اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جدہ ایئرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ عبداللہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شاہدخاقان دورے کے دوران سعودی حکام سے ملاقاتیں کرینگے، سعودی حکام سے ملاقاتوں میں نئی امریکی پالیسی پر مشاورت کرینگے۔
وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺپر بھی حاضری دیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم بننے کے بعد شاہد خاقان عباسی کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں امریکی صدر کے بیان پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور پاکستانی موقف امریکی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خواجہ آصف امریکی دورے کے دوران پاکستان موقف سے آگاہ کرینگے ۔
اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی، ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان اور افغانستان کے بارے میں گمراہ کن ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹرمپ کا بیان غلط فہمی یا گمراہی کا نتیجہ ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی اور کامیاب ترین جنگ لڑی ہے، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی مؤقف کو امریکی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، امریکہ کی الزام تراشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان اور افغان پالیسی کے حوالے سے غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کابینہ ارکان کو بریفنگ دی، اجلاس میں کابینہ کے اراکین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ خطاب میں پاکستان پر الزام تراشی پر اپنی تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی کابینہ نے ٹرمپ کے پاکستان سے ڈومور کے مطالبے پرحیرانگی کا بھی اظہار کیا، اراکین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی امریکی الزام تراشی کا بھرپور جواب دے۔
دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہیں، کابینہ اراکین نے کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستانی کردار کو قابل قدر پذیرائی ملنی چاہئے۔
اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس جمعرات کے روز بلانے کافیصلہ کیا گیاہے جس میں عسکری قیادت سے بھی رائے لی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اپنا مؤقف امریکی قیادت کے سامنے رکھے گا، خواجہ آصف آئندہ امریکی دورے کے دوران پاکستانی مؤقف سےآگاہ کرینگے۔
اسلام آباد : مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چند مایوس سیاستدانوں کے مقاصد کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے شرکاء نے سابق اور نااہل وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پالیسیوں اور منصوبوں پرعملدرآمد کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ چند سیاستدان محاذ آرائی سے مذموم مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں، مایوس سیاستدانوں کے عزائم کسی قیمت کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے ہی چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، چیلنجز کا عوام کے حق حاکمیت کے احترام سے مقابلہ ممکن ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کر کے بھاری قیمت ادا کی، ن لیگ آئین کی بالادستی کے لئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں امید ظاہر کی کہ آئندہ الیکشن میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ نون چاروں صوبوں میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔
کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے اورحیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے جب کہ کراچی یونیورسٹی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کراچی میں رینجرز آپریشن برقرار رکھنے اور وفاق کی جانب سے ہرقسم کے تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔
اس بات کا اعلان وزیراعظم نے گورنر سندھ کے ہمراہ گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مذید کہا کہ میاں نوازشریف کی پالیسیاں جاری رہیں گی جس کی روشنی میں ہم مصروف عمل ہیں اور امن کو قائم رکھنے اور اسے آگے بڑھانے میں، ہماری سیکیورٹی اداروں سے طویل میٹنگ ہوئی جس میں لا اینڈ آرڈر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ رینجرز کراچی میں اپنا کام کرتی رہے گی، اسے وفاق سے جو مدد درکار ہے اسے دیتے رہیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ گورنر سندھ کی زیر نگرانی یہ کام مکمل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کیمونٹی کے مسائل حل کرنے سمیت ایکسپورٹرز کے مسائل حل کریں گے، ضرورت ہے کہ نوکریاں پیدا ہوں، خسارہ کم ہو، اگلے 10 ماہ تک معاشی ترقی کے لیے بھرپور کام کریں گے۔
ایک سوال پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب تک پارٹی چاہے گی وزیراعظم ہوں میرے رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔
قبل ازیں نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر مصدق ملک کے ہمراہ ایک روزہ دورے پرآج صبح خصوصی طیارے سے کراچی پہنچے تھے جہاں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پر اُن کا استقبال کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزار قائد پرحاضری دی، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ حلف اُٹھانے کے بارہویں روز نومنتخب وزیراعظم مزار قائد پہنچے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورگورنر سندھ محمد زبیر کے مابین ملاقات ہوئی جس میں گورنر سندھ نے کراچی میں انفرا اسٹرکچر کی بہتری سے متعلق اور صوبے بھر میں وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاق کی معاونت سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی کے لیے مزید فنڈز مہیا کرے گی۔
دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے وفد سے ملاقات کی اور کراچی پیکیج پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ماس ٹرانزٹ پروگرام اور کے فور پروجیکٹ سمیت دیگر اہم پروجیکٹس پر تفصیلی بات چیت کی۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی و حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کیے گئے ترقیاتی اسکیموں پر صوبائی حکومت کی لاپروائی اورغفلت برتنے پر وفاق سے ان پروجیکٹس میں وفاق کی مدد طلب کی اور کراچی آپریشن سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے پیکیج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم سے کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے وفد نے بھی ملاقات کی، تجارتی سرگرمیوں پر اپنے تحفظات کا اظہارکیا اور شہر میں امن و امان کی صورت حال اور تعمیرنو سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں جس پر وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور دیگر حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے شہرِ کراچی کی روشنیاں بحال کی ہیں اور شہر قائد کے پائیدار امن کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بھی استعمال کریں گے۔
اس دوران وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں امن وامان اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں امن وامان سےمتعلق اجلاس گورنر ہاؤس میں جاری ہے جس میں کورکمانڈر کراچی، گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہیں۔
خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی کا بحیثیت وزیراعظم کراچی کا پہلا دورہ ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کی ناہلی کے بعد منتخب ہونے والے نئے وزیراعظم کے انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کی تھی۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔
اسلام ا ٓباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا اعلان کردیا‘ جرمن نژادڈاکٹر فاؤ نے اپنی ساری زندگی پاکستان میں جذام کے مریضوں کی خدمت میں صرف کری۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں میری ایڈیلیڈ سوسائٹی کی بانی ڈاکٹر رتھ فاؤ جو کہ گزشتہ روز انتقال کرگئیں تھیں ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ 19 اگست کو کی جائے گی‘ ان کا انتقال 87 برس کی عمر میں ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ’’ جذام کے مریضوں کی خدمت کے لیے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی بے بہا اور پر خلوص خدمات پوری پاکستانی قوم پر فرض ہیں ‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی لگن اور انتھک محنت ہمیں پیغام دیتی ہے کہ انسانیت کی کوئی سرحدیں نہیں ہیں‘‘۔
صدرِ پاکستان ممنون حسین نے بھی انسانیت کے لیے ڈاکٹر فاؤ کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ا نسانیت کی خدمت کے لیے ان کی قائم کردہ روایت زندہ رکھی جائے گی‘‘۔ وہ تمام لوگ جو ان کی کاوشوں کے سبب جذام سے صحت یاب ہوئے ان کی دعاؤں میں ڈاکٹر رتھ فاؤ ہمیشہ زندہ رہیں گی‘‘۔
اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر رتھ فاﺅ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ڈاکٹررتھ فاؤ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کو انسانیت کی سفیر کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ڈاکٹر رتھ فاؤ9 ستمبر1929 کو جرمنی کے شہر لیپ زگ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ 1960 میں پاکستان آئیں اور پھر جذام کے مریضوں کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کردی تھی۔ وہ جذام کو مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرتی تھیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 1996ء میں پاکستان کو کوڑھ کے مرض پر قابو پالینے والے ممالک میں شامل کرلیا گیا اور پاکستان کو یہ اعزاز دلانے میں ڈاکٹررتھ فاؤ نے سب سے اہم کردار اداکیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔