Tag: PM Imran Khan

  • وزیر اعظم کا چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

    وزیر اعظم کا چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے چین میں مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ہم چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    چین کے علاقے گوانگشی ژوانگ میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کی وجہ سے اس میں سوار تمام 132 مسافروں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں مسافر طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے لکھا حادثے میں المناک جانی نقصان پر دکھ ہوا، ہم غم کی اس گھڑی میں چین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایک بوئنگ 737 مسافر جیٹ لائنر جس میں 132 افراد سوار تھے، آج دوپہر 2 بج کر 38 منٹ پر جنوبی چین کے خود مختار علاقے گوانگشی ژوانگ میں ایک پہاڑی مقام پر گر کر تباہ ہو گیا۔

    چین میں 132 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ

    چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (سی اے اے سی) نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ، چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کا ہے، یہ طیارہ شہر کنمنگ سے گوانگژو سٹی کے لیے پرواز پر تھا، اور وزو شہر پر اس کا رابطہ منقطع ہوا۔

    طیارے میں 123 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے، تاحال ہلاکتوں کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے، ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے، چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے مقامی ہنگامی انتظامی عملے کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ حادثے سے پہاڑی پر آگ لگ گئی تھی، جسے بجھا دیا گیا ہے۔

    طیارہ حادثے کے فوراً بعد، چینی صدر شی جن پنگ نے امدادی کارروائیوں کے لیے ہر ممکن کوشش کا حکم جاری کیا۔

  • ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    ریکوڈک: وزیر اعظم کی جانب سے قوم کے لیے بہت بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوش خبری دیتے ہوئے بلوچستان میں ریکوڈک کے حوالے سے ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ہونے والے نئے معاہدے کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرک گولڈ کارپوریشن اور پاکستان کے درمیان ریکوڈک منصوبے کے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ سے معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے کے تحت بلوچستان میں دس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔

    انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ 10 سال کی قانونی لڑائی اور مذاکرات کے بعد ریکوڈک کان میں دوبارہ کام شروع ہوگا، 10 بلین ڈالر بلوچستان میں لگائے جائیں گے، جس سے 8 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    نئے معاہدے کے تحت 50 فی صد بیرک اور 50 فی صد پاکستان اسٹیک ہولڈرز ہوں گے۔ اس معاہدے میں پاکستان پر لگائے گئے 11 بلین ڈالر کا جرمانہ بھی ختم ہو جائے گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا میں سونے اور تانبے کی سب سے بڑی کان ہوگی، اور یہ ہمیں اپاہج کر دینے والے قرضوں سے آزاد کرائے گا اور ترقی و خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کامیاب معاہدے پر قوم اور بلوچستان کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ 2011 میں قانونی تنازع کی بنیاد پر معطل کیا گیا تھا۔

  • ‘میرے کھلاڑیوں کو ‘میچ فکسنگ’ پر بھاری رقوم کا لالچ دیا جارہا ہے’

    ‘میرے کھلاڑیوں کو ‘میچ فکسنگ’ پر بھاری رقوم کا لالچ دیا جارہا ہے’

    اسلام آباد: کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی دلیرانہ اننگز پر وزیراعظم نے مبارک باد دیتے ہوئے سیاسی صورت حال پر ‘دل کی بات’ کہہ ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رضوان اور عبداللہ شفیق نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

    اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بہترین فائٹ بیک پر بابر اعظم کو مبارکباد دیتا ہوں ساتھ ہی قومی ٹیم کو بھی مبارکبادکی مستحق ہے جس نےشاندار کھیل پیش کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بدقسمتی سے یہ ٹیسٹ میچ نہیں دیکھ سکا کیونکہ میچ فکسنگ کیخلاف دوسرے محاذ پرجنگ لڑرہا ہوں، میرےکھلاڑیوں کولالچ دینےکےلیےبھاری رقم استعمال کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے حکومتی ارکان کو سندھ ہاؤس میں چھپا کر رکھنے کا انکشاف ہوا تھا۔

    گذشتہ روز جب وزیر اعظم نے سوات جلسے میں سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشی کا ذکر کیا تو ان کا اشارہ بھی اسی طرف تھا۔

    اپوزیشن نے جن ارکان کو چھپایا ، حکومت کو ان کے نام پتا چل گئے ہیں، مذکورہ ارکان میں 3 خواتین ایم این ایز بھی شامل ہیں، پیپلز پارٹی نے اسی سبب سے سندھ ہاؤس میں سندھ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر رکھی ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے ارکان کی رضا کارانہ واپسی کے لیے اپوزیشن سے بیک ڈور رابطے بھی کیے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اپوزیشن کو پیغام دیا کہ ان کے ارکان رضا کارانہ طور پر واپس کیے جائیں، اگر ارکان واپس نہ کیے گئے تو دن دہاڑے بازیاب کرائیں گے۔

  • مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے: وزیر اعظم

    مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے: وزیر اعظم

    سوات: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے، آر ایس ایس کی بدولت آج بھارت میں تاثر پرست جماعت کی حکومت ہے۔

    خیبر پختون خوا کے شہر سوات میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 3 سال سے ہم کوشش کر رہے تھے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہو، نائن الیون کے بعد مغرب میں ایسا تاثر پھیلایا گیا کہ اسلام کی وجہ سے دہشت گردی ہو رہی ہے، پاکستان کی قرار داد 57 مسلم ممالک نے مل کر پیش کی، گزشتہ روز اس کی منظوری پر تمام مسلم ممالک کی طرف صبح سے مبارک باد کے پیغام آ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا یو این میں پہلی بار کسی پاکستان کے سربراہ نے اسلامو فوبیا کے خلاف بات کی، بیرون ملک پاکستانی اور مسلمان آج سب سے زیادہ خوش ہیں، کل ہندوستان میں کرناٹکا کی عدالت نے فیصلہ کیا کہ مسلمان لڑکیاں حجاب نہیں کر سکتیں، مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے سے بھارتی عدالت کا منع کرنا اسلامو فوبیا ہے۔

    انھوں نے کہا مولانا دین کے نام پر سیاست کرتے ہیں اور ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں، کیا مولانا نے اسلامو فوبیا کے خلاف کسی سے بات بھی کی؟ مدرسے کے بچوں کو نکالتے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ یہودی لابی ہے، شرم آنی چاہیے یہودی کہتے تھے اس نے وہ کام کیا جو تم 30 سال میں نہ کر سکے، اقوام متحدہ نے تسلیم کیا کہ اب 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا امریکی صدر ہو یا کوئی بھی عمران خان آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے، جو پیسے کی پوجا کرتے ہیں اس کی کانپیں ٹانگتی ہیں، اسلاموفوبیا اور ڈرون حملوں پر کسی حکمران نے آواز تک نہیں اٹھائی، میرے بھی لندن میں محلات، اربوں روپے اور آف شور کمپنیاں ہوتیں تو ان کی طرح پرچی لے کر بیٹھا ہوتا۔

    عمران خان نے کہا نواز شریف جب اوباما کے سامنے پرچی پکڑ کر بیٹھتے تھے تو اسلامو فوبیا، کشمیر کی پرچی بھی پکڑ لینی تھی، 100 شیروں کا سردار نواز شریف کی طرح گیدڑ ہو تو قوم ہار جائے گی، لیکن 100 گیدڑوں کا سردار اگر شیر ہو تو وہ قوم جیت جائے گی۔

    انھوں نے کہا تین چوہے میرا شکار کرنے نکلے ہیں، آج سوات کے لوگوں کو کہتا ہوں میں ان تینوں کا شکار کروں گا، کچھ لوگ سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لے کر بیٹھے ہیں، سندھ کے عوام کا پیسہ لے کر ہمارے ایم این ایز خریدنے آئے ہیں، سیاست دانوں کے ضمیر کی قیمت 20،20 کروڑ لگا دی گئی ہے، ان کو پتا ہے عمران خان تھوڑی دیر اور رہ گیا تو ان سب نے جیلوں میں جانا ہے، الیکشن کمیشن بتائے کیا اس ہارس ٹریڈنگ کی آئین میں اجازت ہے؟

  • ‘وزیراعظم عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے کوآئندہ انتخابات میں شکست ہوگی’

    ‘وزیراعظم عمران خان کا ساتھ چھوڑنے والے کوآئندہ انتخابات میں شکست ہوگی’

    اسلام آباد : سینیٹر فیصل جاوید نے خبردار کیا ہے کہ جوعمران خان کو چھوڑے گا ، اس کا حلقے سے جیتنا ناممکن ہو جائے گا، جاویدہاشمی کی مثال سامنے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جوعمران خان کو چھوڑے گا ، اس کا حلقے سے جیتنا ناممکن ہو جائے گا۔
    جاویدہاشمی کی مثال سب کے سامنے ہے، سیاست میں پھر کم بیک مشکل ہوجائے گا کیونکہ عوام عمران خان کیساتھ ہیں،فیصل جاوید

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ 2023 کے عام الیکشن میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ ٹاپ ڈیمانڈہو گا اور انشااللہ ایک ایک سیٹ پر 10،10ٹکٹ کےطلب گار ہوں گے۔

    عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ منڈی بہاوالدین,میلسی, دیر اور حافظ آباد کے کامیاب عوامی جلسےکئے، سوات تیار ہو، آج وزیراعظم عوامی رابطہ مہم کے تحت سوات میں جلسےسےخطاب کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد عمران خان پر اعتماد پلس میں بدل گئی ہے۔

  • ‘لوگ کہہ رہے ہیں تھری اسٹوجز نے ملک کو بچانا ہے تو بہتر ہے عمران کے ساتھ ڈوب جاؤ’

    ‘لوگ کہہ رہے ہیں تھری اسٹوجز نے ملک کو بچانا ہے تو بہتر ہے عمران کے ساتھ ڈوب جاؤ’

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے تین بڑے رہنماؤں کو ‘تین کٹھ پتلیاں’ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا کہ ‘لوگ کہہ رہے ہیں تھری اسٹوجز نے ملک کو بچانا ہے تو بہتر ہے عمران کے ساتھ ڈوب جاؤ’۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اوورسیز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ساری قوم نے دیکھا ہے کہ اگر ان چوروں نے ملک کو بچانا ہے تو بہتر ہے عمران کے ساتھ ڈوب جاؤ، یہ تینوں کپتان کی بندوق کی شست کے سامنے آگئے ہیں، ان کو لگتا تھا قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو جائے گی مگر یہ قوم کو جانتے نہیں۔

    انھوں نے کہا ‘تھری اسٹوجز’ کی شکلیں سب دیکھ رہے ہیں، انھوں نے مجھ پر احسان کیا ہے انھیں برا بھلا نہیں کہوں گا، ایک طرف نوازشریف، دوسری طرف آصف زرداری اور تیسری طرف فضل الرحمان ہے، ان کا شکریہ ادا کرنے دیں، انھوں نے پی ٹی آئی کو کھڑا کر دیا، اور عوام کو مہنگائی بھلا دی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا فضل الرحمان کو ڈیزل کہنا ن لیگ نے شروع کیا تھا، ن لیگ کے ایک رنگ باز نے فضل الرحمان کا نام ڈیزل رکھا تھا ہم نے نہیں، ڈیزل نام اس لیے پڑا کیوں کہ اس نے ڈیزل سے پیسہ بنایا تھا، انھوں نے میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا فیصلہ کیا، عدم اعتماد کی تحریک دینے پر میں نے دو نوافل شکرانے کے ادا کیے۔

    عمران خان نے کہا شہباز شریف ٹوکرے کا پھل لے کر رشوت دینے جاتا تھا، زرداری جعلی پرچہ دکھا کر اقتدار میں آیا، ان کو غلط فہمی ہوگئی ہے کہ لوگ ان کی کرپشن بھول گئے، میں پیش گوئی کرتا ہوں صرف عدم اعتماد ہی ناکام نہیں بلکہ 2023 کا الیکشن بھی ان کے ہاتھ سے گیا، یہ کپتان کے ٹریپ میں آ گئے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا نواز شریف اوباما کے سامنے بیٹھا تھا اس کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں، نواز شریف نے گھبراہٹ میں اوباما کو مسز اوباما کہہ دیا، مغربی ممالک جب چاہیں ان کو منی لانڈرنگ میں پکڑ سکتے ہیں، لیکن اپنا پیسہ بچانے کے لیے یہ 22 کروڑ عوام کو بڑی طاقتوں کا غلام بنا لیتے ہیں۔

    انھوں نے کہا نہ میں اینٹی امریکا، نہ اینٹی برطانیہ میں تو اینٹی انڈیا بھی نہیں، کسی بھی ملک کی پالیسی کے خلاف ہو سکتے ہیں مگر لوگوں کے نہیں، میں امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پالیسی کے خلاف ہوں، ہندوستان میں پڑھے لکھے لوگ ہندوتوا کی مخالفت کرتے ہیں، بھارت کشمیر میں 5 اگست 2019 کا قدم واپس لے تو ہم بات چیت کر سکتے ہیں، برکھا دت نے اپنی کتاب میں لکھا نواز شریف اپنی فوج سے ڈر کر مودی سے چھپ کر ملتا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات سے چل رہا ہے، اب میں چاہتا ہوں اوورسیز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، اوورسیز کو جوائنٹ وینچر اور انویسٹمنٹ پر 5 سال تک ٹیکس ہالی ڈے ملے گا، تمام سفارت خانوں کو کہا ہے کہ اوورسیز کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔

  • حکومتی اتحادی ہدف بن گئے، وزیر اعظم کو خود متحرک ہونا پڑ گیا

    حکومتی اتحادی ہدف بن گئے، وزیر اعظم کو خود متحرک ہونا پڑ گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی سیاسی فضا میں حرارت عروج پر پہنچ گئی ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے حکومتی اتحادی ہدف بن گئے ہیں، اور وزیر اعظم کو خود متحرک ہونا پڑ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج پیر کو وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ لاجز جا کر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں جی ڈی اے رہنماؤں نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے علاوہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور شہباز گل موجود تھے۔

    تمام رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    اتحادیوں سے متعلق وزیر اعظم کا اہم قدم

    دوسری طرف اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومتی اتحادیوں کو وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اس سلسلے میں آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا وفد اسلام آباد میں زرداری ہاؤس پہنچا۔

    اس اہم ملاقات میں ایم کیو ایم کے اپوزیشن سے کیے گئے تمام مطالبات پر پیش رفت سامنے آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے انھیں جینئین قرار دیا اور کہا کہ ہم ان مطالبات کو مانتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی شریک چیئرمین نے ایم کیو ایم کے شہری سندھ میں اسٹیک اور مینڈیٹ کو تسلیم کیا، اور یقین دہائی کرائی کہ شہری سندھ کی ترقی کے لیے جو مدد اور تعاون سندھ حکومت کی جانب سے درکار ہوا، وہ دیا جائے گا، اور اس سلسلے میں مکمل سپورٹ کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سابق صدر پاکستان نے عدم اعتماد پر ایم کیو ایم سے حمایت مانگی، تاہم ایم کیو ایم نے فی الحال کوئی جواب نہیں دیا، ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اور کارکنان سے مشاورت کے بعد عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

    ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کی صورت حال کے لیے بھی اپوزیشن نے روڈ میپ تیار کر لیا ہے، اور یہ روڈ میپ حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے طے کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق تحریک کی کامیابی پر نئے الیکشن سے پہلے نیب پہلا ٹارگٹ ہوگا، الیکٹورل اور معاشی اصلاحات کے بعد الیکشن کرائے جائیں گے۔

  • اتحادیوں سے متعلق وزیر اعظم کا اہم قدم

    اتحادیوں سے متعلق وزیر اعظم کا اہم قدم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اتحادیوں سے متعلق بیان بازی سے روک دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپوزیشن کی جانب سے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر اپنے اتحادیوں سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو محتاط رہنے کا کہہ دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے کہا ہے کہ اتحادیوں سے متعلق معاملات کو افہام و تفہیم سے دیکھا جائے گا، اس لیے ان کے خلاف کوئی بیان نہ دے۔

    انھوں نے پارٹی رہنماؤں کو یقین بھی دلایا کہ نہ حکومت کہیں جا رہی ہے، نہ اتحادی کہیں جا رہے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد ہی نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف سازش بھی ناکام ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے اپوزیشن کے جلسوں کا جواب دینے کے لیے اسد عمر اور عامر کیانی کو ڈی چوک جلسے کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کپتان نے ڈی چوک اسلام آباد جلسے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جہاں 27 مارچ کو تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔

    تحریک انصاف کا ڈی چوک پر جلسہ ، اسد عمر نے تاریخ کا اعلان کردیا

    ہیڈ آف انویسٹیگیٹو سیل نعیم اشرف بٹ کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم نے بتایا کہ اپوزیشن کی گیم پلٹ گئی ہے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور جلد باقاعدہ اعلان بھی کردیں گے، ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے کہا آپ پُر اعتماد رہیں، سازش کے خلاف سب ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

    انھوں نے کہا اپنے حلقوں میں جائیں اور لوگوں کو موبلائز کریں، سب ڈی چوک پہنچیں، عمران خان نے یہ بھی کہا کہ خارجہ پالیسی سے متعلق ہمارے دو ٹوک مؤقف پر ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے، اور پارٹی میں جو کنفیوژ تھے انھوں نے جلسوں میں پی ٹی آئی کی مقبولیت دیکھ لی۔

  • ‘کیا آپ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اس دہشت گرد کو ڈرون حملہ کر کے مار دیں’: وزیر اعظم

    ‘کیا آپ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اس دہشت گرد کو ڈرون حملہ کر کے مار دیں’: وزیر اعظم

    حافظ آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ماضی میں‌ پاکستان میں ڈرون حملوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دیتا، لندن میں 30 برسوں‌ سے ہمارا ایک دہشت گرد بیٹھا ہے، کیا آپ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اس دہشت گرد کو ڈرون حملہ کر کے مار دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اتوار کو پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں ساڑھے 6 ارب روپے سے یونیورسٹی آف حافظ آباد کا افتتاح شامل ہے، جب کہ گوجرانوالہ، حافظ آباد دو رویہ سڑک کی تعمیر کے لیے 10 ارب روپے کے منصوبے کا بھی آغاز ہو گیا ہے، وزیر اعظم نے 10 ارب کی لاگت سے 400 بیڈ پر مشتمل ڈی ایچ کیو حافظ آباد اسپتال کا افتتاح بھی کیا۔

    حافظ آباد میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا سیاست میں اس لیے نہیں آیا تھا کہ ٹماٹر اور آلو کی کیا قیمت ہے، سیاست میں آنے کا مقصد یہ ہے کہ قوم کو عظیم کیسے بنانا ہے، پہلی بار ملک میں ایک تعلیمی نصاب لائے ہیں، سب کو انگریزی کے ساتھ ایک نصاب پڑھائیں گے، دینی مدارس کے بچوں کو بھی ایک نصاب میں شامل کریں گے۔

    انھوں نے ڈرون حملوں کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے ڈرون حملوں کی ایک بار مذمت نہیں کی، دنیا کا کوئی قانون ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دیتا، ایک طرف پاکستان ان کے لیے جنگ لڑ رہا ہے اور وہی ہم پر بمباری کر رہے ہیں، ڈرون حملوں کے خلاف امریکا اور برطانیہ میں جا کر کہا یہ انسانی حقوق کے خلاف ہے، یورپی یونین کےسفیروں نے مجھ سےکہاڈرون حملوں کی کیوں مخالفت کررہےہووہ تودہشت گردماررہےہیں۔

    انھوں نے مزید کہا میں نے یورپی یونین کے سفیروں سےکہاکہ لندن میں ہمارا بھی ایک دہشت گرد 30 سالوں سے بیٹھا ہے، اس شخص نے پاکستانیوں کو قتل کیا اور آرام سے لندن میں بیٹھا ہے، ہم کہتے ہیں اس دہشت گرد کو دو تو کہتے ہیں عدالت میں ثابت کریں، تو کیا آپ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اس دہشت گرد کو ڈرون حملہ کر کے مار دیں۔ اگرآپ اجازت نہیں دیں گےاور کوئی مہذب معاشرہ اس کی اجازت نہیں دیتا، تو کیا ہم آپ کے کمی ہیں کہ آپ یہاں ڈرون مار رہے ہیں؟

    وزیر اعظم نے کہا میں سمجھتا ہوں پاکستان کو ہر ملک سے اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں، امریکا بڑی پاور ہے ہماری تجارت اس کے ساتھ ہے، میں 22 کروڑ پاکستانیوں کا وزیر اعظم ہوں، پاکستانیوں کے حقوق اور مفادات کی حفاظت میری ذمہ داری ہے، کسی کو خوش کرنے کے لیے اپنے ملک کو نقصان پہنچانے کی کبھی اجازت نہیں دوں گا۔

    انھوں نے کہا ہمارے پاس ہر قسم کا پروفیشنل ہے ہم کیوں اپنے جہاز نہیں بناتے، میں مغربی ذہنیت کو اچھے سے جانتا ہوں، جو لوگ اپنی قوم کے مفاد کے لیے کھڑے ہوتے ہیں مغرب ان کی عزت کرتا ہے، میں نے یورپی یونین پر صحیح تنقید کی۔

    وزیر اعظم نے کہا جب بھی میرے پاس کوئی باہر سے سربراہ یا وزیر خارجہ آتا ہے تو میری ایجنسیز اور فارن آفس اس کی تعلیم اور سیاست سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرتے ہیں، بیرون ملک سے ملنے آنے والوں کے مکمل کوائف میرے پاس آتے ہیں، یہ بھی کہ ان کے پاس موجود پیسہ کہاں سے آتا ہے، اسی طرح غیر ممالک کے سربراہوں کے سامنے ہمارے کوائف بھی رکھے جاتے ہیں، اور اسی کی بنیاد پر عزت کی جاتی ہے، مغرب اور امریکا جانتا ہے کہ میرا پیسہ بیرون ملک نہیں، اللہ کا شکر ہے کہ چین، روس اور امریکا نے عزت دی۔

    انھوں نے کہا چین نے ریکارڈ وقت 7 ماہ میں فائٹر جہاز جے 10 سی دیے ہیں، 1982 کے بعد پاکستان کے پاس اس طرح جہاز آئے ہیں۔

    عمران خان نے کہا اچھائی کا ساتھ دینے کے لیے میں 25 سال سے اپنی قوم کو آگاہی دے رہا ہوں، نامور اور کرپٹ لوگ سب کھڑے ہوگئے ہیں، ملکی ریاست گرانے کے لیے لوگوں کا ضمیر خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چوری کے پیسوں سے پارلیمنٹیرین کے ضمیر خریدے جائیں تو ریاست، عوام اور عدالت کی ذمہ داری ہے کہ وہ روکے، قوم برائی کے خلاف نہیں کھڑی ہوگی تو وہ آگے نہیں بڑھ سکتی۔

  • وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد کا دورہ کرینگے

    وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد کا دورہ کرینگے

    حافظ آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج حافظ آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کے تحت وزیراعظم عمران خان آج حافظ آباد کا دورہ کرینگے،اپنے دورے میں وہ گوجرانوالہ حافظ آباد،کوٹ سرور روڑ اور نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    چوہتر کلو میٹر حافظ آباد،گوجرانوالہ دو رویہ سڑک پر 9.748 ارب لاگت آئیگی جبکہ چار سو بیڈ کے نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تعمیر پر 9.795 ارب لاگت آئےگی، حکومت کی جانب سے حافظ آباد کے لیے 30 ارب روپے کا میگا ترقیاتی پیکج دیا گیا ہے۔

    اپنے دورے میں وزیر اعظم پاکستان حافظ آباد کے لیے مزید نئے منصوبوں کا بھی اعلان کرینگے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہونگے۔

    وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب میونسپل کرکٹ اسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب بھی کرینگے، وزیراعظم کی آمد کے موقع پر شہر بھر میں پارٹی پرچم اور تشہیری بینرز آویزاں کر دیئے گے ہیں۔

    دوسری جانب جلسے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک ہوچکی ہے، صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اسٹیڈیم کے اطراف تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے جبکہ عرصہ دراز سے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو بھی مرمت کیا جا رہا ہے۔