Tag: PM

  • 2020 پاکستان میں خوشحالی، نوکریوں اور شرح نمو میں اضافے کا سال ہے: وزیراعظم

    2020 پاکستان میں خوشحالی، نوکریوں اور شرح نمو میں اضافے کا سال ہے: وزیراعظم

    پشاور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 21ویں صدی میں ہم بھارت میں فاشسٹ اقدامات دیکھ رہے ہیں، آرایس ایس کے نظریے پر بی جے پی اپنا نظریہ مسلط کررہی ہے، 5 ماہ ہوگئے ہیں 80لاکھ لوگوں کو اوپن جیل میں رکھا گیا ہے، 2020 پاکستان میں خوشحالی، نوکریوں اور شرح نمو میں اضافے کا سال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا میں بھارتی لابی بہت مضبوط ہے، امریکی حکام متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کےخلاف کھڑے ہونا چاہیے، بھارت میں باشعور شہری بھی متنازع قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مغربی اخباروں میں پہلی بار بھارت کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، بھارت توجہ ہٹانے کے لیے آزادکشمیر میں کوئی کارروائی کرسکتا ہے، مودی نے مقبوضہ وادی میں جارحیت جاری رکھا ہوا ہے، آج بھارت بھر میں مقامی شہری حکومت کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں حکومت اپنی مدت  پوری کرنے کے لیے آتی ہے، ہماری حکومت اصلاحات کے لیے آئی ہے، مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا، نظام ٹھیک کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، جو ملک کبھی پاکستان سے پیچھے تھے وہ آگے نکل چکے ہیں، اسٹیٹس کو نے سب تباہ کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں سے بہت زیادہ تعلق ہے، 20 سال میں اوورسیز پاکستانی رہا، کوئی سیاسی شخصیت ایسی نہیں جس کا ایساتعلق رہا ہو، مجھے پتہ ہے اووسیزپاکستانیوں کو سرمایہ کاری میں کیا مشکلات ہوتی ہیں، ہمارا بہترین ٹیلنٹ اوورسیز پاکستانی ہیں، ہر شعبے میں بہترین ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کینسراسپتال کے لیے میں شمالی امریکا گیا، شمالی امریکا میں کزن نوشیرواں برکی نے مدد کی، شوکت خانم اسپتال کے نظام نوشیرواں برکی نے بنائے، مغربی ممالک کے نظام شوکت خانم اسپتال میں لاگو کیے گئے، ہمارا نظام خراب ہونے کی بڑی وجہ معیار کا چلے جانا ہے، ہمیں اپنے اسپتالوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے پر مزاحمت کا سامنا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کو بھی پتہ ہے کہ اصلاحات ہورہی ہیں، اسپتال نجی نہیں کررہے، سرکاری اسپتالوں میں نظام تباہ ہوچکا ہے، معیار آہی نہیں سکتا، کے پی سے اسپتال بہتر کرنے کی کوشش شروع کی ہے، ہماری کوشش ہے سرکاری اسپتال نجی اسپتالوں کامقابلہ کریں، سرکاری اسپتال نجی اسپتالوں کے ہم پلہ بنانا چاہتے ہیں۔

    وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے پہلے سال میں ورلڈبینک نے ہمیں 10بہترین ممالک میں رکھا، ہم ان ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے کاروبار کے لیے سہولتیں پیدا کیں، پاکستان کو اللہ نے جتنی نعمتیں دیں ان کا اس کے رہنے والوں کو اندازہ نہیں، سونے کے سب سے آسانی سے دریافت ہونے والے ذخائر ہمارے پاس ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں زرخیز زمین دی ہے، چین اور دیگر ممالک ہماری جیسی زمین پر ہم سے 3 سے 4 گنا پیداوار لے رہے ہیں، اب چین کے حکام ہمیں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں مدد کررہے ہیں، ہمارے ملک کا مستقبل روشن ہے، 2019 بہت مشکل سال گزرا، ہمیں 2019 میں معیشت کے بڑے مسائل تھے۔

  • ’’سی سی آئی اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عملی ثبوت ہے‘‘

    ’’سی سی آئی اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عملی ثبوت ہے‘‘

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل(سی سی آئی) اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عملی ثبوت ہے، اجلاس ترقی کے ثمرات ملک بھر میں پہنچانے کا بھی ضامن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، دہائیوں سے تاخیر کے شکار معاملات پر مفاہمت سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، اجلاس میں تاخیر کے شکار معاملات پر گفتگو سے اتفاق رائے میں پیشرفت ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں تمام وزرائےاعلیٰ نے شرکت کی، ملکی قیادت قومی امور سمیت عوامی فلاح اور ترقی کے لیے یکسو ہیں، وزیراعظم نے گیس رائلٹی اور صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی ہدایات دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی میٹری نظام پانی کی منصفانہ تقسیم میں معاون ثابت ہوگا، یکساں تعلیم کے مقصد کو باہمی مشاورت سے طے کرنے پر اتفاق خوش آئند ہے، اجلاس میں حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹ کی نجکاری سے آگاہ کیا گیا۔

    فردوس عاشق کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا چیف ایگزیکٹو کے لیے قابل شخصیت کے انتخاب کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا گزشتہ روز اجلاس ہوا، اجلاس میں ایکسپلوریشن اینڈپروڈکشن پالیسی 2012 کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کا جائزہ لیا گیا، اور صوبوں میں پانی کی تقسیم پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا اور وزیراعلیٰ سندھ کی پانی پرنوک جھوک ہوئی، فیصل واوڈا کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ بھی تکرار ہوئی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے آبی معاہدے پر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اجلاس میں آبی وسائل پر صوبوں کے درمیان کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، سی جے کنال کا معاملہ اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا، وزیراعظم نے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے فوری ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی ہدایت کی۔

  • معصوم بچوں کے خون نے قوم کو دہشتگردوں کیخلاف ایک کیا: وزیراعظم

    معصوم بچوں کے خون نے قوم کو دہشتگردوں کیخلاف ایک کیا: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کی قربانی نے تشدد اور نفرت کے خلاف قوم کو متحد کیا، آج کے دن ہم ننھے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سانحہ اے پی ایس پشاور پر اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ ہم آج کے دن لواحقین اور شہدا کے لیے دعاگو ہیں، معصوم بچوں کے خون نے قوم کو دہشت گردوں کے خلاف ایک کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ننھے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج، پولیس اور ایجنسیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، پاک فوج اور پولیس کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیراعظم نے عہد کیا کہ عسکریت پسندی کی سوچ کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔

    ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    خیال رہے کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی ہے۔ 5 برس قبل بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کردی اور 132 ننھے طلبہ اور 16 اساتذہ اور پرنسپل کو بے رحمی سے شہید کردیا۔ اس سانحے پر قوم کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہدا کے لواحقین آج بھی غم سے نڈھال ہیں، مگر حوصلے جوان ہیں۔

    دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم سانحہ اے پی ایس کو کبھی بھول نہیں سکتے، ہم نے بطور قوم دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

  • وزیراعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے

    وزیراعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے

    لاہور: وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل لاہور آئیں گے، اس دوران وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خصوصی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ایک روزہ دورہ لاہور میں پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کریں گے اور سیاسی صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے، اس دوران دیگر ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران پنجاب کابینہ میں تبدیلیاں بھی زیرغور آئیں گی، وزیراعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ اور گورنرپنجاب سے ملاقات ہوگی۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم نے دو ماہ قبل بھی لاہور کا دورہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ 18 جولائی کو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات

    ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے وزیر اعظم کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور وزرا کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعظم اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کی بھی ملاقات ہوئی تھی۔

  • او آئی سی کشمیریوں کی مدد کرے، صدر آزادکشمیر کا مطالبہ

    او آئی سی کشمیریوں کی مدد کرے، صدر آزادکشمیر کا مطالبہ

    اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی) کشمیریوں کی مدد کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر نے او آئی سی سمیت سعودی حکام پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کرفیو کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ یواین کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلا جائے، بھارت کشمیر میں جاری مظالم بند کرے، کشمیری عوام خود کو یتیم نہ سمجھیں ہم ہر محاذ پر مدد کریں گے، او آئی سی کمیشن میں مسئلہ کشمیر تفصیل سے پیش کر چکا ہوں۔

    انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ او آئی سی اور سعودی حکومت کشمیریوں کی مدد کرے۔

    آکسفورڈ کونسل میں کشمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

    خیال رہے کہ مودی اپنی جارحیت سے باز نہ آیا، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو114 ویں روز بھی برقرار ہے، وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب آکسفورڈ کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی وپارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی وپارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومت اور تحریک انصاف کے ترجمانوں کا اہم اجلاس آج ہوگا، وزیراعظم اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پربریفنگ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد آج حکومتی وپی ٹی آئی ترجمانوں کی اہم بیٹھک لگے گی، اجلاس میں اپوزیشن بیانیے سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ حکومتی کارکردگی، معاشی کامیابیوں اور سیاسی امور پر بھی بات ہوگی۔

    حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج شام 6 بجے وزیراعظم آفس میں طلب کیا گیا ہے، حکومت کا بیانیہ کیا ہونا چاہیے؟ وزیراعظم عمران خان ترجمانوں کو آگاہ کریں گے، دریں اثنا ترجمانوں کو کورکمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا، اجلاس میں اہم فیصلے ممکن ہیں۔

    اجلاس میں موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے ساتھ یہ بھی طے کیا جائے گا کہ حکومت کا بیانیہ کیا ہونا چاہیے۔

    اسلام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعظم

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان نے ناروے میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی، عمران خان نے وزارت خارجہ کو او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت کی اور کہا وزیر خارجہ او آئی سی میں پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کریں۔

    کور کمیٹی اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پر بھی مشاورت کی گئی تھی، وزیراعظم نے اپوزیشن کے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • وزیراعظم کا نوجوانوں سے متعلق حکومتی پالیسی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا نوجوانوں سے متعلق حکومتی پالیسی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں سے متعلق حکومتی پالیسی مزیدمؤثربنانے کا فیصلہ سامنے آگیا، وزیراعظم نے کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 13رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور بہتر روزگار فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت مزید اہم اقدامات کرنے لگی، وزیراعظم نے کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 13رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی۔

    وزیراعظم عمران خان خود بطورچیئرمین کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار سمیت وفاقی وزرا کمیٹی میں شامل ہیں۔ مشیرخزانہ حفیظ شیخ، مشیرتجارت رزاق داؤد اور وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کمیٹی ممبران نامزد کیے گئے ہیں۔

    وفاقی وزیرتعلیم، وزیراقتصادی امور اور آئی ٹی بورڈ کے سربراہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، خصوصی کمیٹی کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت شروع منصوبوں میں معاونت کرے گی، وزیراعظم نےکمیٹی کو اسٹریٹجی پلاننگ اور پروگرام کی مانیٹرنگ کا اختیار دے دیا۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کا ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں شراکت دار بننے کا فیصلہ

    کمیٹی نوجوانوں کے لیے نئےحکومتی منصوبوں کی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    خیال رہے کہ 15 نومبر کو معاون خصوصی یوتھ افیئرزعثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کو کامیاب جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ پیش کی تھی، انہوں نے وزیراعظم کو پروگرام کی شفافیت، میرٹ اور درخواستوں پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ صرف 20 دنوں میں 10لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

    اُس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، نوجوانوں کے لیے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو۔

  • وزیراعظم نے کورکمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم نے کورکمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد: حکومت قومی معاملات میں اپوزیشن سے بھر پور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوگئی، وزیراعظم عمران خان نے آج کورکمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے متعلق پلان سی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ملکی سیاسی صورت پر مشاورت ہوگی جبکہ فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران میڈیا سے متعلق حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی، کورکمیٹی اجلاس میں معاشی کامیابیوں پر بھی بات ہوگی۔ وزیر اعظم عمران خان نے قومی معاملات پارٹی کے سب سے بڑے فورم پر زیر بحث لانے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں شریک سینئر رہنماؤں سے اپوزیشن کی حکمت عملی پر گفتگو ہوگی۔

    عمران خان کی زیرصدارت اجلاس بنی گالہ میں ہوگا، تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی منشور پر عمل درآمد سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی، گزشتہ کور کمیٹی اجلاس میں بنائی گئی کمیٹیاں اپنی ابتدائی رپورٹس پیش کریں گی۔

    ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومتی بیانیے کو مؤثر بنانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی، دریں اثنا نوازشریف کی صحت کی رپورٹس سمیت پولیس ریفارمز، گورننس ریفارمز اور پارلیمانی سیاست پر غور بھی کیا جائے گا، کور کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری پر بھی مشاورت ممکن ہے۔

  • وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں نوازشریف کی صحت اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے پر مشاورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہوگا، دوران اجلاس نواز شریف کی صحت اور ملکی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کا آئینی وقانونی طور پر جائزہ لیا جائے گا، کورکمیٹی فضل الرحمان مارچ کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کرے گی۔ جبکہ معاشی صورتحال، پارلیمانی امور اور مہنگائی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    کورکمیٹی کے اجلاس میں قومی سطح کے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ذیلی کمیٹی کے فیصلے پر مشاورت ہوئی، ذیلی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کے لیے عائد کردہ شرائط کو برقرار رکھا ہے۔

    کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کو 4 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جبکہ نوازشریف یا شہبازشریف 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈزجمع کرائیں گے۔

  • 17کمپنیوں کو ری فنڈ کا اجرا، ایف بی آر افسران وزیراعظم سیکریٹریٹ طلب

    17کمپنیوں کو ری فنڈ کا اجرا، ایف بی آر افسران وزیراعظم سیکریٹریٹ طلب

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 17کمپنیوں کو ری فنڈ جاری کردیے گئے، جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر افسران کو وزیراعظم سیکریٹریٹ بلا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے17کمپنیوں کو ری فنڈ کا اجرا کیا گیا، ان کمپنیوں کو چیکس کے ذریعے ری فنڈ جاری کیے گئے، کمپنیوں میں سے 14 ٹیکسٹائل سیکٹر، 2کھاد ساز اور ایک گیس کمپنی ہے، ایف بی آر کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر افسران کو وزیراعظم سیکریٹریٹ طلب کیا ہے، اس دوران عمران خان ایف بی آر حکام کو معاشی اہداف سے آگاہ کریں گے اور ایف بی آر میں اصلاحات پر افسران کو اعتماد میں لیں گے۔

    وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ایف بی آر افسران سے درپیش چیلنجز اور مسائل پر بھی بات چیت بھی ہوگی۔

    ایف بی آرمیں کرپٹ افسران کی نشاندہی، وزیراعظم کا نوٹس

    دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے، اجلاس میں وزارتوں کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی اور دیگر حکام شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارتوں کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔

    دوران اجلاس نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی مشاورت کی جائے گی، وزیر اعظم نے وزارتوں سے منصوبوں کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔