Tag: PM Nawaz

  • ریفرنڈم میں کامیابی، صدر ممنون اور وزیراعظم نواز شریف کی ترک صدر کو مبارکباد

    ریفرنڈم میں کامیابی، صدر ممنون اور وزیراعظم نواز شریف کی ترک صدر کو مبارکباد

    اسلام آباد : صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے ترکی میں ریفرنڈم میں کامیابی پر ترک صدر رجب طیب اردگان کو مبارکباد پیش کی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے مطابق صدر اور وزیر اعظم نے ترک صدر کے نام اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ روز ہونے والا ریفرنڈم ترکی کے استحکام اور خوشحالی کا باعث ہوگا، آئینی ریفرنڈم میں دلچسپی عوام کی مستحکم ترکی کی خواہش کی عکاس ہے۔

    پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ترکی کی موجودہ قیادت سے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، امید ہے ریفرنڈم کے بعد ترکی میں خوش حالی اور استحکام آئے گا۔

    خیال رہے کہ ترک حکومت نے اعلیٰ اختیارات وزیر اعظم سے صدر کومنتقل کئے جانے کے سوال پر ریفرنڈم کرایا تھا جس میں اکثریتی ووٹ نے حکومت کو یہ اختیار دے د یا ہے ۔ ریفرنڈم میں عوامی حمایت حاصل کئے جانے کے ساتھ ساتھ موجودہ صدر رجب طیب اردگان کے دور اقتدار میں بھی سنہ دوہزار انتیس تک توسیع ہوگئی ہے۔


    مزید پڑھیں : ترک عوام نے صدارتی نظام کے حق میں فیصلہ سنا دیا


    صدارتی نظام کے تحت ترک صدر پارلیمنٹ کو برخاست ، ایمرجنسی کا نفاذ کرسکیں گے اور پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر وزارتوں کو احکامات دے سکیں گے جبکہ صدارتی نظام میں وزیراعظم کا عہدہ بھی ختم کیا جائے گا، ریفرینڈم کے نتائج کے بعد صدراردوگان کے حامیوں نے جشن منایا۔

    دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ساٹھ فیصد ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ برس ترکی میں فوج کے ذریعے صدارتی تختہ الٹنے کی کوشش کی گئی تھی اور آرمی کے لوگ ٹینکوں پر بیٹھ کر سڑکوں پر نکل آئے تھے تاہم طیب اردگان کے ویڈیو پیغام کے بعد عوام نے مزاحمت کی اور بغاوت کو ناکام بنایا۔

  • مردان میں طالب علم کی ہلاکت پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    مردان میں طالب علم کی ہلاکت پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مردان یونیورسٹی کے طالب علم کے قتل پر 48 گھنٹوں بعد اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کہا کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ طالب علم مشعال کے بہیمانہ قتل پر افسردہ ہوں اور بے حس ہجوم کی جانب سے طالب علم کے قتل پر بے حد دکھ ہوا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریاست قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس جرم کی مذمت میں پوری قوم متحد ہے۔

    مزید پڑھیں: طالبعلم کے قتل میں ملوث 8 ملزمان کا ریمانڈ

    یاد رہے کہ 2 روز قبل صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مردان کی عبدالولی یونیورسٹی میں ایک مشتعل ہجوم نے طالب علم مشعال خان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سے 8 کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • وزیراعظم نوازشریف کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

    وزیراعظم نوازشریف کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں پراطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور اور امن وامان اور بارڈر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ردالفساد سے متعلق آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں پراطمینان کا اظہار کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔


    مزید پڑھیں : امن و استحکام شہیدوں کی جرات اور قربانیوں کا مرہون منت ہے، آرمی چیف


    اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی آپریشنز میں حصہ لینے والے جوانوں کو اعزازت سے نوازا، ان کا کہنا تھا کہ امن اور استحکام شہیدوں کی جرات اور قربانیوں کا مرہون منت ہے، یہ ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔

  • کراچی: وزیر اعظم کی ہولی کی تقریب میں شرکت

    کراچی: وزیر اعظم کی ہولی کی تقریب میں شرکت

    کراچی: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تمام شرکا کو ہولی کی مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہولی کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے بھی یہاں آ کر خوشی ہوئی تھی۔ ہولی رت بدلنے کا تہوار ہے۔ دل میں محبت نہ تو وہ اس پھول کی طرح ہے جس میں نہ رنگ ہے اور نہ خوشبو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام دنیا میں سب لوگوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے اور تمام انسانوں کے جان و مال کو ایک جیسی اہمیت دیتا ہے۔ ترقی میں کوئی رنگ اور تعصب حائل نہیں ہونا چاہیئے۔ آپ کو بھی آگے بڑھنے کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ زبردستی مذہب تبدیل کروانا ہماری نظر میں جرم ہے۔ آئین تمام شہریوں کو ایک جیسے حقوق دیتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی کی عبادت گاہ پر حملہ ہو تو میں کھڑا ہوں گا۔ ہمیں مندروں اور دیگر عبادت گاہوں کی حفاظت کرنی ہے۔ تمام مذاہب انسانیت کا احترام سکھاتے ہیں۔ سب پیغمبروں اور کتابوں پر ایمان لائیں گے تو مسلمان کہلائیں گے۔

    خطاب میں وزیر اعظم نے ہندو برادری کی فلاح کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آج 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں۔ کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آئی جی سندھ اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اعظم نواز شریف کی مسلم لیگ سندھ کے کارکنوں سے ملاقات

    اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی پر امن شہر تھا لیکن اس کو نظر لگ گئی۔ شہر دوبارہ روشنیوں کی طرف لوٹ آیا ہے۔ سنہ 2018 میں سندھ بھر میں الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کردیا ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کی بہت جلد تعمیر شروع کردی جائے گی۔

    وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ سنگین ہے۔ کے فور منصوبے کے لیے وفاق صوبے کو 50 فیصد رقم دے گا۔ کراچی کے امن کو بحال کیے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    گستاخانہ مواد کی فوری بندش کی ہدایت

    روانگی سے قبل وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو گستاخانہ مواد کی فوری بندش کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اس طرح کا مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگائیں اور مواد پھیلانے والوں کو کڑی سزا دلانے کے لیے متحرک ہوجائیں۔

    وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ حضور پاک ﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ نبی کریم ﷺ کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابل معافی ہے۔ اس مواد کو ہٹانے اور اس کا راستہ روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ذمے داروں کو بلا تاخیر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں تقریبات میں شرکت کے بعد وزیر اعظم بلوچستان کے علاقے حب کے لیے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ گڈانی میں منعقد کردہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔

  • نبی کریم ﷺکی شان  میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابلِ معافی ہے،وزیراعظم

    نبی کریم ﷺکی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابلِ معافی ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺکی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابل معافی ہے، ناموس رسالت پرمسلمانوں کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کراچی کے لیے روانہ ہوگئے ، روانگی سے قبل وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار کو گستاخانہ مواد کی فوری بندش کی ہدایت کردی اور کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اس طرح کا مواد پھیلانے والوں کا سراغ لگائیں اورادارے مواد پھیلانے والوں کو کڑی سزا دلانے کے لیے متحرک ہوجائیں۔

    وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ حضورپاک ﷺسے محبت وعقیدت ہرمسلمان کا قیمتی سرمایہ ہے ، نبی کریم ﷺکی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی ناقابل معافی ہے،  اس مواد کو ہٹانے اوراس کا راستہ روکنے کے لیے  فوری اقدامات کئےجائیں اور ذمے داروں کو بلاتاخیر کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور سوشل میڈیا کے ادارے سے رابطہ کرکے گستاخانہ مواد کی بندش کی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ حضرت محمدﷺپوری انسانیت کے محسن ہیں ، ناموس رسالت پر مسلمانوں کےجذبات کا احترام کیا جانا چاہیے، گستاخانہ موادامت مسلمہ کےجذبات سے کھیلنے کی ناپاک کوشش ہے، کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    نوازشریف نے کہا کہ ناموس رسالتﷺکے قانون کو ذاتی مقاصد کے لیےاستعمال کرنے والوں کا بھی محاسبہ کیا جائے، گستاخانہ مواد کی بندش کے لئے دفترخارجہ موثر کردار ادا کرے، معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے، تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔


    سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد‘عدالت کا معاملے

    کی حساسیت سے وزیراعظم کوآگاہ کرنےکاحکم


    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے معاملے پرکیس زیرسماعت ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ  نے معاملےکی حساسیت پروزیرداخلہ کووزیراعظم کو آگاہ کرنےکاحکم دیا تھا اورکہا تھا کہ خبربیچنے والوں کو ناموس رسالت بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتا، میڈیا کے کچھ عناصرہوش میں ہیں اور کچھ بے ہوش ہیں، سارا میڈیا مل کرزور لگائے تو بھی آئینی ترمیم ہو نہیں ہو سکتی، آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے اور عمل درآمد کروانا عدالت کا کام ہے۔
    ،ِ

  • خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے،وزیراعظم

    خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہنا ہے کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے،حکومت زندگی کےہرشعبےمیں شرکت کویقینی بنانےکیلئے پرعزم ہے۔

    تفصیلات کے وزیراعظم نوازشریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے آئین میں خواتین کو مساوی حیثیت حاصل ہے، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے، پاکستان میں خواتین کو کام کرنے کے یکساں مواقع حاصل ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ حکومت زندگی کے ہر شعبے میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ خواتین کو معاشرے کا مفید رکن بنانے کیلئے شمولیت قومی ذمہ داری ہے، صنفی بنیاد پر تشدد اور خواتین کے خلاف امتیازی قوانین کےخاتمےکیلئے بھی پُرعزم ہیں ، حکومت انسانی حقوق سے متعلق 2030 کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے اس سال خواتین کے عالمی دن کا تھیم “ففٹی ففٹی 2030” ہے۔

  • آپریشن رد الفساد پر اہم اجلاس، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم

    آپریشن رد الفساد پر اہم اجلاس، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم

    اسلام آباد : سیاسی اور عسکری قیادت نے آپریشن رد الفساد پر سر جوڑ لئے،وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہداف کےحصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف جاری آپریشن ردالفساد کا جائزہ لیا گیا ، اہداف کے حصول تک دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، وزیرداخلہ چوہدری نثار،اسحاق ڈار ، جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیرقومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے خطاب میں کہا کہ بلارنگ و نسل دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا جبکہ دہشتگردی کےخاتمے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں : پاک فوج کا آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان


    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خاتمے اور ان کے سدباب کیلئے مربوط کارروائی کریں گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کی خاتمے کیلئے کیا جارہا ہے،آپریشن سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں فضائیہ، نیوی، سول آرمڈ فورسز بھی حصہ لیں گی۔

  • وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات کی ملاقات

    وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرحیات نے ملاقات کی، ملاقات میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی ترقی اوردیگرمتعلقہ حساس نوعیت کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک فوج کے ترقیاتی پروگرام اور تذویراتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے ملک سے دہشتگرددوں اورانتہاپسندوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں اور پرعزم ہیں۔ اور لاہور میں دہشت گرد حملہ ہمارے عزم کو کمزورنہیں کرسکتا۔

    ملاقات میں سانحہ لاہور پولیس کے شہید ہونیوالے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی ترقی اور دیگر متعلقہ حساس نوعیت کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • امن مشقیں دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات کی نشاندہی ہیں: وزیراعظم

    امن مشقیں دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات کی نشاندہی ہیں: وزیراعظم

    کراچی ۔ وزیر اعظم نے پاک بحریہ کی بین الاقوامی امن مشقوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امن مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کارگردگی کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف مختصر دورے پر کراچی پہنچے جہاں انھوں نے بحیرہ عرب میں جاری پاک بحریہ کی امن مشقوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

    وزیر اعظم نے پاک بحریہ کی بین الاقوامی امن مشقوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ پانیوں میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اس مشق کا انعقاد پاکستان کی دیگر قوموں کے ساتھ مثبت کام کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے امن مشق کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کارگردگی کو سراہا۔


    مزید پڑھیں : بحیرہ عرب میں امن مشق17 کا آج آخری روز، وزیر اعظم شرکت کریں گے


    انھوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی بحری افواج کی اتنی بڑی تعداد میں موجودگی ان کے پاکستان پر اعتماد کا ثبوت ہے، اس آپریشنل تیاری کے ساتھ پاکستان نیوی سمندر کی حفاظت اور پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

  • وزیراعظم نواز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ کی ملاقات

    وزیراعظم نواز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے ملاقات کی، ملاقات میں بحرین کے شاہ حمدبن عیسیٰ الخلیفہ کاخصوصی تہنیتی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا۔

    تصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ کی ملاقات ہوئی،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا خصوصی تہنیتی پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تعلقات سے بھی آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ملکوں کے بڑھتے تعلقات کا عکاس ہے۔

    دوسری جانب پاکستان اوربحرین کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا پہلا اجلاس آج ہو رہا ہے، اسلام آباد میں کمیشن اجلاس سے دو طرفہ تعلقات میں وسعت آئیگی۔

    اس سے قبل بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، ایئر پورٹ پر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا ، بعد ازاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بحرینی وزیرخارجہ نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ معاشی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شیخ خالد نے کہا کہ بحرین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتا ہے ۔