Tag: PML N Workers Convention

  • عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، مریم نواز

    عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، مریم نواز

    فیض پور : پاکستان مسلم لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج عمران خان چوہے کی طرح ڈر کربل میں بیٹھا ہے، انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم والے بابا کو آئینہ دکھارہی ہوں۔

    فیض پور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان آج ٹی وی پر رو رو کر کہتا ہے کہ مریم نواز کو جلسے کرنے کی آزادی ہے، کیا مریم نواز کو آزادی عمران خان نے پلیٹ میں رکھ کردی تھی؟ وہ منہ پرہاتھ پھیرکر کہتا تھا کہ ان لوگوں کو چھوڑوں گا نہیں، آج عمران خان چوہے کی طرح ڈر کر بل میں بیٹھا ہے، کل عمران خان کو لاہور نے مسترد کیا ہے۔

    مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے گرفتاری نہ دینے پر نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کارکنان کو ڈھال نہیں بنایا، وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر لندن سے گرفتاری دینے پاکستان آیا۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر جتنا بھی کڑا وقت آیا ایک دن بھی گھبرا کر چھپا نہیں، مریم نواز نے کارکنان سے پوچھا کہ کیا نوازشریف نے کبھی کہا کہ میں بیمار ہوں اور میری جان کوخطرہ ہے؟ جس پر کارکنان نے کہا کہ کبھی نہیں۔

    اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، لیڈر کی زندگی میں مشکل وقت آتے رہتے ہیں، جو ڈرکر چارپائی کے نیچے چھپ جائے اس کو عمران خان کہتے ہیں، پوچھتی ہوں چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، جس نے چوری نہیں کی ہوتی تلاشی بھی دیتا ہے اور بیٹی کا حساب بھی دیتا ہے۔

    عمران خان کہتا ہے کہ اس کی جان کوخطرہ ہے اور شام کو ریلی میں نکل جاتا ہے، یہ جان کو کیسا خطرہ ہے کہ عدالت بلاتی ہے تو پیش نہیں ہوتا اور ریلی میں نکل جاتا ہے اور کہتا ہے کہ معذور ہوں میری ٹانگ پر پلاسٹرچڑھا ہوا ہے، میرا باپ ایسا ہوتا تو میں شرم کے مارے کسی کو منہ نہ دکھاتی۔

    سابق چیف جسٹس کے حالیہ بیان پر انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کہتے ہیں کہ مریم نواز بدتمیزاور بےادب ہے، ڈیم والے بابا کو کہتی ہوں کہ مریم نواز کی تربیت نوازشریف اور کلثوم نواز نے کی ہے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز ڈیم والے بابا کو آئینہ دکھارہی ہے، انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز کبھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔

    عام انتخابات کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن لڑنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں ن لیگ الیکشن لڑنے کیلئے بلکہ جیتنے کیلئے میدان میں اترچکی ہے، ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک نوازشریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا ن لیگ ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی، نوازشریف ابھی بھی سزائیں بھگت رہاہے اور مجرم عمران خان دندناتا پھررہا ہے،
    ایسےحالات میں الیکشن نہیں ہوں گے پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابرکرو، بےشک پھر صبح الیکشن کرادو۔

  • یہ نہ کہہ دینا جو ٹرک عدالت کے آگے کھڑا کیا وہ میں چلارہی تھی، مریم نواز

    یہ نہ کہہ دینا جو ٹرک عدالت کے آگے کھڑا کیا وہ میں چلارہی تھی، مریم نواز

    گوجرانوالہ : پاکستان مسلم لیگ نواز کی سینئرنائب صدر مریم نواز نے گوجرانوالہ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب میں فواد چوہدری کی مبینہ آڈیو لیک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کے طرز سیاست پر بھی کڑی نکتہ چینی کی، اس موقع پر انہوں نے ایک کھلونا ٹرک بھی ہاتھ میں اٹھا رکھا تھا۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی سامنے آنے والی حالیہ مبینہ آڈیو لیک جس میں وہ اپنے بھائی فیصل چوہدری سے گفتگو کررہے ہیں دوران گفتگو وہ عطاء تارڑ کو سزا دلوانے کی بات کررہے ہیں۔ اسی گفتگو میں ایک ٹرک کا ذکر بھی کیا گیا ہے جس کا ذکر طنزیہ انداز میں مریم نواز نے اپنے خطاب میں کیا۔

    مریم نواز نے فواد چوہدری کی مبینہ آڈیو لیک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "اب یہ نہ کہہ دینا جو ٹرک عدالت کے آگے کھڑا کردیا وہ مریم نواز چلارہی تھی”۔ گوجرانوالہ میں نون لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "گوجرانوالہ والوں! کیا بات ہے آج بھی آپ ٹرک بھر کرلائے ہو”۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سب سے بڑے فتنے اور فراڈ کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے پہچانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو بڑی تکلیف ہوتی ہے کہ مریم نے یہ کہہ دیا وہ کہہ دیا، آپ لوگوں نے فواد چوہدری، پرویزالہٰی اور یاسمین راشد کی آڈیوز سن رکھی ہیں نا!! ہم اس ٹرک کے چاروں ٹائر پنکچر کرکے اس کو گھر بھیجیں گے، مجھے اب کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، اب جہاں جہاں ٹرک دیکھو گے آپ خود سمجھ جاؤ گے۔

    مریم نواز نے اپنے خطاب میں عدالتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف بے گناہ ہوتے ہوئے بھی جھوٹے مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہوتا تھا، میں اپنے باپ کا ہاتھ پکڑ کر ہفتے میں5بار پیش ہوتی تھی۔

    "آئینہ دکھاتی ہوں تو توہین عدالت یاد آتی ہے”

    ن لیگ کی رہنما نے کہا کہ "میں جب آئینہ دکھاتی ہوں تو ان کو توہین عدالت یاد آجاتی ہے، توہین عدالت اس وقت یاد کیوں نہیں آتی جب نوازشریف کو تنخواہ نہ لینے پر نکالا جاتا ہے، توہین عدالت تب ہوتی ہے جب ہر الیکشن فارم میں جھوٹ بولتے ہو، اپنی جائیداد چھپاتے ہو، اپنی بیٹی بھی چھپاتے ہو، نواز شریف کی بیٹی گوجرانوالہ کے سامنے کھڑی ہے، تمہاری بیٹی کہاں کھڑی ہے؟ اسی جھوٹ کے ساتھ تم نے چار بار الیکشن لڑے”۔

    انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ نوازشریف اور اس کی بیوی کی بیماری کا مذاق اڑاتے تھے، قدرت کا انتقام دیکھو آج اسے عدالت بلاتی ہے تو وہ پلاسٹر والی ٹانگ دکھاتا ہے، پانچ ماہ ہوگئے اس کا پلستر اترنے کا نام نہیں لے رہا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ "میں عمران خان کے سہولت کاروں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیوں ایسے شخص کو بچانا چاہتے ہو جس کی سیاسی کشتی گہرے پانیوں میں ڈوب چکی ہے، عمران خان اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے، وہ تو ڈوب گیا ہے اور تمہیں بھی لے ڈوبے گا”۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی بھی آڈیو سامنے آگئی

    تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پر طنز کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیل بھرو تحریک گزشتہ روز آہو اور سسکیوں کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی، عمران خان کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک معطل کردی جبکہ وہ تو ابھی شروع ہی نہیں ہوئی تھی جب لیڈرگیدڑ بن کر گھر بیٹھا ہو تو کارکنان کو کیا پڑی ہے جو جیلیں بھریں۔ پہلے بھی لانگ مارچ کرکے کارکنان کو کہتا تھا کہ تم نکلو اور خود ہیلی کاپٹر میں بیٹھا رہتا تھا۔

    زمان پارک نہیں ضمانت پارک

    انہوں نے کہا کہ جس شخص کو بچایا جارہا ہےاس کی سیاست کو دیکھیں، حکومت سے نکالا گیا تو کہتا ہے دیکھو امریکا سے سائفر آگیا، اب خود امریکا کے پاؤں میں گر کر اس سے معافیاں مانگ رہا ہے، کل وہ "ضمانت پارک” میں بیٹھ کر امریکیوں سے میٹنگ کررہاتھا۔ ہماری حکومت کو امپورٹڈ کہتا تھا آج اسی امپورٹڈ کے ساتھ بیٹھ کر بےنقاب ہورہا ہے۔

    مریم نواز کا فواد چوہدری کی مبینہ آڈیو پر طنزیہ ٹوئٹ

    ان کا کہنا تھا کہ جس اسمبلی سے خود نکلا اب اس میں جانے کیلئے سب کی منتیں کررہا ہے، تم ہمیں کہتے ہو کہ الیکشن سے ڈرتے ہیں اور خود چوہے کی طرح بل میں چھپے بیٹھے ہو، اپنا انتخابی نشان چھوڑ کر ٹرک رکھ لو۔

    مریم نواز نے خطاب میں کارکنان کے حوصلے بلند کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی عام انتخابات ہوں گے گوجرانوالہ ڈویژن اور ن لیگ تیار بالکل ہے، ن لیگ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے میدان میں جیتنے کیلئے اترچکی ہے۔

    انہوں نے ورکرز کنونشن میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر گوجرانوالہ کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو شک ہے کہ مسلم لیگ ن نوجوانوں میں مقبول نہیں ہے تو وہ آکر یہ بڑا جلسہ دیکھ سکتا ہے۔

  • پاکپتن  انتظامیہ نے مریم نواز کو پلے گراؤنڈ میں ورکر کنونشن کی اجازت دے دی

    پاکپتن انتظامیہ نے مریم نواز کو پلے گراؤنڈ میں ورکر کنونشن کی اجازت دے دی

    پاکپتن :  مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو پلے گراؤنڈ میں ورکرز کنونشن کروانے کی اجازت دے دی گئی اور کہا گیا ہے کہ صرف پلے گرائونڈ میں ہی کنونشن کی اجازت ہے، 2013 کی انتخابی مہم میں شہباز شریف کا جلسہ پلے گراؤنڈ میں ناکام ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو پلے گراؤنڈ میں ورکرز کنونشن کی اجازت دے دی ، مریم نواز پاکپتن میں ورکر کنونشن سے خطاب کریں گی۔

    ضلعی انتظامیہ نے مریم نواز کو پلے گرائونڈ میں کنونشن کرنے کی اجازت دیتے ہوئے اجازت نامہ جاری کر دیا ، اجازت نامہ کے مطابق مریم نواز کو پلے گراؤنڈ کے علاوہ کہیں بھی کنونشن کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    ایم پی اے پاکپتن میاں نوید علی نے پلے گراؤنڈ میں ورکر کنونشن کی اجازت کے لئے درخواست دے رکھی تھی، جس پر انتظامیہ نے اجازت دیتے ہوئے اجازت نامہ جاری کیا۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے کنونشن سڑک پر کروانے کا فیصلہ کر لیا، لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز چوک آرائیں میں سڑک پر ورکرز سے خطاب کریں گی، جلسہ گاہ کی تبدیلی کا فیصلہ اجازت میں تاخیر کے باعث کیا گیا۔

    2013 کی انتخابی مہم کے دوران پلے گراؤنڈ میں شہباز شریف کا جلسہ ناکام ہوا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے سابقہ جلسے کی ناکامی کو مد نظر رکھتے ہوئے کنونشن پلے گراؤنڈ میں نہ کروانے کا فیصلہ کیا۔

  • چوہدری نثارکا ورکرزکنونشن سے خطاب کرنے سے انکار

    چوہدری نثارکا ورکرزکنونشن سے خطاب کرنے سے انکار

    اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رہنماؤں کے اصرار کے باوجود ورکرز کنونشن سے خطاب نہ کیا، وہ وزیراعظم کی تقریر کے دوران خاموشی سے اٹھ کر چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے ورکرز کنونشن اجلاس میں پارٹی اختلافات نہ چھپ سکے، ایک چھت تلے جمع پارٹی رہنماؤں کی سوچ الگ الگ دکھائی دی۔

    چوہدری نثار نے بھی نااہل شخص کو پارٹی کا صدر بنانے میں اپنا حصہ تو ڈال دیا لیکن شاید کچھ ناراض سے تھے اسی لئے پچھلی نشست پر نظر آئے۔

    پارٹی میں ہمیشہ صف اول میں نظر آنے والے چوہدری نثار ورکرز کنونشن اجلاس میں سب سے پیچھے الگ تھلگ اور خاموشی سے بیٹھے رہے۔

    انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری اور امیر مقام کے علاوہ کسی سے بات نہ کی، نواز شریف، شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے بارہا اصرار کے باوجود چوہدری نثارعلی تقریر کرنے کیلئے تیار نہیں ہوئے۔


    مزید پڑھیں: وزیراعظم دنیا بھرمیں پاکستان کا تماشا نہ بنائیں، چوہدری نثار


    جس وقت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نواز شریف کی شان میں قصیدہ گوئی کر رہے تھے تو چوہدری نثارکے چہرے پر بیزاری عیاں تھی، تالیوں کی گونج میں سعد رفیق نے نواز شریف کو دعوت خطاب دی تو چوہدری نثار اٹھے تو ضرور مگر استقبال کیلئے نہیں بلکہ تقریب سے جانے کیلئے۔ وہ اٹھے اور چپ چاپ چلے گئے۔


    مزید پڑھیں: چوہدری نثار مریم نواز کو اہم ذمہ داری دینے کے مخالف


    علاوہ ازیں دوران تقریب گورنر کے پی کے کو اہمیت نہیں دی گئی اور ان کی جگہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار امیر مقام کو اسٹیج پر بٹھادیا گیا جس پر مہتاب عباسی ناراض ہوگئے، نواز شریف کے کہنے کے باوجود وہ اسٹیج پرنہیں آئے۔