Tag: PM Imran Khan

  • مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو وارننگ دے دی

    مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو وارننگ دے دی

    اسلام آباد: لوئر دیر خیبر پختون خوا میں وزیر اعظم کے خطاب کے جواب میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان کے ہاتھ سے بھی صبر کا دامن چھوٹ گیا، انھوں نے عمران خان کو اسی انداز میں جواب دے دیا ہے۔

    مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا عمران خان میں وارننگ دے رہا ہوں اپنی زبان ٹھیک کر لو، سن لو ہم تمھیں جام کرنا جانتے ہیں۔

    پی ڈی ایم کے صدر نے وزیر اعظم کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا ‘ایک ہوتا ہے پاگل اور ایک اس سے اونچا مرتبہ ہے یعنی باؤلا، اس کی وہی کیفیت ہے، یہ پیدائشی مغرور ہے، پتا نہیں کس ماحول میں پلا بڑھا، اور قوم کے گلے پڑ گیا۔’

    مولانا نے وزیر اعظم کو مخاطب کر کے کہا ہم نے شرافت کا راستہ اپنایا مگر تمہاری فطرت میں یہ چیز نہیں، آپ کی زبان بتا رہی ہے کہ وزیر اعظم بننے کے اہل نہیں ہیں، لگام لگایا جائے، اس کے گلے میں پٹا ڈالا جائے، کیوں کہ پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

    جنرل باجوہ نے کہا عمران فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہنا: وزیر اعظم

    انھوں نے کہا ہمارا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس اکثریت موجود ہے، آپ ہمارا دعویٰ تسلیم نہ کریں مگر سیاسی جنگ لڑیں، بوکھلا کیوں رہے ہیں، حواس باختہ ہو کر گالیاں دینے پر کیوں آ گئے، مغربی رویے آپ کے اندر ہیں ہم پاکستان میں اس کی اجازت نہیں دیں گے، ہم آپ کے خلاف جہاد لڑ رہے ہیں۔

    مولانا کا کہنا تھا سول ہو یا ملٹری بیوروکریسی، سیاست میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، یہ کہتے ہیں ہم غیر جانب دار ہیں اور اس کے جواب میں کہتا ہے نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے، کل آئی ایس پی آر نے بیان دیا، آج کا یہ بیان اس کا رد عمل ہو سکتا ہے۔

    فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوئی تو معاملات گلی کوچوں میں لے کر جائیں گے، پھر ہم سے کہا جائے گا کہ آپ ایسا نہ کریں کہ کہیں نظام نہ لپیٹ لیا جائے، میں واضح کہتا ہوں خزاں جائے، بہار آئے یا نہ آئے۔

  • جنرل باجوہ نے کہا عمران فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہنا: وزیر اعظم

    جنرل باجوہ نے کہا عمران فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہنا: وزیر اعظم

    لوئر دیر: وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختون خوا میں‌ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انھیں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہا کروں۔

    وزیر اعظم عمران خان خیبر پختون خوا کے علاقے لوئر دیر، تیمر گرہ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا ابھی میری جنرل باجوہ سے بات ہو رہی تھی، انھوں نے کہا عمران، فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہنا، میں نے آرمی چیف سے کہا میں نہیں کہتا عوام نے اس کا نام ڈیزل رکھ لیا ہے۔

    عمران خان نے خطاب میں کہا انسان جب کسی کے سامنے جھکتا ہے تو وہ اپنی عزت اورغیرت کھو بیٹھتا ہے، قوم کسی کے سامنے جھکتی ہے تو اس ملک کی کوئی عزت نہیں کرتا، جب تک آپ میں غیرت ہے دنیا آپ کی عزت کرے گی، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانا میرے منشور کا حصہ ہے۔

    اپوزیشن رہنماؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا یہ تھری اسٹوجز ہیں، یہ تینوں اکٹھے ہو گئے ہیں، یہ تینوں وہ لوگ ہیں جو 35 سال سے ملک پر حکومت کر رہے ہیں، دنیا میں اگر سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہے تو ان تینوں کی وجہ سے۔

    وزیر اعظم نے کہا نواز شریف امریکی صدر کے ساتھ بیٹھا تھا ہاتھ میں پرچی پکڑی ہوئی تھی، نواز شریف کے ہاتھ میں پرچی اور کانپیں ٹانگ رہی ہیں، نواز شریف اتنا گھبرایا ہوا بیٹھا ہے کہ اس کے آقا ناراض نہ ہو جائے، مجھے یہ بھی بولا گیا کہ اس کو بھگوڑا نہ بولو۔

    انھوں نے کہا بلاول بچے کی کیا بات کروں، اتنا پیسہ خرچ کر کے اسلام آباد آیا، لوگوں نے کہا بلاول کا کیا پیغام تھا انھوں نے کہا کانپیں ٹانگ رہی ہیں، جب اس طرح کا لیڈر بنتا ہے تو پھر اسی طرح کانپیں ٹانگتی ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا جس جماعت کے سربراہ کا پیسہ ملک سے باہر پڑا ہو وہ آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنا سکتا، نواز شریف اقتدار میں تھا تو مودی بار بار فوج کو دہشت گرد کہتا تھا، نواز شریف نے ایک بار مودی کے خلاف بات نہیں کی، نواز شریف نے ترجمان دفتر خارجہ کو کہا کہ تم نے بھارت کے خلاف کوئی بیان نہیں دینا۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم ملک کا باپ ہوتا ہے، آپ کو عظیم قوم بنانا میرا فرض ہے، نہ میں کبھی کسی کے سامنے جھکا اور نہ آپ کو جھکنے دوں گا، ڈیزل نے پریس کانفرنس کی اور کہا جب ہم اقتدار میں آئیں گے ادارے کو ٹھیک کریں گے، مطلب فوج کو ٹھیک کریں گے، تھری اسٹوجز نے ملک کے سارے ادارے تباہ کر دیے، آپ کیا اداروں کو ٹھیک کرو گے آپ نے جسے ہاتھ لگایا اسے تباہ کر دیا۔

    عمران خان نے مزید کہا نواز شریف نے کشمیریوں پر ظلم کرنے والے مودی کو شادی میں بلایا، ڈیزل نے امریکی سفارتکار کو کہا میں خدمت کروں گا مجھے ایک موقع دو، ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے، وہ امریکیوں کو خط لکھتا ہے مجھے میری فوج سے بچالو، کیا ملک کی سب سے بڑی بیماری فوج کو ٹھیک کرے گا، چھوٹا شریف کہتا ہے عمران خان نے یورپی یونین کو انکار کر کے بڑا غلط کیا، شہباز شریف بھی ان کو ٹائی پہن کر کہتا ہے سر مجھے موقع دیں میں خدمت کروں گا۔

  • وزیر اعظم ہم سب ساتھ ہیں آپ نے گھبرانا نہیں ہے، کراچی میں اراکین کا وزیر اعظم کو جواب

    وزیر اعظم ہم سب ساتھ ہیں آپ نے گھبرانا نہیں ہے، کراچی میں اراکین کا وزیر اعظم کو جواب

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے آج شہر قائد میں اپوزیشن کو زبردست جواب دینے کے لیے بھرپور دن گزارا، نہ صرف پی ٹی آئی اراکین اسمبلی بلکہ اتحادیوں سے بھی ملاقات کی اور بہادر آباد پہنچ گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جب گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کر رہے تھے، تو سندھ میں اپنی حکمت عملی سے متعلق بات چیت کے ساتھ ساتھ ان کے آپس میں ایک دل چسپ مکالمہ بھی ہوا۔

    وزیر اعظم نے اراکین سے کہا میں رمضان میں اور عید کے بعد اندرون سندھ جاؤں گا، آپ سب مخالفین کے آگے ڈٹ کر کھڑے رہیں، وزیر اعظم کے اراکین کو دیے گئے اس پیغام کے جواب میں انھوں نے کہا ‘وزیر اعظم صاحب، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔

    یہ وہ زبان زد عام جملہ ہے جو وزیر اعظم عمران خان پاکستانی عوام کو شروع سے مسلسل سناتے آ رہے ہیں، جب بھی ملک میں مہنگائی کی لہر عوام کی کمر مزید دہری کرتی ہے، وزیر اعظم انھیں اسی جملے کے ذریعے دلاسا دیتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیر اعظم نے تحریک عدم اعتماد کے بعد سندھ میں بھرپور سیاسی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا، اور کہا کہ سندھ میں سیاسی مہم کی خود قیادت کروں گا۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ تمام اختیارات اور وسائل کے ساتھ سندھ حکومت کو ایکسپوز کیا جائے گا۔

  • زرداری اب تمہارا وقت آگیا ہے، وزیراعظم عمران خان

    زرداری اب تمہارا وقت آگیا ہے، وزیراعظم عمران خان

    کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے 20روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا، اندرون سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ زرداری سے آزادی کا وقت آگیا ہے۔

    کراچی میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے آپ کے جوش اور جنون کا اندازہ ہے۔

    علی زیدی اوران کی ٹیم کو سندھ کے دورے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، سندھ کے دورے سے واضح ہوگیا پورے پاکستان میں سب سے زیادہ تبدیلی سندھ چاہتا ہے، سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا سندھ کے دورے کا اعلان

    وزیر اعظم نے کہا کہ اگلی بار اندرون سندھ کے دورے پر آپ کے ساتھ آرہا ہوں،14سال زرداری مافیا نے جو سندھ کے ساتھ کیا ہے اس کا حساب لیں گے، اندرون سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ اب زرداری سے آزادی کا وقت آگیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو کے سی آر کی مبارکباد دیتا ہوں، گرین لائن آچکی ہے کے سی آر بننے والی ہے، کراچی میں کسی حکومت نے وہ کام نہیں کئے جو ہم کرنے جارہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ صرف عدم اعتماد میں نہیں پھنسے کپتان نے آگے کی تیاری کی ہوئی ہے، میں رکوں گا نہیں ان کے پیچھے جاؤں گا ،چھوڑوں گا نہیں، میرے ہاتھ پر جو زنجیر بندھی ہوئی تھی وہ اب کھل جائے گی۔

    میرا پہلا نشانہ آصف زرداری ہوگا

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا پہلا نشانہ آصف زرداری ہوگا، زرداری تمہارا وقت آگیا ہے، زرداری کو جب نیب بلاتی ہے تو کمر میں درد ہوجاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا شکریہ جنہوں تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس ہماری حکومت کو دیا، ہم نے 20روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا، پاکستان میں پیٹرول اور فضل الرحمان دبئی سے زیادہ سستا ہے۔

    ،وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارا ملک صحیح راستے پر نکل گیا ہے، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہماری حکومت ہر بحرانوں سے نکلتی جا رہی ہے۔

    تحریک عدم اعتماد کا بہت دیر سے انتظار کررہا تھا 

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے گلدستے کو اب خوف آنا شروع ہوگیا ہے، انہوں اسمبلی میں میرے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، انہوں نے وہ کام کیا جس کی میں اللہ سے دعا کررہا تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ جب گیدڑ کی موت آتی ہے تو شہر کی طرف بھاگتا ہے، ان کی سیاسی موت آئی ہے تو انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، میں بڑی دیر سے ان چوروں اور ڈاکوؤں کا انتظار کررہا تھا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ میں 25سال سے ان چوروں کیخلاف سیاست نہیں بلکہ جہاد کررہا ہوں، میں ساڑھے3سال سے ملک کو سنبھال رہا تھا۔

    یہ لوگ ملک سے اربوں ڈالر چوری کرکے بیرون ملک لے کرگئے میں سوچ رہا تھا کہ کسی طرح ان کی گردن میرے ہاتھ میں آجائے۔

    کپتان نے آگے کی تیاری کی ہوئی ہے

    انہوں نے کہا کہ یہ صرف عدم اعتماد میں ہی نہیں پھنسے بلکہ کپتان نے آگے کی تیاری کی ہوئی ہے، میں رکوں گا نہیں ان کے پیچھے جاؤں گا، چھوڑوں گا نہیں، میرے ہاتھ پر جو زنجیر بندھی ہوئی تھی وہ اب کھل جائے گی۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں، وزیر اعظم کے  بیان نے افواہوں کا گلا گھونٹ دیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں، وزیر اعظم کے بیان نے افواہوں کا گلا گھونٹ دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حمایت کر دی ہے، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو تبدیل نہ کرنے کا اشارہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو ان کے منصب سے نہ ہٹانے کا اشارہ دے دیا، انھوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ جتنا کام کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا۔

    عمران خان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ عثمان بزدار میڈیا فرینڈلی نہیں ہیں، جس کا انھیں نقصان ہوتا ہے، لیکن وزیراعلی ٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کی تبدیلی ایک پورا تھاٹ پراسس ہے۔

    وزیراعظم عمران خان پنجاب میں وزیراعلیٰ تبدیل کرنے کیلئے تیار

    انھوں نے کہا عثمان بزدار رابطوں کی وجہ سے ایم پی ایز میں بھی مقبول ہیں، عثمان بزدار سے مسئلہ ان لوگوں کو ہے جو خود وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔

    وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کو جتنا جانتا ہوں وہ کبھی غداروں کا ساتھ نہیں دے سکتا، ڈاکوؤں کا گلدستہ صرف میری وجہ سے اکٹھا ہے، فلور کراسنگ کا قانون موجود ہے جس پر اراکین ہمیشہ کے لیے سیاست سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، انھیں اہم ٹاسک بھی دیے گئے ہیں، اور ہدایت کی کہ ناراض ارکان سے ملاقات کر کے تحفظات دور کریں، وزیر اعظم نے اعتماد بھی دلایا کہ اپوزیشن کچھ نہیں کر سکتی، ان کو کوئی کامیابی نہیں ملے گی۔

    دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے عمران اسماعیل اور فواد چوہدری کی ملاقات کا احوال بھی سامنے آیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ترین گروپ کا مطالبہ وزیر اعظم کو پہنچایا، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ترین گروپ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی چاہتا ہے، تاہم وزیر اعظم نے دو ٹوک مؤقف اپنایا کہ کسی بھی صورت عثمان بزدار کو تبدیل نہیں کروں گا۔

  • تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے: جے یو آئی ایم این اے کا انکشاف

    تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے: جے یو آئی ایم این اے کا انکشاف

    اسلام آباد: جمعیت علماے اسلام کے ایک ایم این اے نے انکشاف کیا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک رکن قومی اسمبلی نے حکومت کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    ایم این نے کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے، ایسی کسی تحریک کا حصہ نہیں بن سکتا جو بیرونی ہاتھوں میں کھیلے۔

    واضح رہے کہ ملکی سیاست میں اس وقت ایک ہلچل مچی ہوئی ہے، اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے، جس پر 100 سے زائد ارکان کے دستخط موجود ہیں۔

    تحریک عدم اعتماد : اپوزیشن کے 8ایم این ایز کا حکومت سے رابطہ

    دوسری طرف حکومت پُر اعتماد نظر آ رہی ہے، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے 8 ایم این ایز نے حکومت کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، 2 اپوزیشن رہنماؤں نے منسٹر انکلیو میں وفاقی وزرا سے کچھ دیر قبل اہم ملاقات بھی کی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے مزید ارکان سے بھی رابطے جاری ہیں۔

  • لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا: وزیر اعظم

    لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا: وزیر اعظم

    میلسی: وزیر اعظم عمران خان نے میلسی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کر دوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر میلسی میں پی ٹی آئی نے اپوزیشن کے مقابلے میں پاور شو دکھا دیا، وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ بچپن سے ہمیں یہی سکھایا گیا کہ کبھی پاکستان کو کسی کی غلامی نہ جانے دینا، جب تک مجھ میں خون ہے کسی کے آگے پاکستان کو نہیں جھکنے نہیں دوں گا۔

    انھوں نے کہا ڈاکو اس لیے بول رہے ہیں کہ ان کو ڈر تھا جس دن انکار کریں باہر کے ممالک ان کی جائیدادیں ضبط کر لیں گے، یہ پیسے کی پوجا کرنے والے چپ کر کے تماشا دیکھتے رہے اور پاکستانیوں کا خون بہتا رہا، جب سے میں وزیر اعظم بنا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ کسی نے ڈرون حملے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ سے کہوں گا گرا دیں۔

    روس یوکرین جنگ

    انھوں نے کہا ہماری روس امریکا، چین اور یورپ سب سے دوستی ہے، ہم کسی کیمپ میں نہیں، چاہتے ہیں کہ یوکرین میں جنگ بند ہو دنیا کو اس سے بہت نقصان ہو رہا ہے، جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا یورپی یونین کے سفیر نے خط لکھا کہ روس کے خلاف ہماری حمایت کریں، میں یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں ہوں کہ یہ خط بھارت کو بھی لکھا تھا؟ کیاکسی نے بھارت کے اقدامات پر اس سے کچھ پوچھا، کیا ہم آپ کے غلام ہیں جو آپ کہیں وہ کر لیں۔

    دہشت گردی کی جنگ

    انھوں نے کہا کبھی ایسا ہوا کہ کسی ملک نے دوسرے کے لیے جنگ لڑی اور اسی پر بمباری ہوئی ہو، جب ڈرون حملے ہوتے تھے ان میں بے قصور لوگ مارے جاتے تھے، ان کو کوئی شرم نہیں آئی کہ ہمارے پاکستانی ہی مر رہے تھے۔

    وزیر اعظم نے کہا پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ کا حصہ بننے سے کیا ملا، 80 ہزار جانیں گنوائیں، 35 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی، ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، اور بجائے شکریہ ادا کرنے کے افغانستان میں جنگ ہارنے پر ہمیں ذمے دار ٹھہرا دیا۔

    تحریک عدم اعتماد

    عمران خان نے کہا یہ لوگ کون ہیں جو عدم اعتماد کی تحریک چلا رہے ہیں، ان کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی، جب تحریک ناکام ہوگی تو کیا آپ تیار ہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا؟

    انھوں نے کہا مجرم نمبر ایک نواز شریف جھوٹ بول کر منتیں کر کے باہر چلا گیا، ن لیگ والو بتاؤ کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، آصف زرداری ذرا شریفوں کو یاد کرانا، کہا تھا کہ جیل میں ٹشو ختم ہو گئے نواز شریف کے آنسو تھمتے تھمتے۔

    عوام کی خواہشیں

    وزیر اعظم نے کہا جو بھی خواہشیں عوام کی ہیں وہ اس بجٹ یا آئندہ بجٹ میں پوری ہوں گی، وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں 500 ارب مزید خرچ کریں گے، ترمیم قومی اسمبلی میں رکھ دیں گے کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ بننا چاہیے، اب دیکھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے میں پی پی اور ن لیگ ہماری حمایت کریں گے یا نہیں؟ یہ دونوں کافی عرصے سے جنوبی پنجاب کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

    کسان

    انھوں نے کہا کسانوں کے پاس جتنا پیسہ ہمارے دور میں آیا پاکستان کی تاریخ میں نہیں آیا، مکئی کی پیداوار میں ہر ایکڑ پر فصل کی قیمت پر 40 سے 50 ہزار کا مزید فائدہ ہوا، کپاس پر فی ایکڑ 70 سے 80 ہزار روپے کا کسان کو فائدہ ہوا ہے۔

    عمران خان نے کہا یوریا دنیا میں کم ہو چکی ہے، ہم نے کھاد بھی زیادہ پیدا کی، ہم نے چین سے ایک لاکھ ٹن کھاد منگوائی ہے جو آئندہ ہفتے تک پہنچ جائے گی، باہر کھاد جس قیمت پر مل رہی ہے اس سے 5 گنا کم قیمت پر کھاد دے رہے ہیں، جب کسان خوش حال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

  • وزیراعظم کی  پشاور دھماکے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی پشاور دھماکے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکےمیں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہولت کاروں تک پہنچنے کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی حکام نے پشاور دھماکے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے واقعےسے متعلق ابتدائی تحقیقات اور حساس معلومات سے بھی آگاہ کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دھماکےمیں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہولت کاروں تک پہنچنے کیلئے تمام ریاستی وسائل استعمال کیےجائیں۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی واقعے کی تفصیلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے پشاورمسجددھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کرتاہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کےپی سے کہا ہے وہ ذاتی طور پراہلخانہ سے ملاقا ت کریں اور ذاتی طور پرآپریشنزکی نگرانی، اداروں کیساتھ رابطہ میں ہوں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارے پاس تمام معلومات ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آئے، پوری طاقت کے ساتھ دہشتگردوں کا پیچھا کر رہے ہیں۔

    واضح رہے پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں اب تک 62 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

  • بلاول نے وزیر اعظم کو استعفیٰ دینے کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی

    بلاول نے وزیر اعظم کو استعفیٰ دینے کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی

    بہاولپور: بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے شہر بہاولپور میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے، وہ اس دوران خود ہی استعفیٰ دے دیں۔

    بلاول نے کہا عمران خان، عوام اپنا فیصلہ سنا چکی ہے کہ وہ آپ کو وزیر اعظم نہیں مانتے، آپ کے پاس پانچ دن ہیں، اگر غیرت ہے تو خود ہی مستعفی ہو جائیں، نہیں تو پانچ دن بعد ہم عدم اعتماد کی تحریک لے کر آئیں گے اور آپ کا بندوبست خود کریں گے۔

    انھوں نے کہا اگر آپ میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑیں، الیکشن کرائیں اور مقابلہ کریں، ہم دکھائیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، 5 دن بعد ہمارے نمبرز پورے ہو چکے ہوں گے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ‘اگر آپ نے استعفیٰ نہ دیا تو پانچ دن بعد ہم اسلام آباد پہنچ کر عدم اعتماد لائیں گے۔’

    بلاول نے اپیل کی کہ ایوان کا ہر ایم این اے عدم اعتماد میں ہمارا ساتھ دے، اگر آپ ساتھ ہوں، تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، ہم عمران خان کو ہٹا کر صاف و شفاف الیکشن کرائیں گے، اور عوام ہمارا ساتھ دیں تو اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی خوش خبری آ جائے گی۔

  • وزیراعظم نے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ بتا دی

    وزیراعظم نے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ بتا دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کے باعث پیٹرول، بجلی سبسڈی اور ریلیف دینے کے قابل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ایف بی آر نے فروری میں 441 بلین روپے کا ریونیو ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا، 28.5 فیصد کی مضبوط نمو اور 30 فیصد سے زائد کی ماہانہ ترقی رہی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی کارکردگی کی وجہ سے پیٹرول، ڈیزل اور بجلی پر سبسڈی اور عوام کو ریلیف دینے کے قابل ہے۔

    یاد رہے 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی اور بجلی کی قیمتوں میں 5 روپے فی یونٹ تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

    عمران خان نے شہریوں کے لیے ایک ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا ، جس میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی، بجلی کے نرخ، آئی ٹی سیکٹر کے لیے ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر شامل ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اگلے بجٹ تک پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کے لیے وظیفہ 12,000 روپے سے بڑھا کر 14,000 روپے کر دیا ہے۔