےالیکٹرانک پاسپورٹ کی نقل ناممکن ہوگی۔
یاد رہے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا تھا کہ ای پاسپورٹ میں جدید 29 نئے سکیورٹی فیچرز شامل کئے گئے ہیں ، یہ سفری دستاویز کی سب سے بڑی اپ گریڈیشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای پاسپورٹ سے دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی سہولت ملے گی تاہم ابتدائی طور پر ای پاسپورٹ کی سہولت سفارتی ،سرکاری پاسپورٹس کیلئے ہوگی۔
خیال رہے مائیکرو چپ کارڈ کے حامل اس پاسپورٹ میں درخواست گزار کی تمام تر تفصیلات محفوظ ہوں گی، چپ میں محفوظ مسافر کے کوائف اور سفری تفصیلات امیگریشن اور نادرا کے سسٹم سے لنک ہوں گی۔
اس کے محفوظ سیکیورٹی فیچرز میں متعدد چیزیں شامل ہیں، ای پاسپورٹ کے مرکزی صفحے پر پاسپورٹ ہولڈر کی ایک کی بجائے 2 تصاویر ہوں گی، پاسپورٹ کا مرکزی صفحہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈاٹ پر مشتمل ہوگا۔
ای پاسپورٹ سے ایئر پورٹ پر دستاویزی سفری کارروائی انتہائی مختصر وقت میں مکمل ہوگی جبکہ کم وقت میں بورڈنگ کارڈ، امیگریشن کی تکمیل سے طیارے تک تیز تر رسائی بھی ممکن ہوسکے گی۔
وزیراعظم عمران خان کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے فون کیا جس میں یوکرین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے فون کیا ہے جس میں یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ٹیلفونک رابطے کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فوجی تنازع جاری رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیرممالک پر تنازعات کے باعث منفی اثرات اجاگر کر رہےہیں، معیشت پراثرات تیل، اشیائے خور ونوش کی قیمتوں سے ظاہر ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل ڈھونڈنے کا موقف دہرایا اور کہا کہ پاکستان جیسے غیر جانبدار ممالک سفارتی حل میں کردار کیلئے تیار ہیں۔
عمران خان نے یوکرینی حکام کی پاکستانی طلبہ اور شہریوں کے انخلا میں مدد پر صدر زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے اس کڑے وقت میں یوکرین کے عوام کی مشکلات کو یاد رکھا اور عوام کیلئے امدادی سامان کے 2 طیارے بھجوائے۔
وزیراعظم عمران خان نے روس یوکرین تنازع پر او آئی سی کی تشویش سے بھی یوکرینی صدر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ اوآئی سی اجلاس میں بھی عالمی سلامتی اور انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے فوری طور پر دشمنی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے مذاکراتی عمل کی حمایت اورسہولت کاری پرآمادگی ظاہر کی۔
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کو ‘پیغام’ دیا ہے کہ اگر انھیں حکومت پسند نہیں آ رہی ہے تو وہ استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑیں۔
تفصیلات کے مطابق پریڈ گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے تاریخی جلسے امر بالمعروف سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے منحرف اراکین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ‘حکومت پسند نہیں آ رہی تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو۔’
انھوں نے کہا جب تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی تو قوم دیکھ لے گی، یہ کہتے ہیں ضمیر جاگ گیا، 25 کروڑ سامنے رکھ کر کہتے ہیں ضمیر جاگ گیا، ن لیگی اور پی پی ایم این ایز کو پتا ہے کہ ملک کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ان کے بھی ضمیر جاگ جائیں گے۔
عمران خان نے کہا ہماری طرف سے جو ووٹ ڈالنے جائے گا انھیں کہتا ہوں قوم انھیں معاف نہیں کرے گی، اس لیے ایسا نہ کریں، وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ‘یہ بھی نہ کہنا کہ حکومت نے کام نہیں کیا، ترقیاتی کام نہیں کرائے، اور اگر حکومت پسند نہیں آ رہی ہے تو استعفے دو اور دوبارہ الیکشن لڑو۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے جلسے سے خطاب میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے خلاف عالمی سازش ہونے کا بھی دعویٰ کیا، انھوں نے اسٹیج سے ایک خط لہراتے ہوئے کہا کہ بیرونی پیسوں سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، پیسا باہر سے آ رہا ہے اور لوگ ہمارے استعمال ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا زیادہ تر انجانے میں کچھ جان بوجھ کر استعمال ہو رہے ہیں، مجھے پتا ہے باہر سے کن جگہوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے کہا فارن پالیسی ہمارے ملک کے مفاد میں ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے لیکن ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، میرے پاس ایک خط ہے جو ثبوت ہے، جس کو بھی خط پر شک ہے اسے آف دی ریکارڈ دکھا سکتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کیسز ختم ہوتے ہی لندن بیٹھا بھگوڑا واپس آئے گا اور آتے ہی پہلےعدلیہ اور پھر پاک فوج پر حملہ کریگا۔
وزیراعظم عمران خان نے کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارباران چوہوں کوپیغام دےرہاہوں،حکومت آنی جانی معمولی چیزہے، میری جان بھی چلی جائےان لوگوں کوکبھی نہیں چھوڑوں گا، انہوں نےاربوں کی کرپشن کی،عالمی سطح پران کےثبوت آئے ان کیخلاف عالمی سطح پرثبوت آئےاور یہ الزام عمران خان پر لگاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک اسلام کے نام پر سیاست کرتے ہیں اور ڈیزل کے پرمٹ پر بک جاتے ہیں، دوسری اس ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے جس پر اربوں روپےکرپشن کے کیسزہیں، ایک چیری بلوسم شریف ہیں جس کے چپڑاسی مقصود کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ روپے آجاتے ہیں، تمام نوکروں کے اکاؤنٹس میں 16 ارب روپے آجاتے ہیں، شہبازشریف کا کیس لگا ہوا ہے لیکن اب تک بچا ہوا ہے، کبھی کمردرد، کبھی وکیل بیمارہوجاتا ہے اس کو بھی پتہ ہےعمران خان تھوڑااورچل گیا تو شہباز شریف نے جیل میں جانا ہے، چوتھا فنکار لندن میں بیٹھا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ حکومت گرائیں اور اقتدا رمیں آئیں اور اقتدار میں آتے ہی ان کی کوشش ہےنیب کو ختم کریں تاکہ کرپشن کیسزختم ہوں، کرپشن کیسز ختم ہونگےتو لندن میں بیٹھا بھگوڑا واپس آئے گا، الیکشن کمیشن تو ویسے ہی ان کے کنٹرول میں ہے، لندن میں بیٹھا بھگوڑا پاکستان واپس آکر لفافہ صحافت چلائے گا اور سب سے پہلے عدلیہ اور پھر پاک فوج پر حملہ کریگا۔ یہ شخص ابھی سےعدلیہ کوتقسیم کررہاہے،ججز کوساتھ ملارہاہے۔
وزیراعظم کا مزید کہن تھا کہ یہ شخص کبھی آزادعدلیہ نہیں چلنےدےگا کیونکہ کیسزختم کراناچاہتاہے، عدلیہ کےبعد یہ شخص پاکستان کی مسلح افواج پر حملہ کرے گا کیونکہ یہ آج تک اس شخص کی پاک فوج کیساتھ نہیں چلی، یہ خود آرمی چیف بناتا ہےاور پھر اس سے ہی لڑتا ہے وجہ اس کی یہ ہے کہ آرمی چیف کو اس کی چوری کا سب سے پہلے پتہ چلتا ہے، آرمی چیف سےاختلاف کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ کنٹرول چاہتا ہے، پاکستان کے دیگر اداروں کو یہ کنٹرول کرچکا ہوتا ہےفوج پر کنٹرول چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس شخص نے سپریم کورٹ پرحملہ کیا، جسٹس سجادعلی شاہ پرحملہ کرایا،عدلیہ میں بریف کیس چلائے، نواز شریف کواس وقت سے جانتا ہوں جب یہ کرکٹ کھیلتا تھا، اس شخص نےسیاست میں پیسے چلائے، چھانگا مانگا کی سیاست کی، گزشتہ دورمیں یہ شخص مودی سےچھپ چھپ کرمل رہا تھا، یہ چھپ کراس لیے مل رہا تھا کہ اسے پاک فوج سے ڈر لگ رہا تھا، ڈان لیکس میں بھارت کوپیغام دیاگیامیں تودوستی چاہتاہوں فوج نہیں مانتی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ان چوروں کوخوف ہے کورونا میں بھی پاکستان بہترانداز میں نکل گیا، معیشت بھی بہترہوگئی، کسانوں کو ان کی محنت کی اصل رقم دی گئی،آج بھی برصغیرمیں سب سے کم بےروزگاری پاکستان میں ہے، عالمی مہنگائی کےمقابلےپاکستان میں مہنگائی کم ہے، ریکارڈ ایکسپورٹ، ریکارڈ ٹیکسٹائل پروڈکشن ریکارڈ فصلیں ہوئیں، اللہ کاشکر ہے ملک سیدھے راستے پر ہے یہ یہ لوگ اسی لیےسازش کرکےحکومت گراناچاہتےہیں۔ اب یہ سارےمل کرسوچ رہے ہیں کہ عمران خان کو کیسے نکالیں کیونکہ یہ سمجھ رہے تھے کہ عمران خان ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکےگا لیکن ہم نےمعیشت کو بہتر کیا، پھر کورونا آگیا ہم نےعوام کا خیال رکھا، کورونا میں نوازشریف، شہباز شریف، اسحاق ڈار اور ان سب کے بچے باہر تھے ایسا لگتا ہے کہ یہ گوالمنڈی میں نہیں بلکہ کوئین الزبتھ کے گھرمیں پیدا ہوئے تھے، شریف فیملی کی پنکچرکی دکان تھی آج رہن سہن دیکھ لیں۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری کاشکریہ اس کے بعد جس کی قیمت نیچے آگئی ڈیزل اس کا بھی شکریہ اور سب سے زیادہ شکریہ پاکستان کے سب سے زیادہ جوتے پالش کرنے والے ایکسپرٹ کا کہ ان کی شکلیں دیکھ کر لوگوں کو خوف ہوا کہ یہ پھر سے واپس نہ آجائیں اور ان کے آنے کے خوف سے عوام کے دل میری طرف پھر گئے، جب تک قوم اچھےبرے کی تمیز نہیں کرتی وہ مرجاتی ہے، اللہ نے نیوٹرل کا فیصلہ انسان کو نہیں دیا، انسان کو اچھائی کیساتھ کھڑا ہونا ہے یا برائی کیساتھ کھڑا ہونا ہے، ان لوگوں پرنیب کےکیسزہیں، ایک شخص کا نام لیں تو ڈیزل ڈیزل کے نعرے کیوں لگتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ میمو گیٹ اسکینڈل میں حسین حقانی کہتا ہے کہ زرداری کو پاک فوج سےبچالو، یہ پیسوں کےغلام کبھی عوام کیلئے آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنا سکتے، شہباز شریف کہتےہیں یورپی یونین کے سفیروں پر تنقید نہیں کرنی چاہیےتھی، میں پوچھتا ہوں کیوں تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی، یورپی یونین کےسفیروں نےپروٹوکول توڑاتھا، شہبازشریف جوتے پالش کرنے والوں کی یورپ عزت نہیں کرتا، شہبازشریف کہتےہیں عمران خان کو ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہنا چاہیے تھا، کیوں نہیں کہنا چاہیے تھا ہم نے دہشت گردی کیخلاف امریکی جنگ میں شرکت پر 80 ہزارجانیں قربان کیں، 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی،100 ارب ڈالرسےملکی نقصان ہوا، امریکی جنگ میں شرکت سےپاکستان کوکیافائدہ ہوا، افغانستان میں جنگ نہیں جیتی گئی تو پاکستان کو ذمے دار ٹھہرایا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ کسی ملک کیساتھ اپنے تعلقات خراب کریں لیکن میں شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ تعلقات اور جوتے پالش میں بڑا فرق ہے، شہبازشریف، ان کا بڑا بھائی اور زرداری ہمیشہ یورپی کی غلامی کرینگے، یہ لوگ غلامی اس لیےکرینگے کیونکہ ان کا اربوں روپے وہاں پڑا ہے، یہ لوگ کبھی آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنائیں گےکیونکہ ان کاپیسہ وہاں ہے، میں قوم سے کہتا ہوں کہ کبھی اس شخص کوووٹ نہ دو جس کا پیسہ بیرون ملک رکھا ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کل سب نےاسلام آباد پہنچنا ہے، اللہ کا حکم ہے کہ امربالمعروف ونہی عنی المنکر یعنی برائی کیخلاف اور اچھائی کیساتھ کھڑے ہو، ان چوروں کےملک میں لوٹ مار کے دن ختم ہوگئےہیں، عوام میں جذبہ اورجنون ہےاور اسی جذبے اور جنون کے ساتھ کل اسلام آباد میں عوام بڑی تعداد میں آرہے ہیں۔
اسلام آباد : پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں کامیاب جلسوں کے انعقاد کے بعد آج وزیراعظم عمران خان کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ آج جو اپوزیشن جماعتوں نے ہمارے لیے کردیا، اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ایسی مقبولیت پہلے کبھی نہیں دیکھی، جو عمران خان کی آج ہے، قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ حق کے ساتھ ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اب جو بھی ہو، جیت پاکستان کی ہے، جیت عمران خان کی ہے، اب کمالیہ کی باری ہے!آئیےمل کراپوزیشن کو عدم اعتماد لانے پرشکریہ بولیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ منڈی بہاءالدین، میلسی، دیر، حافظ آباد، سوات، درگئی اور مانسہرہ میں کامیاب جلسے کرنے کے بعد آج وزیراعظم عمران خان کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
اپنبے ٹوئٹر پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ٹرمپ کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے، انشاء اللہ۔
مانسہرہ: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنما پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف چوہا نمبر ون ہے، وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہا تھا۔
مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے میں اگر ہوتا تو ایبسولوٹلی ناٹ نہ کہتا امریکیوں کو ناراض نہ کرتا، وہ کہتا ہے امریکی یا یورپی دیکھوں تو بوٹ پالش شروع کر دیتا ہوں۔
عمران خان نے خطاب میں کہا شہباز شریف کا نام میں چیری بلاسم رکھ دیتا ہوں، شہباز شریف اچکن سنبھال کر رکھو وہ کسی اور کو دینا پڑے گی، 27 تاریخ کو اسلام آباد جلسے کے لیے پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ضمیر کو خریدنے کے لیے 20 کروڑ روپے صالح محمد کے سامنے رکھے گئے تھے، لیکن میں انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انھیں 50 کروڑ بھی آفر کرتے تب بھی وہ آج پی ٹی آئی ہی میں ہوتے۔
انھوں نے کہا میں ہر جلسے میں اپنے آپ کو کہتا ہوں فضل الرحمان کو ڈیزل نہیں کہوں گا، لیکن جب تقریر کے لیے کھڑا ہوتا ہوں تو پنڈال سے ڈیزل کی آوازیں آتی ہیں، برے اور مشکل وقت میں پوری کوشش کی کہ ڈیزل کی قیمت کم کی جائے۔
انھون نے کہا اللہ نے مجھ سے اور میری حکومت سے وہ کام لیا جو کسی حکومت نہیں کیا، ہم نے اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کرائی، پوری دنیا میں 15 مارچ ہر سال اسلاموفوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا، صرف ریاست مدینہ کے اصولوں پر چل کر ہی دنیا میں ہرے پاسپوٹ کی عزت ہو سکتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا تین چوہے مل کر میرا شکار کرنے آ رہے ہیں لیکن ہم ان کو شکست دیں گے، یہ ایک چیز چاہتے ہیں کسی طرح ان کے کرپشن کے کیسز ختم کر دوں لیکن ان کے کرپشن کے کیسز ختم کرنا ملک سے بڑی غداری ہوگی۔
انھوں نے کہا جب امریکا نے ڈرون حملے کیے اس وقت ان 3 میں سے 2 چوہے ملک کے سربراہ تھے، انھوں نے اپنا پیسہ سوئس اکاؤنٹ، آف شور کمپنیوں میں رکھا مگر ایک بار ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، ان کو شرم نہیں آتی کم سے کم منہ سے تو بول سکتے تھے۔
اسلام آباد : نون لیگی رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا ٹرمپ قرار دے دیا اور کہا ان کا انجام بھی ٹرمپ جیسا ہونے والا ہے، یہ بھی برطرف ہونے والے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک ہی پتہ ہے وہ تحریک عدم اعتماد کا پتہ ہے، 172 ووٹوں کا پتہ ہے، جو ان کے ہاتھ میں نہیں ہے، اِکی دُکی کے پتے کو کنگ اور کوئن بنا کر پیش کررہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے ٹرمپ ہیں، ان کا انجام بھی ٹرمپ والا ہونے والا ہے، یہ بھی عدم اعتمادکی تحریک کے نتیجے میں برطرف ہوں گے۔
انھوں نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو کل کے اجلاس کے بعد 24 یا 72 گھنٹے میں عدم اعتماد پرووٹنگ کرالیں ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، تین دن کا آئین میں لکھا ہے کہ ووٹنگ کرائی جاتی ہے۔
سپریم کورٹ کی سماعت کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ اگر حکومت کا موقف درست تسلیم کرلیا جائے تو آرٹیکل 95 کو خارج کرنا پڑے گا ، کوئی بھی وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لے لے گا تو پانچ سال کے لیے بادشاہ بن جائےگا کیونکہ کوئی خلاف ووٹ نہیں دے سکے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نظام عدل میں ایک وزیراعظم کو اس لیے نااہل کیا کیونکہ اس کے بیٹے سے تنخواہ وصول نہیں کی ، ہر بیٹے کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ وہ اپنے باپ کو پیسے دے سکتا ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان عمر بل معروف کے زریعے مذہب کارڈ کھیل رہے ہیں ، عمر بل معروف نہیں کہتا کہ بھارت کے کسیدے پڑھو۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک سے دیے گئے تحفوں کو بیچا ،اب جب پارٹی کے اراکین تنقید کر رہے ہیں تو وہ ضمیر کے چیمپیئن بن گئے ہیں، مسلم لیگ ن کے ایم این ائز کو توڑ کر اب ضمیر فروشی کی باتیں جرتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا عمران خان اور اپوزیشن کے درمیان ایک سیاسی جھگڑا ہے جس میں عمران خان سپریم کورٹ کو فریق بنا رہے ، عمران خان سپریم کورٹ کو متنازع بنانا چاہتے ہیں ، آئین اور قانون واضح ہے! سپریم کورٹ کو اس مسلے پر نہیں ڈھکیلنا چاہیے ، تاحیات ووٹ نااہلی عمران خان کا بلیک میلنگ پر مبنی ہتھکنڈا ہے۔
اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج خود عوام کو 27 مارچ کے جلسے کی دعوت دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود عوام کو 27 مارچ کےجلسے کی دعوت دیں گے ، اس سلسلے میں عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام آج 11:45پر نشر ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام – وزیراعظم خود عوام کو 27 مارچ جلسے کی دعوت دیں گے – وزیراعظم کا پیغام آج دوپہر 11:45 پہ ٹی وی، ریڈیو، سوشل میڈیا سے نشر کیا جاے گا –#امربالمعروف
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا تھا کہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کیلئے سرپرائز ہے۔
عمران خان نے کہا تھا تحریک انصاف کی مقبولیت میں حالیہ دنوں بےپناہ اضافہ دیکھنے کو آیا، 27مارچ کوعوام کو سمندراسلام آباد میں ہوگا، اتنا بڑا جلسہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا ہوگا، پاکستان میں سب سے بڑےجلسے میں نے کیے ہیں، مینارپاکستان کو بھرنے کا کریڈٹ بھی مجھے جاتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کا 23مارچ2022یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ23مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد پر کاربند رہنےعزم کی تجدید کا دن ہے۔
قومی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بابائےقوم، تحریک آزادی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، نوجوانوں کیلئے جاننا ضروری ہے کہ پاکستان طویل جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا۔
وزیراعظم اب استحکام، ترقی کی کلید محنت، دیانتداری، اخلاقیات میں مضمر ہے، ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، خود کو مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست کیلئے وقف کرنا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجز کا ادراک کرنا چاہیے، حکومت نےغربت کے خاتمے اور انصاف کیلئےاصلاحات متعارف کرائیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز طبقےاور مساوی مواقع پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے، قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام تاریخ میں بےمثال پروگرام ہے، ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پرگامزن ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی، کرپشن کے خاتمے کیلئے جذبے کی ضرورت ہے۔