Tag: PM Shehbaz

  • وزیر اعظم کی ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس کے شرکا کو کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں، منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، چیئرمین اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کر کے معیار کو یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے اور لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔

  • پختونخواہ کے نوجوانوں کو قرضے اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے: وزیر اعظم

    پختونخواہ کے نوجوانوں کو قرضے اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، کے پی کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگی قیادت کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور صوبے کے آئندہ انتخابات پر مشاورت ہوئی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، گزشتہ حکومت نے صوبے کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے، وفاقی حکومت کے صحت و تعلیم کے منصوبوں سے عوام بھرپور مستفید ہو گی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے، کسانوں کو معیاری بیج اور بروقت کھاد کی فراہمی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع میں تجارت میں سہولت فراہم کر کے لوگوں کی معاشی مشکلات دور کریں گے۔

  • ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل کمی، وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل کمی، وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: ملکی برآمدات (ایکسپورٹ) میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں متعلق حکام کے ساتھ بڑے ایکسپورٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے برآمدات بڑھانے سے متعلق اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر صنعت و پیداوار، ایف بی آر حکام اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا اور برآمدات میں کمی کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں ملک کے بڑے برآمد کنندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات میں 11.71 فیصد کمی ہوئی۔ اپریل میں سالانہ بنیاد پر برآمدات 26.68 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 10.46 فیصد کم ہوئیں۔

    حکام کے مطابق جولائی تا اپریل 23 ارب 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی برآمدات رہیں جبکہ اپریل میں صرف 2 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی برآمدات ہوئیں۔

  • پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پاکستان کی پہچان بنے گا: وزیر اعظم

    پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پاکستان کی پہچان بنے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پاکستان کا جان ہاپکنز بنے گا اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے پاکستان کی پہچان بن جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ہمیشہ سے میرے دل کے قریب رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ میری تمنا تھی اور ہے کہ یہ شاندار اسپتال پاکستان کا جان ہاپکنز بنے اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے پاکستان کی پہچان بن جائے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کہ سابق وزیر اعظم اور ایک سابق چیف جسٹس نے اس مشن کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور اس اسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے قدم رکنے والے نہیں، میرا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ یقیناً ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو جذبہ خدمت سے سرشار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال کو ورلڈ کلاس بنانے اور اس کی بحالی کے لیے ہم تمام کوششیں اور توانائیاں صرف کر رہے ہیں، گزشتہ روز وہاں کے دورے کا مقصد بھی وہاں بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

  • وزیر اعظم نے کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں معاشی صورتحال، دوست ممالک سے مالی یقین دہانیوں اور آئی ایم ایف سے رابطوں کے معاملات پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال زیر غور آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا، سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئیں گے۔

    اجلاس میں معاشی صورتحال، دوست ممالک سے مالی یقین دہانیوں اور آئی ایم ایف سے رابطوں کے معاملات پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ماہ برطانیہ کا دورہ کردیں گے جہاں وہ برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا آئندہ ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں دورہ برطانیہ کا قوی امکان ہے، وزیر اعظم برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان بھی برطانیہ جائیں گے۔

    برطانوی بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کمیلا پارکر کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو منعقد ہوگی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف دیگر مہمانوں کے ہمراہ بکھنگم پیلس، ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے ملاقات کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے۔

    شہباز شریف، پارٹی سربراہ نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

  • عوامی خدمت کے میدان میں سیاست بند ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    عوامی خدمت کے میدان میں سیاست بند ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجر ممنوعہ قرار دینا چاہیئے، کوئی حکومت آئے یا جائے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن اسپتال کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کو اسپتال سے متعلق انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال 255 بستروں پر مشتمل ہے، اسپتال کا ایک فیز تقریباً مکمل ہوچکا ہے، دوسرا فیز دسمبر 2023 میں مکمل ہوگا۔

    اسپتال کے دورے کے بعد وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج راولپنڈی یورولوجی سینٹر کا دورہ کیا ہے، اسپتال میں مریضوں کا بہترین طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اسپتال کی بنیاد میں نے 2009 میں رکھی تھی اور 2013 میں اس کے لیے فنڈز مہیا کیے گئے، راولپنڈی یورولوجی اسپتال میں 5 ارب کے فنڈز لگ چکے ہیں، کرونا کے دور میں بھی اس اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں سے مطمئن ہوں، ثاقب نثار دن رات کہتا تھا شہباز شریف نے 20 ارب روپے کہاں لگائے، یہ غرق ہوگئے، پیسے غرق ہوگئے تھے تو لاہور کا اسپتال کرونا میں اہم مرکز کیسے بن گیا تھا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ خدارا ہمیں عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجر ممنوعہ قرار دینا چاہیئے، کوئی حکومت آئے یا جائے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمٰن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں پر جس طرح آپ نے پاکستان کا مقدمہ پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شیری رحمٰن اعزاز کی مستحق ہیں۔

  • وزیر اعظم کا عید پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کا حکم

    وزیر اعظم کا عید پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کا حکم

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر لاہور برج کا پر 24 گھنٹے کام کر کے 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے عید کی چھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر لاہور برج کا دورہ کیا، اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکریٹری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود رہے۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ایل ڈی اے کا منصوبہ ہے، اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے۔

    وزیر اعظم نے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کر کے 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ انہوں نے عید کی چھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو 3 گنا اجرت ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم نے سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔

  • بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مہنگی بجلی، گیساور 20 فیصد شرح سود کے ساتھ انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے  پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کیا ہے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس انتہائی مہنگی ہوچکی ہے اور شرح سود 20 فیصد ہونے سے انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے، ایل سیز نہ کھلنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خام مال بھی دستیاب نہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شدید معاشی مشکلات کے باعث 50 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوچکی ہے۔

    گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اس سال ٹیکسٹائل برآمدات 3 ارب ڈالر کم ہونے کا خدشہ ہے، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے سے دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف صورتحال کا نوٹس لیں اور انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچائیں۔