Tag: PM

  • وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

    وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ صرف قومی نوعیت کے ضروری معاملات کو پیش کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر ایجنڈا آئٹمز کو محدود کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قومی نوعیت کے ضروری معاملات کو ترجیح دی جائے۔

    کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی جائے گی، وزیر اعظم نے عوامی فلاح و بہبود منصوبوں کے لیے تجاویز بھی طلب کرلیں۔ کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں بلند عمارتوں کی تعمیر کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

    اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم انتظامی معاملات اور نیشنل فرٹیلائزر کو آپریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی جائے گی۔

    کابینہ اجلاس میں یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے قیام کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، احساس پروگرام کے زیر انتظام منصوبوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ کو احساس پروگرام پر عملدر آمد اور وزارت مواصلات کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

  • وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 6 اگست کو طلب کرلیا

    وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 6 اگست کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 6 اگست کو طلب کرلیا، بارہ نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس چھ اگست کو ہوگا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

    عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر کابینہ اجلاس میں بات چیت ہوگی، کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں کثیر المنزلہ عمارتوں کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

    وفاقی کابینہ فلائٹ انسپکشن یونٹ ایریئل ورک لائسنس کلاس ون کی تجدید کی منظوری دے گی، کابینہ فیڈرل انسٹی ٹیوٹ آف حیدرآباد کے لیے قانون سازی کی اصولی منظوری دے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کااجلاس طلب کرلیا

    وفاقی کابینہ نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے سی ای او کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے گی، قومی پیداوار آرگنائزیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری بھی کابینہ کا حصہ ہے۔

    کابینہ پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرا میڈکس کونسل ایکٹ کی منظوری دے گی، احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں موجود ہیں خوزارت مواصلات اگست 2018 سے جون 2019 تک کی کارکردگی پر بریفنگ دے گی، وفاقی کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔

  • وزیراعظم کے دورہ امریکا سے تاریخ رقم ہوگئی: علی زیدی

    وزیراعظم کے دورہ امریکا سے تاریخ رقم ہوگئی: علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پاکستان کے خلاف امریکا میں بھارت کا منفی پروپیگنڈا بےنقاب ہوگیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، علی زیدی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے جیسا استقبال کیا ایسا کبھی نہیں ہوا، عمران خان کے دورہ امریکا سے تاریخ رقم ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کے بعد مودی حکومت بےنقاب ہوگئی، بھارتی میڈیا بھی کشمیر سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر بوکھلا ہٹ کا شکار ہے، بھارتی سرکار کشمیر کے مسئلےکا حل چاہتی ہی نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت پر اتنا دباؤ پڑے گا کہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوجائے گا، دورہ امریکا میں دوطرفہ تجارت 20سے30فیصد بڑھانے پر بات ہوئی۔

    پوچھے گئے سوال پر علی زیدی کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق اچھی امید ہے، عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق وزیراعظم کاموقف سب کے سامنے ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی 11سال سے کراچی میں حکومت کررہی ہے، بارشوں کے امکان کے بعد ہی نالوں کی صفائی شروع کی گئی، کیا بارشیں نہیں ہوں گی تو نالوں کی صفائی بھی نہیں کی جائےگی؟ برساتی پانی کی نکاسی کے نالوں میں گٹر کا پانی پھینکا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم کچھ کرنا چاہیں تو سندھ حکومت18ویں ترمیم کی بات کرتی ہے، خود کچھ کرتے نہیں، ہم کریں تو کہتے ہیں وفاق مداخلت کررہا ہے۔

    عالمگیر خان کی گرفتاری کے بعد رہائی سے متعلق علی زیدی کا کہنا تھا کہ عالمگیرخان پاکستان کے شہریوں کیلئے ہی آواز اٹھا رہا ہے، عالمگیر عوامی مسائل کی بات کررہا ہے، جو مرضی قمیص پہنے فرق نہیں پڑتا، ہر روز کراچی میں 13 ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سعید غنی آج تک اپنا حلقہ صاف نہیں کراسکے، کراچی میں تعلیم، صحت، کچرا، ٹرانسپورٹ اور پانی کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت کام کررہی ہوتی تو عالمگیر آواز نہیں اٹھاتا۔

  • عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد سے زیادہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جام کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

    اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے نئے منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، پلاننگ کمیشن، این ایچ اے، کیسکو اور ایف ڈبلیو او کے حکام کے علاوہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

    وفاقی حکام کی جانب سے اجلاس کو قومی شاہراہوں کی تعمیر وتوسیع، بجلی اور پانی کے منصوبوں، ڈیموں کی تعمیر، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام، سی پیک اور گوادر کے منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کا صوبائی ترقیاتی پروگرام بھی سو ارب روپے سے زائد کا ہے جس میں ہر ضلع اور ہر شعبہ کو اہمیت حاصل ہے اور صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان منصوبوں کے پی سی ون 31جولائی تک مکمل کرکے ان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا، بہت سے منصوبوں کے ٹینڈر اخبارات میں آچکے ہیں اور دیگر منصوبے ٹینڈرنگ پراسس میں ہیں۔

  • ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم بورس جانسن کو دورہ فرانس کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر اور برطانیہ کے نو منتخب وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، اس دوران فرانسیسی صدر نے بورس جانسن کو برطانوی حکومت کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔

    اسی دوران ایمانوئیل میکرون نے بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو بھی کیا۔

    فرانس عرصے سے یورپی یونین اور برطانیہ کی یونین سے رخصتی کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور متعدد بار سابق وزیر اعظم تھریسامے سے اس سے متعلق بات چیت کرچکا ہے۔

    یاد رہےبرطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن چکے ہیں، بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی اورپھروزارت اعظمی کا منصب سنبھالا۔

    برطانوی وزیراعظم کے سرکاری رہائش گاہ اوردفترٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ بغیرکسی اگرمگرکے برطانیہ اکتیس اکتوبرکویورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

    کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ اورنئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دومرتبہ لندن کے مئیر رہ چکے ہیں جبکہ مسلمانوں اور تارکین وطن کیخلاف سخت ریمارکس پرتنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔

  • وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کو کبھی مایوس نہیں‌ کروں گا: وزیراعظم

    وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کو کبھی مایوس نہیں‌ کروں گا: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرے گی، جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کامیاب ترین دورے کے بعد وزیراعظم کی وطن واپسی پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر عمران خان کا استقبال کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں کریں گے انہیں جیلوں میں نہیں ڈالیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا، پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا۔

    انہوں نے کہا کہ ادارے ٹھیک کرنے ہیں، اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کرکے اسپتال بنانے ہیں، پینے کاپانی دینا ہے، باہر جاکر کہا چوروں ڈاکوئوں کا پیسہ واپس کرو۔

    عمران خان نے رات کے اس پہر ایئرپورٹ پر استقبال کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کسی دورے سے نہیں ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، اللہ نے 27رمضان کو پاکستان کا تحفہ دیا تھا، پاکستان اللہ کا خاص تحفہ ہے، جو آپ کا ملک ہے، اس عزم کو کبھی نہ بھولنا ہم نے عظیم قوم بننا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، اقبال اور قائد نے جو خواب دیکھا پاکستان کو ویسا ملک بنانا ہے، کسی کے آگے کبھی جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں گا، کوئی بھی قوم کبھی جھک کر عظیم بنی نہ ہاتھ پھیلا کر، میری جدوجہد ریاست مدینہ کے اصول پر پاکستان کو عظیم بنانے کی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں اصلاحات کرنی ہیں، ادارے ٹھیک کرنے ہیں، ڈاکو ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کرگئے، اسی ملک سے پیسہ جمع کرکے اسپتال بنائیں گے، بچوں کو پڑھائیں گے، دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہےجو خود اپنی عزت کرتا ہے، جو ہاتھ پھیلاتے ہیں دنیا اُن کی کبھی عزت نہیں کرتی۔

    عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو پاکستان ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا، آج ہی کے دن اس قوم نے مجھے الیکشن جتوایا تھا، وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ملک کو ٹھیک کرنے میں ایک سال لگ گیا، اب ہم آگے بڑھیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا، اللہ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت دی ہے، ان چوروں نے ادارے تباہ کیے تھے انہیں ٹھیک کرنا ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہمارا ملک ایک عظیم ملک بن کرکھڑا ہوگا، وہ دن جلد آئے گا جب ہمارے گرین پاسپورٹ کی دنیا عزت کرے گی۔

  • وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ واشنگٹن سے وطن واپس روانہ ہوگئے، عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

    وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

    جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔

    آرمی چیف کا دورہ پینٹا گون، تاریخی استقبال، 21 توپوں کی سلامی

    انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔

  • وزیراعظم سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کی عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس سے ملاقات ہوئی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس کی ملاقات پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی، اس موقع پر وزیر خارجہ، مشیر خزانہ، مشیر تجارت اور وفاقی وزرا کا وفد بھی ملاقات میں موجود رہا۔

    وزیراعظم کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ورلڈبینک کے صدر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور عالمی بینک کے پاکستان سے مختلف شعبہ جات میں تعاون کو سراہا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صحت، تعلیم اور نوجوانوں سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی سے متعلق حکومتی ویژن پر بھی اعتماد میں لیا، اس دوران انہوں نے ورلڈبینک کے پاکستان کے ساتھ تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔

    اس موقع پر عمران خان نے امید ظاہر کی کہ عالمی بینک پاکستان میں جاری منصوبوں کیلئے تعاون جاری رکھے گا، حکومت پاکستان بھی عالمی بینک کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

    عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے، پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے کئی منصوبے مکمل ہوئے، نئے پروگرام کے بعد پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھے گا۔

    پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مزید بڑھے گا، سماجی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے پروگرام قابل ستائش ہیں، عالمی بینک وزیراعظم کے معاشی استحکام ویژن میں تعاون کرے گا۔

  • پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    پاکستان بہت جلد ایک عظیم ملک بنے گا، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم

    واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لے کر آنا ہے، مجھے این آر او کے لیے باہر سے سفارشیں کروائی گئیں، کچھ بھی ہوجائے کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

    واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بدلنے کا وقت آگیا ہے، انشااللہ بہت پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، کرپشن مسئلے کی جڑ ہے اس کا ہرصورت خاتمہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نظام ٹھیک کرکے نچلے طبقے کو اوپر آنے کا موقع دیں گے، ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان میں تانبے کے ذخائر چار پانچ بڑے ملکوں کے برابر ہیں، اندازہ ہے کہ ریکوڈک میں دو سو ارب کا سونے تانبے کے ذخائر ہیں۔

    واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں کہتا تھا افغانستان کا حل فوجی نہیں، آج ساری دنیا کہ رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے آپ کا کیس رکھوں گا، عمران خان آپ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے شرمندہ ہونے نہیں دے گا۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کا کچا چٹھا کھولتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو آمریت نے لیڈر بنایا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کاغذ کے پرچے پر لیڈر بن گئے، ولی خان اور مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی سیاست میں آگئے، جبکہ شہباز شریف نواز شریف کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بنے۔

    اس موقع پر عمران خان نے کرکٹ ٹیم کو بھی ٹھیک کرنے کا اعلان کر دیا، بولے ورلڈ کپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کروں گا، واشنگٹن کے کیپٹل ون ارینا میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا اس ورلڈ کپ میں مایوسی ہوئی اگلے ورلڈ کپ میں پروفیشنل ٹیم لے کر آئیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک کے سارے معاملے کے پیچھے کرپشن تھی، بڑی بڑی کمپنیاں پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے نہیں آتیں، بڑی بڑی کمپنیوں نے بتایا کہ پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے نہیں آتے، پاکستان میں سعودی عرب سے زیادہ بجلی کوئلے سے بناسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرپشن ختم کرکے پاکستان کو اٹھاکر دکھائیں گے، ایک دن باہر سے دنیا پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئے گی، مدینہ کی ریاست جدید اصولوں پر بنی تھی، رسول اللہ ﷺ کی شریعت مدینہ کی ریاست تھی، مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، جہاں عدل کانظام تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کمزور کے لیے رحم تھا، یتیموں اور بیواؤں کیلئے وظیفے رکھے گئے، مدینہ کی ریاست میں پیسے والوں سے ٹیکس لیا گیا اور غریبوں پر خرچ ہوا، پیسے والوں سے ٹیکس لینا پہلی بار مدینہ کی ریاست میں ہوا، وہاں خواتین کو بھی حقوق حاصل تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آج تک پاکستان میں خواتین کو جائیداد میں حصہ نہیں ملتا، ایسا قانون لارہے ہیں اب خواتین کو جائیداد میں حصہ دینا ہوگا، پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے جہاں دنیا بھر سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔

  • ہم پرامن اور خوشحال پاکستان کا خواب لے کر امریکا آئے ہیں: شاہ محمود قریشی

    ہم پرامن اور خوشحال پاکستان کا خواب لے کر امریکا آئے ہیں: شاہ محمود قریشی

    واشنگٹن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن اور خوش حالی کی راہداریاں تعمیر کرنے نکلے ہیں، جھک کر نہیں بلکہ سراٹھا کر دوستی کا ہاتھ بڑھانے امریکا آئے ہیں۔

    کیپٹل ون ارینا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان صرف ہم بناسکتے ہیں کوئی اور نہیں بناسکتا، پرامن اور خوش حال پاکستان کا خواب لے کر امریکا آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستانیوں نے ثابت کردیا وہ زندہ دل ہیں، آپ کے ولولے کو دیکھ کر بہت لوگ خوش ہیں،کچھ پریشان بھی ہیں، ہم ہاتھ میں کشکول لے کر امریکا نہیں آئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امن اور خوشحالی کی راہداریاں تعمیر کرنے نکلے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات پاکستان کی برآمدات کے برابر ہیں، ایک آپ کی محبت ہے ایک وہ طبقہ ہے جو منی لانڈرنگ کرکے پیسہ بیرون ملک بھیجتا ہے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ اووسیزپاکستانی نہ ہوتے تو تحریک انصاف کی بنیاد نہ ہوتی، اووسیز پاکستانی لٹیروں اور مافیا سے نجات چاہتے تھے۔

    وزیراعظم کا امریکا میں فقید المثال جلسہ، ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں تقریبات سفارت خانوں اور ہوٹلوں میں ہوتی رہیں، پہلا وزیراعظم ہے جو کمرشل پرواز سے آیا ہے، پہلا وزیراعظم ہے جو فائیو اسٹار ہوٹل نہیں بلکہ پاکستان ہاؤس میں رکا۔