وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر مستقل ثالثی عدالت کی طرف سے دیے گئے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے پاکستانی بیانیے کو تقویت ملی ہے، عدالتی فیصلے کے مطابق بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آبی وسائل پر کام کر رہے ہیں، پانی ہماری لائف لائن ہے، وزیراعظم نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان کی کاوشوں کی تعریف بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ثالثی عدالت (پی سی اے) نے پاکستانی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی عارضی معطلی کے بھارتی اعلان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت جاری ثالثی کو یکطرفہ طور پر نہیں روک سکتا۔
رواں برس بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے کئی اقدام سامنے آئے تھے، ان میں سے ایک سندھ طاس معاہدے کو فوری طور پر معطل کرنا تھا۔
بھارت کا یہ اقدام یکطرفہ تھا، جس پر ثالثی کی مستقل عدالت نے یہ ’کارروائی عدالت کی خود مختاری یا دائرہ اختیار کو محدود نہیں کر سکتی‘بیان سامنے آیا ہے۔
پی سی اے کو 1899 میں دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی تنازعات حل کرنے کے لیے پہلے عالمی نظام کے طور پر قائم کیا گیا تھا، یہ ریاستوں، اس سے منسلک اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کو تنازعات حل کرنے کی مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے، جن میں ثالثی، مفاہمت، مصالحت اور حقائق معلوم کرنے جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے حج کی کامیاب تکمیل پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کرام کی شاندارمیزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی مستقل حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات پر بھارت سے بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے، جموں و کشمیر، پانی، تجارت، دہشت گردی پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے ایران، اسرائیل تنازع کے سفارت کاری کےذریعے پرامن حل کی بھرپور حمایت کی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا
وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی خطے میں امن کی بحالی کیلئے قابل ستائش کوششوں کو سراہا۔
ولی عہد کا کردار عالمی سطح پر امن کے داعی ملک کے طور پر پہچان کو اجاگر کرتا ہے، سعودی ولی عہد کا کردار امت مسلمہ کی قیادت کا بھی مظہر ہے۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال پروزیراعظم کا شکریہ ادا کیا
سعودی ولی عہد نے سعودی عرب سے یکجہتی و حمایت کے اظہار پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا
سعودی عرب خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر ملک کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کے تحفظ کا عزم دہرایا ہے۔
صدر مملکت نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک قابل اعتماد اورکم از کم دفاعی صلاحیت پر مبنی ہے جو امن کا ضامن ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کا خواہاں نہیں ہے اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے سامنے بھرپور تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی سفر کو سراہا اور ملک کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کیلئے اتحاد اور پختہ عزم کی تجدید کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اس سال یوم تکبیر کو پاکستان کی اس حالیہ کامیابی کے ساتھ منسلک قرار دیا جس میں پاکستان نے بھارت کی طرف سے مسلط کی گئی بلاجواز جنگ کے خلاف کامیابی کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ یوم تکبیر کے ملکی دفاع کے جذبے کو معاشی ترقی کے سفر میں بھی برقرار رکھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنے 27 برس بیت گئے، آج سے 27سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی جسے یوم تکبیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔
پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔
بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے جوہری قوت ہونے کا تاریخی اعلان کیا۔
ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ”یوم تکبیر”کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ1998 میں 3، 3ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے سنہ 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔
مئی 1998 میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوگیا۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی، اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کے دوران جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے بےبنیاد الزامات اور جارحیت کے سامنے پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، دفاع کے حق کے استعمال میں پاکستان کا ردعمل متناسبت اہداف پر مبنی تھا۔
اس موقع پر انہوں نے علاقائی خودمختاری، اپنی سالمیت کے دفاع اور جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے کنگ چارلس سوئم کے ساتھ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
اور پاک برطانیہ کے تعلقات پر دلی اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی نے جنگ بندی میں مفاہمت پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے۔
وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خودار قوم ہے، کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعےکو بہانہ بنا کر بھارت نے ہم پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، ہماری دلیر اور بہادر افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر سنہرا باب رقم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعے پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے بےبنیاد الزامات پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا، بھارت نے جہازوں، ڈرون اور میزائل سے بےگناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے ہماری فوجی تنصیبات اورآبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کے تناظر میں ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دینگے جو وہ واضح سمجھتا ہے، ہم نے فیصلہ کیا کہ جو بات میز پر ہونی تھی وہ اب میدان جنگ میں ہوگی، پاکستان کےبہادر جوانوں کامقابلہ کون کرسکتا ہے، جھپٹنا پلٹنا اور پلٹ کر جھپٹنا کیا ہوتا ہے یہ ہمارے جوانوں نے ثابت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں پاکستان کی مسلح افواج نے ایک ڈیڑھ گھنٹے کے اندر متعدد بھارتی عسکری اڈوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، دشمن کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے تو فیل ہوگئے۔
یہ کارنامہ افواج پاکستان کی کامیابی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم کی فتح ہے، یہ عظیم لمحہ شکر ہے جس کیلئےعوام نے اپنےشیروں اور شاہینوں پر والہانہ محبت کے پھول برسائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، الحمدللہ رب ذوالجلال کا جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ہرجری جوان اور ہر افسر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔ جنرل عاصم منیرکا دل کی اتھا گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہ عظیم معرکہ سر ہوا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ان کے شاہینوں کو گرمجوشی سے شاباش دیتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سیاسی قائدین نے بے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا، اپنے قائد نواز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ مشاورت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھارت کی جعلی خبروں کا مقابلہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کیلئے مخلصانہ کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اس کے علاوہ انتہائی مخلص اور برادر ممالک سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، برطانیہ سمیت دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محمد بن سلمان، محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے اہم موقع پر ہماری بھرپور حوصلہ افزائی کی، محمد بن سلمان،محمد بن زید،شیخ تمیم، رجب طیب اردوان نے بھائیوں کے طور پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ان کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر مملکت خارجہ نے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پرسعودی عرب سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے بھارت کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں بے گناہ شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے، بھارتی جارحیت پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں، افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے۔
پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اسے اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کیلئے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر مملکت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔
اسلام آباد : بجلی صارفین کے لیے خوشخبری آگئی، وزیر اعظم کی جانب سے کل بجلی 6 روپے فی یونٹ تک سستی ہونے کا اعلان متوقع ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کل اپنے خطاب میں بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے، ذرائع کے مطابق بجلی 6 روپے فی یونٹ تک سستی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی معاہدوں کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جارہی ہے۔
آئی پی پیز سے بات چیت کے نتیجے میں 3 ہزارارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، بچت 29پاور پلانٹس کی 3 سے 20 سالہ مدت کے درمیان ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل اپنے خطاب میں پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق بھی اہم اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کل پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس کل دوپہر 2 بجے ہوگا، وفاقی وزراء بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کل متوقع ہے۔ شہباز شریف کل اسلام آباد میں معروف کاروباری شخصیات سے اہم ملاقات کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کابینہ کے اراکین سمیت 336 بزنس ٹائیکون موجود ہوں گے جب کہ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف پاور سیکٹر ریفارمز پر بھی اعتماد میں لیں گے۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کل متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کل اسلام آباد میں معروف کاروباری شخصیات سے اہم ملاقات کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کابینہ کے اراکین سمیت 336 بزنس ٹائیکون موجود ہوں گے جب کہ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف پاور سیکٹر ریفارمز پر اعتماد میں لیں گے۔
سابق وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت گوہر اعجاز کاروباری وفد کی سربراہی کریں گے، اجلاس میں برآمدات اور دیگر معاشی مسائل پر بھی بریک تھرو کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایم ایف نے حکومتی درخواست پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے کمی کی منظوری دی تھی جس کے بعد حکومت نے بجلی سستی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے دو ممالک دو سفیروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفیروں کی تعیناتی کی سمری بھیجی تھی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں مرغوب سلیم بٹ پاکستان کےنئے سفیر ہوں گے، مرغوب سلیم بٹ وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری ایس سی او ہیں۔
فرانس نے بھی نئی پاکستانی نامزد سفیر کو سفارتی سطح پر منظور کرلیا، فرانس میں نامزد پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کا ایگریما آ گیا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ فرانس میں پاکستان کی نئی سفیر ہونگی، ممتاز زہرا بلوچ بطور ترجمان دفتر خارجہ فرائض انجام دے رہی ہیں، ممتاز زہرا بلوچ کی تعیناتی کی منظوری وزیراعظم نے اگست میں دی تھی۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج تاریخی دن ہے، اب کسی وزیر اعظم کو گھر نہیں بھیجا جاسکے گا۔
26ویں آئینی ترمیم کی دوتہائی اکثریت سے منظوری کے بعد وزیر اعظم نے قومی اسمبلی سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ آج نیا سورج طلوع ہوگا جس کی روشنی پورے ملک میں ہوگی، پہلے منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا جاتا تھا جو اب نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج لاکھوں لوگ انصاف کیلئے ترس رہے ہیں اس ترمیم سے انصاف کا حصول آسان ہوگا، یہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال ایک بار پھر قائم ہوئی ہے۔
آج میثاق جمہوریت کا ادھورا خواب پایہ تکمیل کو پہنچ گیا، میثاق جمہوریت پر دستخط 2006میں لندن میں ہوئے تھے، جس پر قائد نوازشریف، شہید بینظیر بھٹو اور مولانافضل الرحمان نے بھی دستخط کئے تھے۔
،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئینی ترمیم کا حصہ بننے والی تمام جماعتوں کے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بلاول بھٹو نے خلوص دل سے بےپناہ محنت کی۔ اپنی ناراضی اور زوردار دلائل کے بعد مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنا اہم کردار ادا کیا، کاش پی ٹی آئی بھی اس میں شامل ہوتی تو بہت اچھا ہوتا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی 26ویں آئینی ترمیم دوتہائی اکثریت سے منظور کرلی گئی، ترمیم پیش کرنے کے حق میں 225 جبکہ مخالفت میں 12 اراکین نے ووٹ دیا۔
قومی اسمبلی میں 26ویں آئینی ترمیم کی تحریک وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ جس کے بعد اسپیکر سردار ایاز صادق نے بتایا کہ 225 اراکین نے آئینی ترمیم پیش کرنے کی تحریک کے حق میں ووٹ دیئے جبکہ تحریک کی مخالفت میں12ووٹ آئے۔