Tag: PM NAWAZ PIA Chairman Nasir jaffer resignation privatization

  • احتجاج اور ڈیڈ لاک برقرار: پی آئی اے کو 9ارب روپے سے زائد کا نقصان

    احتجاج اور ڈیڈ لاک برقرار: پی آئی اے کو 9ارب روپے سے زائد کا نقصان

    کراچی : پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، ملک بھر میں پی آئی اے ملازمین سراپااحتجاج ہیں، فضائی آپریشن کی بحالی پرپالپا دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔

    کراچی لاہور،راولپنڈی سمیت دیگرشہروں میں پی آئی اے ملازمین سراپا احتجاج ہیں، ہڑتالی ملازمین اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں، ہڑتال پر پائلٹوں کی تنظیم پالپادو حصوں میں تقسیم ہے، پالپا کے صدر عامر ہاشمی فضائی آپریشن کی بحالی کے حامی ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہڑتال کی مخالفت پر انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    آج پانچویں روز بھی چوبیس پروازیں منسوخ ہوگئیں ۔ گزشتہ پانچ زور میں چھ سو سے زائد پروازیں احتجاج کے باعث منسوخ ہوئیں، پی آئی اے کے احتجاج کے باعث ملک بھر کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے دیگر ایئرلائنز سے معاہدہ بھی بےکار ثابت ہوا۔

    نجی ائیر لائنز نے پی آئی اے کے مسافروں کو لے جانے سے انکار کر دیا، اب پی آئی اے نے غیر استعمال شدہ ٹکٹ کے پیسے واپس کرنے کا اعلان کیا ہے، فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث اب تک پی آئی اے کو نو ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے ۔

    حکومت اور پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حتمی نتیجے پر پہنچنے تک فلائٹ آپریشن معطل رکھنے کا اعلان کیاہے ۔

    پی آئی اے کے طیارے ابھی تک اُڑ نہ پائے، فریقین نے میں نہ مانوں کی رٹ لگالی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت نمائندوں کے درمیان آج دوبارہ ملاقات ہوگی۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمدزبیرکہتے ہیں کہ اصل مذاکرات فضائی آپریشن کی بحالی پرہوں گے۔

  • وزیراعظم نے پی آئی اے کے چیئرمین کا استعفیٰ منظورکرلیا

    وزیراعظم نے پی آئی اے کے چیئرمین کا استعفیٰ منظورکرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کی قومی ایئرلائن کے چیئرمین ناصرجعفرکا استعفیٰ منظورکرلیا ہے۔

    ایوانِ وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں جاری احتجاج کے سلسلے میں ادارے کے چیئرمین کی جانب سے دیا جانے والا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکرٹری ایوی ایشن کو فی الحال پی آئی اے کے قائم مقام چیئرمین کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

    دو روز قبل کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس پر ملازمین کی جانب سے جاری احتجاج کے دوران اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں تین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد پی آئی اے کے چیئرمین نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال تاحال جاری ہے اور ملک بھرکے ایئرپورٹس پر قومی ایئرلائن کافلائیٹ آپریشن معطل ہے۔