Tag: PM

  • وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا طلب کردہ اجلاس کل بروز جمعرات وزیر اعظم کے دفتر میں ہوگا۔ اجلاس میں وزرا اپنے متعلقہ محکموں کو دیے گیے اہداف کے متعلق رپورٹ دیں گے۔ مختلف ٹاسک فورسز بھی اب تک کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس کے لیے وزارتوں کو 100 روزہ پلان پر کارکردگی رپورٹ کی حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جو جاری کردیا گیا ہے۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں آذر بائیجان سے سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی توثیق شامل ہے۔ طاہر امام بخش بنام حکومت پاکستان رٹ پٹیشن پر کابینہ سے رہنمائی لی جائے گی علاوہ ازیں وی آئی پی فلائٹس سے متعلق ایریل ورک لائسنس کی توسیع کی منظوری بھی شامل ہے۔

    ایجنڈے میں کار بنانے والی کمپنی کی پابندی کے حامل آئٹمز کو کابل سے منگوانے کی منظوری بھی شامل ہے۔ وفاقی کابینہ نیشل ٹیلی کمیونیکیشن کے نظر ثانی بجٹ کا بھی جائزہ لے گی جبکہ نیشنل ہیلتھ سروسز اور روانڈا میں تعاون کے پروگرام کی بھی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس میں پاک افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبےمیں تعاون کی یادداشت (ایم او یو) کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ پی ٹی ڈی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے اضافی چارج سے متعلق بھی فیصلہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔ اجلاس میں سندھ کی ترقی اور مسائل کے حل پر گفتگو ہوئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم کو کراچی کے عوام کے پینے کے پانی اور سیوریج مسائل سے آگاہ کیا گیا جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کے اعلان کردہ کراچی پیکج کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی تھی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا پہنچیں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر سے ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روز تک قیام کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خان ملائیشین ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں گے۔ وزیر اعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملائیشیا کی ترقی کے تجربات سے استفاده پر بات چیت بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ملائیشیا میں ترقی کے تیز ترین ماڈل پر بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سمیت دیگر حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کو 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا، بعد ازاں دورہ ملائیشیا کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب اور چین کا دورہ کرچکے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

    اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔

  • وزیراعظم آزاد کشمیر کا اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ

    لندن: وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کمیشن تشکیل دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کشمیر اوورسیز کمیشن کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے اور دیگر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

    کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بورڈآف انویسٹمنٹ قائم کردیا، آزاد کشمیر میں بہتر سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔

    اس موقع پر چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں، ہائیڈرو پاور اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز سرمایہ کاروں کو 99 سال لیز پر زمین سستے داموں دیں گے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے علاقے لوٹن میں کشمیر اوورسیز کمیشن کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کانفرنس ہوئی، لوٹن میں منعقدہ کانفرنس میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر نے شرکت کی۔

    اس موقع پر شرکا کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی دی گئی۔

  • علامہ اقبال نے مسلمانوں کو اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی: وزیراعظم

    علامہ اقبال نے مسلمانوں کو اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے یوم اقبال پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو اتحاد، اتفاق کی تلقین کی اور دعوتِ عمل دی۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کو خودی کا درس دینے والے مصور پاکستان اور بیسویں صدی کے عظیم صوفی شاعر حضرت علامہ محمد اقبالؒ کا ایک سو بیالیسواں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔

    خصوصی پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے افکار اورسوچ نے امید کے چراغ روشن کیے، انہی چراغوں نے منزل اور راستے کی نشاندہی کی۔

    ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 142 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے

    انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اور انتہاپسندی پر اقبال کی سوچ آج بھی مشعل راہ ہے، علامہ اقبال نے جن مسائل کی پیشگوئی کی آج ہمیں انھی کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے نزدیک عمل ہی زندگی ہے، خودی پر عمل سے پاکستان کو اقوام عالم میں اصل مقام دلا سکتے ہیں، عظیم مفکر کی فکر اجاگر کرنے کے لیے حکومتی سطح پر خصوصی پروگرام کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ شاعر مشرق حکیم الامت اور سر کا خطاب پانے والے ڈاکٹر علامہ اقبال 9 نومبر اٹھارہ سو ستتر (1877) کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا، آپ نے قانون اور فلسفے ميں ڈگرياں لیں لیکن جذبات کے اظہار شاعری سے کیا۔

  • شریف خاندان نے جیسے کام کیے ویسا ہی انجام ہونا ہے: فیصل واوڈا

    شریف خاندان نے جیسے کام کیے ویسا ہی انجام ہونا ہے: فیصل واوڈا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ماضی میں جمہوریت کے نام پر کرپشن ہی کی گئی، شریف خاندان نے جیسے کام کیے ویسا ہی انجام ہونا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے چوری کی تو ظاہر ہے جیل جائیں گے، کل میں چوری کروں گا تو مجھے بھی جیل جانا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جو غلط ہے وہ غلط ہے چاہے کسی بھی پارٹی میں ہو، جہانگیر ترین کے خلاف فیصلہ آیا ہم نے احتجاج نہیں کیا اور آگے بڑھے، پی ٹی آئی کی حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے۔

    اٹھارویں ترمیم سے مجھے بلیک میل نہیں‌ کیا جاسکتا، فیصل واوڈا

    پوچھے گئے سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا ک 18 ویں ترمیم کی کچھ شقوں پر مسئلہ ہے، جو مسائل اٹھاتا ہوں منطقی انجام تک پہنچاتا ہوں، پہلے ملک کو کھایا گیا اب کرپٹ سیاستدان صوبے کو بیٹھ کر کھا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز رہنما پی ٹی آئی فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ 18ویں ترمیم سے مجھے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا ہے، چوری نہیں رکے گی تو کام آگے نہیں چل سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کی عوام کو ان منصوبوں سے فائدہ ہوگا، قانون کے اندر رہتے ہوئے تیز کام کررہے ہیں۔

  • بجلی کی قیمت میں اضافہ سابقہ حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے: شاہد رشید بٹ

    بجلی کی قیمت میں اضافہ سابقہ حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے: شاہد رشید بٹ

    اسلام آباد: چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبہ کا نہ ختم ہونے والا بحران اور بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ سابقہ حکومت کی بد انتظامی نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے عوام، پیداوار اور برامدات کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سابقہ حکومت کے کارناموں کو حل کرنے اور صورت حال بہتر بنانے میں وقت لگے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر اربوں ڈالر لگائے اور اس میں بڑے پیمانے پر کرپشن بھی ہوئی۔

    چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے نااہلی کی مثال قائم کرتے ہوئے بجلی کی ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن، چوری، لائن لاسزاور بلوں کی ریکوری جیسے مسائل پر بالکل توجہ نہ دی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سسٹم میں سرپلس بجلی موجود ہے، جس کی قیمت بھی ادا کی جا رہی ہے مگر اسے صارفین تک پہنچانا ناممکن ہے۔

  • وزیر اعظم کے دورہ چین سے اقتصادی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی متوقع ہے: ڈاکٹر مرتضیٰ

    وزیر اعظم کے دورہ چین سے اقتصادی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی متوقع ہے: ڈاکٹر مرتضیٰ

    اسلام آباد: پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے چین کے دورے سے ملک کی اقتصادی صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی متوقع ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، ڈاکٹر مرتضیٰ مغل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین اس لیے اہم ہے کیونکہ وہ پاکستان کے لیے بہت کچھ لے کر آسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ نے چین کے خلاف سرد جنگ شروع کر رکھی ہے، پاکستان کے خلاف بھی شکنجہ کسا جا رہا ہے، بھارت کے زریعے انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارتی اور مالیاتی نظام پر کاری ضربیں لگائی جا رہی ہیں، ان حالات میں نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے پاکستان اور چین کو پہلے سے زیادہ ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔

    پاکستان اکانومی واچ کے صدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورے کے نتیجہ میں چین نہ صرف ادائیگیوں کو متوازن کرنے کے لیے امداد کا اعلان کر سکتا ہے بلکہ اربوں ڈالر کے نیے معاہدے بھی ہو سکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چین آئی ایم ایف میں اپنے اثر رسوخ کو استعمال کر کے قرضہ کی شرائط بھی نرم کروا سکتا ہے۔

  • وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا: شہلا رضا

    وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا: شہلا رضا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں سب کو جیلوں میں ڈالوں گا تو بتائیں کس قانون کے تحت ڈالیں گے؟

    پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کیا این آر او مانگیں تو کیا عدالتوں میں مقدمات بند ہوجائیں گے؟ حکومت بتائے کیا عدالتیں اپنا کام نہیں کریں گی، کیا نیب کام بند کر دے گا؟

    جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل ہوا: شہلا رضا

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے پی پی دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں امن ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی لےکر آئی ہے، ہم نے شہر میں امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے، پی پی نے سندھ میں 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

    رہنما پی پی کے مطابق ن لیگ نے سندھ حکومت کو ایک پائی نہیں دی تھی، کراچی میں ماضی میں لاشیں گرتی تھیں ایسی صورت حال کو پیپلزپارٹی نے کنٹرول کیا۔

  • 27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے: وزیراعظم آزادکشمیر

    27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے: وزیراعظم آزادکشمیر

    مظفرآباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی تشویش ناک ہیں، 27 اکتوبر کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کئی روز سے آگ وخون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے قابض افواج کو کشمیریوں کے قتل کا ٹاسک دیا ہوا ہے، پی ایچ ڈی ڈاکٹرز، طلبہ، بچے اور خواتین تک بھارتی مظالم سے محفوظ نہیں ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 کشمیری شہید

    ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج گھروں کو جلا رہی ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے، اقوام عالم نوٹس لے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں فائرنگ کرکے 2 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مئی کومقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر14 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور3 صحافیوں سمیت متعدد افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    اطالوی وزیر اعظم کا دورہ روس، ولادی میر پیوٹن سے ملاقات، تجارتی معاملات پر گفتگو

    ماسکو: اٹلی کے وزیر اعظم جوزیپے کونٹے اپنے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے، اس دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی اور تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں یورپی یونین کا موضوع بھی زیر بحث آیا، روسی صدر اور اطالوی وزیر اعظم نے دوطرفہ تجارت کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی وزیراعظم جُوزیپے کونٹے نے اپنے دورے روس کے موقع پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور دوسرے اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کر دیا ہے۔

    اٹلی روس اقتصادی مذاکرات یورپی یونین کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ کریمیا تنازعے کی وجہ سے یونین روس پر معاشی پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔

    خیال رہے کہ 2014 میں یورپی یونین نے روس اور یوکرائن کے مزید بارہ اعلیٰ حکام کو کریمیا تنازعے میں ملوث قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں روس کی جانب سے کریمیا میں فوجی سرگرمیاں سامنے آئیں تھیں جس کے بعد یہ معاملہ شدید تنازعہ بن گیا تھا، بعد ازاں یورپی یونین نے روس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    یاد رہے کہ مارچ 2014 میں جرمن چانسلر ایجیلا مرکل نے خبردار کیا تھا کہ روس کریمیا کے بعد یوکرائن کے جنوبی یا مشرقی علاقوں کی طرف پیشقدمی کرتا ہے تو اس کے خلاف مزید تجارتی اور مالیاتی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔