لاہور : وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست دائر کردی گئی ، مقامی شہری سید محمود اختر نقوی نے درخواست دائر کی۔
جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے چترال میں اشتعال انگیز تقریر کی، جس میں انہوں نے عدلیہ پر بھی تنقید کی لہذا تقریر کے دوران توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کوئی بھی شخص آئین و قانون سے بالاتر نہیں ہے، اس لیے توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اورانہیں آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کا حکم دیا جائے۔
مزید پڑھیں : احتساب نہیں استحصال کیا جارہا ہے: وزیر اعظم
یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اپر دیر میں لواری ٹنل منصوبے کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا جو سڑکیں اور ٹنل بنا رہا ہے، اور پلانٹس لگا رہا ہے اس کے احتساب کی باتیں ہو رہی ہیں۔ اس کےاحتساب کی باتیں ہو رہی ہیں جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ یہ احتساب نہیں استحصال ہے۔ اس احتساب کو کوئی نہیں مانے گا۔
وزیر اعظم نے پاناما لیکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل ہر جگہ پاناما لیکس کا بورڈ لگا ہوا ہے، اس قسم کے بورڈ ہر سرکس میں لگے ہوتے ہیں۔