Tag: PM Nawaz

  • وفاق کی دعوت، متحدہ کا وفد وزیر اعظم سے جمعرات کو ملے گا

    وفاق کی دعوت، متحدہ کا وفد وزیر اعظم سے جمعرات کو ملے گا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی دعوت پر ایم کیوایم کا وفد جمعرات کو وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کرےگا،رابطہ کمیٹی نےایم کیو ایم کے تمام پارلیمانی گروپ کا اجلاس آج شام طلب کرلیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے ایم کیوایم سے اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ کیا اور ایم کیوایم کے وفد کو وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی باضابطہ دعوت دی، متحدہ قومی موومنٹ نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی دعوت قبول کرلی ہے اور ایم کیو ایم کا ایک اعلی سطح کا وفد جمعرات کو ایوان وزیر اعظم میں نواز شریف سے ملاقات کرے گا،جس کی مشاورت کے لیے رابطہ کمیٹی نے آج شام ایم کیوایم کے تمام پارلیمانی گروپ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، جس سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ٹیلی فون پر خطاب کریں گے۔

    اجلاس میں ایم کیوایم کے اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کو فوری طور پر اسلام آباد سے کراچی طلب کیا گیا ہے، اس کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے تمام اراکین، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی اورسینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے اراکین بھی شریک ہوں گے،شیخ رشید اور رحمان ملک نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

  • منفی سیاست کرنے والے ملکی مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں، وزیرا عظم

    منفی سیاست کرنے والے ملکی مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں، وزیرا عظم

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ منفی سیاست کرنے والے ملکی مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں، حکومت عوام کو درپیش مسائل تیزی سے حل کرنا چاہتی ہے۔

    اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل تیزی سے حل کرنا چاہتی ہے،ن لیگ کے پی کے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنے گی، ہماری توجہ پاکستان کے مسائل کے حل پر ہے، وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ جمہوریت پریقین رکھتے ہیں،تحریک انصاف کی حکومت کو مدت پوری کرنی چاہئے۔

    اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ،گورنر پنجاب، گورنر خیبرپختونخوا، وزیرداخلہ چوہدری نثار،پرویزرشید، خواجہ آصف اور راجہ ظفرالحق شریک ہوئے، اس موقع پروزیراعظم کاکہناتھا بجلی کی تقسیم کانظام بہترہونے کے بجلی کاضیاع کم ہوگا اور وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے خود نگرانی کریں گے۔

  • ایم کیوایم کابلدیاتی انتخابات کیلئےمہم چلانےکااعلان

    ایم کیوایم کابلدیاتی انتخابات کیلئےمہم چلانےکااعلان

    کراچی: ایم کیوایم نے بلدیاتی انتخابات کیلئے مہم چلانے کااعلان کردیا،فاروق ستار کہتے ہیں منتخب بلدیاتی ادارے نہ ہونے کے باعث سانحہ ویو رونما ہوا۔

    ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے سانحہ سی ویو اور بارش کے بعدپیدا ہونےوالی صورتحال پرپریس کانفرنس کی،فاروق ستار نے بتایاحالات تیزی سے محاذ آرائی کی طرف جارہے ہیں لیکن ملک کی موجودہ صورتحال محاذ آرائی کامتحمل نہیں ہوسکتی،اختلافات ختم کرناوقت کاتقاضا ہے ان کاکہناتھا منتخب بلدیاتی ادارے نہ ہونے کے باعث کراچی کے شہری پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔

    فاروق ستار کاکہناتھاسانحہ سی ویو کی ذمہ داری کسی نہ کسی ادارے کوتولینی ہوگی شہر میں مسائل کی وجہ بھی عوامی نمائندگی نہ ہوناہے، فاروق ستار نےبتایا ایم کیوایم عوامی حقو ق کیلئے ایک مہم شروع کرنے جارہی ہے،ان کاکہناتھا کراچی میں اتنابڑا سانحہ ہوا لیکن وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ تک نہیں کیا۔

  • وزیراعظم نوازشریف سےچوہدری نثاراور خواجہ سعد رفیق کی ملاقات

    وزیراعظم نوازشریف سےچوہدری نثاراور خواجہ سعد رفیق کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلاب سے قبل مری میں رفقاء سے صلاح مشورے شروع کردیئے۔

    تحریک انصاف کےآزادی مارچ اورعوامی تحریک کےانقلاب نےن لیگ کی قیادت کوایک بار پھرسرجوڑنےپرمجبورکردیا، مری میں وزیراعظم نواز شریف سےوزیرداخلہ چوہدری نثار،وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشیداور خواجہ سعدرفیق نےملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال،پی ٹی آئی کےآزادی مارچ سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

     وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزرا چوہدری نثار علی خان، خواجہ سعد رفیق، اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے شرکت کی، اجلاس میں انقلاب مارچ اور آزادی مارچ سمیت ملک کی مجموعی سیاسی اورا من وامان کی صورتحال پر غور کیا گیا، اس کے علاوہ تیرہ اور چودہ اگست کی درمیانی رات یوم آزادی کی تقریبات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، نواز شریف نے اجلاس کو بتایا کہ وہ آئندہ چند روز میں سیاسی جماعتوں کی قیادت کو یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی خود دعوت دیں گے۔

    اس سےقبل پرویز رشید کااپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان کااصل ایجنڈا انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ جمہوری حکومت کاتختہ الٹناہے، عمران خان تمام صوبوں کی اسمبلیاں توڑکر اقتدارحاصل کرنا چاہیتےہیں،وزیراعلی پنجاب بھی کہاں پیچھےرہنےوالےتھے،مری میں مسلم لیگ ن کےوفودسےملاقات کے دوران کہا کہ ملک اس وقت جن حالات سےگزر رہاہےان کومدنظر رکھتےہوئےاحتجاجی سیاست کسی صورت مناسب نہیں، یہ وقت اتحاداوراتفاق کاہے۔

    سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نےفیصل آباد میں میڈیا سےبات کرتےہوئےکہاکہ چودہ اگست کو پارلیمنٹ پر چڑھائی کرکےعمران خان اپنےسیاسی ڈیتھ وارنٹ پردستخط کردیں گے،ملک دہشت گردی اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے،پی ٹی آئی آپریشن ضرب عضب کی تکمیل کاانتظارکرے۔

  • احتجاجی سیاست مناسب نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    احتجاجی سیاست مناسب نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ انتشار کی سیاست کا وقت نہیں ہے، پرویز رشید کہتے ہیں عمران خان کا اصل ایجنڈہ انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ جمہوری حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مری میں مسلم لیگ ن کے وفود نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہاہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاجی سیاست کسی صورت مناسب نہیں، ملک کسی بھی صورت میں احتجاجی سیاست کامتحمل نہیں ہو سکتا، یہ وقت اتحاد اوراتفاق کا ہے،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیاد ت میں ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے لیکن بعض عناصر ترقی کا سفر روکنے کے درپے ہیں۔

    وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کا اصل ایجنڈہ انتخابی اصلاحات نہیں بلکہ جمہوری حکومت کا تختہ الٹنا ہے،عمران خان تمام صوبوں کی اسمبلیاں توڑ کر اقتدار حاصل کرنا چاہیتے ہیں۔

  • انقلاب اب صرف جمہوریت کےذریعے آئے گا، نوازشریف

    انقلاب اب صرف جمہوریت کےذریعے آئے گا، نوازشریف

    جدہ: وزیراعظم نوازشریف کا کہناہے کہ ہزاروں افراد کروڑوں افراد کے مینڈیٹ کو یرغمال نہیں بناسکتے،انقلاب اب صرف جمہوریت کےذریعے آئے گااورچودہ اگست بھی گزر جائے گا۔

    تحریک انصاف کی جانب سے چودہ اگست کوآزادی مارچ کے اعلان پر حکومتی ایوانوں میں کھلبلی جاری ہے،وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب میں بھی چودہ اگست کے احتجاج کا ذکر کرتے رہے،صحافیوں سے بات چیت میں وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھا کہ تمام سنجیدہ سیاسی جماعتیں جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں،چودہ اگست بھی گزر جائے گی،انقلاب اب صرف جمہوریت کےذریعے آئے گا،ان کا کہناتھا کہ مذاکرات کے لئے حکومت کے دروازے کھلے ہیں،ہزاروں لوگ کروڑوں کے مینڈیٹ کو یرغمال نہیں بناسکتے،تمام سنجیدہ سیاسی و مذہبی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کررہی ہیں،تمام سیاسی جماعتوں نےماضی سے سبق سیکھا ہے۔

  • آئی ڈی پیزکو گھر کے بدلے4 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ، عبدالقادربلوچ

    آئی ڈی پیزکو گھر کے بدلے4 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ، عبدالقادربلوچ

    بنوں : حکومت نے آپریشن ضربِ عضب میں تباہ ہونے والے ہر گھر کے بدلےچار لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بنوں میں آئی ڈی پیز سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادربلوچ کا کہنا تھا حکومت متاثرین شمالی وزیرستان کی بہتری کے لیے ہر مممکنہ اقدام کر رہی ہے،ان کا کہنا تھا چار لاکھ کےعلاوہ متاثرین کو واپسی اور راشن کیلیے مزید 50 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

    دوسری جانب شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، اب تک ساڑھے سات سو سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے سو سے زیادہ ٹھکانے تباہ کردیے گئے ہیں،میران شاہ کے بعد پاک فوج نے میر علی کا ستر فیصد کلیئر کرالیا ہے،میر علی میں دو اسلحہ ساز فیکٹریاں تباہ اور گھر تلاشی کے دوران زیرزمین چھپائے گئے بارود سے بھرے تیس ڈرم بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔بویا کے علاقے سے بھی پانچ ہزارکلو بارود برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا ہے ۔

  • قوم انتشار کی سیاست مسترد کرچکی، پرویزرشید

    قوم انتشار کی سیاست مسترد کرچکی، پرویزرشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے قوم انتشار کی سیاست مسترد کرچکی،سونامی مارچ کو بھی منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

    پرویزرشید کا کہنا ہے قوم نے پہلے گیارہ مئی کوانتشار کی سیاست مسترد کی، اب انتشار کاسونامی مارچ بھی جلد منطقی انجام کوپہنچے گا،پرویز رشید کا کہنا تھا پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، فوج کو ذمہ داریوں کے انجام دہی کے لئے قانون اور آئین کا تحفظ دینا حکومت کا فرض ہے، فوج کوجہاں بھی سول انتظامیہ کی مدد کیلئےقانونی تحفظ کی ضرورت ہوگی وہ ان کو فراہم کی جائے گی۔

  • وزیراعظم ذاتی خرچ پرعمرہ کیلئےگئے، پرویزرشید

    وزیراعظم ذاتی خرچ پرعمرہ کیلئےگئے، پرویزرشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں ملک کی سرزمین کسی دوسرے کے خلاف استعمال کرنے پر تحفظ پاکستان قانون لاگو ہوگا، وزیراعظم اپنے خرچ پر عمرے پر گئے۔ عمران خان حقائق سے بالکل بے خبر ہیں۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کے عمران خان کے خلاف بیانات تیزتر ہوتے جا رہے ہیں، وفاقی وزیراطلاعات نے اس بار عمران خان کو تنِ تنہا پرواز کی کوشش کرنے والے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا لانگ مارچ سے زیادہ اہم معاملہ آئی ڈی پیز کا ہے، عمران خان ہرمشکل صورتحال میں غائب ہوجاتےہیں، انہیں آواران زلزلہ متاثرین سےیکجہتی کی توفیق نہیں ہوئی، تھرمیں قحط آئےیالاہور میں ڈینگی کی وباعمران خان غائب رہے، رمضان میں اللہ کےگھرجانےکی بجائےعمران خان کرکٹ دیکھنےلندن چلےگئے۔

    پرویز رشید کا کہنا تھا پرویز رشید کے بقول اسلام آباد میں سی ڈی اے کیلئے صفائی کاکام بڑھانے کے سوا کچھ نہیں ہوگا، ان کا کہنا تھا حکومت نہ کسی کے معاملات میں مداخلت کرتی ہے نہ ہی کسی دوسرے کو ایسا کرنے دے گی۔ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہوئی تو تحفظ پاکستان قانون لاگو ہوگا۔

  • وزیراعظم میاں نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے جدہ پہنچ گئے

    وزیراعظم میاں نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے جدہ پہنچ گئے

    لاہور: وزیراعظم میاں نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے جدہ روانہ ہو گئے، فلائٹ کو وی وی آئی پی کا درجہ دیا گیا، اس پرواز کے دیگر عمرہ زائرین کو دوپہر بارہ بجے سے ہی لاہور ائیر پورٹ بلوا لیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم نواز شریف پینتیس رکنی وفد کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز پی کے سیون فائیو نائین سے لاہور سے جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔ وزیراعظم کیلئے بوئنگ ٹرپل سیون میں وی وی آئی پی نشستیں لگوائی گئیں اور پرواز کو وی وی آئی پی کا درجہ دے دیا گیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحا ق ڈار،ان کی اہلیہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور دیگر خاص افراد شامل ہیں۔

    طیارے کو لاہور کے چیف پائلٹ فرخ چیمہ اور فرسٹ آفیسر قاسم نے آپریٹ کیا، اے آر وائی نیوز نے وزیراعظم کے ٹریول ٹکٹ کی کاپی حاصل کر لی، پرواز کی سیٹیں ٹریول ایجنٹ کے ذریعے بک کرائی گئیں، ٹکٹوں کے پیسے پندرہ روز بعد دیے جائیں گے، اس وی وی آئی پی پرواز میں آم کی دو سو اکتیس پیٹیاں بھی رکھی گئیں، پرواز کے فضائی میزبانوں کی کلیئرنس میں بھی کافی وقت لگا۔