Tag: PM Shehbaz

  • وزیر اعظم کی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے نو منتخب وزیر اعظم کرس ہپکنز کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کا وزیر اعظم بننے پر مبارک ہو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں دوست ممالک میں تعلقات مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

    خیال رہے کہ نیوز لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کے بعد کرس ہپکنز کو نیا وزیر اعظم نامزد کیا گیا تھا۔

    کرس ہپکنز نے آج وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

  • سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے: وزیر اعظم جنیوا روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان ریزیلینٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہوگئے، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے جنیوا کے لیے روانہ ہوگئے، وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں۔

    وزیر اعظم 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں شرکت کریں گے، کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور اقوام متحدہ کر رہے ہیں۔

    کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت مختلف ممالک کے سربراہان، وزرا، اعلیٰ نمائندے، عالمی مالیاتی ادارے، فاؤنڈیشنز، بین الاقوامی ترقیاتی تنظیمیں اور نجی شعبوں، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

    ڈونرز کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو ہے، کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستان تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا۔

    کانفرنس میں بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا جائے گا۔

    کانفرنس میں افتتاحی اجلاس کے بعد تعمیر نو اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز ہوگا، پارٹنر سپورٹ کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

    روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس کے لیے جنیوا روانہ ہو رہا ہوں، سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالوں گا جو تعمیر نو اور بحالی کے لیے کیے گئے، سیلاب زدگان کے نقصانات، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک سامنے رکھیں گے۔ فریم ورک کا مقصد سیلاب متاثرین سمیت معیشت کی بحالی کے لیے امداد حاصل کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک نہج پر ہے، ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی تشکیل کریں گے، بے مثال تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی ہمدردی اور امداد کے منتظر ہیں۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اہم اجلاس، آرمی چیف بھی شریک

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی، اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور چیف آف ایئر اسٹاف سمیت عسکری و سول حکام اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

    ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کا اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل 30 دسمبر کو ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا جبکہ پاک افغان سرحد، سکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

  • ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں: وزیر اعظم کا بھارتی ہم منصب سے اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں ہے۔

    انہوں نے نریندر مودی سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    خیال رہے کہ نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی آج صبح 99 سال کی عمر میں چل بسیں۔

  • وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    وفاقی کابینہ اجلاس: وزیر اعظم کی متبادل توانائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں توانائی بچت پلان پر بحث کی گئی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اجلاس میں وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی، وفاقی کبینہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

    اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ توانائی بچت پلان پر بحث کی، توانائی بچت پلان پر اسٹیک ہولڈرز سے اب تک کی گئی مشاورت پر بریفنگ بھی دی گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے، مجوزہ توانائی بچت پلان کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، بحیثیت قوم توانائی کے حوالے سے کفایت شعاری کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عملدر آمد اور متبادل توانائی کا استعمال ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے وزیر توانائی کو پاکستان میں ونڈ کی استعداد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے اور سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے سے متعلق کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

  • وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی ملک میں غذائی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کی ترقی کے لیے دیے گئے کسان پیکج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کسان پیکج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کی ضامن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت اور پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے، کسانوں کو غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ مسیحیوں کے قائم کردہ اسکول اور اسپتال آج بھی معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان پر مسیحی برادری کے قائدین نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا، مسیحیوں کے قائم کردہ اسکول اور اسپتال آج بھی معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی گراں قدر خدمات ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین میں مسیحیوں سمیت تمام غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے، تمام اقلیتوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اسلامی اور آئینی ذمہ داری ہے، اقلیتوں سمیت تمام طبقات کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہے۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی عہدے پر بحالی: ن لیگ کی جانب سے فیصلہ چیلنج کرنے کا امکان

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی عہدے پر بحالی: ن لیگ کی جانب سے فیصلہ چیلنج کرنے کا امکان

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کے عہدے پر بحال کرنے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور ملک احمد نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ہائیکورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قانونی ماہرین سے مشاورت کر کے معاملے کو سپریم کوٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کو مکمل اختیارات دینے کا مطلب ہارس ٹریڈنگ ہوگی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے ناراض ارکان کو اضافی فنڈز دے کر اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے آمادہ کیا جائے گا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عدالت عالیہ سے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپیل سے پہلے قانونی ماہرین سے مشاورت کی بھی ہدایت کر دی۔

  • وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے، برآمد کنندگان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں برآمدات کے فروغ کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت زیادہ استعداد ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس قدر ہنر موجود ہے اس حساب سے پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کافی کم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزرا اور افسران، آئی ٹی برآمد کنندگان سے ایک تفصیلی ملاقات کریں، ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیز اور آئی ٹی انڈسٹری کے درمیان رابطے بہتر بنائے جائیں۔

  • اسلام آباد دھماکا: وزیر اعظم کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد دھماکا: وزیر اعظم کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کر کے رہیں گے۔

    شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو غیر معمولی بہادری پر اہلکاروں کوانعام اور تعریفی اسناد دینے کی بھی ہدایت کی۔