Tag: PM

  • موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے: شاہ محمود

    موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے: شاہ محمود

    برسلز: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کا برسلز میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم کرادار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے، حکومت کاروبار آسان بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ویزہ کا عمل آسان بنانے اور سیاحت کا فروغ ترجیح ہے، جمہوریت کے تسلسل سے پاکستان ترقی کے اہداف حاصل کرلے گا۔

    وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے مثبت ملاقات ہوئی اس دوران افغانستان، بھارت، خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی۔

    افغانستان میں پائیدار امن یقینی بنانا چاہتے ہیں: وزیر خارجہ

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کےساتھ جی ایس پی پلس کی سہولت اہم ہے، جی ایس پی پلس سے دوطرفہ تجارت کے مواقع بڑھیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گذشتہ روز برسلز پہنچے ہیں، جہاں وہ وزیرخارجہ نیٹو کے جنرل سیکرٹری اسٹولٹن برگ اور یورپی یونین کی عہدیدار فیڈ ریکا موگرینی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستان اور یورپی یونین میں جامع اسٹریٹجک پلان پر دستخط کیےجائیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، عید کی چھٹیوں کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس ایک دن پہلے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس صبح ساڑھے 11بجے ہوگا، جس کے لیے 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور ملکی سیاسی ومعاشی صورت حال کاجائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم اوآئی سی سربراہ کانفرنس سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کے وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ حج پالیسی کی منظوری دے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیاجائے گا، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کابینہ کو نئی ویزہ پالیسی پربریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں بچوں کے حقوق کے لیے قومی کمیشن تشکیل دینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، چینی شہریوں کے بزنس ویزہ کو ورک ویزہ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اے ٹی سی عدالت اسلام کے اسپیشل جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی، انشورنس ٹریبونل ملتان اور لاہور کے ممبر اور چیئر پرسن کی تقرری کی منظوری اجلاس میں دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ 2018 کے انتخابات کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لے گی، کابینہ عتیق احمد کو وفاقی تعلیمی بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے گی۔

    کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

    سنگل اکاؤنٹ پالیسی اور کیشن مینجمنٹ بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہوگی، وفاقی کابینہ نجی ایئرلائن کے لائسنس کی منسوخی کا جائزہ بھی لے گی۔

  • دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    مکہ: وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ناگزیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے، مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، تامل ٹائیگرز حملوں کا کسی نے مذہب سے تعلق نہیں جوڑا، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیئے۔

    وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطین سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے دہشت گردی کو معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا، بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، مغرب کو بتانا ہوگا کہ پیغمبر اسلامﷺ کی توہین پر ہمیں کتنا دکھ ہوتا ہے، جولان کی پہاڑیاں فلسطین کا حصہ رہنی چاہئیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جاسکتا، مغربی دنیا مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرے، اسلام کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کوئی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔

    وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، سعودی فرمانروا نے پرتپاک استقبال کیا

    انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کو اسلاموفوبیا سے باہر نکلنا ہوگا، نیوزی لینڈ کے واقعے نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، مسلم دنیا کی قیادت مغربی دنیا کو قائل کرے۔

    او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کو سائنس اور ٹیکنالوجی اور معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، او آئی سی پلیٹ فارم سے سائنس وٹیکنالوجی اور تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرناہوگا۔

  • اسرائیلی وزیراعظم کو بڑا دھچکا، اقتدار کی الٹی گنتی شروع

    اسرائیلی وزیراعظم کو بڑا دھچکا، اقتدار کی الٹی گنتی شروع

    تل ابیب: اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہوچکی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے کثیر الاشاعت اخبار نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاھو کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے، ان کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔

    عبرانی اخبار کی طرف سے یہ تنقید ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب وزیراعظم نیتن یاھو پانچویں بار وزیراعظم بننے کا خواب پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

    اسرائیل کے ایک سینئر سیاسی تجزیہ نگار یوسی فیرٹر نے کہا کہ نیتن یاھو پانچویں بار حکومت کی تشکیل کے لیے کوشاں تھے مگر انہیں اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کنیسٹ کی دوسری جماعتوں نے ان کے سامنے حکومت شمولیت کے لیے کڑی شرایط عاید کیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نیتن یاھو پر ایک ہی وقت میں دو کاری ضربیں لگیں۔ ایک سیاست دانوں کی طرف سے اور دوسری عدلیہ کی طرف سے لگی۔

    تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ بنجمن نیتن یاھو پانچویں بار وزیراعظم منتخب ہو کر خود کو کرپشن کے مقدمات سے بچانے کے لیے آئینی تحفظ دلانے کی کوشش کررہے تھے مگر ان کا وہ خواب چکنا چور ہوگیا۔

    انہوں نے بتایا کہ نیتن یاھو کو دوسری مشکل اس وقت پیش آئی جب عدالت نے ان کے خلاف فرد جرم عاید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا سیاست دان جس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات عاید ہوں اور ان پر ایک سے زاید کیسز میں فرد جرم بھی عاید کی گئی ہو تو اس کے لیے اقتدار سنھبالنا مناسب نہیں ہے۔

  • ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا موجودہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا۔ شبر زیدی نے موجودہ ٹیکس نظام کو معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔

    شبر زیدی نے خط میں لکھا ہے کہ موجودہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے، ٹیکس وصولی نظام جی ڈی پی کا 10 فیصد سے بھی کم ٹیکس جمع کر رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جا رہا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد ٹیکس سسٹم میں شامل ہونے سے گریزاں ہے۔ 20 لاکھ سے بھی کم لوگ ٹیکس گوشوارے جمع کرواتے ہیں۔ آبادی میں سے صرف ایک فیصد لوگ ریاست کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔

    شبر زیدی نے مزید کہا کہ 31 لاکھ تاجروں میں سے 90 فیصد ٹیکس سسٹم سے باہر ہیں۔

    اس سے قبل شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ ملک کے اقتصادی شعبے کی بحالی کے لیے تاجر برادری کے اعتماد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ادارے نے ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع کے لیے ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں ٹیکس وصولی کا نظام ضروری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان جدہ پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان جدہ پہنچ گئے

    جدہ: وزیراعظم عمران خان مدینے میں روضہ رسول پر حاضری دینے کے بعد سعودی شہر جدہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچے جہاں سعودی عرب کے اہم عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔

    جدہ پہنچنے پر مکہ کے گورنرپرنس خالد بن فیصل نے اہم حکومتی اہلکاروں کے ہمرا ایئر پورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا۔

    عمران خان او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے، جس میں مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی پرزور دیں گے جبکہ مسلم دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں، مشیرتجارت رزاق داؤد، وفاقی وزیرمرادسعید، وزیراعلیٰ کے پی محمودخان اور وزیر منصوبہ بندی ان کے ہمراہ ہیں۔

    قبل ازیں وزیراعظم سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے روضہ رسول پرحاضری دی۔

    وزیراعظم کل او آئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کا عنوان “مکہ سمٹ” رکھا گیا ہے، اس اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہے۔

    کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کو بزوربازو دبانےکی کوشش کی جارہی ہے: وزیرخارجہ

    یاد رہے سعودی عرب میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کےاجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود نے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ آزادانہ انکوائری کمیشن بنائے جو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دورے پر مشیرتجارت رزاق داؤد اور وفاقی وزیرمراد سعید بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے، اور وزیراعلیٰ کے پی محمودخان اور وزیر منصوبہ بندی بھی ساتھ جائیں گے۔

    وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ، وزیراعظم آج شام سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچیں گے، وزیراعظم روضہ رسول پر حاضری دیں گے، رات مکہ روانہ ہوجائیں گے۔

    وزیراعظم آج رات وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے، وزیراعظم کل اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کاعنوان "مکہ سمٹ” رکھا گیا ہے، اجلاس کے دوران وزیراعظم خطاب کریں گے، اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، گذشتہ روز او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    اس دوران شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ، مشیر خزانہ بجٹ حکمت عملی ،2019.20 دستاویزات پر بریفنگ دیں گے جبکہ فواد چوہدری قمری کیلنڈ پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج بروز منگل کو ہوگا، اس سلسلے میں چار نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ بجٹ حکمت عملی ،2019-20 دستاویزات پر بریفنگ دیں گے جبکہ بجٹ کے نمایاں خدو خال بارے بھی کابینہ کو آگاہ کیا جائےگا۔

    اجلاس میں تمام وزارتیں اور ادارے اپنے اثاثوں بارے کابینہ کو معلومات فراہم کریں گے جبکہ کابینہ کے فیصلوں پر عمل درامد کا جائزہ لیا جائے گا ۔

    ذرائع کے مطابق کچی کینال کی تعمیر میں کرپشن کے حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر غور ہوگا جبکہ کابینہ امن و امان اور معاشی صورتحال پر بھی غور کرےگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قمری کیلنڈ ر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے ، جو فیصلہ کرے گی کہ اسے اپنانا ہے یا پرانے نظام پر ہی چلنا ہے۔

    وزارت سائنس نے رویت ہلال کے لیے تشکیل کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کردیا

    یاد رہے دو روز قبل وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے رویت ہلال کے لیے تشکیل کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کیا تھا اور کہا تھا ویب سائٹ سےمتعلق اسلامی نظریاتی کونسل سےرائےطلب کی ہے، قمری کیلنڈر کونسل کی رائے کے بعد وفاقی کابینہ بھجوائیں گے۔

  • شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    کراچی: وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے لیے چوبیس کروڑ روپے کا چندہ دینے پر کراچی کے عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ شوکت خانم اسپتال کے فنڈریزنگ افطار میں کراچی کے عوام نے 24 کروڑ روپے کا عطیہ دیا گیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری قوم کی سخاوت کبھی میرے لیے حیران کن نہیں رہی، انہوں نے کہا کہ انشااللہ جلد رقم اکٹھا کرکے قرضے ادا کردیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں 75 فی صد غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے، شوکت خانم اسپتال کوفنڈز دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے عطیات غریب عوام کے علاج پر خرچ ہوتے ہیں۔

    دو سے تین ماہ میں ہر بحران سے نکل جائیں گے: وزیر اعظم

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں لوگ کہتے تھے کہ شوکت خانم اسپتال نہیں بن سکتا، اس خواب کو سچ کرنے پر آپ کا شکریہ گزار ہوں، اچھا وقت نہیں، بلکہ برا وقت آپ کو اوپر جانا سکھاتا ہے۔

  • پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے: وزیر اعظم

    پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے: وزیر اعظم

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے، پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچ گئے۔ وزیر اعظم سے ایکسپو 2020 تھیم کمیٹی کے اراکین کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں عمران اسمعٰیل، علی زیدی، رزاق داؤد اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ ایکسپو 2020 دبئی میں منعقد ہو رہی ہے جس میں 190 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو ایکسپو 2020 کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قدرت نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں اور صلاحیتیوں سے نوازا ہے، ملک میں سیاحت کا بھرپور پوٹینشنل موجود ہے۔ پاکستان میں سیاحت سے متعلق بین الاقوامی سطح پر آگاہی کا فقدان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صلاحیتوں اور مختلف شعبوں میں مہارت کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ایکسپو 2020 آئیڈیل پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ پاکستانی مصنوعات اور سیاحت کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

    وزیر اعظم اپنے ایک روزہ دورے کے دوران آج گورنر ہاؤس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدرات کریں گے۔ علاوہ ازیں وہ شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔