Tag: PML-N leaders

  • مجھے معاون خصوصی کیوں نہیں بنایا؟ ن لیگ کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض

    مجھے معاون خصوصی کیوں نہیں بنایا؟ ن لیگ کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض

    لاہور: مسلم لیگ ن کے کئی رہنما معاون خصوصی نہ بنائے جانے پر پارٹی سے نالاں ہیں ، ناراض رہنماؤں نے سوال کیا جن 4 لوگوں کو ٓمعاون خصوصی بنایا انکی پارٹی خدمات کیا ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے کئی رہنما پارٹی سے ناراض ہوگئے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فضل چوہدری ، محسن شاہنواز رانجھا ، محمد زبیر اور طلال چوہدری نالاں ہیں۔

    ناراض رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کے روئیے نے ہمیں دکھ پہنچایا ہے ،جن 4 لوگوں کو وزیراعظم نے معاون خصوصی بنایا انکی پارٹی خدمات کیا ہیں؟

    ناراض ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن دور میں کیا یہ لوگ کبھی کسی تحریک کا حصہ بنے ؟ کیا یہ لوگ کسی رہنما کی عدالتوں میں پیشی پر کسی کو دیکھائی دیئے؟

    یاد رہے آج رکن قومی اسمبلی جنید انوار چوہدری کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ معاون خصوصی محمدجنید انوار کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا اور محمد جنید انوار چوہدری وزیراعظم شکایات سیل کے سربراہ ہوں گے۔

    معاون خصوصی وزیر اعظم نے جنید انوار نے عہدہ پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذمہ داریاں پوری محنت اور اخلاص سے نبھائیں گے ، حکومت ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

  • ن لیگ کے اہم عہدیدار اور سابق وزرا پنجاب ہاؤس کے کروڑوں روپوں کے نادہندہ

    ن لیگ کے اہم عہدیدار اور سابق وزرا پنجاب ہاؤس کے کروڑوں روپوں کے نادہندہ

    لاہور : مسلم لیگ ن کے اہم عہدیدار اور سابق وزرا پنجاب ہاؤس کے کروڑوں روپے کے نادہندہ نکلے، پنجاب ہاؤس نے رقم کی وصولی کے لیے نوٹس تیار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف نے اہم انکشاف کردیا۔

    اپنے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے مرکزی رہنما پرویزرشید پنجاب ہاؤس کے چھیانوے لاکھ روپے کے ڈفالٹر ہیں، لیگی رہنما آصف کرمانی چونسٹھ لاکھ، مشاہد اللہ بیس لاکھ ،انوشے رحمان تئیس لاکھ کے نادہندہ ہیں۔

    اس کے علاوہ زبیرگل چوبیس لاکھ مصطفے رمدے انتالیس لاکھ کے ڈفالٹر پائے گئے۔ چوہدری کبیر ایم ڈی پی ٹی ڈی سی بھی تئیس لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے پنجاب ہاؤس نے رقم کی وصولی کے لیے نوٹس تیار کرلیے ہیں جوبہت جلد نادہندگان کو بھیج دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق رقم کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • مشکل وقت میں بے وفائی کرنےوالوں کی ن لیگ میں جگہ نہیں، نواز شریف

    مشکل وقت میں بے وفائی کرنےوالوں کی ن لیگ میں جگہ نہیں، نواز شریف

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز ولیگی رہنماؤں سے ملاقات میں کہا مشکل وقت میں بے وفائی کرنے والوں کی ن لیگ میں جگہ نہیں ، اب کسی لوٹے کو واپس نہیں لیا جائےگا اور ہدایت کی پارٹی کی تنظیم سازی جلد سے جلد مکمل کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے مریم نواز اور لیگی رہنماؤں کی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو بتایا کچھ دوست پارٹی میں واپسی کیلئےرابطے کر رہے ہیں، جس پر نوازشریف نے کہا مشکل وقت میں بےوفائی کرنےوالوں کی ن لیگ میں جگہ نہیں، اب کسی لوٹےکوواپس نہیں لیاجائےگا۔

    نوازشریف کا کہنا تھا عمران خان کی حکومت کیلئےمسائل کی جڑبھی یہی سیاسی لوٹےہیں اور ہدایت کی پارٹی کی تنظیم سازی جلد سے جلد مکمل کی جائے، مخلص اور پرانے کارکنوں کو نظرانداز نہ کیا جائے اور سفارش کے بجائے میرٹ پرپارٹی عہدے دیئے جائیں۔

    مزید پڑھیں : مسلم لیگ ن اب مہنگائی پرمزیدخاموش نہیں رہےگی، نواز شریف

    یاد رہے گذشتہ ملاقات میں نوازشریف کی ن لیگ کوحکومت کےخلاف احتجاج کی اجازت دی تھی اور قیادت کو احتجاجی لائحہ عمل کیلئے اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

    اس موقع پر نوازشریف نے کہا تھا مسلم لیگ ن اب مہنگائی پرمزیدخاموش نہیں رہےگی، حکومت نے عوام کیساتھ جو رویہ اپنایا وہ کسی صورت قبول نہیں، اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کاپڑھ کرپریشان ہوں۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ن لیگ کےمرکزی اورصوبائی عہدیداران مہنگائی پرعوام کی آوازبنیں، ایمنسٹی اسکیم کوبرابھلاکہنےوالاکس منہ سےاپنی اسکیم لارہاہے، اس حکومت کی عوام کوریلیف دینےکی نیت ہی نہیں۔

  • عدلیہ مخالف نعرے، چیف جسٹس نے ن لیگی رہنماؤں کی معافی مسترد کردی

    عدلیہ مخالف نعرے، چیف جسٹس نے ن لیگی رہنماؤں کی معافی مسترد کردی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف بیان پر توہین عدالت کیس میں ن لیگ کے سابق ایم این اے شیخ وسیم اختر اور مقامی رہنما احمد لطیف کی غیر مشروط معافی مسترد کر دی ، چیف جسٹس نے کہا یہ وتیرہ بن گیا ہے پہلے گالیاں دوپھرمعافی مانگ لو۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بینچ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور عدلیہ کے خلاف نعرے لگانے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت کی ۔

    عدالت نے سپریم کورٹ نے (ن )لیگ کے سابق ایم این اے شیخ وسیم اختر کی توہین عدالت سزا کے خلاف اپیل اور قصور کے مقامی لیگی رہنما احمد لطیف کی اپیل خارج کر دی ۔

    دونوں لیگی رہنما عدالت سے معافی مانگتے رہے، عدالت نے دونوں رہنماؤں کی غیر مشروط معافی مسترد کردی اور توہین عدالت کی سزا اور نااہلی برقرار رکھی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی کورٹ نے غیر مشروط معافی پر سزا 6 ماہ سے ایک ماہ کردی، ججز اور عدلیہ کے خلاف نعرے لگائے گئے، دونوں رہنما ان پڑھ نہیں، بڑی ذمہ دار شخصیات تھیں، کیوں نہ دونوں شخصیات کی سزا بڑھا دیں ؟

    چیف جسٹس نے کہاکہہ وطیرہ بن گیا ہے پہلے گالیاں دو پھر معافی مانگ لو۔

    دونوں رہنما ان پڑھ نہیں، بڑی ذمہ دار شخصیات تھیں، کیوں نہ دونوں  کی سزا بڑھا دیں، چیف جسٹس

    کیل نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی معافی مانگی اب بھی غیر مشروط معافی مانگتے ہیں، عدالت نے غیر مشروط معافی قبول کرنے کی استدعا مسترد کردی، دونوں رہنما اپنی ایک ماہ قید کی سزا پوری کرچکے ہیں۔

    عدالت نے کہاکہ سیاسی جماعت کے لیڈر کی نااہلی پر عدلیہ اور ججز کے خلاف نعرے لگائے گئے، ہائی کورٹ نے معافی کی وجہ سے ایک ماہ کی سزا دی ، ہائی کورٹ کے فیصلے میں ہماری مداخلت کی ضرورت نہیں۔

    واضح رہے کہ قصور میں مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی اور کارکنان کی جانب سے عدلیہ مخالف ریلی نکالی اور ٹائر جلائے، ریلی میں اعلیٰ عدلیہ اور ججوں کے اہل خانہ کے خلاف نازیبا اور غیراخلاقی زبان کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور چیف جسٹس آف پاکستان کا نام لے کر گالیاں دی گئیں۔

    اس ریلی کی قیادت مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی وسیم اختر، رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر اور ناصر محمود نے کی تھی۔

  • مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    اسلام آباد : نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن ارکان حکومت پر برس پڑے۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ملکی سلامتی کیلئےخطرہ بن چکی ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مہنگائی بم گرا رہی ہے، کسی کے دور حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جو اس بار ہوئی ہے۔

    اس موقع پر وزیر مملکت حماد اظہر نے اپوزیشن اراکین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی دور کے پہلے آٹھ ماہ میں ہم سے زیادہ مہنگائی تھی، یہ دونوں جماعتیں اپنے دور حکومت میں اکیس بار آئی ایم ایف کے پاس گئیں۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    حما داظہر نے مزید کہا کہ یہ لوگ پہلے کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جاؤ لیکن اب پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کررہے ہیں۔

  • لیگی ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے حق بات کہنے سے روکا نہیں جاسکتا، حمزہ شہباز

    لیگی ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے حق بات کہنے سے روکا نہیں جاسکتا، حمزہ شہباز

    لاہور : اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ن لیگی ارکان  پنجاب اسمبلی کی رکنیت معطل کرکے ان کو حق بات کہنے سے نہیں روکا جاسکتا، حکومت جمہوری نہیں آمرانہ رویے پر کاربند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ن لیگی ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل ہونے پر سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی اقدام سے یہ ثابت ہوگیا کہ وہ جمہوری نہیں بلکہ آمرانہ رویے پر کاربند ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کوئی اس کو آئینہ نہ دکھائے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ارکان کی زبان بندی سے ان کو حق بات کہنے سےنہیں روکا جاسکتا۔

    مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں شور شرابہ، تین مسلم لیگی ارکان کی رکنیت معطل

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی نظام کے بل پر ہنگامہ آرائی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سے الجھنے پر مسلم لیگ ن کے تین ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی۔ رکنیت معطل ہونے والوں میں پیراشرف رسول، عبدالرﺅف اور عظمیٰ بخاری شامل ہیں۔

    اس حوالے سے معطل ہونے والے مسلم لیگی رکنرکن پنجاب اسمبلی عبدالرؤف کا میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپیکرکسٹوڈین آف دی ہاؤس ہوتاہےآج اسپیکرنےہمیں بات ہی نہیں کرنےدی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری سےمتعلق غلط الفاظ استعمال کیےگئے۔

  • نواز شریف اوران کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں،  احسن اقبال

    نواز شریف اوران کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں، احسن اقبال

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ، ہم حکومت کو 100دن کا پلان مکمل کرنے کا پورا موقع دیں گے جبکہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اپوزیشن وہی ہے جو آج مولانافضل الرحمان کو سپورٹ کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عدالتی اور قانونی عمل کا سامنا کر رہے ہیں ، ہائی کورٹ میں ہونے والے ٹرائل کو پوری قوم نے دیکھ لیا، عدالت نےپوچھا کرپشن کہاں ہورہی  ہے تونیب جواب دینےسےقاصر رہی ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی سیاسی قیدی ہیں ، ہم حکومت کو100دن کا پلان مکمل کرنے کاپورا موقع دیں گے ، انہوں نے جو پانی سے گاڑی چلانی ہے چلا کر دکھائیں۔

    دوسری جانب ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کردار حکومت کے سہولت کار کا ہے اور پیپلز پارٹی آئندہ ایسا ہی کردار ادا کرتی رہے گی۔

    اپوزیشن وہی ہے جو آج مولانافضل الرحمان کو سپورٹ کررہی ہے،راناثنااللہ 

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کا نام دینا جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی تھی ، تقاضا تھا تمام جماعتیں بیٹھ کر امیداور کا فیصلہ کرتیں ، آج واضح ہوجائے گا اپوزیشن کون ہے، اپوزیشن وہی ہے جو آج مولانافضل الرحمان کو سپورٹ کررہی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پیپلزپارٹی اور آصف زرداری سے اچھا تعلق رہا ہے، ہماراخیال تھا کہ آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کے نام پر اتفاق کرلیں گے لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔

    مرتضیٰ جاوید کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کے امیدوار بننے میں سمجھنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جبکہ ریاض پیرزادہ نے کہا لیڈرشپ کے ذاتی اختلافات کی وجہ سے خرابی پیدا ہوئی۔

  • اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کا دن

    اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کا دن

    راولپنڈی : ایون فیلڈریفرنس کے مجرمان نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیارکرلی گئی، فہرست میں شریف خاندان کےسترہ افراد کے نام شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈریفرنس میں سزا پانے والوں نواز شریف اور مریم نواز کا اڈیالہ جیل میں چھٹا روز ہے ، دونوں سے آج ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی گئی جبکہ نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرکی ملاقات بھی کرائی جاسکتی ہے۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف ملاقات کے لیے خاص طور پر تیار ہوئے، انھوں نے روایتی لباس شلوار قمیض اور ویسٹ کوٹ پہنا ہے، ان کی تیاری میں مشقتی نے اہم کردار ادا کیا جبکہ مریم نواز بھی روایتی انداز میں تیار ہوئی ہیں۔

    نوازشریف اورمریم نوازسے ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شریف خاندان کے 17 افراد اور 23 لیگی رہنما بھی شامل ہیں۔

    لیگی رہنماؤں میں آصف کرمانی، جاوید ہاشمی، پرویز رشید، ایاز صادق، سابق گورنر کے پی بھی شامل ہیں جبکہ ن لیگ کے 11 وکلا بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں ہیں۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں مجرموں کو جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے کے ساتھ بٹھایا جائے گا، صبح 8 بجے سے 4 بجے تک ملاقات ہوسکے گی، ہر ملاقات سے قبل نوازشریف کی مرضی جانی جائے گی۔


    مزید پڑھیں :  نواز شریف اور مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں اہل خانہ کی ملاقات


    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے آنے والوں کو جیل مینوئل کی پابندی کرناہوگی، ملاقات شناختی کارڈ کے بغیرممکن نہیں ہوسکے گی، ہر ملاقاتی کو 20 منٹ ملاقات کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے 14 جولائی کو  شریف خاندان نے اڈیالہ جیل میں مجرم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی، ملاقات کرنے والوں میں ان کی والدہ، چھوٹے بھائی شہباز شریف اور حمزہ شہباز ودیگر شامل تھے۔

    خیال رہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر ہے اس لئے ن لیگ کے رہنما اپنے قائد سے جمعرات کے روز ملاقات کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 13 جولائی کو نوازشریف اور مریم نواز کو لندن سے لاہورپہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے پر نیو اسلام آباد ایئر پورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • لوگوں کو اکسانے پر مسلم لیگی قیادت کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری

    لوگوں کو اکسانے پر مسلم لیگی قیادت کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری

    لاہور : آئی جی پنجاب پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، نگراں پنجاب حکومت نے مسلم لیگی قیادت کو لوگوں کو اکسانے پر نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سزایافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد کے موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور شہر کی اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

    نگران پنجاب حکومت نے مسلم لیگی قیادت کو لوگوں کو اکسانے پر نظر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،پولیس اہلکار اعلی افسران کے حکم کے منتظر ہیں اور حکم ملتے ہی لیگی رہنماؤں کو نظر بند کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نظر بندی سے بچنے کے لیے لیگی رہنماروپوش ہوگئے۔

    آئی جی پنجاب پولیس کلیم امام نے  مسلم لیگ (ن) کے 7 رہنماؤں کی نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، جن میں  خواجہ سعد رفیق، میاں مرغوب، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ملک سیف الملوک اور وحید عالم خان شامل ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز ن لیگی قیادت نے نگراں حکومت کو کھلم کھلادھمکیاں دی تھی ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو گرفتار کرنے والے کالی کوٹھری میں جائیں گے۔

    سعدرفیق کا کہنا تھا کہ گرفتار کرنے والے نتائج بھگتنے کو تیار رہیں جبکہ ایاز صادق نے کہا خبردارکررہا ہوں یہ سب نہ کریں۔

    خیال رہے کہ ایوان فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں ، نیب نے دونوں کی گرفتاری کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں،وزارت داخلہ نے نیب ٹیم کو ایپرن تک جانے کی اجازت دے دی ہیں۔

    نیب افسران خود نواز شریف اور مریم نواز کی امیگریشن کرائیں گے اور ہوائی اڈے پر ہی گرفتاری کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچایا جائے گا تاہم مچھ جیل اور دیگر جیلوں میں منتقلی کے آپشنز بھی زیرغور ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • راولپنڈی  میں ریلی ، کیپٹن(ر) صفدر سمیت  ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج

    راولپنڈی  میں ریلی ، کیپٹن(ر) صفدر سمیت ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج

    راولپنڈی : گزشتہ روز راولپنڈی  میں ریلی نکالنے پر نون لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے، مقدمات میں کیپٹن(ر) صفدر، چوہدری تنویر، دانیال چوہدری سمیت 15 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن رہنماؤں کیخلاف پرچہ کٹ گیا،تھانہ وارث خان، تھانہ سٹی اور تھانہ نیوٹاؤن میں ایس ایچ اوکی مدعیت ایف آئی آر درج کی گئیں۔

    مقدمےمیں کیپٹن(ر) صفدر ،  چوہدری تنویر، دانیال چوہدری، راجہ حنیف ،شیخ ارسلان اورضیا اللہ شاہ سمیت پندرہ کو افراد نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقدمہ میں سیکڑوں نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔مقدمہ میں مسلم لیگ (ن)کے قومی اسمبلی کا ایک اور صوبائی اسمبلی کے دو امیدوار بھی نامزد ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے سزا یافتہ مجرم کیپٹن(ر)صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور روڈ بلاک کیا، ملزمان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے جرم کے مرتکب ہوئے۔

    مقدمہ دفعہ 147، 149، 188اور341 کے تحت درج کیا گیا جبکہ اس میں ایمپلی فائرایکٹ کی دفعات بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لیگی رہنماؤں نے سزا یافتہ مجرم کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی قیادت میں راولپنڈی کے راجا بازار سے ریلی نکالی اور سڑک بھی بند کردی تھی۔

    خیال رہے کہ پنجاب کی جانب سے ریلی نکالنےپردفعہ ایک سوچوالیس کے تحت پابندی عائدہے

    دوسری جانب کیپٹن(ر) صدر کے حق میں بلا اجازت ریلی نکالنے کے واقعہ پر ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ریلی نکالنےوالوں کیخلاف تھانہ سٹی میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں شکیل اعوان سمیت 50 سے زائد لیگی رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا ہے۔


    مزید پڑھیں :  نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا


    واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کی ٹیم نے ریلی کے دوران گرفتار کیا تھا ، نیب نے ان کی گرفتاری کے لیے ایبٹ آباد میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ نیب کی ٹیم کو چکمہ دے کر راولپنڈی پہنچے اور ن لیگ کی ریلی کی قیادت کرنے لگے۔

    کیپٹن (ر) صفدر 3 گھنٹے تک راولپنڈی کی سڑٖکوں پر جلوس نکالتے رہے اور تقاریر کرتے رہے، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ کے کارکنوں نے مزاحمت کر کے پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔