Tag: pm shehbaz sharif

  • قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام سمیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو، خواجہ آصف، اسحٰق ڈار، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاک افغان سرحد، سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں قومی سلامتی امور پر ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

  • ’چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران ہوجائیں گے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران و پریشان ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، انہوں نے صوبے کے جنوبی حصوں میں مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

    وزیر اعظم نے چشمہ رائٹ بینک کینال سے متعلق پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا، انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک زام ڈیم، سی پیک کے مغربی روٹ موٹر وے یارک سگو سیکشن اور گومل یونیورسٹی پہاڑ پور کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعظم نے عبدالخیل 132 کے وی اور بند کورائی 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کے کام کا افتتاح بھی کیا۔

    وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیر اعظم کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج ملک میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے، اس سے پہلے ڈی آئی خان کے لوگوں نے سیلاب کا سامنا کیا، پختونخواہ میں گورننس کی جو غلطیاں تھیں وہ سب نے دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے اثرات اب بھی پورے پاکستان میں موجود ہیں، پہاڑی علاقوں میں آج بھی لوگ شدید سردی میں ٹھٹھر رہے ہیں، وفاقی حکومت نے 90 ارب روپے خرچ کر کے فی خاندان 25 ہزار امداد دی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی بہت بڑی ہے، جتنے بھی وسائل جھونک دیں وہ کم ہیں، مخلوط حکومت اور صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2018 کے بعد ملک میں ترقی رک گئی تھی، برادر ممالک ہم سے ناراض ہوگئے تھے، چین کے دورے پر گیا تو چینی صدر اور وزیر اعظم نے بہت عزت دی، چین کو عمران نیازی نے اتنا ناراض کردیا تھا کہ آپ حیران پریشان ہوجائیں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 11 اپریل کو حلف اٹھایا تھا تو احساس نہیں تھا معیشت اتنی زیادہ تباہ ہوچکی ہے، پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، آپ کا خادم، مخلوط حکومت اور ادارے پاکستان کو مشکل سے نکالیں گے۔

  • وزیر اعظم نے معیشت اور توانائی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیے

    وزیر اعظم نے معیشت اور توانائی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت اور توانائی کے اجلاس طلب کر لیے، اجلاس میں معاشی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت اور توانائی کے الگ الگ اجلاس طلب کر لیے، معاشی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار معیشت پر وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے۔

    وزیر اعظم کو آئی ایم ایف پروگرام اور ایکسپورٹ انڈسٹری سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی، گزشہ اجلاس میں وزیر اعظم کی معیشت پر دیے گئے ٹاسک پر رپورٹ بھی دی جائے گی۔

    اجلاس میں معاشی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    توانائی کے معاملے پر بھی وزیر اعظم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان، گھریلو صارفین اور انڈسٹری کو گیس سپلائی پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس شارٹ فال اور درآمدی ایل این جی سمیت ایل پی جی پر بھی بریفنگ دی جائے گی، روس سے خام تیل کی درآمد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے توانائی کے دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما میں بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رواں موسم سرما میں بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کو رواں موسم سرما میں چھت کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میری ملک کے تمام مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دیں، ہمیں اس مشکل وقت میں اپنے بہن، بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کو قطعاً اکیلا نہیں چھوڑنا ہے۔

  • تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں، وزیراعظم

    تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں، وزیراعظم

    راولپنڈی : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں ، ہمیں اختلافات ،ذات سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے منگلا ڈیم پن بجلی کے یونٹ 5 اور 6 کی ریفربشمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریفربشمنٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت اعزاز ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 1960کی دہائی میں یہ پراجیکٹ شروع ہوا تھا، منگلا پراجیکٹ پانی کے ذخیرے کےبڑے منصوبوں میں سے ایک ہے ، اس پراجیکٹ کےذریعے سستی بجلی مہیا کی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ منگلا ڈیم نے معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ، منصوبے میں امریکی تعاون پر شکرگزار ہیں، اس منصوبے کا افتتاح میرے لیے باعث فخر ہے اور اب وقت ہے کہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ منگلا کی اپ گریڈیشن منصوبہ نہایت اہم ہے ، یو ایس ایڈ نے 150ملین ڈالر کی خطیر رقم کی گرانٹ دی ہے، فرانس نے منصوبے کیلئے 90ملین یورو قرضہ دیا ہے جبکہ واپڈانے اپنےوسائل سے 20ارب روپے کی شراکت داری کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج بہت ہی مشکل چیلنجز سے نمبردآزما ہے ، ہماری مخلوط حکومت پوری کاوشوں سے چیلنجزکا مقابلہ کررہی ہے، پاکستان نے الحمدللہ ایک ارب ڈالر کی ادائیگی کی ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل ایوب کامنگلا ڈیم بنانے کا کارنامہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا، جمہوری حکومتوں نے اچھے کام کیےہیں توہمیشہ ان کاکریڈٹ رہے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ داسو، بھاشا ،گومل سمیت دوسرے ڈیمزجوزیر تکمیل ہیں اللہ کی طرف سے تحفہ ہیں، 75سال میں ڈیمز ، ریزر وائرز بنائے ہوتے تو امپورٹ بل 27 ارب ڈالر نہ ہوتا، ڈیمز پہلےبنائے جاتے تو سستی پن بجلی بن رہی ہوتی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے ڈیم کی طرف توجہ نہیں دی گئی ، نجانے کون سی مشکلات تھیں جنہوں نے ڈیمز بننے نہیں دیئے۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ دنیا میں ٹینشن کی وجہ سے تیل کی قیمتی آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، سیلابی صورتحال کی وجہ سے ہمیں گندم امپورٹ کرنا پڑرہی ہے، پاکستان کی جومشکلات ہیں یہ دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجائیں مگر ہمت نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ڈیم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعمیر اور ترقی عمل سے ہوتی ہے نعروں اور دھرنوں سے نہیں، جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا ترقی آگے نہیں بڑھ سکتی ، ہمیں اختلافات ،ذات سےبالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔

  • متحدہ عرب امارات کا قومی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کی  مبارکباد

    متحدہ عرب امارات کا قومی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر یو اے ای کے صدر شیخ محمدبن زید النہیان کو مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر پاکستانی عوام کیجانب سے متحدہ عرب امارات کو قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن بانیوں کے متحرک ویژن کی یاددہانی کرتا ہے ، بانیوں نےاتحاد کے ذریعے ایک عظیم قوم کی بنیاد رکھی، یواےای کےصدرشیخ محمدبن زید النہیان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر پیغام میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اورعوام کو قومی دن پر مبارکباد دی۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ امارات نےترقی و خوشحالی کی جو منزلیں طے کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، پاکستان متحدہ عرب امارات کے عوام کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے، خطے کی ترقی، معاشی خوشحالی اور امن کا فروغ ہمارا مشترکہ ویژن ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے بھی متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر صدر، سفیر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کےعوام کےدل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، متحدہ عرب امارات نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حالیہ سیلاب کےدوران متحدہ عرب امارات نےدل کھول کر مدد کی، متحدہ عرب امارات کی مزیدترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں، متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کیلئے دوسرا گھر ہے۔

  • وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا

    لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے آج خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی رہنماؤں کا اجلاس آج لاہور میں طلب کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق تفصیلی مشاورت کرینگے۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر بھی بات چیت ہوگی اور اجلاس میں عمران خان کے اسمبلیوں سےاستعفے کے اعلان پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم پارٹی رہنماؤں سے آئندہ کی حکمت عملی پر رائے بھی طلب کریں گے، علاوہ ازیں شہباز شریف کی کل گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔

  • وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کلائمٹ چینج کانفرنس کوپ 27 میں شرکت کے لیے 7 اور 8 نومبر کو مصر کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو 2 روزہ دورے پر مصر روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 7 نومبر کو شرم الشیخ میں کلائمٹ چینج کی کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کوپ 27 کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کوپ 27 کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ موسمیاتی انصاف (کلائمٹ جسٹس) کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا، وزیر اعظم اپنے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملیں گے، وزیر اعظم ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، پاکستان کانفرنس میں گروپ آف 77 چائنہ کی سربراہی بھی کرے گا۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا پاک بھارت ٹی ٹوینٹی میچ پر ردعمل

    وزیراعظم شہباز شریف کا پاک بھارت ٹی ٹوینٹی میچ پر ردعمل

    اسلام آباد : وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے میلبرن میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی میچ کے دلچسپ مقابلے میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند کرتے ہوئے پیغام جاری کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مقابلہ بہت شاندار تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کوشش کی اور اچھا کھیل پیش کیا۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے کے میچ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ دنیا بھر میں کرکٹ کے مداحوں نے اس مقابلے کو ورلڈ کپ کے فائنل سے بھی بڑا مقابلہ قرار دیا۔

    مزید پڑھیں : سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

    پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں بھارت کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم اعصاب شکن مقابلے کے بعد جیت نہ سکی تاہم بولرز نے 160رنز کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ٹیم میچ کو آخری گیند تک لی گئی۔

  • سیلاب سے فصلیں تباہ، عالمی سطح پر بھی غذائی قلت کا خدشہ ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے فصلیں تباہ، عالمی سطح پر بھی غذائی قلت کا خدشہ ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے خوراک کی قلت واقع ہوئی ہے، پاکستان میں بھی حالیہ سیلاب کے بعد خوراک کی صورتحال تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں ایکڑ پر تیار فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، پاکستان جیسے زرعی ملک کو بھی اس نقصان کے ازالے کے لیے اشیائے خور و نوش درآمد کرنا پڑیں گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج خوراک کا عالمی دن دنیا کے مختلف ممالک کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی عالمی اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے خوراک کی پہلے ہی کمی ہوئی، اب غذائیت سے بھرپور خوراک کی عالمی سطح پر مزید قلت کا خدشہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں پر کئی طریقے سے منفی اثرات مرتب کر رہی ہے جس میں عالمی سطح پر غربت اور بھوک میں اضافہ سر فہرست ہے۔