Tag: PM Nawaz

  • وزیرِاعظم نے پارٹی سربراہوں کا اجلاس کل طلب کرلیا

    وزیرِاعظم نے پارٹی سربراہوں کا اجلاس کل طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اہم اجلاس کل جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔

    وزیرِاعظم ہاوس میں ہونے والے اس اجلا س میں سابق صدر اصف علی زرداری کو بھی مدعو کیا گیا ہے ،اجلاس میں وزیرِاعظم سیاسی رہنماؤں سے انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق مشاورت کریں گے۔

    اجلاس میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیئے فوجی عدالتوں کے قیام پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِصدارت آرمی ایکٹ میں تبدیلی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آج اعلیٰ سطح کا اجلاس ہورہا ہے، اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترامیم پر مشاورت اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق آرمی ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، آرمی ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے بعد سویلین کا مقدمہ بھی ملٹری کورٹس میں چل سکے گا، ساتھ ساتھ فرقہ ورانہ اور مذہبی بنیادوں پر قتل و غا رت گری دہشتگردی کے زمرے میں شمار کیا جا ئے گا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کی تجویز پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر چوہدری اعتزاز حسن نے پیش کی تھی ، وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ہونیوالے اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور وفاقی وزراء بھی شرکت کریں گے۔

  • شوال میں فضائی کارروائی ،23 دہشتگرد ہلاک ،4 ٹھکانے تباہ

    شوال میں فضائی کارروائی ،23 دہشتگرد ہلاک ،4 ٹھکانے تباہ

    میران شاہ :شوال میں سیکیورٹی فورسزکے فضائی حملے میں تئیس دہشتگرد ہلاک اور چارٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اس دوران میران شاہ کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں کی جانب سے بمباری کی گئی جس میں تئیس دہشت گرد مارے گئے جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے چار ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بدھ کی شام کی گئی۔

  • وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    اسلام آباد :  وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

    پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس قلیل وسائل ہیں لیکن ان میں حکومت بہتری لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے عوام کو 400 ارب کا فائدہ ہوا ہے، قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپوٹرز کو جو فائدہ پہنچا ہے اس سے عوام کو فائدہ نہیں ملا ، صوبائی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ  عوام تک فائدہ پہنچائیں۔انہوں نے بجلی کی قیمت کے حوالے سے ذکر کیا کہ پشاور میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ اپنے منصوبوں کومکمل کر کے مزید کمی کا بھی اعلان کریں گے۔

    وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کےمطابق پیٹرول 6روپے 25پیسےفی لیٹرسستا کیاگیا ہے،جس سےپیٹرول کی نئی قیمت 78روپے 28پیسے پر آگئی ہے، ہائی اوکٹین کی قیمت میں 14روپے 14پیسے فی لیٹرکمی آنے سےاس کی نئی قیمت 88روپے90پیسےفی لیٹرہوگی۔

    اسی طرح مٹی کا تیل 11روپے26پیسےفی لیٹر سستا کردیاگیا ہے، لائٹ ڈیزل دس روپے48پیسےفی لیٹرسستا کئےجانےسے اس کی نئی قیمت86روپے تئیس پیسےفی لیٹر پرآگئی ہے،ہائی اسپیڈ ڈیزل میں7روپے86پیسے کی کمی کی گئی ہےجس سےہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 86روپے تئیس پیسےفی لیٹر ہوجائیگی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجےسے ہوگا۔

  • قوم نے جو ذمہ داری دی ہے اُسے پورا کریں گے، نواز شریف

    قوم نے جو ذمہ داری دی ہے اُسے پورا کریں گے، نواز شریف

    اسلام آباد : نواز شریف نے کہا کہ 50 ہزار پاکستانی دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں ۔

      اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ نئیرحسین بخاری کے زیر صدارت اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت  نے دہشت گردی کے مسئے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، تمام راستوں کے ختم ہونے کے بعد آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ کیا گیا ، فوجی قیادت نے مسئے کو سنجیدگی سے لیا، آپریسن ضرب عضب نے دہشتگردوں پر ضرب کاری کی ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بچوں کو خون میں نہلادیا گیا، بچوں کے خون کا حساب لینا ہم پر واجب ہے، انہوں کہا کہ کیا یہ غیر معمولی حالات نہیں کہ نہ ہماری عبادت گاہیں محفوظ ہیں نہ درس گاہیں، نہ ہوائی اڈے محفوظ ہیں اور نہ ہی دفاعی تنصیبات؟ ہمارے کھیل کے میدان سونے ہو جائیں، اپنے مذہب اور آئین سے بغاوت کرنے والے دہشت گرد پوری قوم کو یرغمال بنا لیں، ہمیں یہ سب کچھ نہیں ہونے دیں گے

    انہوں نے کہا کہ خصوصی عدالتیں پارلیمنٹ کی منظوری سے قائم ہونگی، خصوصی عدالت میں دہشتگردوں کے خلاف مقدمے چلیں گے، قومی لائحہ عمل پر قومی اعتماد حاصل ہے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورتسے کیا گیا، کمیٹی نے مقررہ وقت میں اپنا کام مکمل کرلیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 20 نکاتی ایجنڈے کو منظور کیا، قوم نے جو ذمہ داری دی ہے اُسے پورا کریں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ جمہوری دائرے میں کر لڑھ رہے ہیں ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، حکومت پر تنقید کرنے کی اجازت ہو گی اورحکمرانوں کی کمزوریوں پر نظر رکھ کر غلط اقدامات کی نشاندہی کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا لیکن دہشت گردی کو میڈیا کے ذریعے فروغ دینا یا پروان چڑھانا یا اس کے بارے میں بڑھا چڑھا کر بتانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    انسدادِ دہشتگردی کیلئے ہنگامی اقدامات پراتفاق

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے لیے ہنگامی طور پر فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیرِاعظم ہاوٴس میں چھ گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس میں وفاقی وزراء ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ملٹری آپریشنز ، اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایکشن پلان کے تمام نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دہشت گردوں کی مالی معانت روکنے، ان کے مواصلاتی نظام کو تباہ کرنے، غیرقانونی سموں کو بند کرنے اور فوجی عدالتوں کے فوری قیام سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

    اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک ہوچکی ہے، اس جنگ کو ہم ہر حالت میں جیتیں گے، ہماری جنگ نفرت اور تشدد پر مبنی قوتوں کے خلاف ہے۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ قوم کے اتحاد کے باعث دہشت گرد تنہا ہوچکے ہیں، قومی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا، تفریق کی صورت میں کسی بھی طور شہداء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ معصوم شہریوں ، بچوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے مجرموں کے مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے جائیں گے، تمام ادارے فوجی عدالتوں کو کیس بھیجنے سے قبل مکمل چھان بین کریں گے۔

    وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ محفوظ پاکستان اور پُرامن پاکستان ہمارا مستقبل ہے، ہماری مسلح افواج نے آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے اس راستے کا تعین کردیا ہے۔

  • تحریک انصاف نے مزاکرات ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

    تحریک انصاف نے مزاکرات ختم کرنے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے تین اختلافی نکات پراپنا مؤقف پھر پیش کردیا، شاہ محمودقریشی کہتے ہیں مزید مذاکرات بے سود ہوں گے، اسحاق ڈارنے کہا آج قیادت سےبات کریں گے۔

     عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے مذاکرات کاایک دور بے نتیجہ ختم ہوگیا، تحریک انصاف کےرہنما شاہ محمودقریشی کہتے ہیں تحریک انصاف نے مؤقف پیش کردیاہےلیکن حکومت تحقیقات سے کترارہی ہےمزید بات چیت بے سود دکھائی دیتی ہے۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےبتایا تین نکات پراختلاف ہے۔قیادت سے بات نہیں کرسکےبدھ کومشاورت کے بعد جواب دیں گے،وفاقی وزیراحسن اقبال کاکہناتھاملک میں اتحاد کی فضا برقرار رکھیں گےپی ٹی آئی کے تحفظات دورکرنے کیلئے تیار ہیں،احسن اقبال کاکہناتھامسئلے کے آئینی اور قانونی حل کیلئے مشاورت جاری ہے۔

  • فوجی عدالتیں قومی ایکشن پلان کا حصہ ہیں، وزیرِاعظم نوازشریف

    فوجی عدالتیں قومی ایکشن پلان کا حصہ ہیں، وزیرِاعظم نوازشریف

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نےکہا ہے کہ فوجی عدالتیں قومی ایکشن پلان کاحصہ ہیں۔ معصوم شہریوں کے گناہ گار انہی عدالتوں میں لائےجائیں گے، وزیرِاعظم نے قومی ایکشن پلان عملدرآمد سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی۔

    وزیرِاعظم نواز شریف نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے پھینکنے کے دوٹوک حکمت عملی وضع کردی ہیں، وزیرِاعظم نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، معصوم بچوں اور شہریوں کے قاتلوں کےمقدمات خصوصی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے، وزیرِاعظم نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے، غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات ضروری ہیں۔

    وزیرِاعظم نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لیے اہم نشست بلالی، اعلیٰ سطح اجلاس میں وفاقی وزراء،قانونی مشیر، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختربھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزارتِ داخلہ سیکورٹی صورت حال سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں دہشت گردوں کو فوری سزائیں دینے کے حوالے سے خصوصی عدالتوں کے قیام کے معاملے پر عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سول اور عسکری اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر مشاورت کی گئی ۔

  • پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ٹیم بنا رہا ہوں، وزیرِاعظم

    پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ٹیم بنا رہا ہوں، وزیرِاعظم

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ٹیم بنا رہا ہوں۔

    اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کی سالانہ کارکردگی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف موٹر وے پولیس کا اہم کردار ہے۔

     نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر سے خطہ تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنےگا۔

    انکا کا کہنا تھا کہ موٹر وے ایم ٹو تجربہ تھا، کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، کراچی سے لاہور موٹر وے کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو جائے گا جبکہ جلد ہی گوادر سے کاشغر تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی۔

  • وزیرِاعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی اجلاس آج ہوگا

    وزیرِاعظم کی سربراہی میں قومی سلامتی اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم کی زیرِ صدارت انسدادِ دہشت گردی پلان پراعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا۔

    وزیرِاعظم نواز شریف کی جانب سے طلب کئے گئے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، وزیرِ داخلہ چوہدری نثار احمد، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر بھی شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا جا ئیگا اور دہشتگردی کیخلاف لائحہ عمل پر غور کیا جائیگا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا رابطہ، وزیرِاعظم کی امداد کی یقین دہانی

    وزیراعلیٰ سندھ کا رابطہ، وزیرِاعظم کی امداد کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے وزیرِاعلیٰ سندھ کے رابطے پر ٹمبر مارکیٹ کے متاثرین کیلئے امداد کی یقین دہانی کرادی ہیں۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیرِاعظم نواز شریف سے رابطہ کیا اور انہیں ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی سے ہونیوالے نقصانات سے آگاہ کیا۔

    وزیرِاعظم سے گفتگو کے دوران وزیرِاعلیٰ قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے مدد کی درخواست کی۔

    وزیرِاعظم نے وفاق کیجانب سے مالی امداد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آتشزدگی کے نتیجے میں ہونیوالے نقصانات کی تفصیلات سےآگاہ کرے۔ وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔