Tag: PM

  • وزیر اعظم عمران خان وادی تیراہ پہنچ گئے، اسپورٹس گالا میں شرکت

    وزیر اعظم عمران خان وادی تیراہ پہنچ گئے، اسپورٹس گالا میں شرکت

    خیبر: وزیر اعظم عمران خان خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ پہنچے جہاں انہوں نے اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خیبر پختونخواہ کے گورنر اور وزیر اعلیٰ بھی تقریب میں شریک تھے۔

    وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر فرنٹیئر کور کے دستے نے انہیں سلامی دی۔ باغ امن میلے میں پرجوش نوجوانوں نے روایتی رقص بھی کیا۔

    وزیر اعظم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

    اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہوں گے۔

    مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔

  • وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حملے میں شہید 3 جوانوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا، الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا۔

    پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کر کے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردمارےگئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔

    شہید جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان تمام تر رکاوٹوں کے باوجود باڑھ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغان فورسز اور حکام اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

    2 ہزار 6 سو 11 کلو میٹر پاک افغان سرحد پر اب تک پاک فوج کی ٹیم ایک ہزار سے زائد کلو میٹر باڑھ لگانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

  • وزیراعظم کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

    وزیراعظم کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

    شیخوپورہ: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے گیس چوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے لاہورروڈ پر واقع اسٹیل مل پر ایف آئی اے نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑ لی۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 2 سال سے زیرزمین پائپ لائن بچھا کر گیس چوری کی جارہی تھی، 2017 میں بھی مل مالکان پر گیس چوری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

    مل مالکان نے 20 کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا، اسٹیل مل میں بجلی بھی چوری کی استعمال کی جارہی تھی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے گیس بحران کے تناظر میں گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا تھا، چوری میں معاونت پر عملے کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی تھی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس کا ضیاع روکنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس کی قلت کی وجوہ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیرِ اعظم نے غیر قانونی گیس کنکشنز اور گیس کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

    وزیرِاعظم عمران خان نے گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا

    چند روز قبل وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

    سندھ اور بالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز پر گیس کا بحران رہا جب کہ گھروں میں بھی تسلسل کے ساتھ گیس کی سپلائی نہیں کی جارہی ہے، گیس کی قلت کے باعث مکین ایل پی جی سلینڈر اور لکڑیوں پر کھانے پکانے پر مجبور ہیں۔

  • وزیر اعظم کل حیدر آباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    وزیر اعظم کل حیدر آباد میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

    حیدر آباد: وزیر اعظم عمران خان حیدر آباد میں کل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ زمین اور 2 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں کل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ حیدر آباد میں یونیورسٹی کے لیے کوہسار میں 50 ایکڑ مختص کیے گئے ہیں۔

    حیدر آباد میں یونیورسٹی کا اعلان سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا، حیدر آباد یونیورسٹی کا مسودہ قانون قومی اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، یونیورسٹی کا نام وفاقی جامعہ حیدر آباد ہوگا۔

    یونیورسٹی کے قیام کا معاملہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے معاہدےمیں شامل ہے۔ یونیورسٹی کے لیے وفاق نے 2 ارب سے زائد رقم بھی مختص کردی ہے جبکہ مجوزہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وزیر اعظم عمران خان نے سندھ کا دورہ کیا تھا جب کراچی کے دورے کے دوران انہوں نے شہر قائد کے لیے 162 ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں وہ گھوٹکی پہنچے تھے جہاں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • مذہبی تعصب کا بڑھتا ہوا رجحان، برطانوی رکن پارلیمنٹ کا تھریسامے سے اہم سوال

    مذہبی تعصب کا بڑھتا ہوا رجحان، برطانوی رکن پارلیمنٹ کا تھریسامے سے اہم سوال

    لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے مذہبی تعصب کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سبب ملکی وزیراعظم تھریسامے سے اہم سوال کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں مذہبی منافرت اور نسلی تعصب مزید پروان چڑھ رہا ہے، مسلمان ہونے کے سبب کئی بار شہری تشدد کانشانہ بنے۔

    افضل خان نے پارلیمنٹ میں برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے سوال کیا کہ تمام بڑی سیاسی جماعتیں اسلاموفوبیا کی تشریح پر متفق ہیں، آخر حکومتی جماعت کب اسلاموفوبیا کو مسئلہ تسلیم کرکے اس کی تشریح پر متفق ہوگی؟

    سوال کے جواب میں تھریسامے کا کہنا تھا کہ ہم اسلاموفوبیا کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، تعصب اور امتیازی سلوک کے واقعات پر کارروائی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی وزیر سیکورٹی نے برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر کرائسٹ چرچ کے طرز پر حملوں کے خطرے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں نئے فنڈز مختص کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے، بعد ازاں برطانوی حکومت نے ملک میں عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لیے فنڈنگ بڑھانے کا اعلان کیا۔

    برطانیہ چھوڑ دو، مانچسٹر کی جامع مسجد میں انتہا پسند کی کال

    واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ واقعے کے بعد برطانیہ کی سرے اور سسکیس کاؤنٹی میں بھی پولیس کی جانب سے مساجد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔

  • ملیشیا کے وزیراعظم 3روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

    ملیشیا کے وزیراعظم 3روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، وہ یوم پاکستان پر پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملیشیا کے وزیراعظم تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، اس دوران وہ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    اپنے دورے میں مہاتیر محمد یوم پاکستان کی خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال سمیت کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

    ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، عمران خان نے اپنے دورہ ملیشیا میں انہیں پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔

    اس کے علاوہ فروری میں ہی پاک بحریہ اور ملیشیا رائل نیوی نے بحیرۂ عرب میں مشق ’مال پاک ٹو‘ کے نام سے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، یہ ملیشیا اور پاکستان کی مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔

    یہ مشقیں بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئی تھیں۔ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ دو طرفہ بحری مشق ’مال پاک‘ ہاربراور سی فیز پر مشتمل تھی۔

    واضح رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملیشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے ہیں۔

  • وزیر اعظم کے احکامات، گیس صارفین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع

    وزیر اعظم کے احکامات، گیس صارفین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع

    اسلام آباد: چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کے بعد گیس کمپنیوں نے صارفین کو رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست کا کہنا تھا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سوا گیارہ ہزار افراد کو پانچ کروڑ روپے واپس کر دئیے ہیں تاہم اس عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ان کا پیسہ جلد از جلد لوٹایا جا سکے اور وہ سکھ کا سانس لے سکیں۔

    شاہد رشید بٹ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے دباؤ پر گھریلو صارفین کے لئے گیس مہنگی کرنے سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہو گا، جو پہلے ہی روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے پریشان ہیں، گیس اور بجلی کی چوری مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کا ملبہ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ دنوں گھریلو صارفین کے اضافی گیس کے بلوں کی رقم واپس کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

    وزیراعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گیس کے اضافی بلوں کی رقم واپس کرنے کے لیے وزارتِ خزانہ کو 50 کروڑ روپے مختص کیے اور ہدایت کی تھی کہ صارفین کو رقم جلد از جلد واپس کی جائے۔

    گیس صارفین کو اضافی ڈھائی ارب روپے واپس کیے جائیں گے، فواد چوہدری

    بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ گیس بل میں اضافے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، صارفین کو اضافی ڈھائی ارب روپے واپس کیے جائیں گے۔

  • نیوزی لینڈ دہشت گردی: برطانیہ میں شاہی محل، وزیراعظم ہاؤس کی عمارت پر قومی پرچم سرنگوں

    نیوزی لینڈ دہشت گردی: برطانیہ میں شاہی محل، وزیراعظم ہاؤس کی عمارت پر قومی پرچم سرنگوں

    لندن: برطانیہ کا کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہی محل، وزیراعظم ہاؤس اور وزارت داخلہ کی عمارتوں پر پرچم سرنگوں کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملے کی برطانیہ نے شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

    وزیراعظم تھریسامے کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کے خاندانوں اور زخموں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، نیوزی لینڈ کی ہرممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔

    متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے بکنگھم پیلس، وزیراعظم ہاؤس اور وزارت داخلہ کی عمارتوں پر برطانوی پرچم سرنگوں کردیا گیا لندن، مانچسٹر، گلاسگو اور دیگر شہروں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی، مساجد کے اطراف اضافی نفری تعینات ہیں۔

    وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ برطانیہ نیوزی لینڈ سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ گلاسگو کی سینٹرل مسجد میں اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹریجن کا کہنا تھا برطانیہ میں اسلامو فوبیا یا نسلی تعصب کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

    لندن کے میئر صادق خان نے بھی متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا، برطانوی حکام نے مسلمانوں سمیت تمام شہریوں کو یقین دہائی کرائی ہے کہ ان کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    برطانوی حکومت نے لندن و مانچسٹر میں مساجد کی سیکیورٹی بڑھا دی

    یاد رہے کہ جمعے کی نماز کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلح افراد نے مساجد میں موجود نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جس کی شناخت برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ دہشت گرد خوفناک حملے کی برائے راست ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی نشر کررہا تھا۔

  • وزیر اعظم تھریسامے تیسری مرتبہ بریگزٹ‌ معاہدے پر ووٹنگ کےلیے پُرعزم

    وزیر اعظم تھریسامے تیسری مرتبہ بریگزٹ‌ معاہدے پر ووٹنگ کےلیے پُرعزم

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے آئندہ ہفتے تیسری مرتبہ یورپی یونین سے انخلاء کے بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کروائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ اگر بریگزٹ معاہدے کا مسودہ اس مرتبہ بھی حمایت حاصل نہ کرسکا تو بریگزٹ کےلیے طویل مدت تک انتظار کرنا پرسکتا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تھریسامے نے ابھی تک بریگزٹ معاہدے کی منظوری کےلیے تیسری مرتبہ ہونے والی ووٹنگ کی تاریخ نہیں بتائی ہے۔

    برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ممکن ہے بریگزٹ کم وقت کےلیے موخر کرنا پڑے گا یا طویل مدت کےلیے موخر کرنا پڑے، بریگزٹ اب اراکین پارلیمنٹ کے ووٹ پر منحصر کہ وہ تھریسامے کے تیار کردہ معاہدے کو منظور کرتے ہیں یا نہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اگر اراکین پارلیمنٹ تھریسامے مے کی یورپی یونین سے سربراہان سے ملاقات سے قبل بریگزٹ معاہدے کو منظور کرلیتے ہیں تو بریگزٹ کےلیے 30 تک توسیع درکار ہوگی۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے خبردار کیا کہ حد زیادہ ترجیحات کے باعث دو مرتبہ بریگزٹ ڈیل مسترد ہوچکی ہے اگر اس مرتبہ بھی مسترد ہوئی برطانیہ کو بریگزٹ کےلیے طویل عرصے تک توسیع لینا پڑے گی کیوں برطانیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن میں حصّہ لینے کی ضرورت پڑے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق تھریسامے کا کہنا ہے کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ جو نتیجہ آیا وہ صحیح ہے لیکن جو فیصلہ کیا ہے اس کے نتائج کا سامنا ہاؤس کو کرنا پڑے گا‘۔

    یاد رہے کہ بدھ کے روز برطانوی وزیرعظم تھریسامے کو ایک اور دھچکا لگا تھا جب اراکین پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر نظرثانی ڈیل بھی 242 کے مقابلے میں 391 ووٹوں سے مسترد ہوگئی تھی۔

    بریگزٹ کے تحت برطانیہ کو 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے، جبکہ تھریسا مے کی جانب سے یورپی رہنماؤں سے مسلسل رابطوں کے باوجود وہ ڈیل کو بچانے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : بریگزٹ معاہدے میں پیش رفت؟ وقت بہت کم ہے

    یاد رہے کہ نومبر 2018 میں وزیر اعظم تھریسامے اور یورپی یونین کے سربراہوں کے درمیان بریگزٹ معاہدے پر اتفاق ہوا تھا لیکن ایم پیز نے 230 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے معاہدے کو مسترد کردیا تھا۔

    دریں اثنا ء کچھ روز قبل برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

  • اسرائیل میں انتخابات قریب، نیتن یاہو کا فوجی جارحیت جاری رکھنے کا عزم

    اسرائیل میں انتخابات قریب، نیتن یاہو کا فوجی جارحیت جاری رکھنے کا عزم

    غزہ: اسرائیل میں انتخابات قریب ہونے کے باوجود وزیراعظم نیتن یاہو نے فوجی جارحیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ہی غزہ میں ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے کے دوران قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں حماس کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کردی ہیں، حالیہ دنوں میں حماس کے کئی ٹھکانوں پر راکٹ فائر کیے گئے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے، کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ہم الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حماس خوش فہمی میں نہ رہے، اشتعال انگیزی کرنے والوں کا سدباب کیا جائے گا، ذمہ داروں کو مستثنٰی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    غزہ: اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، ایک فلسطینی شہید، 6 زخمی

    خیال رہے کہ گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں حماس کی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا تھا اور وسطی علاقے میں واقع قصبے دیر البلاح سے مغرب میں مچھلیوں کے شکار کے لیے استعمال ہونے والی دو کشتیوں پر بمباری کی گئی، تاہم اس حوالے سے کوئی زخمی یا ہلاکتوں کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

    اسرائیل میں الیکشن 9 اپریل کو ہونے جارہے ہیں، بین الاقوامی تعلقات عامہ کے ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ نیتن یاہو اس تناؤ کے باعث اقتدار سے ہاتھ دھو بھی سکتے ہیں۔