Tag: pm shehbaz sharif

  • یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام

    یوم استحصال کشمیر کے موقع پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام

    اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یوم استحصال کےموقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    صدرآصف زرداری نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 6سال مکمل ہورہے ہیں،
    بھارت نے 5اگست 2019کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر کی متنازع حیثیت اور حق خودارادیت کو کمزور کرنا تھا،
    6سال میں بھارت نے آبادیاتی ساخت اور سیاسی نقشہ تبدیل کرنے کےاقدامات کیے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ غیرکشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنا بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے،
    من مانی حلقہ بندیاں اور باہر کے افراد کو ڈومیسائل دینا سازش کا حصہ ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے، 5اگست2019کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بھارتی اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی، سیاسی منظرنامے کی تبدیلی کی سازش ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یوم استحصال بھارتی بربریت اور امن کے انکار کی سنجیدہ یاد دہانی ہے، کشمیریوں کےانسانی حقوق اور شناخت سے انکار علاقائی عدم استحکام کی وجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر غیرقانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا، بھارت نے ریاستی دہشت گردی اور جبر میں تقریبا ً8 دہائیوں سے دوگنا اضافہ کردیا۔

  • حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں، وزیراعظم

    حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد(25 جولائی 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور پر غافل نہیں ہیں، پہلے بھی عافیہ صدیقی کے معاملے میں سفارتی وقانونی مدد فراہم کی جاتی رہی ہے۔

    ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس : وفاقی کابینہ کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری

    حکومت پاکستان عافیہ صدیقی کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے: مشتاق احمد خان

    وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حکومت کی ہر ممکنہ قانونی وسفارتی مدد کی یقین دہانی کرائی، اس ضمن میں وزیرِ اعظم نہ صرف پہلے ہی اس وقت کے صدر جو بائیڈن کو خط لکھ چکے ہیں۔

    وزیرِ اعظم نے اس معاملے میں مزید پیش رفت کے لیے وفاقی وزیرِ قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ کی صدارت میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی، کمیٹی فوزیہ صدیقی سے رابطہ اور درکار ممکنہ معاونت کیلئے کام کرے گی۔

     واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے رواں ہفتے کے آغاز میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں رپورٹ پیش نہ کرنے پر وزیراعظم سمیت وفاقی حکومت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا تھا۔

  • وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان مکمل، وطن واپسی

    وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان مکمل، وطن واپسی

    لاہور : وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، اعلیٰ سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے انہیں رخصت کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فذولی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیرِ تعلیم و سائنس امین امر اللائیف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، پاکستان کے آذربائیجان میں سفیر قاسم محی الدین اور اعلیٰ سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔

    وطن واپسی کے بعد وزیراعظم شہبازشریف ایئرپورٹ سے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے
    ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا تارڑ بھی پہنچے ہیں۔

    شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران خانکندی میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    وزیرِ اعظم نے علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور علاقائی امن کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

    ذرائع کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم باکو سے آذربائیجان کے شہر فضولی پہنچے اور رات کو وطن واپس روانہ ہوئے تھے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر اظہار تشکر

    وزیراعظم شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر اظہار تشکر

    اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر تشکر اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے ٹرمپ کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یقین ہے ٹرمپ کی شکل میں پاکستان کو بہترین شراکت دار ملا ہے اور امید ہے ٹرمپ پاکستان اور امریکا کےدرمیان نئی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرینگے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھے گا، پاکستان اور امریکا دہائیوں سے ایک دوسرے کے شراکت دار ہیں، دونوں ممالک مشترکہ مفاد کو فروغ اور ان کا تحفظ کرتے ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ عالمی امن کیلئے مل کر کام کیا ہے۔

    جنگ بندی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو بڑی خوش خبری سنا دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے ساتھ مل کرکام کروں گا اور دیکھوں گا کیا ‘ہزاروں سال بعد’ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔

    دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر امریکا کی جانب سے جنگ بندی کیلئے دونوں ممالک کو ایک میز پر لایا گیا۔

    اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی ثالثی میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔

  • وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفونک رابطہ

    وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کا ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں شخصیات کے مابین خطے کی موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا جو پاکستان کے 240 ملین لوگوں کے لیے لائف لائن ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے لیے نیک خواہشات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں پرامریکی انتظامیہ کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا۔

    انہوں نے مارکو روبیو کو جنوبی ایشیا میں خطے کی صورتحال اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی سے متعلق پیش رفت پر اپنے نقطہ نظر اور پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے بڑھتے ہوئے اشتعال انگیز رویہ انتہائی مایوس کن اور تشویشناک ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان نے90ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی،
    دہشت گردی سے پاکستان کو152بلین ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

    وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پرامریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا نے گزشتہ70سال میں مل کر کام کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : قیام امن کیلیے بھارت کو پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، امریکا

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے تفصیلی بات چیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے دونوں فریقین کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

  • ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قتل کی وجوہات عوام کے سامنے لائے، شہباز شریف

    ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قتل کی وجوہات عوام کے سامنے لائے، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل پر اپنے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ خطے کے ممالک کو مل کر دہشت گردی کیخلاف حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہوگا،
    ایرانی حکومت ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد قرار واقعی سزا دے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی حکومت 8 پاکستانیوں کے قتل کی بہیمانہ واردات کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔

    وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو مقتولین کی میتوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

  • وزیراعظم 3 روزہ دورے پر کل متحدہ عرب امارات جائیں گے

    وزیراعظم 3 روزہ دورے پر کل متحدہ عرب امارات جائیں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر کل متحدہ عرب امارات(یو اے ای) جائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ساتھ روانہ ہوگا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے، اس کا موضوع گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی اشتراک کار ہیں، سمٹ میں دنیا بھر سے سربراہان حکومت اور مملکت شرکت کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پالیسی ساز اور بڑی کاروباری شخصیات بھی اجلاس میں شریک ہوں گی، وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کی قیادت سےملاقاتیں بھی ہوں گی اور وہ دیگر ملکوں کے سربراہان سے بھی ملیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اس دورے پر ملٹی نیشنل کمپنیز کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیر اعظم

    بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیر اعظم

    مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،بھارت 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے اور مسئلہ کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں،آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 5 فروری کا دن بھارت کو چیخ چیخ کر یاد دلاتا ہے کہ کشمیر 5 اگست 2019ء جیسے اقدامات سے کسی کا حصہ نہیں بن سکتا،5 فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے ہمارے پختہ عزم کی تجدید کا دن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ پانچ اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا حل کسی جنگ اور بربریت سے حل نہیں ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کیلئے پاکستان کی حمایت میں کمی آئی نہ آئیگی، بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی ونتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے آزادی کے نعرے کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج میں اضافے کے ساتھ کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ بھی بڑھ رہی ہے۔

    ہم کشمیر کے عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنے خون سے آزادی کی داستان لکھ رہے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، نہ اسے کشمیری مانتے ہیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قرار داد، قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، دنیا میں انصاف اور جمہوریت کے الگ الگ اصولوں اور امتیازی قوانین کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

    چودھری انوار الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو بھارت کے سامنے طاقتور اور مضبوط رکاوٹ ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن کا قیام کبھی نہیں ہوگا۔

    یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    انہوں نے کہا کہ مضبوط روشن اور منور پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہے، پاکستان کا استحکام کشمیریوں کیلئے اولین ترجیح ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا نوٹس لے۔

  • مدارس رجسٹریشن بل کا معاملہ: وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت

    مدارس رجسٹریشن بل کا معاملہ: وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان سے رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جے یوآئی ایف مولانا فضل الرحمان آج ملاقات کریں گے، وزیراعظم اور مولانا کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہو گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مولانافضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت دی تھی، ملاقات میں مدارس رجسٹریشن بل سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

    دوسری جانب مولانافضل الرحمان نے وفاق المدارس کے ذمہ داروں سے رات گئے مشاورت کی ہے، ملاقات میں مولانا اتحاد تنظیمات مدارس کا مؤقف وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نئی تجاویز دیں تو مولانا اتحاد تنظیمات مدارس سے مشاورت کیلئے رجوع کرینگے، وزیراعظم کے رابطے کے بعد مولانافضل الرحمان نے مفتی تقی عثمانی سے بھی رابطہ کیا، انہوں نے مفتی تقی عثمانی سے آج کی ملاقات سے متعلق مشاورت کی۔

  • وزیراعظم شہباز شریف 31 اکتوبر کو دورہ قطر کریں گے

    وزیراعظم شہباز شریف 31 اکتوبر کو دورہ قطر کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 31 اکتوبر کو دوحہ جائیں گے۔

     سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قطر کا دورہ امیر قطر تمیم بن حمدالثانی کی دعوت پر کررہے ہیں، شہباز شریف دوحہ میں پاکستانی نوادرات، آرٹس و کلچر کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر اور اعلیٰ قطری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہو گا۔

    سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قطری سرمایہ کاروں کے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع کاجائزہ لیا جائیگا۔