Tag: PM Shehbaz

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان میں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد سے جلد بحال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ روڈ، ریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور سیلاب سے بہہ جانے والے پنجرا پل کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے بی بی نانی میں ریلوے پل کا بھی فضائی جائزہ لیا۔

    وزیر اعظم کو امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم یہاں موجود تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ لوگ بہت مشکل وقت میں کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مویشی سیلاب میں بہہ گئے، فصلیں تباہ ہوگئیں، انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں، متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔

  • سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، سری لنکن صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    سری لنکا کے صدر نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے آزمائش کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر سری لنکن صدر سے اظہار تشکر کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈی نیشن سینٹر کے مطابق 14 جون سے اب تک سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی کل تعداد 12 سو 90 ہوچکی ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں 12 ہزار 588 افراد زخمی ہوئے۔

  • وزیر اعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر ٹیم کو مبارکباد

    وزیر اعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر ٹیم کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، متعلقہ ٹیم نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں خاص طور پر سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وفاقی کی طرف سے 10 ارب روپے دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ڈویژن نصیر آباد میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی اور چیف سیکریٹری عبد العزیز عقیلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کچھی، جھل مگسی اور صحبت پور کا دورہ کیا ہے، ان علاقوں میں ایسا لگ رہا ہے جیسے سمندر بہہ رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ متاثر علاقے سندھ اور بلوچستان کے ہیں، تمام فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔ ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے صدور سے بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھرپور تعاون کریں گے، ترکی سے 2 جہاز روانہ ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے ڈیڑھ ملین پاؤنڈز دینے کا اعلان کیا ہے، مشکل گھڑی میں دوست ممالک سے ملنے والی امداد پر شکر گزار ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کل رات ایک شخص نے مجھے 6 کروڑ روپے دیے اور کہا میرا نام نہیں بتانا، ایک اور گروپ نے 45 کروڑ روپے دیے جو آج وزیر اعظم آفس کے اکاؤنٹ میں آجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہر متاثرہ خاندان کو وفاقی حکومت 25 ہزار روپے دے رہی ہے، کل ملا کر 38 ارب روپے پاکستان میں تقسیم کیے جا رہے ہیں اور یہ اگلے ہفتے تک تقسیم ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں وفاق کی طرف سے بزنجو صاحب کی خدمت میں 10 ارب روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

  • وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے، وزیر اعظم نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، متعلقہ وزارتوں اور دیگر محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے، سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔

    انہوں نے پاکستانیوں، مخیر اداروں اور دیگر تنظیموں سے مدد کے کام میں ہاتھ بٹانے کی بھی اپیل کی۔

  • نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

    کراچی: معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معروف گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ نامور گلوکارہ نیرہ نور کا انتقال موسیقی کی دنیا کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ اپنی آواز میں ترنم اور سوز کی وجہ سے خاص پہچان رکھتی تھیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ غزل ہو یا گیت جو بھی انہوں نے گایا کمال گایا، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت میں جگہ دے۔

    خیال رہے کہ نیرہ نور آج صبح 72 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں، ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

  • دن رات کام کر کے قوم کی تقدیر بدلیں گے: وزیر اعظم

    دن رات کام کر کے قوم کی تقدیر بدلیں گے: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ہم سب مل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے قائد اعظم کی عظیم تحریک میں لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ خطہ حاصل کیا، ہم نے یہ ملک بے پناہ قربانیوں سے حاصل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کمر بستہ ہو کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے اور اسے اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ہم سب مل کر قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منتخب میئر سمیت سب کو منصوبے کی تکمیل پر مبارک باد دیتا ہوں، انٹر سٹی بس منصوبہ دو کے بجائے ایک مہینے میں مکمل کریں، میرا تجربہ کہتا ہے کہ منصوبہ 4 ماہ میں مکمل ہوسکتا ہے۔

  • بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے: وزیر اعظم

    بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب سے مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں، ریسکیو آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر صوبائی انتظامیہ اور افواج پاکستان کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام اداروں نے ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ریسکیو اور ریلیف کا کام اور تیز کر دیا ہے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک متاثرین کی آباد کاری مکمل نہیں ہو جاتی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سیلاب سے پیدا شدہ مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے کئی محاذوں پر کام کر رہے ہیں، چیلنج یقیناً بہت بڑا ہے لیکن اس چیلنج سے نمٹنے کا ہمارا عزم اس سے بھی مضبوط تر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھے اور تکلیف میں مبتلا ہمارے بھائی بہنوں کی مدد کرے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، صوبائی انتظامیہ، این ڈی ایم اے اور افواج پاکستان کا خاص طور پر مشکور ہوں۔

  • وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    وزیر اعظم ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف ایک بار پھر بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگئے، وزیر اعظم متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے، وفاقہ وزرا مریم اورنگزیب، سردار اسرار ترین، عبد الواسع، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیر اعظم خشنوب اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم خیمہ بستی کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

    خیال رہے کہ بارشوں سے بلوچستان میں تباہی کی داستان رقم ہوچکی ہے، اب تک صوبے میں 137 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں جبکہ متعدد دیگر ڈیم پانی سے بھر گئے ہیں۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ایک بار پھر ملتوی

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ایک بار پھر ملتوی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا صوبہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ ایک بار پھر ملتوی ہوگیا، وزیر اعظم سیلاب متاثرین سے ملاقات کرنے والے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ایک بار پھر ملتوی ہوگیا، وزیر اعظم کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بلوچستان کا دورہ کرنا تھا تاہم ان کی بلوچستان روانگی موسم کی شدید خرابی کے سبب مؤخر ہوگئی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی بلوچستان روانہ ہوا جائے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کو سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا تھا جہاں وہ سیلاب متاثرین سے ملاقات کرنے والے تھے جبکہ ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات کا بھی جائزہ لینا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی وزیر اعظم متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔